اہم خبریں: مہاراشٹر کو ملی خوشخبری، 8 جولائی سے کھلیں گے ہوٹل اور لاج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

06 Jul 2020, 9:46 PM

مہاراشٹر میں 8 جولائی سے کھل جائیں گے ہوٹل اور لاج، ہاٹ اسپاٹ میں پابندی رہے گی جاری

کورونا انفیکشن سے بے حال ممبئی کے باشندوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ دھیرے دھیرے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور اب تو 8 جولائی سے ہوٹل و لاج کو کھولنے کا بھی فیصلہ ادھو حکومت نے کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق 8 جولائی سے 33 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آئندہ 8 جولائی سے ہوٹل اور لاج پھر سے کام کرنا شروع کر دیں گے لیکن یہ ہوٹل یہاں کل خالی کمرے یا بیڈ میں 33 فیصد کو ہی وزیٹرس کے لیے مہیا کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ سوشل ڈسٹنسنگ کے مدنظر لیا گیا ہے۔ حالانکہ ہاٹ اسپاٹ زون میں سبھی طرح کی پابندیاں حسب سابق جاری رہیں گی۔

06 Jul 2020, 7:45 PM

5 ڈیرہ حامیوں کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا

فرید کوٹ: پنجاب میں سنہ 2015 کے مذہبی بے حرمتی کے ایک معاملے میں ہفتے کے روز گرفتار ہونے والے پانچ ڈیرہ سچا سودہ کے حامیوں کو آج 14 دن کی عدالتی حرست میں بھیج دیا گیا ہے۔ خصوصی جانچ ٹیم نے انہیں ہفتے کے روز گرفتار کیا تھا اور عدالت نے انہیں 2 دن کی پولس حراست میں بھیجا تھا۔ آج پولس کی حراست کی مدت ختم ہونے پرسبھی کو جوڈیشیل مجسٹریٹ ایکتا اپل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے پانچوں کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ خصوصی جانچ ٹیم نے ہفتہ کے روز ڈیرہ کے سات حامیوں کو گرفتار کیا تھا لیکن عدالت نے 2 کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا کیونکہ انہیں موہالی کی عدالت سے ضمانت مل چکی تھی۔

06 Jul 2020, 6:11 PM

پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو بنایا نشانہ، دلتوں کے خلاف سب سے زیادہ ہو رہے جرائم

یوگی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ دلتوں کے خلاف ہو رہے کل جرائم کا ایک تہائی جرائم صرف یوپی میں ہوتے ہیں۔ اتر پردیش میں 2016 سے 2018 تک خواتین کے خلاف جرائم میں 21 فیصد کا اضافہ ہوا۔ یہ تمام اعداد وشمار یوپی میں بڑھتے ہوئے جرائم کو مضبوط بنانے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یوپی سرکار نے ان سب پر احتساب طے کرنے کی بجائے "جرم ختم ہو گیا" کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔


06 Jul 2020, 5:10 PM

دہلی کے راجیو گاندھی اسپتال میں آئی سی یو بستروں میں ہوا اضافہ

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کووڈ-19 کی تیاریوں کو دیکھنے کے لئے راجیو گاندھی سپر اسپیشلیٹی اسپتال کا دورہ کیا۔ اروند کیجریوال نے دورہ کے بعد کہا کہ دہلی میں ہمارے پاس 15000 بستر موجود ہیں۔ جبکہ اس وقت دہلی میں 5100 مریض زیر علاج ہیں، یعنی 10000 بستر ابھی بھی ہمارے پاس خالی ہیں۔ اب ہماری توجہ آئی سی یو بیڈز میں اضافہ کرنا ہے، جیسے اس سے قبل راجیو گاندھی سپر اسپیشلیٹی اسپتال میں 45 آئی سی یو بیڈ تھے جنھیں بڑھا کر 200 آئی سی یو بیڈ کر دیئے گئے ہیں۔

06 Jul 2020, 4:10 PM

کورونا مریض نے دہلی ایمس کی چھت سے لگائی چھلانگ، حالت نازک

دہلی پولیس کے مطابق دہلی ایمس کے ٹراما سینٹر میں کورونا پازیٹو ایک مریض زیر علاج تھا، جس نے آج ایمس کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی، اس کی حات نازک بنی ہوئی ہے۔


06 Jul 2020, 3:25 PM

کانپور تصادم معاملے میں 3 پولیس اہلکار معطل

آئی جی کانپور موہٹ اگروال نے بتایا کہ آج تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ ان پولیس اہلکاروں کا کانپور تصادم معاملے میں کردار مشکوک ہے، تفتیش میں پایا گیا کہ ان اہلکاروں کے تعلقات ملزم وکاس دوبے سے تھے، جس کی وجہ سے ہی ان پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

06 Jul 2020, 2:11 PM

کانپور تصادم میں شہید سی او کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے عآپ رہنما سنجے سنگھ

کانپور: عام آدمی پارٹی کے ممبر پارلیممٹ سنجے سنگھ نے کانپور انکاؤنٹر میں اپنی جان گنوانے والے سی او دیوندر کمار مشرا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔


06 Jul 2020, 1:14 PM

کانپور تصادم، وکاس دوبے پر پولیس نے بڑھائی انعامی رقم

اتر پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کے آفس کے مطابق کانپور تصادم کا مرکزی ملزم اور ہسٹری شیٹر وکاس دوبے پر لگا انعام بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کانپور انکاؤنٹر میں 8 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

06 Jul 2020, 12:43 PM

اورنگ آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 6730 ہوئی

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں پیر کی صبح کورونا وائرس ( کووڈ-19) کے 217 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 6730 تک پہنچ گئی۔ ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا سے 11 اموات ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 310 ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے 217 کیسز میں سے اورنگ آباد میونسپل سے 167 اور دیہی علاقوں سے 50 کیسز ہیں جن میں 120 مرد اور 97 خواتین ہیں۔

اس دوران 133 مریض صحتیاب ہوگئے جن میں 77 میونسپل علاقے سے اور 56 دیہی علاقوں کے مریض شامل ہیں اور ابھی تک ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد 3374 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں 3046 کورونا کے فعال کیسز ہیں جن کا مختلف اسپتالوں اور کووڈ سینٹر میں علاج چل رہا ہے۔ ضلع میں ابھی تک کورونا کے 310 مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔


06 Jul 2020, 12:19 PM

راجستھان میں کورونا وائرس سے 3 اموات، 99 نئے کیس آئے سامنے

راجستھان کے محکمہ صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ راجستھان میں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے تک کورونا وائرس کے 99 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 3 اموات ہوئیں ہیں۔ ریاست میں اب کووڈ- 19 مثبت کیسوں کی تعداد 20263 ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد 459 ہے۔ جبکہ کورونا وائرس کے فعال معاملات کی تعداد 3836 ہے۔

06 Jul 2020, 11:11 AM

کھگڑیا میں نوجوان کی لاش برآمد

کھگڑیا: بہار کے ضلع کھگڑیا کے بیلڈور تھانہ علاقے سے پولیس نے پیر کے روز ایک نوجوان کی لاش برآمد کی ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مقامی لوگوں سے موصولہ اطلاع کی بنیاد پر تیلیہار گاؤں میں بائسی تالاب کے نزدیک ایک نوجوان کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ نوجوان کا گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ متوفی کی عمرتقریباً 28 برس ہے اور اس کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔


06 Jul 2020, 10:11 AM

کیرالہ میں آج سے تیسرا لاک ڈاؤن شروع

کیرالہ: تروانت پورم میں کورونا وائرس کے سبب آج صبح 6 بجے سے تیسرا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، یہ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ تیسرے لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اہلکار سختی سے گاڑیوں کی جانچ کر رہے ہیں اور تیسرے لاک ڈاؤن کو سختی سے نافظ کرانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

06 Jul 2020, 9:08 AM

ٹرمپ 11 جولائی کو نیو ہیمشائر میں کریں گے اگلی ریلی

واشنگٹن: امریکہ میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے مسلسل بڑھتے انفیکشن کے باوجود صدر ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ 11جولائی کو نیو ہیمشائر میں اگلی ریلی کریں گے۔ ٹرمپ کی ٹیم نے یہ اطلاع دی ہے۔ ٹرمپ کیمپین نے اپنے سرکاری ٹوئٹر پیج پر لکھا،’’صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیو ہیمشائر کے پورٹ اسموتھ میں 11 جولائی کو میگا (میک امریکہ گریٹ اگین) ریلی کریں گے۔‘‘

ٹرمپ کی ٹیم کے مطابق ریلی میں شامل ہونے والے سبھی لوگوں کو ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک مہیا کرائے جائیں گے۔ اس سے پہلے گزشتہ 20 جون کو اوکلاہوما کے تلسا میں ٹرمپ کی پہلی ریلی منعقد ہوئی تھی،جس میں 6000 سےزیادہ لوگ شامل ہوئے تھے۔


06 Jul 2020, 8:31 AM

راہل گاندھی کا مودی حکومت پرحملہ

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت کی ناکامیوں کی تصویر پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ جس میں انہوں نےتحریر کیا ہے کہ ناکامیوں کی کیسی اسٹدی ہے کووڈ 19، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا نفاذ ۔ واضح رہے کووڈ کے خلاف لڑائی میں حکومت کی بد انتظامی پر راہل گاندھی سمیت کئی لوگ بیان دیتے رہے ہیں۔

06 Jul 2020, 7:49 AM

بین اسٹوکس میں وارٹ جیسا دم خم: ناصر حسین

انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے بین اسٹوکس کی قیادت کی صلاحیت کا ہندوستانی کپتان وارٹ کوہلی کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوکس میں وارٹ جیسا دم خم ہے۔
ناصر نے اسٹار اسپورٹس کے شو ’کرکٹ کنیکٹیڈ‘ میں کہا کہ اسٹوکس ہندوستانی کپتان وارٹ کی طرح ہی ہیں۔ وہ جوبھی کرتے ہیں اس میں اپنا 100فیصد تعاون دیتے ہیں۔ فی الحال وہ کارگزار کپتان ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک شاندار کپتان ثابت ہوں گے۔ اسٹوکس ویسٹ انڈیز کے خلاف آٹھ جولائی سے ساوتھمپٹن میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں جوروٹ کی جگہ کپتانی سنبھالیں گے۔
ناصر نے کہا کہ بطور ایک آل راونڈر اسٹوکس پر کافی ذمہ داری ہے۔ وہ تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں اور اس بیچ آئی پی ایل میچ بھی ہوسکتے ہیں لیکن مستقبل میں اگر وہ مستقل کپتان بنتے ہیں تو ان کے اوپر آنے والے کام کے بوجھ پر تھوڑا فکرمند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جوروٹ اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے سبب ٹیم سے باہر ہیں لیکن ان کی جگہ اسٹوکس کو کپتان بنایا گیا ہے جو ایک شاندار فیصلہ ہے اور بطور کارگزار کپتان کے طور پر میں ان کی حمایت کرتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */