مغربی بنگال: سابق ریاستی وزیر عبدالستار کانگریس میں شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Dec 2018, 8:29 PM

بنگال: سابق ریاستی وزیر عبدالستار کانگریس میں شامل

کلکتہ: سی پی ایم لیڈر اور سابق ریاستی وزیر عبد الستار نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ عبدالستار سابق وزیر اعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کے دور وزرات میں اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کے وزیر مملکت تھے۔ سی پی ایم کے دور اقتدار میں ان کا شمار مسلم چہرے کے طور پر ہوتا تھا۔ ان کے ہی دور میں مدرسہ عالیہ کو عالیہ یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تھا۔ پیر کی شام انہوں نے آل انڈیا کانگریس کے آبزرور وجے گگوئی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔

اس موقع پر کانگریس بنگال کے صدر سومن مترا، سینئر کانگریسی لیڈر سردار امجد علی سمیت بنگال کانگریس کے کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔اس موقع پر بنگال کانگریس کے ریاستی صدر سومن مترا نے کہ کہ عبدالستار تجربہ کارسینئر سیاسی لیڈر ہیں اور وہ عوام میں مقبول ہیں۔ان کے کانگریس میں شامل ہونے سے پارٹی مضبوط ہوگی۔

10 Dec 2018, 6:09 PM

بھگوڑے وجے مالیہ کو ہندوستان لانے کی لندن کورٹ نے دی اجازت

ہندوستانی بینکوں کا پیسہ لے کر بھاگے شراب کاروباری وجے مالیہ کے معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے لندن کی ایک عدالت نے اس کو ہندوستان لانے کیا جازت دے دی ہے۔ حالانکہ ابھی مالیہ کے پاس اس فیصلہ کے خلاف 14 دن کے اندر اعلی عدالت میں اپیل کرنے کا اختیار بچا ہوا ہے۔

10 Dec 2018, 5:04 PM

جب بی جے پی لیڈروں کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں تو ان کو رام یاد آجاتے ہیں: دیویندر سنگھ رانا

جموں: نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست میں اپنے دور اقتدار کے دوران جموں باسیوں کا استحصال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت اور ہر گھر تک 15 لاکھ روپے پہنچانے کا وعدہ کیا گیا، لیکن کسی کو نہ ہی ملازمت ملی اور نہ ہی پندرہ لاکھ روپے ملے۔ دیویندر رانا نے کہا کہ جب بی جے پی کے پاس عوام کو دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہوتا ہے تو انہیں رام مندر یاد آ جاتا ہے۔ جب سب کچھ اڑجاتا ہے تو کہتے ہیں کہ بھگوان رام خطرے میں ہیں۔ دیویندر رانا نے مزید کہا کہ ’’بھگوان رام خطرے میں نہیں ہیں بی جے پی خطرے میں ہے۔‘‘

دیویندر رانا پیر کے روز یہاں شیر کشمیر بھون میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اب بی جے پی کو رام مندر یاد آ گیا ہے۔ جب کچھ نہیں رہتا ہے تو رام یاد آ جاتے ہیں۔ جب سب کچھ اڑ جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ رام خطرے میں ہیں۔ رام خطرے میں نہیں ہیں بھاجپا خطرے میں ہے۔ کیا کبھی رام بھی خطرے میں ہوسکتے ہیں؟ ایسا نہیں ہوسکتا۔ کیا کبھی خدا خطرے میں ہوسکتا ہے، نہیں ہوسکتا۔ جب ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں تو ان کو رام یاد آجاتے ہیں۔‘‘

(یو این آئی)


10 Dec 2018, 4:04 PM

ملالہ یوسف زئی کو تعلیمی سرگرمی کے لیے ہارورڈ یونیورسٹی نے انعام سے نوازا

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو ہارورڈ یونیورسٹی نے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے سے متعلق ان کے کام پر اعزاز بخشا ہے۔ 21 سالہ ملالہ کو لڑکیوں کو 12 سال کی مفت، معیاری اور محفوظ تعلیم سے مزین کرنے کے لیے گزشتہ دنوں ہارورڈ کینیڈی اسکول میں 2018 گلیٹس مین ایوارڈ دیا گیا۔ این بی سی ٹی وی نیٹورک کے مطابق ہارورڈ کینیڈی اسکول میں ایک تقریب کے دوران ملالہ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔ سال 2014 میں ملالہ کو بچوں کے حقوق کے لیے کوشش کرنے سے متعلق نوبل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔ یہ انعام حاصل کرنے والی وہ سب سے کم عمر شخصیت ہیں۔

اکتوبر 2012 میں جب وہ پاکستان کے وادی سوات کے اپنے اسکول سے لوٹ رہی تھیں تب طالبان بندوق برداروں نے انھیں گولی مار دی تھی۔ ملالہ اب انگلینڈ کے آکسفورڈ یونیورسٹی کی طالبہ ہیں۔

10 Dec 2018, 3:07 PM

جے پور ائیر پورٹ کی نجکاری کے خلاف ائیر پورٹ ملازمین کی بھوک ہڑتال شروع

جے پور: راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ہوائی اڈے کے عملے نےایئر پورٹ کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے آج یہاں بھوک ہڑتال شروع کر دی۔ یہ بھوک ہڑتال انھوں نے مودی حکومت کے فیصلے سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے شروع کی ہے جو کہ تین دنوں تک چلے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایئر پورٹ اتھارٹی امپلائز یونین کی پکار پر یونین کے سکریٹری رویندر سنگھ کی قیادت میں ملازمین نے بھوک ہڑتال شروع کی۔ ملازم اپنے مطالبات کی حمایت میں تین دنوں تک بھوک ہڑتال پر رہیں گے۔

ہڑتال کے موقع پر مسٹر سنگھ نے بتایا کہ جے پور سمیت ملک کے چھ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی نجکاری کی جا رہی ہے جو ایئر پورٹ کے ملازمین کے لئے تو پریشانی کا باعث ہے ہی اس کے ساتھ ہی ایئر پورٹ کے نجی کمپنی کے ہاتھوں میں جانے سے مسافروں کو دستیاب خدمات بھی مہنگی ہو جائیں گی جس سے انہیں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ کا ہر ملازم اپنا کام بخوبی انجام دے رہا ہے، ایسی کیا وجوہات ہیں کہ ایئر پورٹ کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دیا جارہا ہے۔


10 Dec 2018, 2:04 PM

اوپیندر کشواہا نے این ڈی اے کو کہا الوداع

لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ راشٹریہ لوک دل سمتا پارٹی کے سربراہ اوپیندر کشواہا نے مرکزی وزیر کی ذمہ داری سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کشواہا نے اپنا استعفیٰ پی ایم نریندر مودی کو بھیج دیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کشواہا نے وزارتی عہدہ سے استعفیٰ کے ساتھ ساتھ این ڈی اے بھی چھوڑ دیا ہے۔

10 Dec 2018, 1:07 PM

جموں و کشمیر: اسمبلی تحلیل کرنے کے خلاف عرضی پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

جموں و کشمیر میںا سمبلی تحلیل کرنے کے خلاف عرضی کو سپریم کورٹ نے سننے سے انکار کر دیا ہے۔ جموں بی جے پی سے معطل سابق رکن اسمبلی گگن بھگت نے اسمبلی تحلیل کرنے کے گورنر ستیہ پال ملک کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ گورنر کا فیصلہ غیر قانونی اور منمانا ہے اس لیے اسے رَد کیا جانا چاہیے۔


10 Dec 2018, 11:20 AM

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر پدم شری پروفیسر مشیر الحسن کا انتقال

مشہور و معروف مورخ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر پدم شری مشیر الحسن 10 دسمبر کی صبح ابدی نیند سو گئے۔ انھوں نے 71 سال کی عمر پائی۔ ہند-پاک تقسیم اور جنوبی ایشیا میں اسلام کی تاریخ پر انھوں نے قابل قدر کام کیا۔ 15 اگست 1949 کو پیدا ہوئے مشیر الحسن کو پدم شری سمیت کئی ایوارڈ حاصل ہوئے۔

خصوصی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پروفیسر مشیر الحسن کے جنازے کی نماز ظہر کے بعد جامعہ کی مسجد میں پڑھی جائے گی۔ ان کی تدفین جامعہ کے قبرستان میں ہوگی۔ مشیر الحسن کے انتقال کی خبر کے بعد سوشل میڈیا پر اظہارِ غم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سی پی آئی ایم سربراہ سیتا رام یچوری، عرفان حبیب، رندیپ سرجے والا وغیرہ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے درد کا اظہار کیا اور اسے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

10 Dec 2018, 11:03 AM

شیئر مارکیٹ اوندھے منھ گرا، سنسیکس تقریباً 500 پوائنٹ نیچے

پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج منگل کے روز آنے والے ہیں لیکن اس سے ٹھیک ایک دن پہلے شیئر مارکیٹ میں زبردست گراوٹ محسوس کی گئی۔ بی ایس ای کا 31 کمپنیوں پر مبنی انڈیکس یعنی سنسیکس 478.59 پوائنٹ گراوٹ کے ساتھ 35204.66 پر کھلا۔ دوسری طرف نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا 50 کمپنیوں کے شیئروں پر مبنی انڈیکس نفٹی 185 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ 10508.70 پر کھلا۔


10 Dec 2018, 10:01 AM

وزیر اعظم دفتر میں پی آر او اور سینئر صحافی جگدیش ٹھکر کا انتقال

وزیر اعظم دفتر میں پی آر او کی ذمہ داری ادا کر رہے اور سینئر صحافی جگدیش ٹھکر کا انتقال ہو گیا۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی تصور کیے جاتے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد وزیر اعظم نے اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’پی ایم او کے پی آر او جگدیش ٹھکر کی موت سے بے حد غمزدہ ہوں۔ جگدیش بھائی ایک تجربہ کار صحافی تھے اور میں نے ان کے ساتھ سالوں تک کام کیا۔ گجرات اور دہلی تک ان کے ساتھ کام کرنا لطف انگیز تھا۔ وہ اپنی سادگی اور جوشیلے انداز کے لیے پہچانے جانے والے شخص تھے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی کے ساتھ جگدیش ٹھکر نے 17 سال تک کام کیا اور نریندر مودی ان پر کافی اعتبار کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ جگدیش ٹھکر کے انتقال کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔

10 Dec 2018, 9:12 AM

دہلی: پانڈو نگر علاقہ میں 20 سالہ نوجوان کا گولی مار کر قتل

دہلی کے پانڈو نگر علاقے میں روڈ ریز کا اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں 20 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ یوگیش نامی یہ نوجوان اپنی موٹر سائیکل سے پانڈو نگر کے ایک اسٹور پر کچھ لینے جا رہا تھا تبھی اس کی موٹر سائیکل کار سے ہلکی سی ٹکرا گئی۔ اس ٹکر سے کار میں سوار دو نوجوان ناراض ہو گئے اور وہ یوگیش سے لڑائی پر آمادہ ہو گئے۔ ان ہنگاموں کے درمیان یوگیش اسٹور کے اندر چلا گیا لیکن تھوڑی دیر بعد جب وہ اسٹور سے باہر آیا تو دونوں نوجوان دوبارہ یوگیش سے متصادم ہو گئے۔ ناراض کار والوں نے غصے میں یوگیش کے اوپر یکے بعد دیگرے کئی گولیاں چلائیں جس سے جائے وقوع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔