اہم خبر: پناکی چندر گھوش ملک کے پہلے ’لوک پال‘ مقرر

راشٹر پتی بھون سے جاری ایک اعلان میں کہاگیا،’’صدر جمہوریہ ہندنے جسٹس پناکی چندر گھوش کو لوک پال کا چیئرپرسن مقرر کرتے ہوئے خوشی ظاہر کی ہے ۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Mar 2019, 11:10 PM

پناکی چندر گھوش ملک کے پہلے لوک پال مقرر

نئی دہلی: سپریم کورٹ کے سابق جسٹس پناکی چندر گھوش منگل کے روز ملک کے پہلے لوک پال مقرر کیے گیے ہیں۔ راشٹر پتی بھون سے جاری ایک اعلان میں کہاگیا،’’صدر جمہوریہ ہندنے جسٹس پناکی چندر گھوش کو لوک پال کا چیئرپرسن مقرر کرتے ہوئے خوشی ظاہر کی ہے ۔‘‘

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نےجسٹس دلیپ بی بھوسلے ،جسٹس پردیپ کمار موہنتی ،جسٹس ابھیلاشا کماری اور جسٹس اجے کمار ترپاٹھی کو لوک پال کے جوڈیشیل ممبران مقررکیے ہیں ۔

صدر کووند نے دنیش کمار جین ،محترمہ ارچنا رام سندرم ،مہیندر سنگھ اور ڈاکٹر اندرجیت پرساد گوتم کو لوک پال کے غیر جوڈیشیل ممبران مقررکیے ہیں ۔ یہ سبھی تقرریاں عہدہ سنبھالنے کے دن سے نافذالعمل ہونگی ۔

19 Mar 2019, 10:10 PM

سوشل میڈیا غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق وضع کرے، الیکشن کمیشن

نئی دہلی: انتخابی کمیشن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لیے سوشل میدیا پلیٹ فارم سے ایک الگ ضابطہ اخلاق بنانے کوکہاہے اور اس کا غلط استعمال نہ کرنے کی صلاح دی ہے ۔

کمیشن نے منگل کے روز فیس بک ،وہاٹس ایپ ،انٹرنیٹ ،موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا وغیرہ کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں یہ ہدایت دی ۔ اس پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے نمائندے راضی ہوگئے اور انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک ضابطہ اخلاق تیار کریں گے اور اس بارے میں کل تفصیلی خاکہ پیش کریں گے۔

چیف انتخابی کمشنر سنیل اروڑہ نے کہاکہ انتخابات پرامن اور غیر جانبدارانہ طریقہ سے مکمل کرانے کے لیے کمیشن کے پاس انتخابی ضابطہ اخلاق ہے اور اس پر خوش اسلوبی سے عمل درآمد ہوتارہا ہے لیکن اب سوشل میڈیا کو دیکھتے ہوئے اس کے لیے بھی ایک ضابطہ بنا نا ضروری ہوگیاہے ۔

انتخابی کمشنر اشوک لواسا نے کہاکہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو خود اس کا ناجائز استعمال نہیں کرنا چاہئے خود پر قابو رکھنا چاہئے لیکن اب اس سلسلہ میں سوشل میڈیا کی انتظامیہ کو بھی سوچنا چاہئے ۔

انتخابی کمشنر سشیل چندرنے کہاکہ اطلاعات کو پھیلانے میں سوشل میڈیا کے اثر کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔سوشل میڈیا پر غلط اطلاعات بھی ہوتی ہیں ،اس لیے اسکے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے تعزیری تدابیر تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ انتخابی کمیشن کی ان باتوں کو سن کر سوشل میڈیا کے منتظمین ایک ضابطہ اخلاق وضع کرنے پر راضی ہوگئے ۔انھوں نے کہاکہ وہ کل تک اسکا ایک تفصیلی خاکہ تیار کریں گے ۔

19 Mar 2019, 8:10 PM

بی جے پی دفتر میں امیدواروں میں تبادلہ خیال جاری، مودی اور امت شاہ موجود

کوک سبھا انتخابات کے امیدوارون پر بی جے پی سی ای سی میں میٹنگ جاری ہے۔ میٹنگ میں شامل ہونے کے لئے وزیر اعظم مودی اور پارٹی صدر امت شاہ پارٹی کے صدر دفتر میں پہنچ گئے ہیں۔ اس سے پہلے ارون جیٹلی، نتن گڈکری اور راج ناتھ سنگھ پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔


19 Mar 2019, 7:10 PM

کرناٹک میں زیر تعمیر عمارت منہدم، ایک ہلاک، کئی لوگ دبے ہونے کا خدشہ

کرناٹک کے کماریشور نگر میں منگل کے روز ایک زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے سے بڑا حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ کی وجہ سے متعد افراد ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق حادثہ میں ایک شخص کی موت ہوئی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملبے میں 40 لوگ پھنسے ہو سکتے ہیں۔

حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی انتظامیہ اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔

19 Mar 2019, 6:10 PM

راہل کی طالبات سے بات چیت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں، الیکشن کمیشن

چنئی: تمل ناڈو کے چیف الیکشن افسر ستیہ ورت ساہو کا کہنا ہے کہ 13 مارچ کوا سٹیلا میرس کالج کی طالبات کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی کی بات چیت سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ سے ضروری اجازت لینے کے بعد ہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات کے پروگراموں کے اعلان کے بعد 10 مارچ کو ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا تھا۔

واضح رہے، راہل گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران 13 مارچ کو کالج کی طالبات کے ساتھ بات چیت کی تھی۔ اس دوران انہوں نے رافیل طیارے سودے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو گلے لگانے جیسے کئی معاملوں پر بات چیت کی تھی۔

(یواین آئی)


19 Mar 2019, 4:10 PM

پرینکا گاندھی کا مرزاپور دورہ، خواجہ اسماعیل کی درگاہ پر چڑھائی چادر

اتر پردیش کے مرزا پور میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک طرف جہاں وندھیاواسنی دیوی مندر کے درشن کئے وہیں دوسری طرف خواجہ اسماعیل چشتی کی درگاہ کی زیارت بھی کی۔ اس دوران انہوں نے چادر پوشی کر کے ملک میں امن و خوشحالی کے لئے دعا کی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے اندرا گاندھی اور سونیا گاندھی بھی درگاہ خواجہ اسماعیل کی زیارت کر چکی ہیں۔

اہم خبر: پناکی چندر گھوش ملک کے پہلے ’لوک پال‘ مقرر
اہم خبر: پناکی چندر گھوش ملک کے پہلے ’لوک پال‘ مقرر
19 Mar 2019, 2:10 PM

نیوزی لینڈ مساجد پر حملہ: دہشت گرد نے کی تھی ہتھیاروں کی آن لائن خریداری

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کے 5 میں سے 4 ہتھیار آن لائن خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے اسلحہ ڈیلر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ برینٹن ٹیرنٹ نے 5 میں سے 4 ہتھیار آن لائن خریدے۔ اسلحہ ڈیلر نے دہشت گرد کے پانچویں ہتھیار سیمی آٹو میٹک رائفل کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ ڈیلر کے مطابق آن لائن خریداری کے وقت برینٹن ٹیرنٹ کے پاس اے کلاس اسلحہ لائسنس تھا اور اسے اسلحہ بیچ کر کوئی غلط کام نہیں کیا۔


19 Mar 2019, 1:09 PM

گنگا یاترا: اشتہار میں سب اچھا لگتا ہے لیکن زمین پر کچھ نہیں ہوا... پرینکا گاندھی

اپنی گنگا یاترا کے دوسرے دن پرینکا گاندھی بھدوہی پہنچیں اور وہاں لوگوں سے ملاقات کی۔ اس درمیان میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے یوگی حکومت کے دو سال کے کاموں پر سوالیہ نشان لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’رپورٹ کارڈ، پروموشن وغیرہ دیکھ کر سب کچھ بہت اچھا لگتا ہے لیکن حقیقت اس سے بہت الگ ہے۔ زمین پر کچھ بھی کام نہیں ہوا ہے۔ میں روزانہ لوگوں سے ملاقات کر رہی ہوں اور سبھی بہت بے حال اور پریشان ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی نے بات چیت کے دوران یہ بھی کہا کہ نوجوان، کسان اور اسٹوڈنٹ سبھی بی جے پی سے پریشان نظر آ رہے ہیں اور جو بھی وعدے ان سے کیے گئے وہ اب تک جھوٹے ہی ثابت ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’شکشا متر، آنگن باڑی، آشا بہو سب ظلم کے شکار ہیں۔ تنخواہ بڑھا کر 17 ہزار کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن آج تک انھیں آٹھ ہزار ہی مل رہے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ جو اشتہار کیا جا رہا ہے اور جو کچھ ہوا ہے اس میں بہت فرق ہے۔‘‘

19 Mar 2019, 12:09 PM

انشاء اللہ میں سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں گی عالیہ بھٹ

سلمان خان کے شیدائیوں کے لیے ایک خوشخبری ہے۔ بہت جلد سلمان خان سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’انشاء اللہ‘ میں نظر آئیں گے۔ خبروں کے مطابق اس فلم میں ان کی ہیروئن عالیہ بھٹ بنیں گی۔ پہلے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ دیپکا پادوکون اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں گی، لیکن جو اسٹار کاسٹ فائنل ہوا ہے اس میں دیپکا کی جگہ عالیہ کا نام شامل کیا گیا ہے۔


19 Mar 2019, 11:10 AM

گنگا یاترا: مرزا پور میں مولانا چشتی کے مزار پر چادر چڑھائیں گی پرینکا

’مشن اتر پردیش‘ پر نکلی کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی گنگا یاترا کا آج دوسرا دن ہے۔ پرینکا گاندھی منگل کے روز مرزا پور میں کارکنان سے ملاقات کریں گی اور خبروں کے مطابق وندھیاچل مندر پہنچ کر پوجا بھی کریں گی۔ یہاں سے وہ سیدھے مولانا چشتی کے مزار پر جائیں گی جہاں چادر پیشی کا پروگرام ہے۔ اسٹیمر بوٹ کے ذریعہ گنگا یاترا پر نکلی پرینکا نے اس درمیان لوگوں سے ملاقات میں پی ایم نریندر مودی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل ٹھیک کہتے ہیں، کسانوں کا نہیں چوکیدار امیروں کا ہوتا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی نے گنگا یاترا پیر کے روز پریاگ راج سے شروع کی تھی۔ 50 کلو میٹر پر مشتمل پہلے دن کے سفر میں پرینکا گاندھی کئی مقامات پر لوگوں کی محبتوں کا استقبال کرتی ہوئی نظر آئیں۔ گنگا یاترا کے دوران پرینکا گاندھی سے ملنے کے لیے کثیر تعداد میں لوگ گھاٹوں پر بھی پہنچ رہے ہیں۔

19 Mar 2019, 9:10 AM

بہار: بدمعاشوں نے آر اے ایف جوان کا گولی مار کر کیا قتل

بہار کے مظفر پور کے قاضی محمد پور تھانہ علاقہ میں فلیگ مارچ سے لوٹ رہے آر اے ایف جوان کی بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ جوان کو گولی مارنے کے بعد موٹر سائیکل پر سوار بدمعاش فرار ہو گئے۔ فی الحال پولس کیس درج کر ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */