خبریں

اہم خبر: ہاردک کی نزدیکی رہیں ریشما پٹیل نے بی جے پی کو کہا خیرباد

تصویر سوشل میڈیا

قومی آوازبیورو

15 Mar 2019, 5:10 PM

ہاردک کے نزدیک رہنے والی ریشما پٹیل نے بی جے پی چھوڑی

راجکوٹ: پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی (پاس) کے لیڈر ہاردک پٹیل کے نزدیک رہنے والی ریشما پٹیل نے آج بی جے پی سے استعفی دے دیا اور پوربندر لوک سبھا اور ماناودر اسمبلی حلقہ سےانتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔

سال 2017 میں گجرات اسمبلی انتخابات سے پہلے ہاردک پٹیل پر کانگریس کے ایجنٹ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والی ریشما نے آج نامہ نگاروں سے کہا، ’’مودی حکومت کے دوران کام نہیں ہوا اور صرف مارکیٹنگ ہی ہوتی رہی۔‘‘ انہوں نے پارٹی صدر امت شاہ پر تاناشاہی کا بھی الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی دیگر پارٹی نے انہیں امیدوار نہیں بنایا تو وہ پوربندر سے لوک سبھا اور ماناودر اسمبلی حلقہ سے آزادنہ انتخابات لڑیں گی۔ انہوں نے کانگریس میں شامل ہوچکے ہاردک پٹیل کو حمایت دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وہ جہاں سے بھی انتخابات لڑیں گے وہ ان کے حق میں مہم چلائیں گی۔

(یو این آئی)

15 Mar 2019, 4:10 PM

سماجوادی پارٹی کی تیسری فہرست جاری، تبسم حسن اور شفیق الرحمن بنے امیدوار

سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست میں 4 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ پارٹی نے کیرانہ سے موجودہ رکن اسمبلی تبسم حسن کو امیدوار بنایا ہے جبکہ سنبھل سے شفیق الرحمن برق کو موقع دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گونڈہ سے ونود کمار عرف پنڈت سنگھ اور بارابنکی (ریزرو) سے رام ساگر راوت کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

15 Mar 2019, 3:09 PM

ملک کے شہریوں کو صحت کی گارنٹی دیں گے: راہل گاندھی

اڈیشہ کے بارگڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ہر تقریر میں کسانوں کی بات تو کرتے ہیں لیکن ان کے لئے کرتے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے چند صنعت کاروں کا قرض معاف کر چکے ہیں لیکن انہوں نے کسانوں کا ایک روپیہ بھی معاف نہیں کیا۔

کانگریس صدر نے کہا، ’’میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اڈیشہ کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے کیا کیا گیا۔ ایک شخص بھی نہیں ہے جو یہ کہہ سکے کہ نوین پٹنائک اور مودی نے روزگار دیا ہے۔‘‘

اس دوران راہل گاندھی نے رافیل گھوٹالہ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ رافیل ڈیل کو تبدیل کر کے وزیر اعظم مودی نے انل امبانی کو 30 ہزار کروڑ ورپے دلوائے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہم نے جس طرح سے راجستھان میں صحت کی گارنٹی دی ہے اسی طرح ملک کے تمام شہریوں کو صحت کی گارنٹی دیں گے۔

15 Mar 2019, 1:09 PM

فرانس حکومت نے مسعود اظہر کی ملکیت ضبط کرنے کا کیا اعلان

فرانس نے جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ لیا ہے۔ فرانس حکومت نے یہ اعلان کیا ہے کہ ملک میں موجود مسعود اظہر کی ملکیت ضبط کی جائے گی تاکہ اس کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو جھٹکا دیا جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستان نے مسعود اظہر کے خلاف آواز بلند کی اور اس کی حمایت دنیا کے کئی ممالک نے بھی کی۔ فرانس بھی ہندوستان کے ساتھ کھڑا نظر آیا تھا اور مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دینے کے لیے بھی فرانس اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں آگے آگے تھا۔ لیکن جب چین نے اقوا متحدہ میں رکاوٹ پیدا کر دی تو فرانس نے اپنے ملک میں مسعود اظہر کی ملکیت پر قبضہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

15 Mar 2019, 12:08 PM

لالو پرساد معاملہ پر سپریم کورٹ کے ذریعہ سی بی آئی کو نوٹس جاری

آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے ذریعہ ضمانت کی عرضی داخل کرنے پر سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے 2 ہفتہ کے اندر سی بی آئی سے جواب طلب کیا ہے۔ لالو یادو نے صحت کی بنیاد پر ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔

15 Mar 2019, 10:26 AM

ہماچل پردیش: لاہول اسپیتی میں تودہ دھنسنے سے دہشت کا ماحول

ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقے لاہول اسپیتی میں برف کا تودہ دھنسنے کے سبب ایک سفید برفیلا دھواں چاروں طرف پھیل گیا۔ اس حادثہ کی وجہ سے ٹانڈی گاؤں کے لوگوں میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی کو نقصان پہنچنے کی خبر نہیں ہے۔ حادثہ 14 مارچ کو پیش آیا تھا۔

15 Mar 2019, 9:05 AM

ممبئی اوور برج حادثہ: مہلوکین کی تعداد بڑھ کر ہوئی 6، زخمیوں کی تعداد 33

ممبئی کے سی ایس ٹی اسٹیشن کے پاس ہوئے فٹ اوور برج حادثہ میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی ہے۔ وہیں اس حادثہ میں 33 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ زخمیوں میں سے کئی لوگوں کی حالت اب بھی سنگین بنی ہوئی ہے۔ جمعرات کی شام کو سی ایس ٹی کے پلیٹ فارم نمبر ایک کو بی ٹی لین سے جوڑنے والا فٹ اوور برج گر گیا تھا۔