خبریں

ممبئی برج حادثہ: استعفی دیں ریلوے کے وزیر پیوش گوئل، کانگریس

تصویر سوشل میڈیا

قومی آوازبیورو

14 Mar 2019, 11:09 PM

ممبئی برج حادثہ: استعفی دیں ریلوے کے وزیر پیوش گوئل، کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کیا، ’’مودی اور مہاراشٹر حکومت اس کے لئے ذمہ دار ہے۔ حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بار بار حادثہ ہو رہے ہیں۔‘‘

14 Mar 2019, 9:35 PM

ممبئی فٹ اوور برج حادثہ: مرمت کا کام جاری تھا لیکن بند نہیں کیا گیا ٹریفک!

ممبئی کے سی ایس ٹی اسٹیشن کے پاس فٹ اوور برج حادثہ میں اہم انکشاف ہوا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر ونود تاوڑے نے اعتراف کیا ہے کہ اوور برج کی مرمت کا کام چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کام ختم ہونے تک پل کو بند کیوں نہیں کیا گیا، اس بات کی جانچ کرائی جائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ ممبئی میں سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن کے نزدیک واقع بی ایم سی کا فٹ اوور برج گرنے سے اب تک 5 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ ہلاک شدگان میں تین خواتین شامل ہیں۔ حادثہ میں 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

14 Mar 2019, 8:09 PM

ممبئی سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن کے نزدیک فٹ اوور برج گرا، کئی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

ممبئی کے سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن کے نزید ایک فٹ اوور برج گر گیا ہے۔ اس حادثہ میں 23 افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ ملبے میں کئی مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ موقع پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔

14 Mar 2019, 7:10 PM

پلوامہ میں نیشنل کانفرنس کارکن کا گولی مار کر قتل

سرینگر: جموں و کشمیر میں جمعرات کو نیشنل کانفرنس (این سی) کے کارکن محمد اسماعیل وانی کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملی ٹینٹوں کے گولی مارنے کے بعد انہیں سرینگر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملی ٹینٹوں نے نیشنل کانفرنس کے بجبہاڑہ کے بلاک سربراہ محمد اسماعیل وانی پر حملہ کیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فی الحال سرینگر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

14 Mar 2019, 6:09 PM

ہند-پاک کے مابین کرتارپور گلیارے پر خوشگوار ماحول میں ہوئی میٹنگ

اٹاری(امرتسر): پاکستان کے نوروال میں واقع گردوارہ کرتارپور صاحب کے درشن کرنے کے لئے جانے والے عقیدت مندوں کے لئے بنائے جارہے کرتارپور گلیارے پر طریقہ کار اور سمجھوتے کےمسودے پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کے افسران نے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی۔

میٹنگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے افسران نے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ ہندوستان کی جانب سے میٹنگ میں وفد کی قیادت وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری ایس ایل داس نےکی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ سمجھوتے کے مختلف پہلوؤں اور التزاموں پر تفصیلی اور مثبت بات چیت ہوئی۔ دونوں فریق کرتار پور صاحب گلیارے کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے پر راضی ہوئے۔

دونوں جانب سے تکنیکی ماہرین نے بھی مجوزہ گلیارے اور ا س سےمنسلک دیگر مسائل پر غوروفکر کیا گیا۔ دونوں فریق اگلی میٹنگ 2 اپریل کو واگہہ میں کرنے پر راضی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے 19 مارچ کو تکنیکی ماہرین کی میٹنگ ہوگی۔

14 Mar 2019, 5:09 PM

جہیز ہراسانی معاملہ میں محمد سمیع کے خلاف فرد جرم دائر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیندباز محمد سمیع ایک مرتبہ پھر مشکلات میں گھرتے نظر آ رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق سمیع کے خلاف فرد جرم داخل کر دی ہے۔ ان پر ان کی بیوی حسین جہاں نے آئی پی سی کی دفعہ 498 اے کے تحت جہیز ہراسانی اور 354اے کے تحت جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا ہوا ہے۔ اسی معاملہ میں پولس نے فرد جرم داخل کی ہے۔

14 Mar 2019, 3:49 PM

مرکز نے سپریم کورٹ سے پھر کہا، ’رافیل دستاویز چوری ہوئے پھر عدالت میں پیش کئے گئے‘

سپریم کورٹ میں رافیل معاملہ کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے پھر دوہرایا ہے کہ پٹیشنر نے چوری کر کے عدالت میں دستاویزات پیش کئے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ سے کہا کہ ایویڈینس ایکٹ کے تحت کوئی بھی شخص متعلقہ محکمہ کی اجازت کے بغیر عدالت میں خفیہ دستاویز پیش نہیں کر سکتا۔

اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے عدالت سے کہا کہ کیگ رپورٹ دائر کرنے میں حکومت سے چوک ہوئی ہے، اس میں سے تین صفحات غائب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صفحات کو ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ لیک ہوئے صفحات کی بنیاد پر دائر کی گئی نظر ثانی کی عرضی کو ہٹایا جائے۔ حکومت کا دعوی ہے کہ یہ پریولیج (خصوصی دائرے) میں آنے والے دستاویزات ہیں۔

14 Mar 2019, 2:09 PM

لوک سبھا انتخاب سے قبل عوام کے لیے ایک اور بری خبر، تھوک مہنگائی شرح میں اضافہ

تھوک مہنگائی کی شرح فروری کے مہینے میں ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ 2019 کے فروری مہینے میں یہ شرح 2.93 فیصد رہی جو کہ جنوری مہینے میں 2.76 فیصد تھی۔ فروری 2018 میں تھوک مہنگائی شرح 2.74 فیصد تھی۔ تھوک مہنگائی شرح انڈیکس میں سبھی کموڈیٹیز کی قیمتیں فروری 2019 میں 0.3 فیصد بڑھی ہیں۔

14 Mar 2019, 1:09 PM

کرناٹک: اجتماعی شادی تقریب میں انتخابی بیداری مہم

انتخابی کمیشن کے افسروں نے کرناٹک کے کوپّل ضلع کے ہٹّی گاؤں میں ایک اجتماعی شادی تقریب میں ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کے استعمال کے بارے میں جانکاری دی۔ شادی میں موجود مہمان بھی عوامی بیداری مہم میں شامل ہوئے۔

14 Mar 2019, 12:09 PM

کانگریس حکومت بنی تو مچھواروں کے لیے بنے گی الگ وزارت: راہل

ملک کے مچھوارے کئی طرح کے مسائل سے نبرد آزما ہیں لیکن مودی حکومت میں ان کی پریشانی سننے والا کوئی نہیں۔ اس کے پیش نظر کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے تھریسور میں ’مچھواروں کی پارلیمنٹ‘ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی پریشانی تبھی دور ہو سکتی ہے جب حکومت میں آپ کا کوئی نمائندہ ہو۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میرا آپ سے وعدہ ہے کہ جب مرکز میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنے گی تو اس سلسلے میں ایک وزارت تشکیل دی جائے گی جو ان مسائل کو دور کرنے کے لیے قدم اٹھائے گی۔ انھوں نے کہا کہ میں مودی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا۔ راہل گاندھی نے اپنی بات مچھواروں کے سامنے رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حکومت بنتے ہی مچھواروں سے متعلق وزارت تشکیل دی جائے گی اور یہ وعدہ ضرور پورا کیا جائے گا۔

14 Mar 2019, 11:09 AM

اتر پردیش: شاہجہاں پور میں اسکولی طلبا نے ووٹروں کو بیدار کرنے کے لیے چلائی مہم

اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں انتظامیہ نے اسکولی طلبا کی مدد سے لوک سبھا انتخاب سے قبل ووٹروں کو بیدار کرنے کے لیے ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا۔ اس نے طلبا کے ذریعہ ووٹروں کو بیدار کرنے کی مہم شروع کی ہے جو شاہجہاں پور میں دیکھنے کو ملی۔

14 Mar 2019, 8:34 AM

مدھیہ پردیش: بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا بیٹا 'ہیروئن' کے ساتھ گرفتار

مدھیہ پردیش سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سمپتیا اوئیکے کے بیٹے ستیندر کو پولس نے بدھ کے روز گرفتار کیا۔ مانڈلا پولس نے اسے نشیلی اشیاء ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ ساتھ میں پولس نے دو دیگر لوگوں کو بھی اپنے گرفت میں لیا ہے جو بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کے ساتھ تھے۔ ذرائع کے مطابق ان کے پاس سے 3.380 گرام ہیروئن برآمد ہوا ہے۔