اہم خبریں: بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کے والد پربھو دیال کا انتقال

تصویر ٹوئٹر @SudhinBhadoria
تصویر ٹوئٹر @SudhinBhadoria
user

قومی آوازبیورو

19 Nov 2020, 6:15 PM

بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کے والد پربھو دیال کا انتقال 

بی ایس پی سربراہ اور یوپی کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کے والد پربھودیال کا جمعرات کے روز انتقال ہو گیا۔ وہ 95 سال کے تھے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا کی طرف سے جاری تعزیتی بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔ پربھودیال کی آخری رسومات دہلی میں ادا کی جائیں گی۔

پرینکا گاندھی نے مایاوتی کے والد کے انتقال پر ٹوئٹ کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’’مایاوتی جی کے والد پربھو دیال جی کے انتقال کی افسوس ناک خبر ملی۔ خدا انہیں اپنے مبارک قدموں میں مقام دے اور غمزدہ کنبہ کو دکھ برداشت کرنے کی قوت فراہم کرے۔‘‘

19 Nov 2020, 5:15 PM

76 گمشدہ بچوں کو تلاش کرنے والی سیما ڈھاکا کو دہلی پولیس نے دی ترقی

دہلی پولیس کی ہیڈ کانسٹیبل سیما ڈھاکا نئی انسنٹیو اسکیم کے تحت تین مہینوں کے اندر ہی وقت سے پہلے ترقی پانے والی پہلی پولیس اہلکا بن گئی ہیں۔ سیما ڈھاکا کو 76 گمشدہ بچوں کی تلاش کرنے کے لئے یہ آؤٹ آف ٹرن پروموشن دی گئی ہے۔

اس اعزاز کو حاصل کرنے کے بعد سیما نے کہا، ’’لیڈ ملنے پر میں نے بغیر کسی وقفہ کے کام کیا۔ میں اس کامیابی پر بہت خوش ہوں۔‘‘

19 Nov 2020, 4:53 PM

جیتن رام مانجھی بنے پروٹیم اسپیکر ، گورنر نے حلف دلایا

پٹنہ: بہار اسمبلی کے پروٹیم اسپیکر بنائے گئے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کو آج گورنر پھاگو چوہان نے حلف دلایا۔ گورنر پھاگو چوہان نے مانجھی کو اسپیکر کے فرائض کو عقیدت کے ساتھ ادا کرنے کا حلف دلایا ۔

مانجھی کو گورنر نے ہندوستانی آئین کے ذریعہ دیئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے 23 نومبر سے 24 نومبر تک کیلئے جب تک اسمبلی اسپیکر کا انتخاب نہیں ہوجاتا ہے تب تک اسپیکر کے فرائض کی ادائیگی کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔


19 Nov 2020, 3:28 PM

بیٹری کی دوکان میں آتشزدگی, لاکھوں کا سامان جل کر خاک

رائے بریلی: اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے شہر کوتوالی علاقے میں جمعرات کو بیٹری کی دوکان میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ میں لاکھوں کی مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ محکمہ دمکل کے ذرائع کے مطابق مدھوبن کراسنگ کے نزدیک ایک بیٹری کی دوکان میں خوفناک آگ لگ گئی۔ صبح آس پاس کے لوگوں نے دوکان مالک کو اس ضمن میں مطلع کیا۔ دوکان مالک نے دوکان کا شٹر کھولا تو آگ اور بھڑک گئی جس کے فوراً بعد فائراسٹیشن کو مطلع کیا گیا۔ اطلاع پر پہنچی فائربریگیڈ کی گاڑی نے کافی جدوجہد کےبعد آگ پر قابو حاصل کیا۔ آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی ہے کیونکہ دوکان میں کئی بیٹریاں چارچنگ میں لگی ہوئی تھیں۔ دوکان مالک رام سکھ کے مطابق کافی قیمتی اشیاء بھی جل کر خاکستر ہوئی ہیں۔ جس میں نئی پرانی چھوٹی بڑی بیٹریاں بنانے کے آلات اور دوکان کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔

19 Nov 2020, 2:34 PM

منی پور میں پولیس فورس کو 30 لاکھ روپیے کے انعام کا اعلان

امپھال: منی پور حکومت نے ریاست میں ڈرگس اسمگلر کے خلاف کارروائی میں کامیابی پر پولیس افسران اور جوانوں کو 30 لاکھ روپیے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بشنوپور کے 44 پولیس افسران اور اہلکاروں کو 28 اکتوبر کو ایک مکان سے 74 کلوگرام براؤن شوگر برآمد کرنے میں کامیابی ملنے پر 10 لاکھ روپیے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ اسی طرح ضلع تھاؤبل کے 50 افسران اور اہلکاروں کو گزشتہ 29 اکتوبر کو براؤن شوگر اور مارفن سے ملا کر بنائے گئے تیل کا ذخیرہ برآمد کیے جانے کے لیے 20 لاکھ روپیے دیئے جائیں گے۔


19 Nov 2020, 1:35 PM

بھیماکورے گاوں معاملہ میں گرفتار ورا ورا راو جیل سے ناناوتی اسپتال منتقل

حیدرآباد: بھیماکورے گاوں معاملہ میں گرفتار اور تلوجہ جیل میں محروس مشہور تلگو انقلابی مصنف81 سالہ ورا ورا راو کو بمبئی ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد رائے گڑھ ضلع کی تلوجہ جیل سے کل شب ممبئی کے ناناوتی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز حکام کو ہدایت دی تھی کہ ان کو جیل سے ناناوتی اسپتال منتقل کیا جائے، جہاں ان کا 15 دن تک چیک اپ کیا جائے۔ جسٹس ایس ایس شنڈے اور جسٹس مادھو جمدار نے کہا کہ ملزم بستر مرگ پر ہے۔ ان کو علاج کی ضرورت ہے۔ عدالت نے دو ہفتوں کے لئے ان کو ناناوتی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی اور کہا تھا کہ دو ہفتوں کے بعد صورتحال دیکھی جائے گی۔ بنچ نے یہ بھی ہدایت دی کہ عدالت کو مطلع کیے بغیر ان کو اسپتال سے ڈسچارج نہ کیا جائے۔ بنچ نے کہا کہ عدالت میں ان کی طبی رپورٹس داخل کی جائیں۔

19 Nov 2020, 12:30 PM

مودی حکومت کورونا سے موت میں سب سے آگے، جی ڈی پی میں سب سے پیچھے... راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر و رہنما راہل گاندھی نے جی ڈی پی اور کورونا سے ہوئی موت کے سلسلے میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ "مودی حکومت کا رپورٹ کارڈ: کورنا موت کی شرح میں سب سے آگے، جی ڈی پی شرح میں سب پیچھے۔"


19 Nov 2020, 11:39 AM

کورونا سے دہلی بے حال، وزیر اعلیٰ کیجریوال نے بلائی کل جماعتی میٹنگ

دہلی میں کورونا انفیکشن کا معاملہ قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دیوالی کے بعد حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔ اس مشکل وقت میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے راجدھانی میں کورونا کے حالات پر گفتگو کرنے کے لیے آج کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔

19 Nov 2020, 10:38 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 585 اموات، 45 ہزار سے زائد نئے کیسز درج

دیوالی کے بعد ملک میں کورونا انفیکشن کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 576 نئے کیسز سامنے آئے اور 585 لوگوں کی موت اس انفیکشن کی وجہ سے واقع ہو گئی۔


19 Nov 2020, 9:43 AM

جموں و کشمیر: نگروٹہ میں تصادم کے دوران 4 جنگجو ہلاک، ایک کانسٹیبل زخمی

جموں و کشمیر کے نگروٹہ میں سلامتی دستوں کے ساتھ تصادم میں مجموعی طور پر 4 جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ پہلے بتایا گیا تھا کہ 2 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ خبروں کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران جنگجوؤں کے ایک گروپ نے سلامتی دستوں پر جمعرات کی علی الصبح فائرنگ کر دی جس کے بعد تصادم شروع ہو گیا تھا۔ اس تصادم میں ایک کانسٹیبل کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی موصول ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔