خبریں

عہدے سے ہٹائے گئے سی بی آئی چیف، ’رافیل جانچ کے ڈر سے ورما کو ہٹا یا گیا‘، کانگریس کا الزام

سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو آج ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکومت نے ورما کو برخاست کرنے کا فیصلہ سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لیا۔ آلوک ورما کو اب ڈی جی فائر سروسز مقرر کر دیا گیا ہے۔

سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کی فائل تصویر

قومی آوازبیورو

10 Jan 2019, 8:39 PM

رافیل جانچ کے ڈر سے ورما کو ہٹا یا گیا: کانگریس

کانگریس نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ڈائرکٹر آلوک ورما کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ وہ رافیل طیارہ سودے کی جانچ سے ڈرنے کی وجہ سے ایسا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی صدارت والی تین رکنی سلیکشن کمیٹی کی شام کو منعقد ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس پارٹی نے ٹویٹ کیا ’’آلوک ورما کو ان کا موقف رکھنے کا موقع دیے بغیر ان کے عہدے سے ہٹا کر وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر دکھا دیا ہے کہ وہ (رافیل طیارہ سودے کی) جانچ سے خوف زدہ ہیں۔ چاہے وہ خودمختارسی بی آئی ڈائریکٹر کی طرف سے ہو یا مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے پارلیمنٹ کے ذریعہ۔‘‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس سے پہلے سپریم کورٹ کے ذریعہ آلوک ورما کو عہدے پر بحال کئے جانے کے سلسلے میں مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے رافیل طیارہ سودے کی جانچ سے ڈر کر ورما کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا تھا ’’وزیراعظم سی بی آئی کے ڈائرکٹر کو ہٹانے پر اتنی جلدبازی کیوں کررہے ہیں۔ وہ سی بی آئی ڈائریکٹر کو سلیکشن کمیٹی کے سامنے اپنا موقف کیوں نہیں رکھنے دے رہے ہیں۔ جواب ہے: رافیل۔‘‘

10 Jan 2019, 7:46 PM

سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما عہدے سے برخاست، سلیکٹ کمیٹی کی سفارش پر مودی حکومت کا فیصلہ

سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو آج ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکومت نے ورما کو برخاست کرنے کا فیصلہ سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لیا۔ آلوک ورما کو اب ڈی جی فائر سروسز مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل اس معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بلائی گئی سلیکٹ کمیٹی میٹنگ دو کھنٹے سے زیادہ چلی، جس میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور سپریم کورٹ کے جج اے کے سیکری موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران ملکارجن کھڑگے وزیر اعظم نریندر مودی اور جسٹس سیکری سے غیر متفق نظر آئے اور انہوں نے کچھ اعتراضات بھی درج کرائے، تاہم پینل نے 2-1 سے فیصلہ کرتے ہوئے آلوک ورما کو سی بی آئی ڈائریٹر کے عہدے سے برطرف کر دیا۔

واضح رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے آلوک ورما کو سی بی آئی ڈائریکٹر کے عہدے پر بحال کر دیا تھا۔ انہیں حکومت نے تقریباً دو مہینے قبل جبراً چھٹی پر بھیج دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے بحال کئے جانے کے بعد جمعرات کو وزیر اعظم مودی کی صدارت میں سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ غورطلب ہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز بھی سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ بلائی گئی تھی لیکن وہ بے نتیجہ رہی تھی۔

10 Jan 2019, 6:08 PM

شیلا دیکشت کو ملی دہلی کانگریس کی کمان، اجے ماکن نے دی مبارک باد

دہلی میں لگاتار 15 سالوں تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے والی شیلا دیکشت کو دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی انچارچ پی سی چاکو نے بتایا کہ شیلا دیکشت کے ساتھ ریاست کے سابق وزیر ہارون یوسف، راجیش لیلوٹھیا اور دویندر یادو کو دہلی یونٹ کا ایکزی کیٹیو صدر بنایا گیا ہے۔

شیلا دیکشت حال ہی میں استعفی دے چکے اجے ماکن کی جگہ لیں گی۔ ماکن نے ایک ٹوئٹ میں انہیں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’شیلا دکشت کو دوبارہ ریاستی کانگریس صدر بننے پربہت بہت مبارک باد‘۔ ان کے میعاد کار میں مجھے اسمبلی سکریٹری اور کابینی وزیر کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ مجھے یقین ہے کہ شیلا جی کی قیادت میں ہم مودی حکومت اور کیجری وال حکومت کے خلاف مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

ماکن کو سال 2015 میں دہلی ریاست کا صدر بنایا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں صحت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ دریں اثنا بہار کے سابق ریاستی وزیر شمائل نبی نے بھی شیلادیکشت کو دہلی پردیش کانگریس صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ 4 جنوری کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں 4 جنوری کی صبح ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ’’2015 میں اسمبلی انتخابات کے بعد بطور دہلی کانگریس صدر گزشتہ چار سالوں سے کانگریس کارکنان، کانگریس کور کرنے والے صحافیوں اور ہمارے لیڈر راہل جی کے ذریعہ مجھے بے پناہ پیار اور تعاون ملا ہے۔ ان مشکل حالات میں یہ آسان نہیں تھا۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔‘‘

10 Jan 2019, 5:09 PM

سی بی آئی کے 5 افسران کے تبادلے، ذرائع

خبررساں ایجنسی این این آئی نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ سی بی آئی کے 5 افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ تبدیل ہونے والے افسران کے نام جے ڈی اجے بھٹناگر، ڈی آئی جی ایم کے سنہا، ڈی آئی جی ترن گوبا، جے ڈی موروگسن اور اے ڈی اے کے شرما ہیں۔

10 Jan 2019, 4:09 PM

اعلیٰ ذات کو ریزرویشن کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل

اعلیٰ ذات کے غریب لوگوں کو سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 10 فیصد ریزرویشن دینے کے مودی حکومت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج پیش کر دیا گیا ہے۔ یوتھ فور اکوالٹی نے اعلیٰ ذات ریزرویشن کے لیے پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس آئین ترمیم بل کے خلاف عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 8 جنوری کو لوک سبھا میں یہ بل پاس ہو کر راجیہ سبھا پہنچا تھا اور پھر 9 جنوری کو یہ تقریباً 10 گھنٹے کی بحث کے بعد پاس ہو گیا تھا۔

10 Jan 2019, 3:09 PM

کولکاتا: بین الاقوامی کتاب میلے کا افتتاح 31 جنوری کو

کولکاتا بین الاقوامی کتاب میلے کا افتتاح 30 جنوری کو ہونا تھا لیکن اب یہ 31 جنوری کو ہوگا۔ اسی طرح اس کے اختتام کی تاریخ بھی بڑھا کر 10 فروری کی جگہ 11 فروری کر دیا گیا ہے۔ میلہ انتظامیہ کے مطابق میلہ کے انعقاد میں ایک دن کی تاخیر کی بڑی وجہ یہ ہے کہ 19 جنوری کو حکمراں جماعت کی بڑی ریلی منعقد ہورہی ہے۔ دیہی علاقے سے آنے والوں کی بڑی تعداد اس پارک میں رکے گی۔ ان حالات میں میدان کو صاف کرنے اور بین الاقوامی کتاب میلہ کے طرز پر تیار کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

ذرائع کے مطابق گلڈ نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بھی اس تعلق سے بات کرلی ہے۔43واں بین الاقوامی کتاب میلہ کا افتتاح وزیر اعلیٰ کریں گی۔ قابل ذکر ہے کہ لوگوں کو دوپہر 12 بجے سے رات 8 بجے تک کتاب میلہ میں جانے کی اجازت ہوگی۔

10 Jan 2019, 1:09 PM

جموں و کشمیر میں آیا زلزلہ

جموں و کشمیر میں جمعرات کی صبح زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زلزلہ کا یہ جھٹکا صبح 8 بج کر 22 منٹ پر آیا تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی پیمائش 4.6 درج کی گئی ہے۔ ابھی تک اس زلزلہ میں کسی جانی و مالی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

10 Jan 2019, 12:09 PM

بلند شہر تشدد: انسپکٹر سبودھ قتل معاملہ میں مزید ایک ملزم گرفتار

اتر پردیش کے بلند شہر تشدد کے دوران انسپکٹر سبودھ کمار کے قتل معاملہ پر پولس نے مزید ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا نام شکھر اگروال بتایا جا رہا ہے۔ پولس نے شکھر کو ہاپوڑ سے گرفتار کیا ہے اور افسران کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران شکھر اگروال کے اس قتل معاملہ میں شامل ہونے کا پتہ چلا تھا۔ جیسے ہی بلند شہر پولس کو یہ خبر لگی کہ شکھر اگروال ہاپوڑ میں ہے، تو اسے وہاں سے گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

10 Jan 2019, 11:09 AM

ایودھیا کیس: سماعت 29 جنوری سے، جسٹس للت نے 5 رکنی بنچ سے نام واپس لیا

ایودھیا تنازعہ پر پانچ رکنی بنچ نے آج سپریم کورٹ میں اس کی سماعت سے متعلق تاریخ کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق 29 ستمبر سے اس کیس میں سماعت ہوگی۔ اس درمیان چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت میں تشکیل پانچ رکنی بنچ میں شامل ایک جج جسٹس یو یو للت نے اپنا نام اس بنچ سے واپس لے لیا ہے۔ چونکہ وکیل راجیو دھون نے ان سے کہا کہ وہ کلیان سنگھ کیس سے منسلک رہے ہیں، اس کے بعد جسٹس للت نے اپنا نام بنچ سے واپس لینے کا فیصلہ لیا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے صبح ہی واضح کر دیا تھا کہ ایودھیا معاملہ میں آج سماعت نہیں ہوگی بلکہ صرف تاریخ اور شیڈول طے کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ایودھیا معاملہ میں سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے 4 جنوری کو کہا تھا کہ 5 رکنی بنچ اس سلسلے میں سماعت کرے گی اور 10 جنوری کو یہ بنچ آگے کی کارروائی سے متعلق فیصلہ لے گی۔ پانچ رکنی بنچ کی تشکیل گزشتہ 8 جنوری کو ہوئی۔ اس بنچ کی صدارت چیف جسٹس رنجن گوگوئی کریں گے جب کہ دیگر اراکین میں جسٹس این وی رمن، جسٹس اودے یو للت، جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس دھننجے وائی چندرچوڑ شامل ہیں۔ اس بنچ کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کے ستمبر 2010 کے فیصلے کے خلاف داخل 14 اپیلوں پر سماعت کرنی ہے۔

10 Jan 2019, 8:44 AM

دہلی: ٹھنڈ بڑھنے سے بے سہارا لوگ پریشان

ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے سردی کا قہر جاری ہے اور کہاسے میں بھی دن بہ دن اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دوپہر میں دھوپ نکلنے سے کچھ راحت ضرور ہو جاتی ہےہےہےلیکن رات کے وقت درجہ حرارت 4 ڈگری سے نیچے چلی جاتی ہے۔ بے گھر اور بے سہارا لوگ سب سے زیادہ پریشان ہیں اور نائٹ شیلٹر ہوم کی طرف رخ کرنے کے لیے مجبور ہیں۔ نئی دہلی لاجپت نگر اور سرائے کالے خاں سمیت راجدھانی کے تقریبا سبھی شیلٹر ہوم پوری طرح بھر چکے ہیں۔ جنھیں شیلٹر ہوم میں جگہ نہیں مل سکی ہے وہ لکڑی یا کوڑا جلا کر ٹھنڈ سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔