اہم خبر: تندوئے کے حملہ میں ایک خاتون کی موت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Apr 2019, 10:09 PM

تندوئے کے حملہ میں ایک خاتون کی موت

جوناگڑھ: گجرات کے جونا گڑھ ضلع میں ایک تندوئے نے گھر میں گھس کر ایک خاتون پر حملہ کردیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

جوناگڑھ کے جنگل کے چیف افسر ڈی ٹی وساوڈا نے آج بتایا کہ ضلع میں وساودر تعلقہ میں گر جنگلاتی علاقہ کے راجا پارا راونڈ کی ہنسا پور بستی میں یہ واقعہ ہوا۔ تندوئے نے نصف شب کے بعد ڈیڑھ بجے گاؤں کے شام جی بھائی جادو کے مکان میں گھس کر ان کی بیوی پربھا بین(65) پر حملہ کردیا۔ انہیں پہلے وساودر سول اسپتال لے جایا گیا جہاں سے آگے کے علاج کے لئے جونا گڑھ لے جاتے وقت صبح تین بجے انہوں نے دم توڑ دیا۔

07 Apr 2019, 5:12 PM

چھتیس گڑھ میں آئی ای ڈی بلاسٹ، ایک جوان زخمی

چھتیس گڑھ کے راجناند گاؤں میں ایک آئی ای ڈی بلاسٹ ہوا ہے۔ اس بلاسٹ ،میں آئی ٹی بی پی کا ایک جوان زخمی ہو گیا۔

07 Apr 2019, 4:09 PM

افغانستان میں فضائی حملے میں پانچ آئی ایس دہشت گرد ہلاک

اسدآباد: افغانستان کے مشرقی کنار صوبے کے چاپا کے ذریعہ ضلع میں سلامتی دستوں کے جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں اسلامک اسٹیٹ کے کم از کم پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

فوج کی جانب سے جاری بیان میں اتوار کو یہ اطلاع دی گئی۔ جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی آئی ایس کے خلاف چاپادارا ضلع میں ہفتہ کو دیگل والی علاقے میں کی گئی اور یہ قدم دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے اٹھایا گیا تھا۔ حملے میں دہشت گرد گروپوں کے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولا بارود تباہ کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی دستے دہشت گردوں کے خلاف مہم جاری رکھیں گے۔ آئی ایس کی جانب سے اس پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔


07 Apr 2019, 3:03 PM

حیدرآباد میں ہیلمٹ نہ پہننے پر اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر 135 روپئے کا جرمانہ

حیدرآباد: گاڑیاں چلانے کے دوران دستاویزات نہ ہونے پر ٹریفک پولس کی جانب سے جرمانہ عائد کیاجاتا ہے، تاہم پولس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی جانب سے ہی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر اعلی عہدیدار کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر وینکٹیشور راو ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلا رہا تھا۔ اس کی تصویر لے کر بعض نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا اور سوال کیا کہ ان کے لئے کوئی قوانین نہیں ہیں کیا؟ اس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضلع ایس پی سندھوشرما نے فوری طورپر اس اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر 135 روپئے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ ان کے اس قدم سے نوجوانوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔

07 Apr 2019, 2:09 PM

مجھے رول نہیں ملا، ایسا کبھی نہیں ہوا: مادھوری

ممبئی: مشہوراداکارہ مادھوری دکشت کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی کسی سے کسی طرح کے عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا ہے۔

مادھوری دکشت ان دنوں اپنی آنے والی فلم کلنک کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جس طرح کے رول مل رہے ہیں، لیکن یہ ان کی اپنی مرضی ہوتی ہے کہ کون سا کردار انہیں کرنا اور کون سا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے رول نہیں ملا،ا یسا کبھی ہوا نہیں۔ مجھے جیسا کام چاہیے، مجھے وہ مل ہی جاتا ہے۔ یہ انڈسٹری کی مرضی نہیں ہے کہ وہ مجھے کیسی پیش کش دیتے ہیں۔ اہم یہ ہے کہ میں ان میں سے کیا منتخب کرتی ہوں۔ مجھے کبھی بھی کسی سے بھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا ہے۔ میں نے کبھی اپنے برابر کی اداکاراؤں کو اپنا حریف نہیں مانا ہے۔ میں ہمیشہ انہیں ساتھ کام کرنے والوں کے طورپر ہی دیکھتی ہوں۔

مادھوری نے کہا میں نے ہمیشہ مانا ہے کہ کسی بھی اداکار میں کیا خاص ہے، اس کا اندازہ اس بات سے نہیں لگائیے کہ کتنی فلمیں ہٹ ہوئیں یا کتنی فلاپ۔ ان کی کارکردگی کو دیکھنا ضروری ہے۔ فلم کلنک 17اپریل کو ریلیز ہورہی ہے۔ اس فلم کے ذریعہ تقریباً 20 سال کے بعد مادھوری دکشت اور سنجے دت ایک ساتھ نظر آرہے ہیں۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ، ورون دھون، سوناکشی سنہا اور آدتیہ رائے کپور بھی اہم کردار میں ہیں۔


07 Apr 2019, 1:09 PM

سڑک حادثہ میں ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کی موت

فیروز آباد: اتر پردیش میں ضلع فیروز آباد کے سرسا گنج علاقے میں لکھنؤ - آگرہ ایکسپریس پر کار حادثے میں فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن جسویر سنگھ کی موت ہو گئی جبکہ ان کی اہلیہ اور دو بچے زخمی ہو گئے۔

پولس ذرائع نے اتوار کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ گروپ کیپٹن جسویر سنگھ ہندوستانی فضائیہ کے باناگڑھ درگا پور مغربی بنگال میں تعینات تھے۔ ہفتے کی شام جسویرسنگھ اپنی اہلیہ کومل، بیٹی اور بیٹے کے ساتھ کار سے لکھنؤ سے آگرہ کی طرف جا رہے تھے۔ سرساگنج علاقے میں ان کی گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کنبے کے چاروں افراد زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو اٹاوہ کے سیفئی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا۔ رات تقریباً نو بجے علاج کے دوران جسویر سنگھ کی موت ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ان کے اہل خانہ اور محکمہ کے حکام کو دے دی گئی ہے۔

07 Apr 2019, 12:09 PM

اولے گرنے سے گیہوں کی کھڑی فصلوں کو نقصان

گونڈا: اترپردیش کے دیوی پاٹن ڈویژن کے گونڈا، بلرام پور، بہرائچ اور شراوستی اضلاع میں دیر رات مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش اور اولے گرے جس سے کھیتوں میں گیہوں کی کھڑی فصل کا کافی نقصان ہونے کی خبر ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کو ریاست میں تیز ہوا کے ساتھ اولے اور بارش کی وارننگ دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کی وجہ سے ہفتہ کی رات 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا کے ساتھ اولے گرے اور بارش ہوئی۔ اس سے کئی علاقوں میں گیہوں اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ریونیو اولے اور بارش کی وجہ سے ہوئے فصلوں کے نقصانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ تیز ہوا کی وجہ سے چھپر اڑ گئے اور کئی مقامات پر درخت گرنے کی بھی اطلاع ہے۔ اولے اور بارش نے کسانوں کی فکر بڑھا دی ہے۔


07 Apr 2019, 11:01 AM

عراق سے جلد ہو امریکی فوج کی واپسی:خامنہ ای

تہران: ایران کے سپریم مذہبی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے گزشتہ روز ہفتہ کو کہا کہ عراق کو ملک سے امریکی فوج کی واپسی پر غور کرنا چاہیے۔ یہ اطلاع اخبار’ فنانشل ٹربیون‘ نے دی۔

علی خامنہ ای نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے ملاقات کے دوران کہا ’’اس علاقے کے ممالک میں امریکی فوجی دستوں کی موجودگی ان ممالک اور علاقے کے لوگوں کے لئے نقصان دہ ہے، اس لئے عراقی حکومت کو امریکہ سے درخواست کرنی چاہیے کہ وہ جلد سے جلد عراق سے اپنے فوجیوں کی واپسی کے لئے کارروائی کرے‘‘۔

ایران کے سپریم مذہبی رہنما علی خامنہ ای نے کہا کہ اگر عراق میں امریکی فوج پھنسی رہی تو طویل عرصہ تک اس کی واپسی نہیں ہو پائے گی۔ مشکل وقت میں عراق کا ساتھ دینے کے لئے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کرنے کے لئے ہفتہ کو تہران پہنچے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */