اہم خبر: طوفان فانی کے سبب ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو 2.97 کروڑ روپئے کا نقصان

تاہم ساوتھ سنٹرل ریلوے نے طوفان کے اثر کی کمی کے فوری بعد چوکسی کا مظاہرہ کیا اور اس نے اہم اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے مسافرین کی سہولت کے لئے تین خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 May 2019, 3:10 PM

طوفان فانی کے سبب ساوتھ سنٹرل ریلوے کو 2.97 کروڑ روپئے کا نقصان

حیدرآباد: ساوتھ سنٹرل ریلوے کو طوفان فانی سے 2.97 کروڑروپئے کانقصان اٹھانا پڑا۔طوفان کے آنے کی مدت میں 137ٹرینیں متاثر رہیں اور بیشتر ٹرینوں کو جزوی طورپر منسوخ کیاگیا یا مکمل منسوخ کیاگیا یا پھر ان کے رخ کو تبدیل کیاگیا تاکہ مسافرین کی سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔

ساوتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سی ایچ پرکاش نے اپنے پریس ریلیز میں یہ بات بتائی۔ اس پریس ریلیز میں کہا گیا کہ جملہ 120 ٹرینوں کو مکمل منسوخ کیا گیا اور 40,390 مسافرین کو ان کاکرایہ 2.93 کروڑ روپئے واپس کئے گئے جبکہ 9 ٹرینوں کو جزوی منسوخ کیا گیا اور پانچ ٹرینوں کے رخ کو موڑ دیا گیا جس کے نتیجہ میں 554 مسافرین نے اپنے ٹکٹس منسوخ کردیئے اور 3.44 لاکھ روپئے کی رقم واپس کرنی پڑی۔ تاہم ساوتھ سنٹرل ریلوے نے طوفان کے اثر کی کمی کے فوری بعد چوکسی کا مظاہرہ کیا اور اس نے اہم اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے مسافرین کی سہولت کے لئے تین خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا۔

ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد، بھونیشور، وجئے واڑہ۔ہوڑہ اورسکندرآباد۔ہوڑہ کے درمیان 4 اور 5 مئی کے درمیان تین خصوصی ٹرینیں چلائی جس کے ذریعہ تقریبا 3,043 پھنسے ہوئے مسافرین اپنی منزل تک سفر کر سکے۔

11 May 2019, 12:50 PM

تلنگانہ: نلگنڈہ کے کلکٹر نے رمضان میں مساجد و عیدگاہوں کے پاس تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کا دیا حکم

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے کلکٹر گورو اُپل نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ماہ رمضان میں مساجد اور عیدگاہوں کے پاس تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمانوں کو دشواریاں پیش نہ آئیں۔کلکٹر نے اس بات کا نوٹ لیا کہ مسجد اور عیدگاہ جانے والوں کو شدید گرمی کی وجہ سے شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ کلکٹر نے مساجد کے احاطہ میں شامیانے نصب کرنے اور پینے کا پانی مہیا کروانے کی بھی حکام کو ہدایت دی۔ انہو ں نے بلا رکاوٹ بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے پربھی زور دیا۔ کلکٹر نے مختلف مساجد کا دورہ کیا اور تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔

11 May 2019, 11:09 AM

اتر پردیش: پرتاپ گڑھ میں ڈھابہ مالک کا گولی مار کر قتل

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع کے تھانہ انتوں علاقے کے شکل پور گڑوارہ میں گزشتہ شب موٹر سائیکل پر سوار نقاب پوش بدمعاشوں نے ایک ڈھابہ کے مالک کا گولی مار کر قتل کر دیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہے۔ ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ مشرقی اونیش مشر نے بتایا کہ چندن سنگھ (30) کا زیر تعمیر اے آر ٹی او دفتر کے متصل ڈھابہ واقع ہے ۔گزشتہ شب وہ اپنے ساتھی دھرمیندر سنگھ عرف ڈبلیو سنگھ (38) کے ساتھ محو گفتگو تھا کہ اچانک ایک بائک پر سوار دو نقاب پوش بدمعاش آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ گولی لگنے سے دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ علاج کیلئے ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے چندن کو مردہ قرار دے دیا اور دھرمیندر سنگھ عرف ڈبلیو سنگھ کی حالت نازک دیکھتے ہوئے میڈیکل کالج الہ آباد ریفر کر دیا۔ لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہے۔پولیس تحقیقات کررہی ہے۔


11 May 2019, 10:10 AM

پاکستان: داتا دربار دھماکہ کے چار مشتبہ افراد گرفتار

لاہور: پاکستانی سیکورٹی فورسز نے ایشیا کے سب سے بڑے صوفی درگاہوں میں سے ایک داتا دربار کے باہر خود کش حملے کے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس حملہ میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ پولس نے بتایا کہ لاہور کے گڑھی ساہو علاقے میں چھاپے مار کر چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دھماکے کی تحقیقات کر رہی ایجنسیوں نے بتایا کہ انہوں نے مشتبہ خودکش بمبار کو درگاہ تک لانے والے موٹر سائیکل رکشہ کی شناخت کر لی گئی ہے۔ خیال رہے حملہ آور نے ریلوے اسٹیشن کے پاس سے رکشہ لیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی توجہ تحریک طالبان کے تین بڑے نیٹ ورک سے ہٹا کر حملے کے هینڈلرز پر مرکوز کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ حزب احرار پر توجہ مرکوز کیا گیا تھا جس نے نوجوان خودکش حملہ آور کو جائے وقوعہ پر بھیجنے کی ذمہ داری لی تھی۔

11 May 2019, 8:36 AM

مشتبہ پاکستانی طیارے کی ہندوستانی فضائیہ نے کرائی زبردستی لینڈنگ، جانچ کے بعد چھوڑا

پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالات اتنے کشیدہ ہیں کہ جمعہ کے روز ایک مشتبہ پاکستانی طیارہ کی زبردستی لینڈنگ ہندوستانی فضائیہ نے جے پور میں کرائی۔ دراصل مشتبہ پاکستانی طیارہ بغیر اجازت ہندوستانی حدود میں گھس گیا تھا اس لیے فضائیہ نے احتیاطی طور پر یہ لینڈنگ کروائی۔ اس کارگو طیارہ کے پائلٹ اور ملازمین سے جے پور میں ہی پوچھ تاچھ کی گئی۔ بعد ازاں ان سبھی کو چھوڑ دیا گیا۔ جے پور کے ایڈیشنل پولس کمشنر نے بتایا کہ پاکستانی طیارہ غلطی سے ہندوستانی حدود میں گھس گیا تھا اس لیے سیکورٹی کو دیکھتے ہوئے زبردستی لینڈنگ کروائی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔