اہم خبر: یوگی راج میں غیر قانونی کانکنی، 4 افراد پر 86 لاکھ کا جرمانہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

15 Apr 2019, 8:10 PM

اتر پردیش: غیر قانونی کانکنی معاملہ میں 4 افراد پر 86 لاکھ کا جرمانہ

کشی نگر: اترپردیش کے ضلع کشی نگر میں سلٹ صفائی کی آڑ میں گنڈک ندی سے غیر قانونی طور سے بالو نکالنے کی روک تھام کے لئے ضلع انتظامیہ نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے تین پٹے داروںپر 86 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر انل کمار سنگھ کے مطابق اڈّا علاقے میں گنڈک ندی سے سلٹ کی آڑ میں غیر قانونی طور سے بالو کھودے جانے کی شکایت پر تحصیل دار سے جانچ کرائی گئی تھی۔ ان کی جانچ روپورٹ کی بنیاد پر انہوں نے بھیڑیہاری میں پٹّے دار کے خلاف پونے دو لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے اور اس کے علاوہ تین لوگوں پر 84 لاکھ سے زیادہ روپئے کا جرمانہ لگایا جاچکاہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھیڑیہاری گاؤں میں سلٹ صفائی کے لئے پٹے جاری کئے گئے تھے۔ ایس ڈی ایم کی ہدایت پر کان کنی افسر اور ریونیو ٹیم کی جانچ میں بے ضابطگی پائی گئی ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر پٹّے دار سجیت کمار سنگھ باشندہ گینہی پرایک لاکھ 78 ہزار 267 روپئے کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے اندر رقم جمع کرنے کے لئے نوٹس جاری کی گئی ہے۔

مسٹر سنگھ کے مطابق اس سے پہلے دس دن قبل سلٹ صفائی کی آڑ میں غیر قانونی کان کنی کی تصدیق ہونے پر کٹائی بھرپروا کے پریم نارائن پر 59 لاکھ 11 ہزار 700 روپئے ، رنگ لال پر 29 لاکھ 14 ہزار 900 روپئے اور مہادیوا گاؤں کے جواہر پر چھ لاکھ 2 ہزار روپئے کا جرمانہ لگاتے ہوئے کاشت کاروں کو نوٹس دی گئی تھی۔ متعینہ وقت میں جرمانہ ادا نہ کئے جانے پر ملزموں کے خلاف آر سی جاری کی جائے گی۔

15 Apr 2019, 7:01 PM

جھارکھنڈ: پولس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم ، 3 نکسلی ہلاک، ایک جوا ن شہید

گریڈیہہ: جھارکھنڈ میں نکسل متاثرہ گریڈیہہ ضلع کے بھیلوا گھاٹی جنگل میں آج پولیس اور ممنوعہ نکسلی تنظیم کمیونسٹ پارٹی آ ف انڈیا ( ماؤنواز) کے نکسلیوں کے مابین ہوئے تصادم میں تین نکسلی مارے گئے جبکہ ایک جوان کے شہید ہونے کی اطلاع ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ سریندر کمارجھا نے یہاں بتایاکہ نکسلیوں کے خلاف مرکزی ریزرو پولس فورس ( سی آر پی ایف ) کی ساتویں بٹالین اور مقامی پولیس بہارکے جموئی اور جھارکھنڈ کے گریڈیہہ ضلع کی سرحد پر واقع بھیلوا گھاٹی میں سرچ مہم چلارہی تھی۔ اسی دوران جنگل میں چھپے سی پی آئی ماﺅنواز کے نکسلیوں نے جوانوں پر حملہ کر دیا اور گولیاں چلائی۔

مسٹر کمار نے بتایا کہ پولس کی جانب سے کی گئی جوابی کاروائی میں تین نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اس تصادم میں سی آر پی ایف کے ایک جوان وشوجیت چوہان شہیدہو گئے ۔ شہید جوان آسام کے رہنے والے تھے ۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ جائے وقوع سے پولیس نے ایک اے کے 47 رائفل اور چار پائپ بم برآمد کیاہے ۔ نکسلیوںکی لاشوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

15 Apr 2019, 3:39 PM

عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، محمد شامی ٹیم میں شامل

عالمی کپ 2019 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان آج کر دیا گیا۔ اس ٹیم میں کل 15 کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی اور کپتانی کا دارومدار وراٹ کوہلی کے ہاتھوں میں دیا گیا ہے۔ نائب کپتان روہت شرما رہیں گے جب کہ مہندر سنگھ دھونی بطور وکٹ کیپر بلے باز منتخب کیے گئے ہیں۔ ٹیم شامل دیگر کھلاڑیوں میں شکھر دھون، کے ایل راہل، وجے شنکر، کیدار جادھو، دنیش کارتک، یجویندر چہل، کلدیپ یادو، بھونیشور کمار، جسپریت بمراہ، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ اور محمد شامی ہیں۔


15 Apr 2019, 2:10 PM

لیبیا میں اقتدار کے لئے خونریز جھڑپ،121 افراد ہلاک

طرابلس: معمر قذافی کی حکومت کا تختہ پلٹے جانے کے بعد لیبیا میں دارالحکومت طرابلس پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے اور عسکری گروپ حفتارکی جانب سے حکومت کے خلاف شروع کی گئی جارحانہ کارروائیوں اور جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 121 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

حفتار کی فورسز اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومتی افواج کے درمیان جھڑپوں میں دونوں فریقین نے پیش قدمی کا دعویٰ کیا ہے لیکن حالیہ دنوں میں دونوں میں سے کسی کی بھی فورسز زیادہ آگے نہیں بڑھ سکیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 4 اپریل سے شروع ہونے والی ان جھڑپوں میں اب تک 121 افراد ہلاک اور 560 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں اور وہ طبی امداد کے لیے مزید عملہ اور ادویات بھیج رہے ہیں۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ اس کے عملہ اور گاڑیوں پر حملے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ ہفتے کو طبی عملے کے 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق بھی گئی تھی۔

تیل کی دولت سے مالا مال ملک میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر عالمی قوتوں نے تشویش کا اظہار کیا جہاں 2011 میں ناٹو کی حمایت یافتہ افواج کی جانب سے سابق آمر معمر قذافی کو ہٹائے جانے کے بعد سے ملک مستقل مشکلات کا شکار ہے، اس کے بعد سے مختلف قوتوں کی جانب سے ملک کے اقتدار پر قبضے کی جنگ بھی جاری ہے۔

15 Apr 2019, 1:09 PM

فلم اداکار سنجے دت اب بنیں گے ہدایت کار

ممبئی: مشہور اداکار سنجے دت اب فلم ہدایت کار بننے جارہے ہیں۔ سنجے کی فلم ’کلنک‘ 17 اپریل کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی کئی فلمیں پائپ لائن میں ہیں جس میں پانی پت، پرستھانم اور شمشیرا شامل ہیں۔ سنجے جلد ہی بطور ہدایت کار ڈیبیو کرنے والے ہیں۔ پروجیکٹ پر کام بھی شروع ہوگیا ہے۔ اس فلم کی ہدایت سنجے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے تحت کریں گے۔

سنجے نے فلم کی کہانی کے سلسلے میں انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آباؤاجداد پر فلم بنائیں گے۔ سنجے نے بتایا، ’’یہ ایک تاریخی فلم ہے۔ اس کی کہانی میرے اجداد موہیل کے بارے میں ہے جو حسینی شتریہ براہمن تھے۔ انہوں نے پیغمبر کے نواسے کے لئے کربلا کی جنگ لڑی تھی۔ فلم میں سنجے دت راہب سن دت کا کرادار ادا کریں گے جو موہیلس کے لیڈر تھے۔ فلم کی کہانی پر کام چل رہا ہے۔


15 Apr 2019, 11:10 AM

پوتن اور کم اگلے ماہ کر سکتے ہیں ملاقات

ٹوکیو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان اگلے ہفتے ملاقات کا امکان ہے۔

يونهاپ نیوز ایجنسی کے مطابق پوتن ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لئے 24 اپریل کو مشرقی ایشیا کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران پوتن اور کم کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں پوتن کے ساتھی یوری اشاكوو نے دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان ملاقات کے متعلق کہا تھا کہ روس نے تاریخ مقرر کرنے کے لئے خصوصی پیشکش رکھی ہے اور اس معاملے پر بحث کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اور کم نے گزشتہ ہفتے ہی تیسری ملاقات کا امکان کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ سے پہلے صحافیوں سے یہ بات کہی۔ وہیں کم کی امریکی صدر سے ملنے کی خواہش کے متعلق شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کوریائی سینٹرل نیوز ایجنسی ‘ نے ہفتہ کو اطلاع دی۔

15 Apr 2019, 10:06 AM

افغانستان:مارٹر دھماکہ میں 7بچے ہلاک،10زخمی

کابل: شورش زدہ افغانستان کے مشرقی صوبہ لغمان میں مارٹر کے دھماکے سے کم ازکم 7 بچے ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ایجنسی اےایف پی کے مطابق صوبہ لغمان کے گورنر اسد اللہ نے بتایا کہ’ ’تحقیقات کی جاری ہے کہ بچوں کو مارٹر بم کیسے ملا اور کیوں پھٹا؟‘‘ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 15 برس سے کم ہیں۔

صوبائی اسپتال کے سربراہ عبدالمعروف جیلانی نے بتایا کہ اسپتال میں 7 لاشیں اور 10 زخمی بچوں کو لایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’’صوبہ لغمان کے دارالحکومت مھترلام کے مضافات میں مارٹر بم پھٹا‘‘۔
اس سے قبل 22 دسمبر کو افغانستان کے شمالی صوبے فریاب میں ایک بم دھماکے کی زد میں آکر تقریباً 8 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔5 سے 12 سال کی عمر کے بچے کھیل رہے تھے جب بم پھٹ گیا۔
افغان ترجمان نے الزام لگایا تھا کہ طالبان صوبہ کے مختلف حصوں میں افغان سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لئے روڈ پر بم نصب کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ مائن ایکشن سروس کے مطابق 2017 میں افغانستان کے اندر بارودی سرنگ کی زد میں آکر ہرمہینے مجموعی طور پر تقریباً 150 افراد جاں بحق اورزخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ 80 کی دہائی میں سوویت روس افغان جنگ کے دوران روس نے متعددعلاقوں میں بارودی سرنگ بچھادی تھی بعدازاں 90 کی دہائی میں طالبان اور افغان حکومت کے مابین لڑائی کے نتیجے میں دیسی ساختہ بم استعمال کرنے کا رحجان بڑھ گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔