بڑی خبر: لکھنؤ اور نوئیڈا میٹروسیکورٹی کی ذمہ داری پولس اور پی اے سی کے ذمہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Dec 2018, 9:04 PM

لکھنؤ اور نوئیڈا میٹروسیکورٹی کی ذمہ داری پولس اور پی اے سی کے ذمہ

لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ اور نوئیڈا میڑو کی سیکورٹی کی ذمہ داری ریاستی پولس اور پی اے سی کو دی گئی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ موجودہ وقت میں لکھنؤ میٹرو کے 8 اسٹیشنوں کی سیکورٹی کا انتظام پی اے سی اور اترپردیش پولس کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوئیڈا میٹرو کی سیکورٹی کی ذمہ داری بھی اترپردیش پولس کو دی گئی ہے۔

نوئیڈا میٹرو میں کل 21 اسٹیشن ہیں۔ ہر اسٹیشن میں اے اور بی شفٹ میں 7 پولس اہلکاروں نیز شفٹ سی میں چار پولیس اہلکاروں کو تعینات کئے جانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شفٹ میں شفٹ انچارج، سیکورٹی گارڈ، ایکس بی آئی ایس، فریس کنگ اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے لئے پی اے سی کے جوان تعینات کئے گیے ہیں۔ ہر ایک اسٹیشن پر تین شفٹوں کے لئے 18 پولیس نوجوان کی ضروت ہوگی۔ اسی طرح سے نوئیڈا کے 21 اسٹیشنوں کے لئے 378 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

12 Dec 2018, 7:07 PM

جھارکھنڈ کے سابق وزیر تعلیم بندھو ترکی گرفتار

رانچی: مدھو کوڈا کی حکومت میں جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم رہے بندھو تِرکی کو آمدنی سے زائد املاک کے معاملے میں آج مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی ) نے گرفتار کر لیا۔

ترکی کو آمدنی سے زائد املاک کے معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی ٹیم نے آج صبح ان کے مکان سے گرفتار کیا ۔
سی بی آئی نے ترکی کو خصوصی جج انیل کمار مشرا کی عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت کے حکم پر انہیں عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا ۔

واضح رہے کہ سی بی آئی نے ترکی کے خلاف سال 2010 میں آمدنی سے زائد املاک کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی ۔ اس سال 19 نومبر کو ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہوا تھا ،جس کی بنیاد پر سی بی آئی نے ترکی کو گرفتار کرلیا۔

12 Dec 2018, 5:06 PM

ایشا امبانی کی شادی میں کئی مشہور و معروف ہستیوں کی شرکت

ممبئی میں انل امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہو رہی ہے جس میں کئی مشہور و معروف فلمی اداکار اور مقبول ہستیوں کے شریک ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ ایشا امبانی اور آنند پیرامل کی اس شادی تقریب میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان نے بھی شرکت کی ہے۔ وہ اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ اس شادی میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ انھیں ’انٹیلیا‘ کے باہر کیمروں میں قید بھی کیا گیا ہے۔


12 Dec 2018, 2:57 PM

آسام این آر سی پر اعتراض پیش کرنے کی آخری تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع

سپریم کورٹ نے آسام این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزن) کے مسودہ میں دعوے اور اعتراض پیش کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ پہلے آخری تاریخ 15 دسمبر تھی جو اب 31 دسمبر کر دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران این آر سی کوآرڈنیٹر پرتیک ہجیلا نے کہا، ’’این آر سی کے حتمی مسودہ سے جن 40 لاکھ لوگوں کو باہر کیا گیا تھا ان میں سے 14.8 لاکھ لوگوں نے کلیم داخل کیا ہے۔‘‘

این آر سی کے تعلق سے آسام کے ایک افسر کا بیان میڈیا میں شائع ہوا ہے۔ افسر نے کہا کہ ’’جو شخص ہندوستانی شہریت کے تعلق سے دستاویز پیش نہیں کرے گا اس سے ووٹ دینے کا حق چھین لیا جانا سب سے پہلا قدم ہو سکتا ہے۔‘‘

12 Dec 2018, 2:05 PM

سرمائی اجلاس: رام مندر اور رافیل معاہدہ پر لوک سبھا میں ہنگامہ، کارروائی ملتوی

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن لوک سبھا میں کئی ایشوز پر زبردست ہنگامہ ہوا جس کے بعد کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ رام مندر، رافیل طیارہ معاہدہ اور تمل ناڈو میں کاویری ڈیلٹا کے کسانوں کے ایشوز پر 12 دسمبر کو لوک سبھا میں شیو سینا، کانگریس اور اے آئی اے ڈی ایم کے اراکین نے کافی ہنگامہ کیا جس کے بعد ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے کچھ منٹوں بعد ہی 12 بجے تک کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ بعد ازاں جب دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تو ہنگامہ بھی جاری رہا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔


12 Dec 2018, 1:07 PM

مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ میں سی بی آئی نے عدالت کو چارج شیٹ تیار ہونے کی جانکاری دی

سی بی آئی نے مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ میں چارج شیٹ تیار کر لیا ہے اور اس کی جانکاری سپریم کورٹ کو بھی دے دی گئی ہے۔ نابالغ لڑکیوں کی عصمت دری سے متعلق اس شرمناک واقعہ کی تحقیقات میں ہو رہی سست روی سے سپریم کورٹ کافی ناراض ہے اور اس نے کئی بار نتیش حکومت کو اس کے لیے پھٹکار بھی لگائی ہے۔ سی بی آئی سے بھی سپریم کورٹ نے اس معاملے میں جلد کارروائی آگے بڑھانے کو کہا ہے۔ اس کے پیش نظر سی بی آئی نے چارج شیٹ تیار کر لیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ 21 چارج شیٹ فائل کرنے کی کارروائی ہو رہی ہے۔

12 Dec 2018, 12:05 PM

مودی حکومت کے ذریعہ شانتی کانتا کو آر بی آئی گورنر بنانے کا فیصلہ غلط: سبرامنیم سوامی

بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے ایک بار پر مودی حکومت کے ایک انتہائی اہم فیصلے کی پرزور انداز میں تنقید کی ہے۔ انھوں نے اس مرتبہ شکتی کانتا داس کو آر بی آئی کا گورنر بنائے جانے کے فیصلے کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ کئی طرح کی بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ایک اہم عہدہ پر ان کی تقرری مناسب نہیں ہے۔ سبرامنیم سوامی نے اس فیصلے پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھنے کی بات بھی کہی۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’میں وزیر اعظم کو اس غلط فیصلہ سے متعلق خط لکھوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔