بڑی خبر: رافیل ڈیل پر سپریم کورٹ کل سنائے گا فیصلہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Dec 2018, 6:01 PM

رافیل ڈیل پر سپریم کورٹ کل سنائے گا فیصلہ

رافیل ڈیل کے معاملہ پر سپریم کورٹ کل فیصلہ سنائے گا۔ سپریم کورٹ کی تین ججوں کی بنچ اس امر پر فیصلہ سنائے گی کہ آیا اس معاملہ کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرائی جائے یا نہیں۔ واضح رہے کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ نے 14 نومبر کو فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔

13 Dec 2018, 4:03 PM

بہار: مظفر پور شیلٹر ہوم کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع

بہار میں مظفر پور شیلٹر ہوم کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ شیلٹر ہوم میں 30 بچیوں کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سپریم کورٹ اس معاملے میں بہت سخت نظر آ رہا ہے اور یہ کارروائی اسی کا نتیجہ ہے۔ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز کی رپورٹ کے بعد پورے ملک میں مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ پر ہنگامہ برپا ہو گیا تھا۔ عدالت کے دباؤ کے بعد پولس نے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو گرفتار کر لیا تھا۔ فی الحال وہ جیل میں ہے اور سی بی آئی پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

13 Dec 2018, 2:54 PM

اتر پردیش میں رام جی کی مورتی کے ساتھ سیتا جی کی بھی مورتی بنائی جائے: ڈاکٹر کرن سنگھ

سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھوں نے گزارش کی ہے کہ رام جی کی دیو ہیکل مورتی کے ساتھ سیتا جی کی مورتی بھی تعمیر کی جائے۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے اپنے خط میں اس تعلق سے تفصیل سے لکھا ہے اور کہا ہے کہ ’’ایودھیا میں شری رام کی دیو ہیکل مورتی بنانے کا فیصلہ لے ہی لیا گیا ہے تو میری گزارش ہے کہ اس کی اونچائی نصف کر کے رام اور سیتا دونوں کی ایک ساتھ مورتی بنائی جائے تاکہ ہزاروں سال بعد سیتا جی کو ایودھیا میں مناسب جگہ مل سکے۔‘‘


13 Dec 2018, 1:04 PM

پارلیمنٹ پر حملہ کے 17 سال: سونیا اور راہل نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا

پارلیمنٹ پر حملے کی آج 17ویں برسی ہے۔ 13 دسمبر 2011 کو ہندوستانی پارلیمنٹ پر 50 مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور اندھا دھند گولیاں چلائی تھیں۔ اس حملے کے دوران دہلی پولس کے جوان، پارلیمنٹ ہاؤس کے گارڈ سمیت کل 9 لوگ شہید ہو گئے تھے۔ بعد ازاں جوابی کارروائی کے بعد پانچوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے میں شہید ہوئے لوگوں کو آج پارلیمنٹ ہاؤس احاطہ میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے خراج عقیدت پیش کی۔ خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں وزیر اعظم نریندر مودی، راج ناتھ سنگھ، امت شاہ، سشما سوراج، ارون جیٹلی وغیرہ بھی شامل تھے۔

13 Dec 2018, 12:06 PM

مہاراشٹر: وزیر اعلیٰ فڑنویس کے نام عدالتی نوٹس جاری

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے نام سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیا ہے۔ ان پر انتخابی حلف نامہ میں مجرمانہ معاملوں کی جانکاری چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دراصل ستیش اُکڑے نامی ایک شخص نے عدالت میں ایک عرضی داخل کی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے اوپر چل رہے دو مجرمانہ کیسوں کا تذکرہ 2014 انتخابات کے حلف نامہ میں نہیں کیا۔


13 Dec 2018, 11:04 AM

اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے دوسرے ہی دن تیل کی قیمت بڑھی

اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہوئے ابھی دو ہی دن ہوئے ہیں اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ دیکھنے کو مل گیا ہے۔ تیل کمپنیوں نے قومی راجدھانی دہلی میں پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 9 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔ اب ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 70.29 روپے ہو گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ تقریباً دو مہینوں میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں یا تو کمی آئی تھی یا پھر وہ پہلے کی حالت پر ہی قائم رہی تھی۔ لیکن انتخابی نتیجہ برآمد ہونے کے دوسرے ہی دن اضافہ کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر یہ باتیں کی جانے لگی ہیں کہ یہ قیمتیں انتخابات سے متاثر ہوتی ہیں۔

13 Dec 2018, 10:05 AM

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے روہت شرما اور آر اشوِن باہر

ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز روہت شرما اور گیندباز آر اشون کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ پرتھ میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ میں روہت شرما کو پیٹھ کے نچلے حصے میں کھنچاؤ اور آر اشون کو پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے باہر کیا گیا ہے۔ اس ٹیسٹ سے نوجوان بلے باز پرتھوی شا کو بھی باہر رکھا گیا ہے۔ ان کے باہر ہونے کی وجہ گھٹنے کی چوٹ ہے۔


13 Dec 2018, 9:08 AM

راجستھان: راہل گاندھی سے ملاقات کے لیے گہلوت اور پائلٹ دہلی روانہپ

راجستھان کے جے پور سے کانگریس لیڈر اشوک گہلوت اور ریاستی صدر سچن پائلٹ دہلی کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ دہلی میں دونوں لیڈران راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ خبروں کے مطابق راہل گاندھی دونوں لیڈروں سے ملاقات کے بعد ہی راجستھان کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے نام کا اعلان کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */