خبریں

ممبئی: گرینڈ حیات ہوٹل میں دیپیکا-رنویر کا ریسیپشن، شاہی انداز میں نظر آئی جوڑی

تصویر سوشل میڈیا

قومی آوازبیورو

28 Nov 2018, 10:10 PM
دیپیکا-رنویر کا ممبئی کے ہوٹل میں شاندار ریسیپشن، شاہی انداز میں نظر آئی جوڑی

بالی ووڈ کی ٹاپ موسٹ جوڑی کہلانے والی دیپیکا پادوکون اور رنویر سنگھ کا ویدنگ ریسیپشن ممبئی میں شروع ہو چکا ہے۔ رنویر نے اپنے آفیشیل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں دیپیکا اور رنویر کی جوڑی شاہی انداز میں نظر آ رہی ہے۔

دیپیکا اور رنویر نے اپنے ریسیپشن کے دوران سفید اور گولڈن کلر کا میچنگ ڈیزائنر لباس پہنا۔ رنویر کے تصویر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہی یہ وائرل ہو گئی۔ واضح رہے کہ ممبئی میں ریسیپشن سے قبل دیپیکا پادوکون کی فیملی کی جانب سے 21 نومبر کو بنگلورو میں ریسیپشن کیا گیا تھا۔

28 Nov 2018, 7:10 PM
افغانستان: بم دھماکے میں تین امریکی فوجی ہلاک

کابل: افغانستان کے جنوبی غزنی صوبے کے دارالحکومت کے قریب سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔

ناٹو کے ریزولیوٹ سپورٹ (آر ایس) مشن نے ایک بیان میں کہا کہ تین فوجیوں کے علاوہ ایک شہری ٹھیکیدار اچانک ہونے والے دھماکے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے اور ان کا علاج چل رہا ہے۔

خیال رہے کہ تین دن پہلے شمال مشرق نیم روز خطے میں ایک جنگی کاروائی کے دوران ایک امریکی سرجنٹ لینڈرو اے ۔ایس جَسّو ہلاک ہو گیا تھا۔ مرنے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ کیا کہ غزنی شہر کی سرحد پر شہباز علاقے میں ایک شدیددھماکے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دھماکے میں ایک بکتر بند ٹینک پوری طرح سے تباہ ہو گیا ہے۔

28 Nov 2018, 5:10 PM
مغربی بنگال، نقلی شراب پینے سے 7 افراد ہلاک

، 28 نومبر (یو این آئی) ضلع شانتی پور کے نری سنگھ پور کے چودھری پارہ علاقے میں بدھ کے روزنقلی شراب پینے سے کم از کم 7 افراد کی موت ہو گئی ہے۔
پولیس نے کہا،’ نقلی شراب پینے کے بعد 7 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کم از کم 19 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

28 Nov 2018, 3:59 PM

پاکستان میں کرتارپور کوریڈور کی سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان نے رکھ دی ہے اور اس موقع پر نوجوت سنگھ سدھو نے تقریر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم کی دل کھول کر تعریف کی۔ اس موقع پر انھوں نے عمران خان کی تعریف میں ایک نظم بھی پڑھی۔ اپنی تقریر میں سدھو نے گرودوارہ کرتار پور صاحب کوریڈور کی سنگ بنیاد کو امن و بھائی چارہ کی طرف اٹھایا گیا ایک بہترین قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے باشندوں کے درمیان پیار و محبت بڑھے گا۔

28 Nov 2018, 3:10 PM
ہندوستانیوں کے دلوں میں رام مندر بسا ہے، سمترا مہاجن

لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا، ’’مدا (رام مندر) چل رہا ہے یا نہیں یہ تو رہے گا۔ یہ تو یوں ہی چناؤ کے وقت کوئی بھی کچھ بولے۔ مگر ہندوستانیوں کے دلوں میں یہ مدا ہے، سب تک مندر نہیں بنے گا یہ ختم نہیں ہوگا۔ مندر بننے کے بعد بھی رام دلوں میں ہی بنے رہیں گے۔‘‘

28 Nov 2018, 2:09 PM
پہلے کے سی آر اور پھر مودی کو ہرائیں گے، راہل گاندھی

راہل گاندھی اس وقت تلنگانہ کے دورے پر ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا، ’’پہلے ہم کے سی آر کو یہاں پر ہرائیں گے، پھر دہلی میں 2019 میں نریندر مودی کو ہرائیں گے‘‘

راہل گاندھی نے کہا، ’’ٹی آر ایس کا نام تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نہیں بلکہ تلنگانہ راشٹر سنگھ پریوار ہے۔ یہ سنگھ پریوار، بی جے پی کی بی ٹیم ہے، یہ بات آپ مت بھلیئے۔‘‘

کے سی آر کے ساتھ نریندر مودی پر بھی حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’مودی جی ملک کو باٹنے کا کام کرتے ہیں۔ ملک میں نفرت پھیلاتے ہیں اور جو انہوں نے ملک میں کیا چاہے وہ آدیواسی، اقلیتوں کے خلاف ہوں، وہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے بغیر نہیں کر سکتے تھے۔‘‘

28 Nov 2018, 1:09 PM

ٹی آرایس اور تلگودیشم کے کارکنو ں میں تصادم

حیدرآباد: شہر حیدرآبا د کے علاقہ کوکٹ پلی کی آلوین کالونی میں حکمران جماعت ٹی آرایس اور اپوزیشن تلگودیشم کے کارکنوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا۔

سیری لنگم پلی اسمبلی حلقہ کے عظیم اتحاد کے امیدوار آنند پرساد کے حامیوں اور سابق رکن اسمبلی اے گاندھی کے حامیوں کی ایک دوسرے سے بحث وتکرار ہوگئی جس کے بعد دونوں گروپس نے ایک دوسرے پرکرسیوں سے حملہ کردیا۔

اس واقعہ کے سبب کچھ دیر کے لئے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موجودہ کارپوریٹر ڈی وینکٹیش گوڑ اور ان کے حامیوں نے تلگودیشم کے کارکنوں کی میٹنگ میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی۔

28 Nov 2018, 12:09 PM

گجرات: چرچ کی تعمیر پر تنازعہ، ہندو دیوی-دیوتاؤں کی مورتی توڑنے  کا الزام

گجرات کے ڈانگ ضلع واقع ایک گاؤں میں چرچ کی تعمیر کو لے کر تنازعہ شروع ہو گیا ہے اور علاقے میں کشیدگی کی خبر ہے۔ معاملہ سُبیر تعلقہ کے کدمال گاؤں کا ہے۔ گاو۷ں کے ہی باشندہ سمپت پوار نے شکایت درج کرائی تھی کہ گاؤں کے عیسائیوں نے چرچ بنانے کے لیے کھلے میں رکھی مقامی دیوی-دیوتاؤں کی مورتیوں کو نقصان پہنچایا۔ اس کے بعد منگل کی صبح پولس موقع پر پہنچی۔ حالانکہ پولس جب پہنچی تو اسے ناگدیو اور واگھ دیو کی مورتیاں محفوظ ملیں۔ پولس نے چرچ کی تعمیر فی الحال رکوا دی ہے کیونکہ پولس کے مطابق یہ زمین فوریسٹ ریزرو ایریا کے ماتحت ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ویسے جس مقام پر چرچ کی تعمیر ہو رہی ہے وہ مذکورہ مورتیوں سے تقریباً 10 فیٹ کی دوری پر ہے۔

28 Nov 2018, 9:47 AM
پاکستان: وزیر اعظم عمران خان آج رکھیں گے گرودوارہ کرتارپور صاحب کوریڈور کی بنیاد

پاکستان میں 28 نومبر یعنی بدھ کے روز گرودوارہ کرتار پور صاحب کورiڈور کی سنگ بنیاد رکھی جائے گی۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اس کی بنیاد رکھیں گے اور اس موقع پر پنجاب حکومت میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو بھی موجود رہیں گے۔ انھیں خاص طور پر عمران خان نے مدعو کیا ہے جو کہ 27 نومبر کو ہی ہندوستان سے پاکستان پہنچ چکے تھے۔

اس موقع پر ہندوستان سے دو مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل اور ہردیپ پوری اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔ یہ دونوں آج صبح ہندوستانی سرحد کو پار کر پاکستان پہنچے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان دوپہر ڈیڑھ بجے کرتار پور پہنچیں گے۔ وہ صبح 8 بجے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ کرتارپور کے لیے روانہ ہوں گے۔