اہم خبریں: اتر پردیش میں کل رَات 10 بجے سے 13 جولائی صبح 5 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Jul 2020, 10:00 PM

اتر پردیش میں کل رات 10 بجے سے 13 جولائی صبح 5 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

یوگی حکومت نے اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان کل رات 10 بجے سے 13 جولائی صبح 5 بجے تک پوری ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس دوران تمام دفاتر، مارکیٹیں اور تجارتی ادارے بند رہیں گے۔ تاہم، ضروری خدمات کی اجازت ہوگی اور ٹرینیں چلتی رہیں گی۔

09 Jul 2020, 10:31 PM

پیرو میں ایم آئی۔ 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، سات کی موت

لیما: پیرو کے وزارت دفاع نے جمعرات کے روز کہا کہ اس ہفتے کے شروع میں لاپتہ ہوئے ایم آئی۔ 17 ہیلی کاپٹر کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور اس میں سوار سبھی سات افراد مارے گئے۔ وزارت نے کہا ’’ہمیں بگوؤ صوبے میں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کی تلاش مہم کی اجازت ملی تھی۔ اس حادثے میں چار ہیلی کاپٹر پائلٹ اور تین مسافر مارے گئے ہیں۔ انسانی مشن پر نکلا ایم آئی۔ 17 ہیلی کاپٹر منگل کے روز لاپتہ ہوگیا تھا۔ 2.5 گھنٹے تک ریڈیو رابطہ نہ ہونے کے بعد ہیلی کاپٹر کو لاپتہ اعلان کردیا گیا۔ پیرو فضائیہ نے متاثرہ کنبوں کے تئیں اظہار تعزیت کی اور واقعہ کے اسباب کی جانچ شروع کردی ہے۔

09 Jul 2020, 9:37 PM

کراچی میں بارش کے دوران حادثوں میں 15 کی موت

اسلام آباد: پاکستان کے شہر کراچی میں گزشتہ دو دنوں میں بارش کے دوران مختلف حادثوں میں کم از کم 15 لوگوں کی موت اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا نے جمعرات کو یہ رپورٹ دی ہے۔ جیو نیوز نے کہا کہ زیادہ تر حادثے سڑکوں پر بارش کے پانی میں بجلی کے تار گرنے کے سبب پیش آئے۔ بجلی کے علاوہ مکان اور دیواروں کے گرنے سے لوگوں کی موتیں ہوئیں۔ بدھ کو بارش کا پانی نیو میں بھرنے کے سبب ایک کثیر منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ اس واقعہ میں جان و مال کا نقصان نہیں ہوا، کیونکہ کی بوسیدہ حالت کے پیش نظر اسے پہلے ہی خالی کرالیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں سے درخت اور لوہے کی بینر گرنے سے کافی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتی اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہیں نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔


09 Jul 2020, 7:33 PM

بدایوں میں حاملہ خاتون کا علاج نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی سٹرک پر موت

بدایوں: یوپی کے بدایوں میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے، ایک حاملہ خاتون کو علاج نہ ملنے کی وجہ سے اس کی سڑک پر ہی موت ہوگئی، خاتون کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ہم حاملہ خاتون کو علاج کے لئے حضرت پور سے لے کر آئے تھے، لیکن ڈاکٹروں نے یہ کہہ کر کہ پہلے مریضہ کا کورونا ٹسٹ کراؤ، جب تک ہم جانچ کے لئے پہنچے تب تک اس کی موت ہوچکی تھی۔

وہیں سی ایم او بدایوں یشپال سنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں خاتون ڈاکٹر نے بتایا کہ فوت ہونے والی خاتوں حیدرآباد سے حضرت پور آئی تھی، اس خاتون کا یہ پانچوں بچہ تھا اور وہ 8 ماہ کی حاملہ تھی، خاتوں کا نہ پہلے الٹرا ساؤنڈ ہوا اور نہ ہی کسی طرح کی جانچ ہوئی تھی، اس لئے اسے ضلع اسپتال کورونا ٹسٹ کے لئے ریفر کیا گیا تھا لیکن اسی دوران اس کی موت ہوگئی۔

09 Jul 2020, 6:21 PM

لاپتہ خاتون کی لاش نہر سے برآمد

سری گنگا نگر: راجستھان کے ضلع گنگا نگر میں تین روز سے لاپتہ خاتون کی لاش نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق کل دیر شام راولا تھانہ منڈی 365 ہیڈ میں اس خاتون کی لاش نہر سے برآمد ہوئی۔ مرنے والی خاتون کی شناخت نئی منڈی کی پرویندرکور کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پروندر کور کو کسی گائے نے ٹکر مار کر زخمی کردیا تھا جس سے اس کے پیر میں چوٹ لگ گئی تھی اور وہ دوا لینے گئی تھی۔ واپس نہ آنے پر اس کے شوہر نے رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد گھر والوں کے سپرد کردی ہے۔


09 Jul 2020, 5:30 PM

سی بی ایس سی نے بورڈ نتائج کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا

سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے کلاس 12 اور کلاس دسویں بورڈ کے نتائج کی تایخوں کے حوالے سے جعلی پیغام گردش ہو رہا ہے۔ جبکہ سی بی ایس ای بورڈ کہا کہ اس نے ابھی تک نتائج کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

09 Jul 2020, 4:30 PM

دگوجے سنگھ نے وکاس دوبے کی گرفتاری پر اٹھائے سوال

بھوپال: کانگریس کے سینیئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگوجے سنگھ نے اترپردیش کے خونخوار گینگسٹر وکاس دوبے کی اجین سے گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے،’ یہ تو اترپردیش پولیس کے انکاؤنٹر سے بچنے کے لیے ایک منظم ’سرینڈر‘ لگ رہا ہے۔ مجھے اطلاع ہے کہ مدھیہ پردیش بی جے پی کے ایک سینیئر رہنما کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے۔ جے مہاکال‘۔ دگوجے سنگھ نے اسی سے متعلق ایک دوسرے ٹوئٹ میں لکھا، ’شیوراج جی آپ بغیر کسی وجہ کے کریڈٹ لے رہے ہیں۔ اس کا کریڈٹ تو آپ کے وزیر داخلہ صاحب کو دینا چاہیے‘۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے وکاس دوبے کی گرفتاری پر ایک ٹوئٹ کیا تھا، ’جنھیں لگتا ہے کہ مہاکال کی پناہ میں گناہ دھل جائیں گے، انہوں نے مہاکال کو جانا ہی نہیں‘۔ اسی ٹوئٹ کے تناظر میں دگوجے سنگھ نے کریڈٹ لینے سے متعلق ٹوئٹ کیا ہے۔


09 Jul 2020, 3:40 PM

آسام کے تینسوکیہ میں پل کے کنارے ملا بم، فوج نے بنایا ناکارہ

آسام: ضلع تینسوکیہ کے لیکھاپانی میں قومی شاہراہ 38 نمبر پر ایک پل کے کنارے سے (آئی ای ڈی) بم ملا ہے، جسے فوج کے بم ڈسپوزل ٹیم نے ناکارہ بنا دیا۔ آئی ای ڈی ملنے کے بعد پُل کے دونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمدو رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی۔

09 Jul 2020, 2:26 PM

اجین میں گرفتار وکاس دوبے وی آئی پی پاس سے ہوا تھا مہاکال مندر میں داخل

مدھیہ پردیش کے اجین میں گرفتار ملزم وکاس دوبے وی آئی پی کے ذریعہ مہاکال مندر میں داخل ہوا تھا۔ سوال یہ ہے کہ مہا کال مندر میں داخل ہونے سے پہلے اس نے وی آئی پی پاس کیسے بنوایا؟ کیا پاس بنواتے وقت اس کی جانچ نہیں کی گئی؟ یہ بھی خبر ہے کہ وکاس دوبے کی گرفتاری سے قبل انتظامیہ نے مندر میں ایک میٹنگ بھی کی تھی۔


09 Jul 2020, 1:10 PM

وکاس دوبے کا اُجین تک پہنچنا پولیس سے ساز باز کا اشارہ، پرینکا گاندھی

پولیس اہلکار کے قتل کا اہم ملزم کانپور میں واردات انجام دینے کے بعد سات دن بعد مدھیہ پردیش کے اجین میں مندر سے پولیس کی گرفت میں آیا، جس پر حزب اختلاف کی جماتیں یوگی حکومت پر نشانہ لگا رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’کانپور کے بہیمانہ قتل عام میں اتر پردیش حکومت کو جس مستعدی سے کام کرنا چاہتے تھا وہ پوری طرح فیل ثابت ہوئی ہے۔ الرٹ کے باجود ملزم کا اجین تک پہنچنا نہ صرف حفاظت کے دعووں کی پول کھولتا ہے بلکہ ساز باز کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’تین مہینے خط پر نو ایکشن اور بدنام زمانہ مجرمان کی فہرست سے وکاس کا نام نہ ہونا بتایا ہے کہ اس معاملہ کے تار دور تک جڑے ہیں۔ یوپی حکومت کو معاملہ کی سی بی آئی جانچ کرا کے تمام حقائق اور حفاظت کے تعلقات کو ظاہر کر دینا چاہئے۔‘‘

09 Jul 2020, 1:10 PM

یہ گرفتاری ہے یا خود سپردگی؟ وکاس دوبے کے پکڑے جانے پر اکھلیش کا حکومت سے سوال


09 Jul 2020, 12:10 PM

وکاس دوبے خودسپردگی نہیں کر سکتا: بہار ڈی جی پی

بہار کے ڈی جی پی نے وکاس دوبے کی گرفتاری کا سہرا مدھیہ پردیش پولس کے سر پر باندھا ہے۔ انھوں نے میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "وہ (وکاس دوبے) خودسپردگی نہیں کر سکتا۔ اگر کرنا ہوتا تو کہیں اور کر سکتا تھا۔ دہلی، ہریانہ زیادہ محفوظ تھا۔ یہ مدھیہ پردیش پولس کی کامیابی ہے۔ اتر پردیش پولس سے اسے خوف تھا اس لیے اسے کہیں باہر جانا تھا۔"

09 Jul 2020, 11:22 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے ریکارڈ 24879 نئے معاملے درج

ہندوستان میں دن بہ دن کورونا وائرس خطرناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 24879 معاملے درج کیے گئے ہیں جب کہ 487 لوگوں کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح سے ہندوستان میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 767296 ہو گئی ہے جب کہ مہلوکین کی تعداد 21129 تک پہنچ گئی ہے۔


09 Jul 2020, 10:32 AM

کانپور انکاؤنٹر کا اہم ملزم وکاس دوبے مدھیہ پردیش میں گرفتار

کانپور انکاؤنٹر میں 8 پولس اہلکاروں کی موت کا اہم ملزم وکاس دوبے بالآخر پولس کی گرفت میں آ ہی گیا۔ اسے مدھیہ پردیش میں اجین کے مہاکال مندر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس وقت وہ اجین کے پولس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر نروتم مشرا نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ "کانپور قتل واقعہ کے بعد سے ہی ہم نے پورے مدھیہ پردیش اور پولس کو الرٹ پر رکھا تھا، جیسے ہی اندیشہ ہوا اسے اجین کے مہاکال مندر سے گرفتار کر لیا گیا۔" کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وکاس دوبے کے ساتھ اس کا دو ساتھی بھی گرفتار ہوا ہے۔

09 Jul 2020, 9:42 AM

لاک ڈاؤن میں بھوک سے مرتی فیملی، کیا یہ ہے ہمارے خوابوں کا ہندوستان: راہل

چترکوٹ کی کانوں میں مزدور نابالغ بچیوں کے جنسی استحصال کی خبر پر کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ”غیر منصوبہ بند لاک ڈاؤن میں بھوک سے مرتی فیملی، ان بچیوں نے زندہ رہنے کی یہ خوفناک قیمت ادا کی ہے۔ کیا یہی ہمارے خوابوں کا ہندوستان ہے؟“


09 Jul 2020, 8:36 AM

وکاس دوبے کے ساتھی پربھات اور رنبیر بھی پولس انکاؤنٹر میں ہلاک

کانپور انکاؤنٹر کے ماسٹر مائنڈ وکاس دوبے کے قریبی پربھات مشرا اور رنبیر شکلا کو پولس نے انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا ہے۔ پربھات مشرا کو پولس نے فرید آباد کے ہوٹل سے گرفتار کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پربھات پولس حراست سے بھاگ رہا تھا جب پولس نے اس پر گولی چلائی۔ دوسری طرف رنبیر شکلا کو پولس نے ایٹاوا میں ہوئے تصادم کے دوران ہلاک کر دیا۔

09 Jul 2020, 6:49 AM

کورونا کی بھینٹ چڑھا ایشیا کپ ، اس سال نہیں ہوگا: گنگولی

بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے 2020 ایشیا کپ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گنگولی نے 9 جولائی کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس سے قبل بدھ کو یہ اعلان کیا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ فیصلہ اے سی سی نے لیا ہے یا نہیں۔گنگولی نے کہا کہ ایشیا کپ منسوخ کردیا گیا ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ ہندوستان کی پہلی بین الاقوامی سیریز کون سی ہوگی۔ ہم نے اپنی تیاریاں کی ہیں لیکن حکومتی ضابطوں کی وجہ سے ہم زیادہ کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔ ہمیں جلدی نہیں ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی صحت زیادہ ضروری ہے۔ ہم اس صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس سال ستمبر میں ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں ہونا تھا۔ اس سے قبل پاکستان کو اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی تھی لیکن ہندوستان اس ملک کا سفر کرنے کو تیار نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔