اہم خبر: الہ آبا د بینک سے لاکھوں کی لوٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 May 2019, 10:49 PM

الہ آبا د بینک سے لاکھوں کی لوٹ

ڈالٹن گنج: جھارکھنڈ کے پلامو ضلع میں چھتر پور تھانہ علاقہ کے مسیہانی واقع الہ آباد بینک کی شاخ سے نقاب پوش بدمعاشوں نے دن دہاڑے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ لئے۔

پولس ذرائع نے یہاں بتایاکہ چھ ۔ سات کی تعداد میں نقاب پوش بدمعاش بینک کی شاخ میں آئے اور اسلحہ کے زور پر کیشیئر ہریشور تیواری اور شاخ منیجر رومن ٹوپی کو قبضے میں لیکر کیش کاؤنٹر پر سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

ذرائع نے بتایاکہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے چھتر پور کے سب ڈویژنل پولیس افسر ( ایس ڈی پی او ) شمبھو سنگھ ، تھانہ انچارج واسو دیو منڈا سمیت دیگر پولیس افسران نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالا جارہا ہے لٹیروں کی شناخت کیلئے پولیس کوشش کر رہی ہے ۔

ایس ڈی پی او نے بتاییاکہ لٹیروںکو پکڑنے کیلئے بہار کے سرحدی علاقوں میں جانچ مہم تیز کر دی گئی ہے ۔ واقعہ کے وقت بینک میں کوئی کسٹمر موجود نہیںتھا۔ کوئی بینک ملازم زخمی نہیںہوا ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ سی سی ٹی وی کی مدد سے بدمعاشوں کی شناخت کی جارہی ہے ۔ لٹیروںکی جلد ازجلد گرفتار ی کرلی جائے گی ۔

22 May 2019, 8:03 PM

برصغیر میں امن اور خوشحالی کے لئے ہند و پاک دوستی ضروری، نیشنل کانفرنس

سری نگر: نیشنل کانفرنس نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ دونوں پڑوسی تعطل کے شکار مذاکراتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی راہیں تلاش کریں۔
این سی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے بدھ کے روز یہاں پارٹی عہدیداورں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی میں جو بھی حکومت معرض وجود آئے گی اُسے پاکستان میں عمران خان کی سربراہی والی حکومت کے ساتھ امن عمل کو آگے لے جانا چاہئے اور خطے میں امن و خوشحالی کی داغ بیل ڈالنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذاکراتی عمل میں مسئلہ کشمیر سرفہرست رکھ کر اس پیچیدہ مسئلہ کا کوئی قابل قبول حل تلاش کریں جو سبھی کے لئے قابل قبول ہو، ایسا حل جو ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہو کیونکہ یہاں کے عوام ہی اس مسئلے کے حقیقی اور اصل فریق ہیں۔

22 May 2019, 7:10 PM

ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ جمہوریت کے لئے چیلنج: انجان

نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے سکریٹری اتل کمار انجان نے بدھ کو کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اور بعد میں الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) کے ساتھ ہوئی چھیڑ چھاڑ اور اسے مشتبہ حالت میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا جمہوریت کے لئے سنگین چیلنج بن گیا ہے۔اتل انجان نے یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ انتخابات غیر جانبدار ہی نہیں بلکہ انتخابی کمیشن کو یہ دیکھنا چاہئے کہ انتخابات غیرجانبدار ہونے پر عوام کو اعتماد بھی ہو۔ آج کے دور میں جس طریقے سے انتخابی کمیشن کی خاموشی کئی نقطوں پر ہے اس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کمیشن اپنی اہمیت پر ذرا بھی فکرمند نہیں ہے۔

سی پی آئی لیڈر نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن حکومت کی پالیسیوں سے متفق نہیں ہوتی ہے تو وہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کی میٹنگوں سے باہر ہوجاتی ہے۔ وقتاً فوقتاً اہم موضوعات پر حکومت کے ذریعہ اپوزیشن کے لیڈروں کو میٹنگ پر بلانے پر اپوزیشن اس کا بھی بائیکاٹ کردیتی ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جس طرح سے انتخابی کمیشن اپنی سرگرمی چلا رہی ہے آنے والے وقت میں اپوزیشن انتخابی کمیشن کی میٹنگ کا بائیکاٹ نہ کردیں۔ اس کا دھیان انتخابی کمیشن کو رکھنا چاہیے۔


22 May 2019, 6:10 PM

پونچھ میں ایل او سی پر دھماکہ، ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے مینڈھر سیکٹر میں بدھ کو ہونے والے ایک پراسرار دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی اہلکاروں کی ایک ٹیم علاقہ میں گشت کر رہی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی فوجی اہلکار مینڈھر سیکٹر میں ڈھیری ڈبسی نامی جگہ پر پہنچے تو وہاں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔

ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دریں اثنا فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مینڈھر سیکٹر میں بدھ کی صبح قریب نو بجکر 15 منٹ پر تربیتی عمل کے دوران ایک فوجی اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔

بیان میں مزید کہا گیا 'مزید دو زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے ملٹری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم ہے'۔

22 May 2019, 5:04 PM

کاؤنٹنگ سنٹرس پر سیکورٹی کے سخت انتظامات

23 مئی کو لوک سبھا انتخاب کے نتائج برآمد ہونے ہیں اور اس کے پیش نظر پورے ملک میں جہاں جہاں کاؤنٹنگ سنٹرس بنائے گئے ہیں وہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اتر پردیش، مغربی بنگال، بہار، اڈیشہ، مہاراشٹر سمیت سبھی ریاستوں میں انتظامیہ نے سخت پہرہ لگا رکھا ہے۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ سرزد نہ ہو اس کے لیے بھی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ بہار میں اے این کالج (پٹنہ) میں ووٹوں کی گنتی ہونی ہے اور یہاں پر سخت پہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اے این کالج کو جوڑنے والی سبھی سڑکوں پر آمد و رفت بند کر دیا گیا ہے۔


22 May 2019, 4:08 PM

وی وی پیٹ پر انتخابی کمیشن کے فیصلے پر یچوری نے کھڑے کیے سوال، کہا بگڑ سکتا ہے نظامِ قانون

انتخابی کمیشن کے ذریعہ وی وی پیٹ کو لے کر دیے گئے فیصلے پر سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے سوال کھڑے کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر انتخابی عمل کی سالمیت کے لیے اس عمل کو اتنا طویل کھینچا گیا ہے تو انتخابی کمیشن پہلے نمونے کے ٹیسٹ کے حقیقی اصولوں پر عمل کیوں نہیں کر رہا ہے؟ یچوری نے ٹوئٹ کر کہا کہ وی وی پیٹ کی پرچیوں کا ملان بھی صبح ووٹوں کی گنتی کے ساتھ شروع ہونا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو نظامِ قانون کی حالت بگڑ سکتی ہے۔

22 May 2019, 3:08 PM

بہار: بھوجپور میں گول گپّا کھانے سے 30 سے زائد لوگ پڑے بیمار

بہار کے بھوجپور ضلع کے کرشنا گڑھ تھانہ حلقہ میں ایک ٹھیلہ سے گول گپّا کھانے کے بعد 30 سے زائد لوگ بیمار ہو گئے ہیں۔ بیمار ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ کرشنا گڑھ تھانہ انچارج منوج کمار نے بدھ کے روز بتایا کہ ’’پدمنیا گاوٌں کے کچھ لوگوں نے منگل کی شام ایک ٹھیلے سے گول گپّے خرید کر کھائے تھے۔ گول گپّے کھانے کے کچھ ہی دیر کے بعد سبھی لوگوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔ ایک ایک کر گاؤں کے 30 سے 35 لوگوں کی طبیعت خراب ہو گئی۔ لوگ الٹی اور پیٹ درد کی شکایت کرنے لگے۔‘‘

منوج کمار کا کہنا ہے کہ آناً فاناً میں سبھی کو آرہ صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں علاج کے بعد سبھی لوگوں کی حالت معمول پر بنی ہوئی ہے۔ کمار نے بتایا کہ حالت میں بہتری ہونے کے بعد اسپتال سے زیادہ تر متاثرین کو چھٹی دے دی گئی۔ پولس گاؤں میں پہنچ کر معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔


22 May 2019, 2:05 PM

’’آئندہ 24 گھنٹے بہت اہم، رہیے محتاط اور مستعد‘‘، کارکنان سے راہل گاندھی کی اپیل

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی کے معزز کارکنان، آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں۔ محتاط اور مستعد رہیں۔ خوفزدہ نہ ہوں۔ آپ سچائی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ فرضی ایگزٹ پول کی غلط تشہیر سے مایوس نہ ہوں۔ خود پر اور کانگریس پارٹی پر بھروسہ رکھیں، آپ کی محنت بے کار نہیں جائے گی۔ جے ہند۔‘‘

22 May 2019, 12:10 PM

اڈیشہ: سڑک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 5 افراد کی موت

اڈیشہ کے کالاہانڈی میں این ایچ-26 پر اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں پر کار اور ٹرک کے ٹکر میں ایک ہی کنبہ کے 5 افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں دو لوگ سنگین طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


22 May 2019, 11:09 AM

اتر پردیش: ایس پی-بی ایس پی کارکنان دوربین سے کر رہے ای وی ایم کی نگرانی

ملک بھر میں ای وی ایم کی ہیرا پھیری کی خبروں کے درمیان ایس پی اور بی ایس پی کارکنان مستعد ہو گئے ہیں۔ اتر پردیش کے میرٹھ میں ایس پی-بی ایس پی کارکنان نے اسٹرانگ روم کے باہر تمبو لگا دیا ہے اور 24 گھنٹے دوربین سے اسٹرانگ روم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

22 May 2019, 10:09 AM

جموں و کشمیر: کلگام کے گوپال پورا میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹس ہلاک

جموں و کشمیر کے کلگام کے گوپال پورا میں سیکورٹی فورسز سے تصادم میں اب تک دو ملی ٹینٹس ہلاک ہو چکے ہیں۔ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹس کے درمیان تصادم اب بھی جاری ہے۔


22 May 2019, 8:52 AM

دہلی: میں آٹا چکّی ٹینک کے اندر پھنسنے سے دو مزدور ہلاک

دہلی میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں دو مزدور ہلاک ہو گئے۔ دراصل لارینس روڈ واقع ایک آٹا چکّی کے ٹینک کے اندر پھنسنے کی وجہ سے ان مزدوروں کی موت ہوئی۔ فائر بریگیڈ دستہ کے ایک رکن نے بتایا کہ یہ ٹینک کافی دنوں سے بند پڑا تھا جس کی صفائی کے لیے مزدور اندر گئے تھے لیکن وہیں پھنس گئے اور ان کی موت ہو گئی۔ فائر بریگیڈ رکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹینک کافی دنوں سے بند رہنے کے سبب شاید اس میں زہریلی گیس پیدا ہو گئی ہو اور مزدور اسی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔