اہم خبر: آسام میں سڑک پر نماز جمعہ پڑھنے کی مخالفت، تصادم آرائی میں 15 زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 May 2019, 7:51 PM

آسام میں مسجد کے نزدیک تصادم، کرفیو نافذ

گواہاٹی: جنوبی آسام میں ہیلا کانڈی ضلع میں جمعہ کو ایک مسجد کے نزدیک دو فرقوں کے مابین تصادم کے بعد پورے ہیلاکانڈی ضلع میں کرفیو لگا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق کچھ لوگوں نے سڑک پر نماز پڑھنے کی مخالفت کی جس کے بعد دو فرقوں میں تصادم ہو گیا۔ تصادم کے دوران 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیرتی جلیل نے پہلے شہری علاقہ میں کرفیو لگائے جانے کی ہدایت دی تھی لیکن بعد میں اسے تاحکم ثانی تک پورے ضلع میں نافذ کردیا گیا۔ جائے حادثہ اور دیگر حساس علاقوں میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور آسام رائفلس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے فوج سے بھی مدد مانگی ہے۔

10 May 2019, 10:10 PM

جارجيائي مشتبہ طیارے کی جے پور میں لینڈنگ

نئی دہلی: پاکستان سے آنے والے ایک مشتبہ جارجیائی کارگو طیارہ اے این -12 کو فضائیہ کے جنگی طیاروں نے آج مشتبہ سرگرمی کے چلتے گھیر کر جے پور ہوائی اڈے پر اتارا ، جہاں اس کے عملے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

فضائیہ کے مطابق ایک نامعلوم طیارہ شام سوا تین بجے شمالی گجرات سیکٹر میں ہندوستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ اس وقت طیارے کا شناختی سگنل چالو تھا۔ طیارے نے معمول کا فضائی روٹ کا استعمال نہیں کیا اور نہ ہی وہ ہندوستانی ایجنسیوں کے ریڈيو پیغام کا جواب دے رہا تھا۔ موجودہ جیو -سیاسی صورتحال کے چلتے منظور شدہ فضائی روٹ ابھی بند ہے اور اس طیارے نے غلط راستے سے ہندوستانی فضائی حدود میں انٹری کی تھی۔ اس کا پتہ چلتے ہی ایئر فورس نے اپنے جنگی طیاروں کو اسے گھیرنے کے لئے روانہ کیا۔

جنگی طیاروں کے اس طیارے کے قریب پہنچنے پر پتہ چلا کہ یہ جارجیا کا کارگو اے این -12 طیارہ تھا جو 27 ہزار فٹ کی اونچائی پر اڑ رہا تھا۔ اس دوران طیارے نے بین الاقوامی ریڈیو فریکوئینسی اور سگنل کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ جب جنگی طیاروں نے اسے چیلنج کیا تو جہاز کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ یہ ایک غیر منضبط طیارہ ہے اور اس نے جارجیا کے دارالحکومت تبلسي سے کراچی کے راستے دہلی کے لئے اڑان بھری ہے۔ اس کے بعد جنگی طیاروں نے اسے جے پور ہوائی اڈے پر اترنے پر مجبور کر دیا۔ جے پور میں اترنے کے بعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس طیارے کو گھیرنے کے لئے ایئر فورس کے دو سخوئی جنگی طیاروں نے اڑان بھری تھی۔

10 May 2019, 5:02 PM

جموں میں شیو سینا کا امرناتھ شرائن بورڈ کے خلاف احتجاج

جموں: شیو سینا بالا صاحب ٹھاکرے کے جموں کشمیر یونٹ نے جمعہ کے روز یہاں شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر کی تمام ہندو تنظیموں کا امرناتھ شرائن بورڈ کمیٹی میں ایک ایک ممبر ہونا چاہئے۔ یونٹ کے ایک لیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ شرائن بورڈ سال 2016 سے لگاتار تغلقی فرمان جاری کررہا ہے جو شیوسینا کو قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی طور پر لوگوں سے پیسہ وصول کرنے کے بعد جو مفت لنگر لگانے والوں سے بیس ہزار روپیہ نقدی مانگے جارہے ہیں اور ان پر پچیس مزید شرطیں لگائی گئی ہیں۔ شیو سینا لیڈر نے کہا کہ شرائن بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنے بلبوتے پر جگہ جگہ لنگر لگائے اور بیس کیمپ کے اندر کسی کو بھی لنگر لگانے کی اجازت نہیں ہونے چاہئے اور لنگر سہولیات کو باہر رکھا جانا چاہئے۔


10 May 2019, 3:01 PM

چھتیس گڑھ بورڈ کے نتائج کا اعلان، دسویں میں نِشا پٹیل اور بارہویں میں یوگیندر ورما نے کیا ٹاپ

چھتیس گڑھ بورڈ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دسویں درجہ میں نِشا پٹیل نے 99.33 فیصد نمبر کے ساتھ ٹاپ کیا ہے جب کہ بارہویں میں یوگیندر ورما نے 97.40 فیصد نمبروں کے ساتھ ٹاپ کیا ہے۔ دسویں کا ریزلٹ 68.20 فیصد رہا جب کہ بارہویں کا ریزلٹ 78.43 فیصد رہا۔

10 May 2019, 2:10 PM

جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال میں لگی آگ، ایک خاتون مریض کی موت

جے پور: راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں جمعہ کو علی الصبح اچانک آگ لگ گئی۔ جس سے اسپتال میں افرا تفری مچ گئی اور دم گھٹنے سے ایک خاتون مریض کی موت ہو گئی۔

موصول اطلاعات کے مطابق اسپتال میں الصبح تقریبا سوا تین بجے لگی آگ نے دوا کی دکان لائف لائن سٹور کو اپنی گرفت میں لے لیا اور اسپتال میں دھواں پھیل گیا۔ اس اسپتال میں افرا تفری مچ گئی۔ اس دوران کرولی سے تعلق رکھنے والی باڈا دیوی کی دوسرے وارڈ میں شفٹ کرتے وقت طبیعت بگڑ گئی اور اس نے دم توڑ دیا۔ نزدیک ہی آئی سی یو وارڈ میں داخل پچاس سے زائد مریضوں کو دیگر وارڈ میں شفٹ کیا گیا۔ اس دوران مریضوں اور تیمار داروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

فائر بریگیڈ افسر جگدیش پھلواری کے مطابق صبح تقریبا سوا تین بجے ایس ایم ایس اسپتال میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر شہر کے مختلف فائر بریگیڈ مراکز سے بارہ د فائر بریگیڈ کو جائے واردات پر بھیجا گیا۔ اسپتال کے احاطے میں آگ کی وجہ سے کافی دھواں بھر گیا، لیکن کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔


10 May 2019, 1:09 PM

دہلی: سرکاری اسکولوں میں سی سی ٹی وی لگانے کے کیجریوال حکومت کے فیصلے کو چیلنج، عدلت نے بھیجا نوٹس

سپریم کورٹ نے دہلی حکومت کو نوٹس جاری کیا اور سرکاری اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے فیصلے کو چیلنج پیش کرنے والی مفاد عامہ عرضی پر 6 ہفتے میں جواب مانگا۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ سبھی کلاسز میں 1.5 لاکھ کیمرے لگائے جانے اور فوٹیج کی لائیو اسٹریمنگ سے بچوں پر ذہنی دباؤ پڑے گا۔

10 May 2019, 12:08 PM

حیدر آبادی باشندہ ندیم الدین کا لندن میں چاقو مار کر قتل

حیدر آباد کے رہنے والے محمد ندیم الدین کا قتل لندن میں کچھ لوگوں نے چاقو گھونپ کر کیا۔ ندیم الدین گزشتہ چھ سالوں سے لندن میں رہ رہے تھے اور ٹیسکو سپر مارکیٹ میں کام کر رہے تھے۔ ان کا قتل بدھ کے روز کر دیا گیا اور اس خبر سے حیدر آباد میں مقیم اس کے اہل خانہ کافی پریشان ہیں۔ حالانکہ اس قتل سے متعلق کیس درج کر لیا گیا ہے اور جانچ جاری ہے لیکن اس درمیان ندیم الدین کے گھر والوں نے مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج سے گزارش کی ہے کہ وہ لندن جانے میں ان کی مدد کریں۔


10 May 2019, 10:47 AM

بابری مسجد معاملہ: ثالثی کمیٹی کی گزارش پر سپریم کورٹ نے 15 اگست تک کا دیا وقت

بابری مسجد اور رام مندر ایشو پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں ثالثی کے لیے تشکیل کمیٹی کے چیئرمین نے اس ثالثی کے عمل کو پورا کرنے کے لیے 15 اگست تک وقت دینے کی گزارش کی۔ اس گزارش کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے قبول کرتے ہوئے ثالثی کمیٹی کو 15 اگست تک کا وقت دے دیا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے بتایا کہ ثالثی کمیٹی کے ذریعہ تیار کردہ رپورٹ مل گئی ہے جس میں کچھ وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اس مطالبہ کو مان لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ اس رپورٹ میں مزید کیا کچھ لکھا گیا ہے اور ثالثی کا عمل کہاں تک پہنچا اس کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی جا سکتی کیونکہ یہ سب رازداری طلب ہے۔

10 May 2019, 10:10 AM

مہاراشٹر: ٹھانے میں سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پھنس کر تین لوگوں کی موت، 5 کو بچایا گیا

مہاراشٹر کے ٹھانے ویسٹ میں 8 لوگ 130 کیوبک میٹر گہرے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پھنس گئے جن میں سے تین کی موت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ پلانٹ ڈھوکالی کے پرائیڈ پریسیڈنسی لکزریا میں واقع ہے جہاں آٹھ لوگ 12.25 بجے صبح اس میں پھنس گئے۔ پانچ لوگوں کو بچا لیا گیا ہے اور مرنے والے تین لوگوں کی لاش کو پولس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


10 May 2019, 8:22 AM

جموں و کشمیر: شوپیاں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک

جموں و کشمیر کے شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹ کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس تصادم می ایک ملی ٹینٹ کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیے ہیں۔ اس وقت سیکورٹی فورسز کی تلاشی مہم چل رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔