بڑی خبر: مودی نے اداروں کی دھجیاں بکھیر دیں، راہل گاندھی

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

14 Dec 2018, 6:47 PM

رافیل ڈیل کو لے کر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر پھر اٹھائے سوال

رافیل سودے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد راہل گاندھی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کئی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی پر الزامات پر جواب نہیں دینے اور جے پی سی سے بھاگنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عدالت کے فیصلے کو غلط طریقہ سے پیش کر رہی ہے۔

مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ سودے کے داموں کے بارے میں سی اے جی کی کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔

راہل گاندھی نے کہا ’’وزیر اعظم خاموش رہتے ہیں اور صرف سیتارمن اور جیٹلی ہی بولتے ہیں۔‘‘ راہل نے کہا، ’’حکومت کو ہمیں وضاحت دینی ہوگی کہ سی اے جی رپورٹ کہاں ہے۔ رپورٹ کو پی اے سی کے چیئر مین کھڑگے جی کو دکھائیں۔ ہو سکتا ہے کہ کوئی متوازی پی اے سی چل رہی ہو۔ ہو سکتا ہے کسی دوسری پارلیمنٹ میں، ہو سکتا ہے پی اے سی فرانس میں چل رہی ہو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ مودی جی نے کوئی اپنی خود کی پی اے سی پی ایم او میں بنا رکھی ہو۔‘‘

14 Dec 2018, 6:05 PM

بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور پروپلی کشیپ کی شادی

ہندوستان کے دو اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی زیر بحث شادی بے حد صادگی سے اختتام پزیر ہو گئی ہے۔ ہندوستان کی خاتون بیڈ منٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے مرد بیڈمنٹن کھلاڑی پروپلی کشیپ سے شادی رچائی ہے۔ شادی مختصر سی تقریب میں اختتام پزیر ہوئی۔

14 Dec 2018, 5:02 PM

کشمیر مذاکرات کاروں کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش نہ ہونے پر افسوس:چدمبرم

نئی دہلی: ترقی پسند اتحاد (یوپی اے )حکومت کے دوران جموں کشمیر کے لیے مقررمذاکرات کاروں کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش نہ کرنے پر کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے اظہار افسوس کیاہے۔

چدمبرم نے یہاں ایک پروگرام میں جموں کشمیر کی پارٹی نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان فاروق عبداللہ کے ایک سوال کے جواب میں کہا،’’میں تسلیم کرتا ہوں کہ وہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جانی چاہئے تھی ۔مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ اسے پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیاگیا اور آگے اس پر کچھ نہیں ہوا۔‘‘

جمعرات کوہوئے اس پروگرام میں مسٹر عبداللہ نے پوچھا تھا کہ مذاکرات کاروں نے جب دوسال تک کشمیر کے ہر طبقے سے بات کرکے ریاست میں ہر جگہ جاکر تقصیلی رپورٹ تیار کی تھی ،تو وہ پارلیمنٹ میں پیش کیوں نہیں کی گئی ،اور ٹھنڈے بستہ میں کیوں ڈال دی گئی۔

چدمبرم نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ اس رپورٹ میں کیاتھا۔مذاکرات کاروں کی تین رکنی ٹیم نے سال 2011میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کی تھی۔


14 Dec 2018, 3:01 PM

یوگی کابینہ میں وزیر نند گوپال کو پولس نے حراست میں لیا

سال 2012 کے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ یعنی مثالی ضابطہ اخلاق کے ایک معاملہ میں اتر پردیش کے وزیر نند گوپال اور پریاگ راج کے میئر ابھیلاشا گپتا کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یوگی کابینہ میں وزیر نند گوپال کو حراست میں لیے جانے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کو سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

14 Dec 2018, 2:02 PM

رافیل معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ سے کانگریس کی بات سچ ثابت ہوئی: سرجے والا

رافیل معاہدہ پر سپریم کورٹ کے ذریعہ فیصلہ دیے جانے کے بعد اس پر کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے اہم رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’رافیل معاہدہ کا معاملہ شق 132 اور 32 سے جڑا ہے۔ ایسے میں سپریم کورٹ طیارہ کی قیمت اور معاہدہ کے رد عمل سے جڑے حساس دفاعی معاہدہ پر فیصلہ نہیں دے سکتا۔ اس معاملہ کی صرف جے پی سی سے جانچ کرائی جا سکتی ہے۔‘‘ سرجے والا نے مزید کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے آج اس بات پر مہر لگا دی جو کانگریس پارٹی کئی مہینوں سے کہتی آ رہی تھی۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اس طرح کے حساس دفاعی معاملوں پر فیصلہ لینے کے لیے سپریم کورٹ کا اسٹیج مناسب نہیں ہے۔‘‘


14 Dec 2018, 1:04 PM

رافیل معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ غلط: پرشانت بھوشن

رافیل معاہدہ کی جانچ سے سپریم کورٹ کے انکار کے بعد سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے عدالت کے ذریعہ جانچ کی سبھی عرضیوں کو خارج کیے جانے کو سرے سے غلط ٹھہرا دیا ہے۔ پرشانت بھوشن کا کہنا ہے کہ ’’رافیل معاہدہ کی جانچ کے لیے مہم جاری رہے گی، ہم از سر نو غور کی عرضی داخل کرنے سے متعلق غور کریں گے اور اس پر فیصلہ لیں گے۔‘‘

دوسری طرف عام آدمی پارٹی کے سابق لیڈر آشوتوش نے عدالت کے فیصلے کو مودی حکومت کے لیے راحت کا باعث ضرور قرار دیا ہے لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ اصل ایشو طیارہ کی قیمت اور آفسیٹ پارٹنر سے متعلق ہے جس کا جواب عدالت کے فیصلے سے نہیں ملا۔

14 Dec 2018, 12:03 PM

کیرالہ ہائی کورٹ نے ریحانہ فاطمہ کو دی مشروط ضمانت

کیرالہ ہائی کورٹ نے سماجی کارکن ریحانہ فاطمہ کو مشروط ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر متنازعہ پوسٹ ڈالنے والی ریحانہ پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ سبریمالہ معاملہ میں متنازعہ قدم اٹھانے والی ریحانہ فاطمہ بی ایس این ایل کمپنی میں کام کرتی تھیں لیکن وہاں سے انھیں معطل کیا جا چکا ہے اور پولس نے ریحانہ کو پتھنم تھٹا سے گرفتار کیا تھا۔


14 Dec 2018, 11:04 AM

سپریم کورٹ نے رافیل معاہدہ کی جانچ سے کیا انکار، سبھی عرضیاں خارج

سپریم کورٹ نے آج انتہائی اہم فیصلہ سناتے ہوئے رافیل معاہدہ سے متعلق کسی بھی جانچ سے انکار کر دیا۔ سی جے آئی رنجن گوگوئی نے اس تعلق سے کہا کہ ’’آفسیٹ پارٹنر کے انتخاب سے متعلق جانچ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ رافیل طیارہ ملک کی ضرورت ہے اور فرانس کے ساتھ ہوئے معاہدہ کی جانچ نہیں کی جا سکتی۔ علاوہ ازیں رنجن گوگوئی نے رافیل طیارہ کی قیمت کے تعلق سے کہا کہ یہ عدالت کی ذمہ داری نہیں ہے کہ قیمتوں کا موازنہ کیا جائے۔

14 Dec 2018, 10:05 AM

سنسیکس آج پھر گراوٹ کے ساتھ کھلا، نفٹی 10800 سے نیچے

جمعہ کو ڈالر کے مقابلے روپے کے کمزور ہونے کا اثر ہندوستانی شیئر مارکیٹ پر بھی نظر آیا اور سنسیکس آج ایک بار پھر گراوٹ کے ساتھ کھلا۔ سنسیکس تقریباً 30 پوائنٹ نیچے گر کر 35960 پر کھلا جب کہ نفٹی معمولی گراوٹ لے کر 10784 پر کھلا۔ شروعاتی کاروبار کے دوران سنسیکس بھارتی ائیرٹیل، ایچ ڈی ایف سی بینک، انفوسس میں تیزی ہے جب کہ نفٹی پر آئی ٹی کو چھوڑ کر سبھی سیکٹورل انڈیکس گراوٹ میں ہے۔


14 Dec 2018, 9:05 AM

رافیل معاہدہ کی جانچ کی جائے یا نہیں، اس پر عدالت کا فیصلہ آج

ہندوستان کی عدالت عظمیٰ 14 دسمبر کو متنازعہ رافیل معاہدہ کے تعلق سے انتہائی اہم فیصلہ سنانے والی ہے۔ جمعہ کے روز عدالت اس بات پر فیصلہ کرے گی کہ ہندوستانی فضائیہ کے لیے فرانس سے خریدے جانے والے اربوں روپے کے رافیل طیارہ معاہدہ کی جانچ کی جائے یا نہیں۔ اس جنگی طیارہ کی خریداری سے متعلق معاہدہ کی عدالت کی نگرانی میں جانچ کے لیے داخل عرضیوں پر فیصلہ سنائے جانے پر پورے ملک کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوسف کی بنچ نے اس معاملے میں داخل عرضیوں پر 14 نومبر کو سماعت مکمل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */