خبریں

دبئی میں مقیم ہندوستانیوں سے راہل گاندھی کا خطاب، کہا- ’بیرون ملک رہنے والا ہر ہندوستانی ملک کی طاقت‘

راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں رہنے والا ہر ہندوستانی ملک کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقیم ہندوستانوں کے بغیر ہندوستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>

قومی آوازبیورو

11 Jan 2019, 9:05 PM

دبئی میں مقیم ہندوستانیوں سے راہل گاندھی کا خطاب، کہا- ’بیرون ملک رہنے والا ہر ہندوستانی ملک کی طاقت‘

دبئی کے دورے پر متحدہ عرب امرات پہنچے راہل گاندھی وہاں پر مقیم ہندوستانیوں کے ایک بڑے جم غفیر سے خطاب کر رہے ہیں۔ دبئی کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں رہنے والا ہر ہندوستانی ملک کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقیم ہندوستانوں کے بغیر ہندوستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

کانگریس صدر نے کہا، ’’میں جب بھی یہاں آتا ہوں تو آپ لوگوں کو دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ غیر مقیم ہندوستانی بھی کانگریس کے انتخابی منشور بنانے میں اپنا تعاون کریں۔‘‘

اس دوران راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر دوہرایا کہ ملک کے لوگوں کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی بھی ہو، کسی بھی مذہب کا ہو، کسی بھی ذات و زبان سے وابستہ ہو، ہندوستان کے لوگوں کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

ایک خاتون کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا ملک کا اگلا چناؤ کانگریس ہی جیتے گی اور جیتنے کے ساتھ ہی آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ فراہم کر دیا جائے گا۔

11 Jan 2019, 3:09 PM

دوبئی: راہل نے این آر آئی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’من کی بات کرنے نہیں، آپ کی سننے آیا ہوں‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے دوبئی میں غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئی) کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے ہر مذہب، ہر ریاست اور ہر ذات کا نام آپ نے روشن کیا ہے۔ یہاں ہم آپ کی بات سننا چاہتے ہیں، میں آپ سے من کی بات کرنے نہیں آیا، آپ کے من کی بات سننے آیا ہوں۔‘‘

ہزاروں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے آندھرا پردیش کے تعلق سے بڑا اعلان بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ مہینوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد اگر مرکز میں کانگریس پارٹی کی حکومت آئی تو آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔

11 Jan 2019, 2:09 PM

وادیٔ کشمیر میں پھر آیا زلزلہ

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعہ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئےگئے۔ ڈزاسٹر منیجمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ وادی کشمیر میں جمعہ کی صبح 8 بجکر 21 منٹ پر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز جموں کشمیر تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زلزلے کے باعث کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

11 Jan 2019, 1:09 PM

جموں و کشمیر: تازہ برف باری کے بعد سری نگر۔جموں قومی شاہراہ بند

سری نگر: وادیٔ کشمیر کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ کو تازہ برف باری کے بعد جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند رکھا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر جواہر ٹنل کے آر پار برف جمع ہوئی ہے جس کے پیش نظر شاہراہ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ریاست میں 11 جنوری سے 13 جنوری تک بارش یا برف باری جاری رہ سکتی ہے۔

11 Jan 2019, 12:09 PM

آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ٹھنڈ کا قہر برقرار

حیدرآباد: آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں سردی کی لہر کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، کومرم بھیم، نرمل، نظام آباد، جگتیال، کاماریڈی، پداپلی، راجناسرسلہ، کریم نگر، میدک اورسنگاریڈی میں بعض مقامات پر سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اضلاع عادل آباد، میدک اور پداپلی کے بعض مقامات پر سردی کی لہر دیکھی گئی۔ اقل ترین درجہ حرارت سات ڈگری سلسیس عادل آباد ضلع میں درج کیا گیا جبکہ اعظم ترین درجہ حرارت 12 ڈگری سلسیس آندھرا پردیش کے جنگا مہیشوراپورم، اننت پور اور آورگیہ ورم میں درج کیا گیا۔

11 Jan 2019, 10:09 AM

پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار دوسرے دن اضافہ درج

11 جنوری کو لگاتار دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ چار بڑے شہروں میں پٹرول 19 سے 20 پیسے اور ڈیزل 28 سے 30 پیسے مہنگا ہوا۔ دہلی میں پیٹرول 19 پیسے بڑھ کر 69.07 روپے اور ڈیزل 28 پیسے کے اضافے کے ساتھ 62.81 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ تجارتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول 74.72 روپے اور ڈیزل 65.73 روپے فی لیٹر ہو گیا۔ کولکاتہ میں دونوں ایندھن کے دام بالترتیب 71.20 اور 64.58 روپے فی لیٹر رہے۔ چنئی میں پٹرول 71.67 روپے اور ڈیزل 66.31 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

11 Jan 2019, 8:53 AM

میں نے سی بی آئی کی ساکھ برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کی: آلوک ورما

10 جنوری کو سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدہ سے آلوک ورما کو ہٹا دیا گیا۔ اس عمل کے بعد ایک بار پھر پی ایم مودی کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ آلوک ورما کو عہدہ پر بحال کیے جانے کے فوراً بعد انھیں ہٹانے کی کارروائی کیوں کی گئی۔ اس درمیان آلوک ورما کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ وہ سی بی آئی کی ساکھ بنائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے تھے لیکن کچھ لوگ اسے برباد کر دینا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو الزامات ان پر لگائے گئے ہیں اس کے کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں، اس کے باوجود ہٹا دیا گیا۔