اہم خبر: چین سے اسمگلنگ شدہ 85 ڈرون احمدآباد میں ضبط

ڈی آر آئی افسر کے مابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چین سے اسمگلنگ کر کے ڈرون کو امپھال سے ہندوستان۔میانمار کی سرحد کے ذریعے ہندوستان میں لانے کے بعد ایئر انڈیا کی فلائٹ سے احمد آباد لایا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 Mar 2019, 9:59 PM

احمد آباد: چین سے اسمگلنگ شدہ 85 ڈرون ضبط

احمدا ٓباد: گجرات کے احمدا ٓباد شہر میں ڈی آر آئی کی ٹیم نے بڑے پیمانے پر میانمار کے راستے چین سے اسمگلنگ کرکے لائے گئے 85 ڈرون کو ضبط کر لیا۔ ڈی آر آئی کے ایک افسر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چین سے اسمگلنگ کرکے ڈرون کو دوسری چیز بتاکر امپھال سے ہندوستان۔میانمار کی سرحد کے ذریعے ہندوستان میں لانے کےبعد ایئر انڈیا کی فلائٹ سے یہاں لایا جارہاہے۔ گذشتہ روز صبح جب یہاں واسنا علاقے میں رہنے والے ایک تاجر کا ڈرائیور ہوائی اڈے پر ان ڈرون کو لینے پہنچا تو اس پر نگاہ رکھ کر اسے اور تاجر کو دبوچ لیا گیا۔ اس کی دو دکانوں سے 85 ہائی اینڈ چین کے ڈرون برآمد کرکے ضبط کر لیے گئے۔ اس معاملے میں تفتیش جاری ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اسے بیچنے کے لیے منگواتا تھا۔ واضح ہو کہ حساس ہونے اور دہشت گردانہ اور ملک مخالف عناصر کی جانب سے غلط استعمال کے خطرے کی وجہ سے ڈرون رکھنے اور اڑانے کے لیے کئی طرح کی سرکاری اجازت لینا بہرحال ضروری ہے۔

11 Mar 2019, 8:09 PM

خواجہ غریب نواز کا سالانہ عرس: دہلی سے اجمیر کے لئے خصوصی ٹرین

نئی دہلی: اجمیر شریف میں خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے مدنظر زائرین کی سہولت کے لئے دہلی سرائے روہیلہ-اجمیر کے درمیان اسپیشل ٹرین چلائی جارہی ہے۔ اجمیر دہلی سرائے روہیلہ عرس اسپیشل 09605/09606 ٹرین دو چکر لگائے گی۔ یہ گاڑی رات ڈیڑھ بجے اجمیر سے روانہ ہوگی اور اسی دن صبح 8 بجکر 50 منٹ پر دہلی سرائے روہیلہ پہنچے گی۔ 12 مارچ کو یہ ٹرین صبح 10 بج کر 50 منٹ پر دہلی سرائے روہیلہ سے روانہ ہوگی اور شام ساڑھے چھ بجے اجمیر پہونچے گی۔

11 Mar 2019, 7:09 PM

ہمارے دو وزیر اعظم شہید ہوئے، ہم جھکنے والے نہیں: راہل گاندھی

دہلی میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے پی ایم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ انتخاب میں نریندر مودی نے کہا تھا کہ میرا 56 انچ کا سینہ ہے، مجھے پی ایم بناؤ۔ لیکن آج کسی کے سامنے بولو ’چوکیدار‘... تو سامنے سے آواز آئے گی ’چور ہے‘۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ کرنے والے کو اجیت ڈوبھال قندھار چھوڑ کر آئے تھے، اور اس پر پی ایم مودی خاموش ہیں۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے دو وزیر اعظم شہید ہوئے ہیں اور ہم جھکنے والوں میں سے نہیں ہیں۔


11 Mar 2019, 6:10 PM

سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس میں عدالت نے 14 مارچ تک فیصلہ رکھا محفوظ

ہریانہ کی پنچکولہ اسپیشل این آئی اے عدالت سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس معاملے میں اب 14 مارچ کو فیصلہ سنا سکتی ہے۔ اس کیس میں آخری بحث مکمل ہو چکی ہے اور عدالت نے اپنا فیصلہ 14 مارچ کے لیے محفوظ رکھ لیا ہے۔ سماعت کے لیے پیر کے روز معاملے کے ملزم اسیمانند، کمل چوہان، لوکیش شرما اور راجندر چودھری عدالت پہنچے تھے۔ اس معاملے میں سوامی اسیمانند اہم ملزم ہیں اور اس دھماکے میں 68 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔

11 Mar 2019, 4:07 PM

رمضان میں انتخاب: الیکشن کمیشن کی صفائی– پورے مہینے انتخاب کو نہیں ٹالا جا سکتا

اپوزیشن پارٹی لیڈران اور کئی مسلم مذہبی قائدین کے ذریعہ رمضان کے مہینے میں لوک سبھا انتخابات کرائے جانے پر سخت اعتراض کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی اپنی صفائی دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ روزہ کی وجہ سے انتخاب پورے مہینے ٹالا نہیں جا سکتا۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اہم تہواروں اور جمعہ کی نماز کا خاص خیال رکھتے ہوئے ایسے مواقع پر ووٹنگ کی تاریخ نہیں رکھی گئی ہے۔


11 Mar 2019, 3:09 PM

ہم رمضان میں روزہ بھی رکھیں گے اور ووٹ بھی ڈالیں گے: اسدالدین اویسی

ایک طرف جہاں رمضان میں ووٹنگ کرائے جانے کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کے کئی لیڈران پی ایم مودی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں، تو دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین اویسی نے اس معاملے میں کسی تنازعہ کو کھڑا کیے جانے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں میڈیا سے کہا کہ ’’ہم رمضان میں روزہ رکھیں گے اور ووٹ ڈالیں گے۔‘‘ رمضان میں ووٹنگ کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان اسدالدین اویسی نے اسے بے وجہ کا تنازعہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’انتخاب ایک بڑا عمل ہے، ایک مسلمان ہونے کے ناطے میں رمضان میں انتخابات کی تاریخوں کا استقبال کرتا ہوں۔‘‘

11 Mar 2019, 2:10 PM

خواجہ غریب نواز سالانہ عرس: راہل گاندھی نے اجمیر شریف کے لیے چادر پیش کی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے موقع پر اجمیر شریف کے لیے پیر کے روز چادر روانہ کی۔ اس سلسلے میں راہل گاندھی نے فیس بک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چادر پیش کی۔‘‘

راہل گاندھی کی جانب سے چادر پیش کیے جانے کے موقع پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد، سلمان خورشید، اویناش پانڈے اور کئی دیگر لیڈر موجود تھے۔


11 Mar 2019, 1:09 PM

جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات ہو سکتے ہیں تو اسمبلی انتخابات کیوں نہیں: فاروق عبداللہ

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات نہ کرائے جانے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے لیے ماحول سازگار ہیں تو پھر اسمبلی انتخابات کے لیے کیوں نہیں؟ ساتھ ہی انھوں نے میڈیا سے کہا کہ یہاں بدلیاتی انتخابات پرامن طریقے سے عمل میں آئے ہیں اور فورسز بھی کافی تعداد میں موجود ہیں تو پھر آخر اسمبلی انتخابات میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔

11 Mar 2019, 12:09 PM

ایتھوپیا طیارہ حادثہ، چین نے بوئنگ طیاروں کی سروس کی بند

چین نے ایتھوپیا طیارہ حادثے کے بعد اپنی تمام کمپنیوں کو بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی سروس بند کرنے کا حکم دیا ہے، بتا دیں کہ ایتھوپیا ایئر لائنز کی ایک طیارہ گزشتہ اتوار کو آدیش ابابا کے بشوفتو سے پرواز بھرنے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا تھا، اس طیارے میں 149 مسافروں كے علاوہ 8 عملہ کے ممبرس موجود تھے، حادثے کے بعد طیارے میں موجود تمام لوگوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔

ایئر لائنز کے مطابق مرنے والے مسافروں میں 35 ممالک کے شہری ہیں جن میں 4 ہندوستانی بھی شامل تھے۔ سب سے زیادہ 32 مسافر کینیا سے تھے۔ کناڈا کے 18، ایتھوپیا کے نو، چین، اٹلی اور امریکہ کے آٹھ، فرانس اور برطانیہ کے سات، مصر کے چھ، جرمنی کے پانچ، سلوواکیہ کے چار، آسٹریلیا، روس اور سویڈن کے تین ، اسپین، اسرائیل، مراکش اور پولینڈ کے دو دو شہری اس حادثے میں مارے گئے ہیں۔

بیلجئیم، جبوتی، انڈونیشیا، آئر لینڈ، موزنبیق، ناروے، رونڈا، سعودی عرب، سوڈان، صومالیہ، سربیا، ٹوگو، یوگنڈا، یمن، نیپال اور نائیجیریا کے ایک- ایک شہری حادثہ کا شکار ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مسافر اقوام متحدہ کا پاسپورٹ ہولڈر تھا۔


11 Mar 2019, 10:48 AM

پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ مدثر احمد کے مارے جانے کی خبر

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال میں گزشتہ اتوار کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے تصادم میں مارے گئے 3 ملی ٹنٹوں میں سے ایک پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل بتایا جا رہا ہے، آج یعنی پیر کو حکام نے کہا کہ ترال کے پنگلش علاقے میں گزشتہ رات ہوئے تصادم میں مارے گئے دہشت گردوں میں جیش محمد کا ملی ٹنٹ مدثر احمد خان عرف 'محمد بھائی' بھی شامل ہے، حالانکہ تینوں ملی ٹنٹوں کی لاشیں سیاہ ہو چکی ہیں اور ان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بتا دیں کہ 14 فروری کو پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 49 جوان شہید ہوئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */