اہم خبر: بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے مضافات میں میزائلوں کے دھماکے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

20 May 2019, 10:10 PM

بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے مضافات میں میزائل دھماکے

بغداد: ایرانی خبرساں ادارے تسنیم نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے قریب متعدد راکٹ اور میزائل کے دھماکے ہوئے ہیں۔

اسکائی نیوز نے خبر دی ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون علاقہ میں امریکی سفارتخانہ کے قریب متعدد راکٹ اور میزائل گرے ہیں۔ عراقی ذرائع کے مطابق راکٹوں کے حملے کے بعد امریکی سفارتخانہ میں خطرے کے الارم بجنے شروع ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

20 May 2019, 9:13 PM

سوڈان میں قبائلیوں کے مابین تصادم، 9 ہلاک

جوبا: جنوبی سوڈان کے مشری بوما علاقے میں دو قبائل کے درمیان ہوئے پرتشدد حملے میں کم سے کم 9 لوگوں کی موت ہوگئی اور ایک سنگین طور سے زخمی ہوگیا۔ مقامی افسران نے پیر کے دن یہ اطلاع دی۔

بوما صوبہ سے اقوام متحدہ کے ریڈیو مرایا پر ایک مقامی افسر نے بتایا کہ یہ تشدد پسندانہ جھڑپ 17 مئی کو شروع ہوئی اور صورت حال ابھی بھی نازک بنی ہوئی ہے۔ اس تشدد کے بعد انتقام لینے کے لئے جوابی حملے کے شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

بوما کی مقامی حکومت میں وزیر نتابو ابراہیم نے بتایا کہ ’’یہ بہت بڑا حملہ تھا۔ اس حملے میں 9 لوگوں کی موت ہوئی اور ایک سنگین طور سے زخمی ہوگیا۔ اس حملے میں پالتو جانوروں کے ایک جھنڈ کو چرالیا گیا۔ یہ منصوبہ بند حملہ تھا۔‘‘

واضح رہے کہ جنوبی سوڈان کا مشرقی حصہ کئی عشروں سے فرقہ وارانہ اور قبائلی تشدد کا شکار رہا ہے۔ یہاں بچوں کے اغوا اور پالتو جانوروں کے چرانے جیسے مسئلہ پر پرتشدد واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

20 May 2019, 8:10 PM

نوجوان نے ایک ہی منڈپ میں دو دلہنوں سے کی شادی

جشپور: سننے میں ضرورت حیران کن ہے لیکن یہ سچ ہے کہ چھتیس گڑھ کے جشپور ضلع میں ایک نوجوان نے دو لڑکیوں سے شادی کی او ر اگنی کو ساکشی مانتے ہوئے دونوں کو ہی اپنی شریک حیات مانتے ہوئے ان کے ساتھ زندگی گزارنے کا عہد کیا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق ایک ہی منڈپ میں دو لڑکیوں سے شادی کرنے والا نوجوان سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) میں ہے۔ ضلع کے باغیچہ علاقہ کے بگڈول گاوں میں رہنے والے نوجوان انل کمار کی شادی پانچ برس پہلے ہوئی تھی۔ گزشتہ کچھ دنوں سے گاوں کی ہی ایک لڑکی سیما پیکرا سے اس کا معاشقہ چل رہا تھا۔ نوجوان نے سیما سے شادی کرنے کی بات گھر والوں سے کی تووہ اس کے لئے تیار نہیں ہوئے اور کہا کہ ایک بیوی کے رہتے ہوئے دوسری شادی نہیں ہوسکتی۔

نوجوان نے پہلی بیوی سے جب اس بارے میں پوچھا تو اس نے یہ کہتے ہوئے فوراََ منظوری دے دی کہ جس میں اس کی خوشی ہے اسی میں اس کی بھی خوشی ہے پھر دونوں کنبوں کی کئی میٹنگوں کے بعد معشوقہ سیما کے ساتھ شادی کرنا طے ہوا لیکن پنچایت کے لوگوں نے بات چیت میں یہ بھی طے کیا کہ ایک ہی منڈپ میں معشوقہ اور پہلی بیوی کے ساتھ پھر سے شادی ہوگی۔

دونوں کنبے اور پہلی بیوی بھی اس کے لئے تیار ہوگئی۔ مذہبی ریت رواج کے ساتھ نوجوان سے دونوں کی کل یہاں ایک منڈپ میں شادی ہوگئی۔ پہلی بیوی کی رضامندی اور ایک ہی منڈپ میں شادی ہونے کی اس خبر کی ضلع ہی نہیں آس پاس میں کافی تذکرہ ہے۔ بیشتر لوگ پہلی بیوی کی کافی تعریف کررہے ہیں۔


20 May 2019, 7:10 PM

ترکی میں وزارت خارجہ کے 249 ملازموں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری

انقرہ: ترکی میں چیف پبلک پراسیکویٹر دفتر نے امریکہ میں رہنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلق رکھنے کے شبہ میں وزارت خارجہ کے 249 ملازموں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مقامی میڈیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔

سی این این ترک چینل کے مطابق سال 2010 سے 2013 کے درمیان ہوئے امتحانات میں غیر قانونی طریقوں سے ان مشتبہ لوگوں نے وزارت خارجہ میں نوکری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی تھی۔ نوکری پانے کے بعد ان لوگوں نے گولن کے احکامات کے مطابق کام کرنا شروع کردیا۔ اس معاملے میں 91 مشتبہ کو پہلے ہی حراست میں لیا جاچکا ہے۔

ترکی نے فتح اللہ گولن گروپ پر 2016 میں ہوئے تختہ پلٹ کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا ہے جس کی وجہ سے 250 لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور تقریباً 2200 لوگ زخمی ہوگئے تھے۔

20 May 2019, 5:10 PM

اب دودھ کی قیمتیں بھی بڑھیں، ’امول‘ دودھ ہوا 2 روپے مہنگا

’امول‘ دودھ کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سوڈھی نے اس کی اجنکاری دی ہے۔ بڑھی ہوئی قیمتیں منگل سے نافذ العمل ہوں گی۔


20 May 2019, 3:10 PM

جھارکھنڈ: بارودی سرنگ دھماکہ کر نکسلیوں نے پولس ٹیم پر کی فائرنگ، تین جوان زخمی

جھارکھنڈ کے سرائے کیلا ضلع میں ہوئے نکسلی حملے میں تین پولس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ نکسلیوں نے ہڈانگا گاؤں میں بارودی سرنگ میں دھماکہ کر دیا اور پھر پولس بس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ زخمی پولس اہلکاروں کو جمشید پور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حملے کے وقت پولس اہلکار ’سورو آبپاشی پروجیکٹ‘ اور پشتہ کی سیکورٹی کے لیے جا رہے تھے۔

20 May 2019, 2:10 PM

ایگزٹ پول کے ہنگاموں کے درمیان اکھلیش نے مایاوتی سے کی ملاقات

لکھنؤ میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی سے ملاقات کرنے کے بعد ان کے گھر سے سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نکل چکے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ 23 مئی کو آنے والے نتائج کو دھیان میں رکھ کر دونوں لیڈروں نے تبادلہ خیال کیا ہے۔


20 May 2019, 12:10 PM

گورنر نے مان لی یوگی کی بات، راجبھر یوپی کابینہ سے برخاست

یو پی کابینہ میں وزیر اوم پرکاش راجبھر کو برخاست کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورنر رام نائک سے اس کی سفارش کی تھی جسے انھوں نے منظور کر لیا ہے۔ اوم پرکاش راجبھر نے اپریل مہینے میں کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ راجبھر نے حکومت سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ سماجی انصاف کمیٹی کی رپورٹ کو نافذ کیا جائے۔ اس مطالبہ کے بعد انھوں نے اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔

20 May 2019, 11:10 AM

یو پی کابینہ سے ہٹائے جائیں گے اوم پرکاش راجبھر، یوگی نے گورنر سے کی سفارش

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورنر سے کابینہ وزیر اوم پرکاش راجبھر کو کابینہ سے برخاست کر دینے کی سفارش کی ہے۔ ایس بی ایس پی سربراہ اوم پرکاش راجبھر نے اپریل مہینے میں ہی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن اس پر یوگی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں لیا تھا۔


20 May 2019, 10:10 AM

بری خبر! آخری مرحلے کا پولنگ ختم ہوتے ہی بڑھ گئی پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں

لوک سبھا انتخاب کے ساتویں اور آخری مرحلہ کا ووٹنگ ختم ہوتے ہی ملک کی عوام کو مہنگائی کا زبردست جھٹکا لگا ہے۔ پیر یعنی آج تیل کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ پٹرول دہلی اور ممبئی میں 9 پیسے جب کہ کولکاتا میں 8 پیسے اور چنئی میں 10 پیسے لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت دہلی اور کولکاتا میں 15 پیسے جب کہ ممبئی اور چنئی میں 16 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اتوار کو کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ کموڈیٹی بازار کے ماہرین بتاتے ہیں کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں آئی حالیہ تیزی کے بعد اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی الحال راحت ملنے کی گنجائش نہیں ہے۔

20 May 2019, 8:31 AM

مہاراشٹر: پونے میں ڈوبنے سے ایک ہی کنبہ کے 3 افراد ہلاک

مہاراشٹر کے پونے واقع تالے گاوں میں ایک فیملی کے کچھ افراد پکنک منانے گئے ہوئے تھے جہاں ان کے ساتھ دردناک حادثہ سرزد ہو گیا۔ ایک پشتہ کے پاس ڈوبنے کے سبب کنبہ کے تین افراد کی موت ہو گئی جبکہ پولس نے دیگر تین افراد کو بچا لینے کی بات کہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔