اہم خبریں: بی جے پی حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو چوٹ پہنچا رہی... پرینکا گاندھی

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

28 Jan 2022, 10:02 PM

بی جے پی حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو چوٹ پہنچا رہی: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نوجوانوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ نوجوانوں کو ملازمت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لیکن نوجوانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے، پریشان کیا جا رہا ہے، آپ کے سال بگڑ رہے ہیں، کیریر تباہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نوجوانوں کے خوابوں کو چوٹ پہنچا رہی ہے۔

28 Jan 2022, 6:29 PM

کیرالہ میں کورونا کی تباہناکی جاری، 24 گھنٹوں میں 54537 نئے معاملے درج، 13 جاں بحق

کیرالہ میں گزشتہ کچھ دنوں سے روزانہ 50 ہزار سے زائد کورونا کے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک بار پھر کورونا وائرس نے اپنی تباہناکی کا اثر دکھایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 54537 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں اور 13 افراد اس وائرس کی وجہ سے جاں بحق بھی ہو گئے۔ اس درمیان 30225 مریض کے ٹھیک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس وقت کیرالہ میں سرگرم کیسز کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار 447 پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 52 ہزار 786 ہو گئی ہے۔

28 Jan 2022, 4:20 PM

اکھلیش یادو کا الزام- ’میری دہلی سے مظفرنگر کے لئے پرواز کو روک کر رکھا گیا‘

اکھلیش یادو نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو دہلی سے مظفرنگر کے لئے پرواز بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہیں ایک بجے کے قریب مظفرنگر میں پریس کانفرنس میں شامل ہونا تھا لیکن وہ قریب ڈھائی بجے تک بھی دہلی میں ہی تھے۔ بعد میں انہوں نے مظفرنگر کے لئے پرواز بھر لی۔


28 Jan 2022, 2:59 PM

امت شاہ اصل مسائل پر بات نہیں کرتے بلکہ 80-20 فیصد، جنحاح اورنگزیب کی بات کرتے ہیں، جینت چودھری

امت شاہ کی طرف سے اتحاد کے لئے مدعو کئے جانے پر آر ایل ڈی کے سربراہ جینت چودھری نے کہا کہ وہ ان کی دعوت کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔

جینت چودھری نے الزام عائد کیا کہ امت شاہ عوام کے اصل مسائل پر بات نہیں کرتے بلکہ 80 بمقابلہ 20 فیصد، جناح اور اورنگزیب پر بات کرتے ہیں۔

28 Jan 2022, 2:16 PM

بھارت بائیوٹیک کو انٹرانیزل بوسٹر ڈوز کے ٹرائل کے لئے منظوری 

ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے بھارت بائیوٹیک کی انٹرانیزل یعنی ناک سے دی جانے والی ویکسین کی بوسٹر کے ٹرائل کے لئے منظوری فراہم کر دی ہے۔ یہ بوسٹر ڈوز انہیں لوگوں کو دی جانی ہے جنہیں پہلے کوویکسین یا کویشیلڈ ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ٹرائل کا آغاز 9 مختلف مقامات پر کیا جائے گا۔


28 Jan 2022, 1:04 PM

بجٹ سیشن سے قبل کانگریس کے پارلیمانی حکمت عملی گروپ کا اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد

پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل آج کانگریس پارلیمانی حکمت عملی گروپ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہونے والی اس میٹنگ کی صدارت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کی۔

28 Jan 2022, 12:05 PM

چین نے لاپتہ نوجوان کو تو لوٹا دیا، ہماری زمین کب لوٹائے گا؟ راہل گاندھی کا پی ایم مودی سے سوال

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اروناچل کے لاپتہ نوجان میرام تارون کو چین کی طرف سے واپس لوٹائے جانے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی زمین واپس کب ملے گی۔ انہوں نے کہا، ’’میرام تارون کو چین نے واپس لوٹا دیا ہے یہ جان کر تسلی ہوئی۔ جس ہندوستان کی سرزمین پر چین نے قبضہ کیا ہے وہ کب واپس ملے گی وزیر اعظم جی؟‘‘


28 Jan 2022, 11:21 AM

سپریم کورٹ نے مہاراشٹر بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کی معطلی منسوخ کی

مہاراشٹر اسمبلی سے بی جے پی کے 12 ارکان اسمبلی کو سال بھر کے لئے معطل کرنے کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز اہم فیصلہ سناتے ہوئے معطلی کو منسوخ کر دیا۔ سپریم کورت نے کارروائی کو منمانا قرار دیا۔

28 Jan 2022, 9:58 AM

ریلوے امتحان میں دھاندلی کے خلاف ’بہار بند‘ کا اہتمام، سڑکیں مسدود کر کے احتجاج

ریلوے کے آر آر بی این ٹی پی سی امتحان کے نتائج میں دھاندلی کے الزام پر آج بہار میں مختلف سیاسی جماعتوں اور طلبا تنظیموں کی جانب سے بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ بند کے دوران کئی مقامات پر سڑکوں کو مسدود کر کے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ سڑکوں پر طلبا نے ٹائر جلائے ہوئے ہیں اور ہاتھوں میں بینر تھام کر نعرے بازی کر رہے ہیں۔


28 Jan 2022, 8:57 AM

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ 51 ہزار نئے معاملے، 627 اموات

مرکزی وزارت صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 لاکھ 51 ہزار 209 نئے معاملے درج کئے گئے۔ اس دوران 627 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ 3 لاکھ 47 ہزار 443 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔

فی الحال ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 21 لاکھ 05 ہزار 611 ہے جو کہ مجموعی کیسز کا 5.18 فیصد ہے۔ جبکہ یومیہ پازیٹوٹی کی شرح 15.88 فیصد ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی ایک ارب 64 کروڑ 44 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔