اہم خبر: تروانتھاپورم ہوائی اڈے سے25 کلوسونا برآمد

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 May 2019, 6:10 PM

تروانتھاپورم ہوائی اڈے سے25 کلوسونا برآمد

تروانتھاپورم: ڈائریکٹر جنرل آف ریونیو وجیلنس (ڈی آر آئی) کو پیر کے دن بڑی کامیابی ملی جب اس نے تروونتھاپورم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک مسافر سے آٹھ کروڑ روپے مالیت کا 25 کلو سونا برآمد کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ترومالا کے سنیل کے پاس سے یہ سونا برآمد ہوا۔ وہ آج صبح ہی عمان کی پرواز سے ہوئی اڈے پر اترے تھے۔ بسکٹ کے طور پر سونے کا ایک تھیلا چھپا کر رکھا گیا تھا۔

گزشتہ پندرہ دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب اتنے بڑے مقدار میں ہوائی اڈے سے سونا برآمد کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 30 اپریل کو بھی ہوائی اڈے پر ایک ٹھیکہ ملازم سے 10 کلوسونا برآمد کیا گیا تھا جو ایک ایجنٹ کے لئے سونا کی اسمگلنگ کا کام کرتا تھا۔

13 May 2019, 5:09 PM

فلم ’بھارت‘ میں سلمان کا کردار ’میرانام جوکر‘ کے دھرمیندر سے متاثر

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم ’بھارت‘ میں ان کا کردار راجکپور کی فلم میرا نام جوکر میں دھرمیندر کے کردار سے متاثر ہے۔ سلمان خان ان دنوں علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بن رہی فلم بھارت میں کام کررہے ہیں۔ فلم بھارت میں دکھائے گئے سرکس والے سین کے ذریعہ ہدایت کار علی عباس ظفر نے راج کپور صاحب کو خراج عقید ت پیش کیا ہے۔ ان کی فلم بھارت میں سرکس کے سین 1970میں دھرمیندر کی ایک فلم کی طرح ترتیب کئے گئے ہیں۔فلم میں سلمان ایک اسٹنٹ مین کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کے ذریعہ راج کپور صاحب کی فلم میرا نام جوکر کو خراج عقیدت پیش کررہے علی عباس ظفر نے کہا کہ ہمارے سرکس سیکوئنس راج صاحب کی فلم میرا نام جوکر سے متاثر ہیں۔ ہماری سرکس کی ٹولی بھی انٹرنیشنل ہے جیسی ان کے سرکس میں تھی۔ دھرمیندر 1970 میں ریلیز ہوئی فلم میرا نام جوکر کا حصہ تھے۔ سلمان سے محبت کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ سلمان میرے تیسرے بیٹے کی طرح ہے۔ اس نے نہ صرف مجھے بلکہ میرے پورے کنبہ ہمیشہ بہت محبت کی ہے۔ مجھے سلمان بہت پسند ہے۔ مجھے حیرت نہیں اگر اس نے اپنا کردار مجھ سے متاثر ہوکر کیا ہے۔ وہ ہمیشہ کہتا ہے کہ میں اس کا رول ماڈل ہوں۔وہ بہت اچھا انسان ہے۔ بھارت فلم پانچ جو ن کو ریلیز ہوگی۔

13 May 2019, 4:10 PM

گجرات: دو گروپوں کے جھگڑے میں پولس اہلکار سمیت تین زخمی

گجرات میں ارولی ضلع کے موڈاسا تعلقہ میں دو گروپوں کے درمیان پتھربازی کے واقعہ میں دو پولس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولس نے پیر کے دن بتایا کہ کھنبیسر گاؤں میں دلت سماج کے ایک خاندان اتوار کو گلی سے بارات نکالنے کے لئے پولس سلامتی کا مطالبہ کیا تھا۔ پاٹیدار سماج کے لوگوں نے یہاں اس دلت خاندان کو ان کی گلی سے نہ نکلنے دینے کے لئے سڑک کے درمیان میں بھجن، کرتن اور یگیہ کا انعقادکیا۔

پولس کی سلامتی کے درمیان جب شام کو بارات نکل رہی تھی تبھی دونوں سماج کے لوگوں کے درمیان پتھر بازی شروع ہوگئی۔ پولس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے چھوڑ کر حالات پر قابوپایا۔ اس دوران دونوں برادری کے لوگوں کی طرف سے ہوئی پتھربازی میں دو پولس اہلکار اور ایک دلت سماج کا شخص زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ۔ پولس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرلیا ہے اور ہنگامہ آرائی کرنے والے لوگوں کو پکڑنے کی کوشش کررہی ہے۔


13 May 2019, 3:01 PM

اتر پردیش: ہاپوڑ میں اجتماعی عصمت دری کی شکار خاتون نے خود کو کیا نذرِ آتش

اتر پردیش کے ہاپوڑ میں اجتماعی عصمت دری کی شکار خاتون نے خود کو نذرِ آتش کر دیا۔ اس واقعہ میں خاتون کا 80 فیصد جسم جل گیا۔ سنگین حالت میں خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق پولس سے خاتون کو کسی طرح کی مدد نہیں مل رہی تھی جس کی وجہ سے مایوس ہو کر اس نے یہ قدم اٹھایا۔

ہاپوڑ کے ایس پی یشویر سنگھ نے واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ 17-2016 میں خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری ہوئی تھی۔ معاملے کی جانچ نہیں ہو رہی تھی۔ ایس پی نے بتایا کہ اس سلسلے میں اب 14 لوگوں کے خلاف عصمت دری کا کیس درج کیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ بھی شروع کی جا رہی ہے۔

13 May 2019, 2:08 PM

بہار میں بس پلٹنے سے پانچ افراد کی موت، کئی زخمی

سیوان: بہار میں ضلع سیوان کے مفصل تھانہ علاقہ میں آج ایک پرائیوٹ بس کے پلٹ جانے سے پانچ مسافروں کی موت ہو گئی اور کئی زخمی ہو گئے۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ گوپال گنج سے سیوان آنے والے ایک پرائیوٹ بس املوري بی ایڈ کالج کے نزدیک بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں پانچ مسافروں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو سیوان صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مرنے والوں کی فوری طور شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا ۔ پولیس نے بس کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے سینئر افسر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔


13 May 2019, 1:01 PM

اتر پردیش: مرادآباد میں سڑک حادثہ، ٹریکٹر ٹرالی پر سوار 6 افراد ہلاک

مرادآباد: اترپردیش میں ضلع مرادآباد کے ڈلاري علاقہ میں ایک سڑک حادثہ میں ٹریکٹر ٹرالی پر سوار دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے اور تین زخمی ہو گئے۔ پولس ذرائع نے پیر کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بھاجل پور گاؤں سے اتوار کی شام تقریبا 30 لوگ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ’ناخون کا گاؤں ‘ ایک سالگرہ تقریب میں گئے تھے. انہوں نے بتایا کہ دیر رات تقریبا پونے دو بجے تمام لوگ اسی ٹریکٹر ٹرالی سے گاؤں واپس آ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گاؤں سے کچھ پہلے ہی اچانک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھائی میں پلٹ گئی۔حادثہ میں چھ ماہ کی بچی اور دس سال کے بچے سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے جبکہ کچھ لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہے۔زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا یا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں چھ ماہ کی جیوتی ، دس سالہ مونو، بسما (50) پرمیشوري (40) گبر (35) اور مسز شیلا (40) شامل ہیں۔ ہلاک شدگان سبھی تتھاؤلي

گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین طور سے زخمیوں میں نیرج، جیوتی اور سروج شامل ہیں۔

13 May 2019, 11:59 AM

سری لنکا: مسجد اور مسلمانوں کی دکانوں پر حملہ، احتیاطاً کرفیو نافذ

کولمبو: سری لنکا میں عیسائیوں اور مسلم کمیونٹیز کے درمیان شروع ہوئے تنازعہ کے بعد اس کے پر تشدد ہو جانے پر پولیس نے چیلاؤ شہر میں کرفیو لگا دیا ہے۔ سری لنکا میں مشتعل افراد نے دارالحکومت کولمبو کے قریبی علاقے میں واقع مسجد پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس نے ایک مرتبہ پھر کرفیو نافذ کردیا۔ حالات کو بے قابو ہونے سے بچانے کے لیے انٹرنیٹ اور فیس بک بھی بند کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان رووان گناشیکھرا نے بتایا کہ دارالحکومت کولمبو کے شمال سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع رہائشی علاقے چیلاؤ میں مشتعل ہجوم نے مسجد پر حملہ کیا اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔

کیتھولک اکثریتی علاقے چیلاؤ میں کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک یہاں کے ایک مقامی شخص نے غلط فہمی کے باعث فیس بک پوسٹ کو مسیحی افراد کے خلاف خطرہ سمجھا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ تبصرہ کرنے والے مسلمان شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرفیو آج (پیر کی) صبح ہٹایا جائے گا۔


13 May 2019, 11:04 AM

پنامہ میں محسوس کیا گیا زلزلہ کا جھٹکا، 5 افراد زخمی

میکسیکو سٹی، 13 مئی (سپوتنك) پانا مہ میں اتوار کو 6.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی وجہ سے یہاں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ قومی شہری سیکورٹی انتظامیہ نے اس کی اطلاع دی۔ زخمیوں میں سات اور آٹھ سالہ دو بچے، 17 سالہ لڑکی اور 98 سالہ بزرگ خاتون شامل ہے۔ زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلا ع فی الحال نہیں ہے۔ تاہم اس کی وجہ سے دو عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دو دیگر عمارتوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ پنامہ کے جغرافیائی سائنس یونیورسٹی کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کا مرکز پورٹو ارملیس شہر سے 22 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز 37.3 كلوميٹر کی گہرائی میں تھا۔

13 May 2019, 9:04 AM

شملہ کے مشہور گرینڈ ہیریٹیج ہوٹل میں زبردست آگ لگنے سے بھاری نقصان

ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ کے مشہور گرینڈ ہیریٹیج ہوٹل میں آگ لگنے سے کافی نقصان ہوا ہے۔ آگ لگنے کے دوران ہوٹل میں موجود سیلانی دہشت میں آ گئے۔ ایک پولس افسر نے بتایا کہ آگ سے کوئی ہلاک نہیں ہوا ہے۔ آگ ہوٹل کے سب سے اوپری منزل پر لگی تھی جس پر سخت مشقت کے بعد قابو پایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔