اہم خبریں: روسی یونیورسٹی میں ہوئی فائرنگ میں آٹھ افراد ہلاک

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

20 Sep 2021, 5:31 PM

روسی یونیورسٹی میں ہوئی فائرنگ میں آٹھ افراد ہلاک

ماسکو: روسی شہر پرم کی ایک یونیورسٹی میں مسلح شخص کی پیر کی صبح فائرنگ میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیٹرینکو نے یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ فائرنگ میں پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ پیٹرینکو نے بتایا کہ آٹھ افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

20 Sep 2021, 4:31 PM

اسپیشل سیل نے کوکی نیشنل فرنٹ کے ایک انتہا پسند کو کیا گرفتار

نئی دہلی: دہلی پولس کے اسپیشل سیل نے ممنوعہ جنگجو تنظیم کوکی نیشنل فرنٹ کے ایک جنگجو کو گرفتار کیا ہے۔ اسپیشل سیل کے ایک افسر نے پیر کے روز بتایا کہ کوکی نیشنل فرنٹ کے گرفتار جنگجو کی شناخت منگھولم کیپگن عرف ڈیوڈ کیپگین کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ منی پور کے مختلف تھانہ علاقوں میں پولس سے اسلحہ چھیننا، زر تاوان کی وصولی، فائرنگ، بھتہ خوری، ڈکیتی سمیت مختلف فوجداری مقدمات میں مطلوب تھا۔

20 Sep 2021, 3:00 PM

ریل سے کٹ کر دو طالبات کی موت

بھرت پور: راجستھان میں بھرتپور ضلع کے ندبئی میں پیر کی صبح ریل سے کٹ کر دو اسکولی طالبات کی موت ہوگئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ندبئی کے سرکاری گرلز ہاسٹل میں رہنے والی دسویں جماعت کی طالبہ کالبہ جاٹو اور کرشما جاٹو اپنے ہاسٹل سے اسکول کے لئے نکلی تھیں لیکن ہلینا روڈ پر ریلوے لائن عبور کرتے وقت دونوں ٹرین کی زد میں آگئیں جس سے دونوں طالبان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے دونوں طالبات کی لاشیں قبضے میں لیکر معاملہ کے جانچ شروع کردی ہے۔ اس دردناک حادثے کے بعد قصبے میں غم کا ماحول ہے۔


20 Sep 2021, 11:51 AM

چرنجیت چنّی بنے پنجاب کے 17 ویں وزیر اعلیٰ

چرنجیت چنّی نے آج ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب آج راج بھون میں صبح 11 بجے تھی، جہاں گورنر بنواری لال پروہت نے چرنجیت چنّی کو اپنے عہدے کا حلف دلایا۔

20 Sep 2021, 11:32 AM

روس میں حکمراں ’یونائیٹڈ رشیا پارٹی‘ کو سبقت

ماسکو: روس میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں حکمران ’یونائیٹڈ رشیا پارٹی‘ نے برتری حاصل کر لی ہے۔ روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 30 فیصد بیلٹ پیپرزکی گنتی کے بعد ’یونائیٹڈ رشیا پارٹی‘ 45.09 فیصد ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ ’کمیونسٹ پارٹی آف رشیا فیڈریشن‘ 21.88 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ’لبرل ڈیموکریٹک پارٹی آف رشیا‘ نے اب تک 8.37 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف ’اے جسٹ روس - فار ٹروتھ سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی‘ 7.38 فیصد ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ وہیں نیو پیپلز پارٹی کو ووٹوں کی گنتی میں اب تک 6.35 فیصد ووٹ ملے ہیں۔


20 Sep 2021, 8:55 AM

کابل میں سول سوسائٹی اور خواتین سماجی کارکنان کا مظاہرہ

کابل: ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان کے خلاف سب سے زیادہ آواز وہاں کی خواتین اٹھا رہی ہیں۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سول سوسائٹی اور خواتین سماجی کارکنان نے مظاہرہ کیا ہے۔ خواتین کا یہ مظاہرہ وزارت خواتین امور کی عمارت کے باہر کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاج کر رہی خواتین نے تعلیم اور کام کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کیا۔ خیال رہے طالبان نے کابل پر اقتدار حاصل کرنے کے بعد خواتین کے حقوق بتدریج سلب کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔