اہم خبریں: شمسی توانائی کی صلاحیت میں راجستھان اول، ریاست کے باشندوں کو وزیر اعلی گہلوت کی مبارک باد

اشوک گہلوت / یو این آئی
اشوک گہلوت / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

22 Sep 2021, 6:31 PM

شمسی توانائی کی صلاحیت میں راجستھان اول، ریاست کے باشندوں کو وزیر اعلی گہلوت کی مبارک باد

جے پور: راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ملک میں ریاست کو شمسی توانائی میں پہلے مقام پر آنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی۔ اشوک گہلوت نے آج سوشل میڈیا کے ذریعہ اس پر ریاست کے عوام کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ راجستھان 7738 میگاواٹ شمسی توانائی کی صلاحیت قائم کرکے ملک میں پہلے مقام پر آیا ہے۔ یہ ہماری حکومت کے ذریعہ نافذ کی گئی شمسی توانائی پالیسی 2019 اور راجستھان انویسٹمنٹ پروموشن پالیسی 2019 کا نتیجہ ہے۔ میں اس حصولیابی کے لئے ریاست کے تمام لوگوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔

22 Sep 2021, 5:31 PM

غیر قانونی شراب کے کاروبار میں ملوث 5 گرفتار

بستی: اترپردیش کے ضلع بستی میں پولیس نے غیر قانونی شراب کے کاروبار میں ملوث پانچ ملزمین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 64 لیٹر شراب برآمد کی ہے۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ پولیس نے پرشورام پور علاقے سے شیوکمار، گور علاقے سے رام شبد یادو عرف میڑھئی، کپتا ن گنج علاقے سے منوج اور رودھولی پولیس نے شیامانند، مہیش کمار کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 64 لیٹر کچی شراب برآمد کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے برآمد شراب کو تلف کر کے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔

22 Sep 2021, 4:45 PM

آمدنی دوگنی تو دور کسان فصل کی لاگت بھی نہیں نکال پا رہے، پرینکا گاندھی

بی جے پی کے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کر دینے کے دعوؤں کے حوالہ سے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یوپی میں آلو کسان بری طرح پریشان ہے اور حکومت کوئی مدد نہیں کر رہی۔ پرینکا نے کہا، ’’دیگر کسانوں کی طرح یوپی کے آلو کسان بھی پریشان ہیں۔ محنت سے اگایا گیا آلو انہیں کوڑیوں کے دام بیچنا پڑ رہا ہے۔ بی جے پی حکومت اسٹیج اور اشتہارات میں کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے جیسی باتیں کرتی ہے لیکن آمدنی دوگنی تو دور کسان فصل کی لاگ بھی نہیں نکال پا رہے ہیں۔‘‘


22 Sep 2021, 3:50 PM

سن رائزرس حیدرآباد کے کھلاڑی ٹی نٹراجن کورونا سے متاثر

سن رائزرس حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ٹی نٹراجن کورونا کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد نٹراجن نے خود کو دوسرے کھلاڑیوں سے علیحدہ کر لیا ہے۔ فی الحال ان میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔ طبی ٹیم نے ان کے رابطہ میں آنے والے 6 افراد کی شناخت کی ہے۔‘‘

22 Sep 2021, 2:12 PM

مدھوبنی میں بڑی تعداد میں کورونا کیسز پائے جانے کی رپورٹ غلط، وزیر صحت بہار

بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے نے کہا، ’’مدھوبنی میں بڑی تعداد میں کورونا کیسز پائے جانے کی جو خبر گردش کر رہی ہے وہ غلط ہے۔ مدھوبنی میں کل تقریباً 148 نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے جن میں ایک بھی پازیٹو نہیں پایا گیا۔‘‘


22 Sep 2021, 1:18 PM

معروف عالم مولانا کلیم صدیقی تبدیلی مذہب معاملہ میں گرفتار

مظفرنگر کے پھلت سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین مولانا کلیم صدیقی کو تبدیلی مذہب کے معاملہ میں میرٹھ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں گزشتہ شب اے ٹی ایس نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ میرٹھ میں کسی تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔ پولیس کا الزام ہے کہ کلیم صدیقی تبدیلی مذہب کے لئے غیر ملکی فنڈ حاصل کر رہے تھے۔ مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

22 Sep 2021, 11:09 AM

دہلی میں کورونا اور ڈینگی کی صورت حال قابو میں ہے، وزیر صحت

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا ہے کہ دہلی میں گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال ستمبر کے مہینے میں ڈینگی بخار کے کیسز قدر کم رپورٹ ہوئے ہیں اور تاحال قومی راجدھانی میں صورت حال قابو میں ہے۔

ستیندر جین نے کہا، ’’اس سال ستمبر کے مہینے میں ( یکم سے 19 ستمبر تک) ڈینگی بخار کے 87 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ گزشتہ سال 188 معاملے درج کئے گئے تھے۔ اس سال ستمبر کے مہینے میں ڈینگی بخار کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد قدم کم ہے۔ قومی راجددھانی میں کورونا کی صورت حال قابو میں ہے۔‘‘


22 Sep 2021, 9:50 AM

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 26964 نئے کیسز، 383 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26964 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران 34167 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 383 افراد کی جان چلی گئی۔

ہندوستان میں فی الحال کورونا کے 3 لاکھ ایک ہزار 989 کیسز فعال ہیں اور یہ تعداد گزشتہ 186 دنوں میں سب سے کم ہے۔ اب تک 3 کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ افراد اس مہلک وبا کو مات دے چکے ہیں جبکہ جان گنوانے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔