اہم خبریں: یوپی ٹیٹ گھوٹالہ میں پوری دال ہی کالی ہے... پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
پرینکا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

04 Dec 2021, 7:39 PM

یوپی ٹیٹ گھوٹالہ: دال میں کچھ کالا نہیں، پوری دال ہی کالی ہے... پرینکا گاندھی

یوپی ٹیٹ گھوٹالہ معاملہ میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حملہ آور انداز میں انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’یوپی ٹیٹ گھوٹالے میں دال میں کچھ کالا ہی نہیں، پوری دال ہی کالی ہے۔ پیپر چھاپنے کا ٹھیکہ دینے سے لے کر امتحان کے مینجمنٹ تک، ہر قدم پر بدعنوانی کی گئی۔ اتر پردیش حکومت پوری طرح سے بدعنوان اور نوجوان مخالف ہے۔‘‘

04 Dec 2021, 5:57 PM

مشہور و معروف صحافی ونود دُوا کا انتقال، بیٹی نے کی تصدیق، آخری رسومات 5 دسمبر کو

طویل علالت کے بعد سینئر صحافی ونود دُوا کا آج انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی بیٹی ملکا دُوا نے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ونود دُوا کے جسد خاکی کی آخری رسومات اتوار یعنی 5 دسمبر کو ادا کی جائیں گی۔

04 Dec 2021, 4:54 PM

حکومت سے بات کرنے کے لئے سنیوکت کسان مورچہ کی 5 رکنی کمیٹی تشکیل، راکیش ٹکیت نے کیا اعلان

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے اطلاع دی ہے کہ سنیوکت کسان مورچہ نے حکومت سے بات کرنے کے لئے ایک 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کو حکومت سے بات کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس کمیٹی میں بلبیر سنگھ راجے وال، شیو کمار ککا، گرنام سنگھ چڑھونی، یدھویر سنگھ اور اشوک دھوالے شامل ہیں۔


04 Dec 2021, 3:54 PM

ممبئی ٹیسٹ میں اشون اور محمد سراج کی شاندار گیندبازی، نیوزی لینڈ 62 رن پر آل آؤٹ

نیوزی لینڈ کے گیندباز اعجاز پٹیل کے 10 وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی گیندبازوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو محض 62 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا۔ آر اشون نے 4 جبکہ محمد سراج نے 3 وکٹ حاصل کئے۔ نیوزی لینڈ اب ہندوستان سے 263 رن پیچھے ہے۔

04 Dec 2021, 2:27 PM

وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں دہرادون میں 18 ہزار کروڑ کے منصوبوں کا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی اتراکھنڈ کے دور پر ہیں۔ یہاں انہوں نے راجدھانی دہرادون میں تقریباً 18,000 کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’گزشتہ 5 سالوں کے دوران مرکز نے اتراکھنڈ کی ترقی کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ منظور کئے ہیں۔ آج کے ترقیاتی پروجیکٹوں میں 18 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔


04 Dec 2021, 1:08 PM

کورونا متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے کانگریس کی تحریک، راہل گاندھی نے کہا- ’کووڈ نیائے کے لئے آواز اٹھائیں‘

کورونا متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے کانگریس پارٹی کی جانب سے تحریک کی شروعات کی گئی ہے۔ کانگریس لیڈران ٹوئٹر ہیش ٹیگ ’اسپیک اپ فار کووڈ نیائے‘ چلا کر اس معاملہ میں حکومت سے مختلف مطالبات کر رہے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’جب بھی عوام درد اور نقصان میں ہوتی ہے، حکومت ہند سو رہی ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے ‘کووڈ نیائے‘ کے لئے آواز اٹھانے کی اپیل کی۔

04 Dec 2021, 12:03 PM

اومیکرون کے پیش نظر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ ملتوی

بی سی سی آئی نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقہ کا دورے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے خطرے کے پیش نظر ملتوی کر دیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے سکریٹری جے شاہ نے اس کی تصدیق کی۔ ہندوستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ دورے پر تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور چار ٹی - 20 مقابلے کھیلنے تھے۔ دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


04 Dec 2021, 10:51 AM

راہل گاندھی کا اتراکھنڈ دورہ، 16 دسمبر کو دہرادون میں کریں گے جلسہ عام سے خطاب

اتراکھنڈ کانگریس کے صدر گنیش گودیال نے اطلاع دی ہے کہ راہل گاندھی ریاست کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی 16 دسمبر کو اتراکھنڈ کا دورہ کریں گے اور راجدھانی دہرادون میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

04 Dec 2021, 9:57 AM

’ایک ہفتہ کے اندر ویکسین کی ایک خوراک ضرور لگوا لیں ورنہ عوامی مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ملے گی‘

تمل ناڈو کے مدورائی میں کلکٹر انیش شیکھر نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ایک ہفتہ کے اندر اندر کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ضرور لگوا لیں بصورت دیگر انہیں عوامی مقامات مثلاً ہوٹل، شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی اداروں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔