اہم خبریں: فکّی آڈیٹوریم پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

10 Oct 2020, 7:55 PM

فکّی آڈیٹوریم پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ

نئی دہلی: دہلی حکومت نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) پر آلودگی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ہفتہ کے روز 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ ریاستی حکومت کی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) نے فکی پر یہ جرمانہ لگایا ہے۔ فکی پر یہ جرمانہ ماحولیاتی ضوابط پرعمل نہ کرنے کے سبب لگایا گیا ہے۔ ڈی پی سی سی اتنی بڑی رقم کی سزا سنانے کے ساتھ ہی سخت ہدایات دی ہیں کہ بورڈ اپنے منڈی ہاوس کے نزدیک واقع پروجیکٹ سائٹ پر اینٹی اسماگ گن کا استعمال کیے بغیر کوئی بھی تعمیر یا انہدام کا کام بھی شروع نہ کرائے۔ واضح ر ہے کہ جمعہ کے روز ہی ریاستی حکومت کے وزیرماحولیات گوپال رائے نے کہا تھا کہ فکی آڈیٹوریم کو گرانے کے کام میں ملوث ایجنسی کو نوٹس بھیجا جائے گا، کیونکہ اس میں حکومت کی دھول انتظامیہ کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، گوپال رائے نے دعویٰ کیا تھا کہ فکی کی یہ سائٹ ان چھ مقامات میں سے ایک ہے، جہاں بغیر اینٹی اسماگ مشین کے استعمال کے کام کیے جا رہے ہیں۔

10 Oct 2020, 6:57 PM

اترپردیش میں معصومہ کے ساتھ عصمت دری، ملزم گرفتار

ہردوئی: اترپردیش کے ضلع ہردوئی کے سندیلہ علاقے میں ایک ٹیچر کے بھائی کے ذریعہ گھر میں ٹیوشن پڑھنے آئی بچی کے ساتھ عصمت دری کیے جانے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ سندیلہ کوتوالی علاقہ باشندہ انل گپتا اور اس کی بیوی تقریباً 20بچوں کو ٹیوشن پڑھاتے ہیں جمعہ کو انل اپنی بیوی کا آپریشن کرانے لکھنؤ گئے تھے، گھر میں اس کا چھوٹا بھائی راہل اکیلے تھا۔ اس دوران شام کو محلے کے تین بچے گھر میں ٹیوشن پڑھنے گئے تھے۔ دو بچوں کو اس نے گیہوں بھرنے کے لئے چھت پر بھیج دیا۔ محلے کی ایک پانچ سالہ بچی کو چاکلیٹ دے کر کمرے میں لے گیا اور اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ انہوں نے بتایا کہ عصمت دری کے بعد بچی جب اپنے گھر پہنچی تو اہل خانہ کو پورا حال کہہ سنایا۔ پولیس نے اس ضمن میں پاسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

10 Oct 2020, 5:56 PM

احمدآباد۔ممبئی تیجس ایکسپریس سمیت پندرہ جوڑی اسپیشل ٹرینیں چلیں گی

احمدآباد: مغربی ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے لئے احمدآباد۔ممبئی تیجس ایکسپریس سمیت پندرہ جوڑی اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف رابطہ عامہ افسر سمت ٹھاکر کی جانب سے سنیچر کو یہاں جاری ریلیز کے مطابق ممبئی۔احمدآباد تیجس ایکسپریس سمیت پندرہ جوڑی اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا۔ یہ ٹرینیں روانگی کی تاریخ کے مطابق اگلی اطلاعات تک جاری رہیں گی۔ ٹرین نمبر 82901/82902 ممبئی سینٹرل ۔احمدآباد تیجس ایکسپریس (جمعرات کو چھوڑ) کر ٹرین نمبر 82902 احمدآباد۔ممبئی سینٹرل تیجس ایکسپرس 17 اکتوبر سے احمدآباد سے 06.40 بجے روانہ ہوگی اور اسی دن 13.10 بجے ممبئی سینٹرل پہنچے گی۔ ٹرین نمبر 82901 ممبئی سینٹرل۔احمدآباد تیجس ایکسپرس 17 اکتوبر 2020 سے ممبئی سینٹرل سے 15.35 بجے روانہ ہوگی اور اسی دن 21.55 بجے احمدآباد پہنچے گی۔ یہ ٹرین اندھیری، بوری ولی، واپی، سورت، بھڑوچ، ودودرہ اور نڈیایاد اسٹیشنوں پر دونوں سمتوں میں رکے گی۔


10 Oct 2020, 4:57 PM

افغانستان میں دھماکہ، دو لوگوں کی موت، 10 زخمی

ہیرات: افغانستان کے مغربی صوبہ ہیرات صوبہ میں سنیچر کو ایک بس کو نشانہ بناکر کیے گئے بم دھماکے میں دو لوگوں کی موت ہوگئی اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔ ہیرات صوبہ کے پولس کے ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے یہ اطلاع دی۔ پولس ترجمان کےمطابق ’’مسافروں سے بھری ہوئی بس سنیچر کو علی الصبح ہیرات کے کابل کی جانب جارہی تھی کہ تبھی قندھار کے نزدیک بس سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آگئی اور دھماکہ ہوگیا۔ اس دھماکے میں دو مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ دس دیگر زخمی ہوگئے۔ اسپتال کے ذرائع کےمطابق زخمیوں میں سے تین کی حالت سنگین ہے۔ پولس نے اس بم دھماکے کے لئے طالبان کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ پولس کے مطابق طالبان لوگوں میں دہشت پیدا کرنے کے لئے اس قسم کے دھماکوں کو انجام دیتے ہیں۔ طالبان نے اس دھماکے کے سلسلے میں کسی طرح کی رائے زنی نہیں کی ہے۔

10 Oct 2020, 3:57 PM

علی گڑھ، سڑک حادثے میں 3 کی موت، 5 زخمی

علی گڑھ: اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے ٹپل علاقے میں ہفتہ کو جمنا ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار بس کے پلٹ جانے سے اس میں سوار تین مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کانپور سے دہلی جارہی ریڈ بس سروس کی پرائیویٹ بس علی گڑھ کے ٹپل علاقے میں جمنا ایکسپریس وے پر سمراٹھی کے نزدیک ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دیگر 5 شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مہلوکین کی ابھی تک شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ بس میں کل 45 مسافر سوار تھے۔ اس درمیان اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں جان ومال کے نقصان پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسران کو زخمیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔


10 Oct 2020, 2:56 PM

گئو اسمگلنگ کے الزام میں 269 افراد کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی

مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں پولیس نے گئو اسمگلنگ کے 68 معاملوں میں 269 ملزمین کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے جبکہ 14 معاملوں میں ملزمین پر این ایس اے کا اطلاق کیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پربھاکر چودھری نے کل رات یہاں بتایا کہ کٹگھر تھانہ علاقے کے دوڑ باغ گاؤں میں تالاب کنارے گائے کے قبیل مویشیوں کے باقیات ملے تھے۔ جس میں ملزمین کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 14 دیگر معاملوں میں آصف، مبین،عمران، انیس عرف گڈو، شاکر، افسر، راشدحسین، بابو، اسلام، طالب، محسن، بھورا، رئیس، شحیم پر این ایس اے کا اطلاق کیا گیا ہے۔س

10 Oct 2020, 2:00 PM

آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر حادثہ، دو مسافروں کی موت، 7 زخمی

قنوج: اترپردیش کے ضلع قنوج کے تروا علاقے میں ہفتہ کو علی الصبح آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر دو مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر سات شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ صبح تقریباً ساڑھے تین بجے دہلی سے بہار کی جانب جا رہی پرائیویٹ ڈبل ڈیکر بس کا ٹائر لکھنؤ ایکسپریس وے پر تروا علاقے میں لوہا گڑھ کے 187 میل کے نزدیک پھٹ گیا، ڈرائیور نے بس کو کنارے کھڑا کیا اور ٹائر بدلنے لگا۔ اس درمیان کچھ مسافر بس سے اترکر سڑک کنارے کھڑے ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ بس کے مسافر ایکسپریس وے پر کھڑے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار کار نے انہیں کچلتے ہوئے بس کو زبردست ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر سات شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ مہلوکین میں مظفر پور کے راکیش کمار ٹھاکر(23) اورمغربی بنگال کے سلیگڑی کی سمینا(30) شامل ہیں۔ زخمیوں کو قنوج میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


10 Oct 2020, 12:56 PM

کورونا سے شفایاب ہونے کے بعد ٹرمپ کی فلوریڈا میں ہوگی پہلی ریلی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر اور اب شفایاب ہونے کے بعد پیر کے روز فلوریڈا میں پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ ٹرمپ مہم کے سربراہ نے کہا ’’ ٹرمپ پیر کے روز فلوریڈا کے سان فورڈ میں منعقد ’امریکہ کو پھر سے عظیم بناؤ‘ پروگرام سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل اے بی سی نیوز نے جمعہ کو بتایا تھا کہ ٹرمپ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ہفتہ کو وائٹ ہاؤس میں پہلا عوامی پروگرام منعقد کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے معالج سین کانلے نے کہا کہ امریکی صدر ہفتے کے روز تک عوامی تقریبات میں شرکت کے لئے واپس آئیں گے۔

10 Oct 2020, 11:45 AM

پٹنہ میں پرستاروں نے کئے پاسوان کے آخری دیدار، نم آنکھوں سے کہا الوداع

پٹنہ میں مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کی رہائش گاہ پر سیاسی لیڈران اور عام لوگوں کا تانتا لگا ہوا ہے اور لوگ نم آنکھوں سے اپنے لیڈر کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ رام ولاس پاسوان کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے لے جایا جا رہا ہے۔ ایل جے پی رہنما کے جسد خاکی کو کل رات دہلی سے پٹنہ لایا گیا تھا۔ جمعرات کو ان کا انتقال ہو گیا تھا۔


10 Oct 2020, 9:17 AM

جوانوں کو خستہ حال ٹرک اور پی ایم کو 8400 کروڑ کے ہوائی جہاز، کیا یہ انصاف ہے؟

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جوانوں کے لئے بلٹ پروف گاڑی کا انتظام نہ کئے جانے پر مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ہمارے جوانوں کو نان بلٹ پروف ٹرکوں میں شہید ہونے کے لئے بھیجا جا رہا ہے اور وزیر اعظم کے لئے 8400 کروڑ کے ہوائی جہاز! کیا یہ انصاف ہے؟‘‘

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں جوان ایک خستہ حال ٹرک میں ڈیوٹی کے لئے جا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں بلیٹ پروف گاڑی فراہم نہ کر کے ان کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔ جوان کہہ رہے ہیں کہ افسر خود کو بلٹ پروف گاڑی میں سفر کرتے ہیں جبکہ انہیں ٹین کے خستہ حال ٹرک میں شہید ہونے کے لئے بھیج دیا جاتا ہے۔

10 Oct 2020, 7:44 AM

آرمینیا اور آذربائیجان میں عارضی جنگ بندی کا اعلان

متنازع خطے نگورنو کاراباخ میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان عارضی جنگ بندی کااعلان ہو گیا ہے۔ کاراباخ میں 27 ستمبر سے دونوں ملکوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔جن میں سیکڑوں جانوں کا زیاں ہوا اور بدترین تباہی مچی ہے۔
اس سے قبل فرانیسی ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمینیا اور آذربائیجان نگورنو کاراباخ میں جھڑپوں میں خاتمے کیلئے صلح کی جانب بڑھ رہے ہیں اور فریقین کے درمیان معاہدہ ہو سکتا ہے۔
آرمینیا کے وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر سے فرانس کے صدر نے فون پر بات کرکے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔آرمینیا اور آذربائیجان کے اعلیٰ سفارت کار بھی جلد ہی ماسکو میں ملاقات کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آذربائیجان کی آبادی تقریباً ایک کروڑ ہے۔ جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے مگر ریاست سیکولر ہے۔ وہاں سرکاری مذہب اسلام نہیں۔ آرمینیا کی آبادی صرف تیس لاکھ ہے اور یہاں اکثریت مسیحی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔