اہم خبریں LIVE: عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضی پر سماعت 27 جولائی تک ملتوی

دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

04 Jul 2022, 10:35 PM

عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضی پر سماعت 27 جولائی تک ملتوی

دہلی ہائی کورٹ نے 2020 کے دہلی تشدد کے پیچھے مبینہ بڑی سازش کے سلسلے میں جے این یو طالب علم و سماجی کارکن عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیوں پر سماعت پیر کو 27 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس رجنیش بھٹناگر کی خصوصی بنچ کو عمر کالد کے وکیل کے ذریعہ مطلع کیے جانے کے بعد کہ سینئر وکیل تریدیپ پیس کووڈ-19 پازیٹو پائے گئے ہیں، ضمانت عرضیوں پر بحث 27 جولائی کی تاریخ سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

04 Jul 2022, 9:42 PM

بی جے پی کی کھلی بدعنوانی نے ہزاروں نوجوانوں کے خوابوں کو تباہ کیا: راہل گاندھی

کرناٹک پی سی آئی بھرتی گھوٹالے کو لے کر راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ بی جے پی کی کھلی بدعنوانی اور ’ملازمتوں کی فروخت‘ نے کرناٹک میں ہزاروں نوجوانوں کے خوابوں کو تباہ کر دیا۔ راہل نے وزیر اعلیٰ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ سوال پوچھا کہ پی ایم نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟ کیا یہ بی جے پی حکومت کا ’سب کھائیں گے، سب کو کھلائیں گے‘ لمحہ ہے؟

04 Jul 2022, 3:17 PM

کانگریس ایم وی اے اتحاد سے علیحدہ نہیں ہوگی، ایچ کے پاٹل

کانگریس پارٹی کے انچارج مہاراشٹر ایچ کے پاٹل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ کانگریس پارٹی ایم اے (مہا وکاس اگھاڑی) اتحاد سے علیحدہ ہونے جا رہی ہے۔ پاٹل نے کہا، ’’میں کچھ خبریں دیکھی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ کانگریس پارٹی ایم وی اے اتحاد سے باہر ہونے جا رہی ہے۔ یہ غلط ہے۔ کانگریس نے اس طرح کی کوئی بحث نہیں کی ہے اور نہ ہی کوئی فیصلہ لیا ہے۔ ایم وی اے اتحاد مستحکم ہے۔‘‘


04 Jul 2022, 12:47 PM

حزب اختلاف کے الزام پر فڈنویس کا جواب ’ہاں یہ ای ڈی حکومت ہے!‘

مہاراشٹر اسمبلی میں ایکناتھ شندے نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔ تحریک اعتماد کے دوران حزب اختلاف نے ای ڈی، ای ڈی کے نعرے لگاتے ہوئے شندے حکومت کو ای ڈی حکومت قرار دیا۔ اس کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اعتراف کیا کہ ’ہاں یہ ای ڈی حکومت ہے۔‘ انہوں نے کہا ’’لوگ طنز کر رہے ہیں کہ یہ ای ڈی حکومت ہے۔ ہاں یہ ای ڈی حکومت ہے ایکناتھ، دیویندر کی حکومت۔‘‘

04 Jul 2022, 11:38 AM

ہنگامہ آرائی کے درمیان ایکناتھ شندے نے اسمبلی میں حاصل کیا اعتماد کا ووٹ، 164 ارکان نے کی حمایت

ایکناتھ شندے کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔ انہیں مطلوبہ 144 ارکان اسمبلی سے زیادہ کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر 164 ارکان نے ایکناتھ کے حق میں ووٹ دیا۔ اب تحریک اعتماد کے خلاف ووٹ کرنے والے ارکان کی تعداد شمار کی جائے گی۔ دریں اثنا، حزب اختلاف کے ارکان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی اور ای ڈی ای ڈی کے نعرے لگائے۔


04 Jul 2022, 10:53 AM

ادے پور میں کرفیو میں 12 گھنٹے کی نرمی

راجستھان کے ادے پور شہر میں کنہیا لال قتل کیس سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پیر کو مختلف تھانہ علاقوں میں نافذ کرفیو میں 12 گھنٹے کی نرمی کی گئی۔ شہر کے دھان منڈی، گھنٹہ گھر، ہاتھی پول، امباماتا، سورج پول، ساوینا، بھوپال پورہ، گووردھن ولاس، ہیرن مگری، پرتاپ نگر اور ساوی پورہ میں آج صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی۔

ان علاقوں میں لوگ دکانوں پر اپنی ضرورت کے سامان کی خریداری کرتے نظر آئے۔ اتوار کو کرفیو میں صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک نرمی کی گئی۔ اس دوران امن رہا۔

04 Jul 2022, 10:38 AM

ہماچل کے کلو میں بس کھائی میں گر جانے سے دلخراش حادثہ، اسکولی بچوں سمیت 16 افراد جان بحق

ہماچل پردیش کے کلو میں بس کھائی میں گر جانے سے دلخراش حادثہ پیش آیا۔ بس میں 45 افراد سوار تھے، جن میں سے اب تک 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بس میں کچھ بچے بھی موجود تھے جو اسکول جا رہے تھے۔ یہ نجی بس سڑک سے گزرتے ہوئے نیچے کھائی میں جا گری۔


04 Jul 2022, 9:45 AM

ڈنمارک کے شاپنگ مال میں فائرنگ،3 افراد ہلاک

ڈنمارک کے کوپن ہیگن کے سب سے بڑے شاپنگ مال میں ایک بندوق بردار نے فائرنگ کر دی جس میں تین افراد کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس چیف سورین تھامسن نے بتایا کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک رائفل اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس بات کے کوئی اشارہ نہیں ہیں کہ واقعے میں دیگر حملہ آور بھی ملوث تھے۔ انہوں نے دکان کے مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ویڈیو کی نگرانی فوٹیج کو محفوظ رکھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔