اہم خبریں LIVE: کانگریس صدر عہدہ کے لیے نامزدگی کا عمل مکمل، ملکارجن کھڑگے نے بھی بھرا پرچہ

مدھوسودن مستری، تصویر آئی اے این ایس
مدھوسودن مستری، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

30 Sep 2022, 5:19 PM

کانگریس صدر عہدہ کے لیے نامزدگی کا عمل مکمل

کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین مدھوسودن مستری نے صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ جن تین امیدواروں نے صدر عہدہ کے لیے نامزدگی کا پرچہ داخل کیا ہے، ان میں ملکارجن کھڑگے، ششی تھرور اور جھارکھنڈ کے کانگریس لیڈر کے این ترپاٹھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملکارجن کھڑگے کی طرف سے نامزدگی کے 14 پرچے داخل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ششی تھرور کی طرف سے 5 اور کے این ترپاٹھی کی طرف سے 1 نامزدگی کے پرچے داخل کیے گئے ہیں۔

30 Sep 2022, 4:14 PM

بنگلورو میں گاندھی جینتی کے موقع پر مویشیوں کے ذبیحہ اور گوشت کی فروخت پر پابندی

کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں گاندھی جینتی کے موقع پر مویشیوں کے ذبیحہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ بی بی ایم پی (برہت بنگلورو مہانگر پالیکے) کی جانب سے جاری کردہ حکم کے مطابق شہر میں 2 اکتوبر کے موقع پر مویشیوں کو ذبح نہیں کیا جائے گا اور گوشت کی فروخت پر پابندی رہے گی۔

30 Sep 2022, 3:23 PM

وڈودرا میں پی ایف آئی سے وابستہ مدرسہ پر گجرات اے ٹی ایس نے لگائی سیل

گجرات کے شہر وڈودرا میں ایک مدرسہ پر پی ایف آئی سے تعلقات ہونے کی بنا پر سیل لگا دی گئی ہے۔ اس مدرسہ کے خلاف وڈودرا پولیس اور گجرات اے ڈی ایس نے مشترکہ طور پر کارروائی کی۔ اے سی پی کرائم نے بتایا کہ پی ایف آئی سے وابستہ آل انڈیا امام کونس (اے آئی آئی سی) کو بین کر دیا گیا ہے۔ ہم نے مدرسہ میں تلاشی لی، جہاں اے آئی سی سی کا اجلاس منعقد ہوا تھا، اس کے بعد یہاں سیل لگا دی گئی۔ ٹرسٹیوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔


30 Sep 2022, 2:17 PM

اویسی پر حملہ کرنے والے ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی عرضی، سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو نوٹس جاری کیا

اے آئی ایم آئی ایم کے قومی صدر اسد الدین اویسی نے اپنے حملہ آوروں کی ضمانت کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اویسی کی عرضی پر ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس معاملے کے ملزم سچن شرما اور شوبھم گوجر کو الہ آباد ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں یوپی حکومت کو بھی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا ہے۔

30 Sep 2022, 12:59 PM

شرجیل امام کی درخواست ضمانت دہلی کی ساکیت عدالت سے منظور

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں مبینہ اشتعال انگیز بیان دینے والے شرجیل امام کی درخواست ضمانت دہلی کی ساکیت عدالت سے منظور کر لی گئی ہے۔ شرجیل امام پر 2019 میں سی اے اے/این آر سی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران اشتعال انگیز بیان دینے کا الزام ہے۔


30 Sep 2022, 11:47 AM

کابل کے تعلیمی ادارے کے قریب خودکش حملہ، دھماکہ میں 19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے دشت برچی میں واقع تعلیمی ادارے کے قریب خود کش دھماکہ ہوا، جس میں 19 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جس وقت حملہ ہوا طلبا یونیورسٹی کے پریکٹس امتحان میں بیٹھے تھے، اس علاقے میں رہنے والوں میں سے بہت سے ہزارہ اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ماضی کے حملوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ خودکش دھماکہ کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

30 Sep 2022, 10:20 AM

آر بی آئی کا ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس اضافہ کرنے کا اعلان

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ آر بی آئی نے فوری اثر سے پالیسی ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کر دیا ہے۔ جس کے بعد ریپو ریٹ 5.9 فیصد ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ آر بی آئی کے اس فیصلہ کے بعد بینک سے قرض حاصل کرنا مہنگا ہوگا اور عام لوگوں کے قرض کی قسطیں مزید مہنگی ہو جائیں گی۔


30 Sep 2022, 9:43 AM

ہندوستان میں کورونا کے 3947 نئے کیسز، فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار سے کم

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 3947 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ ملک بھر میں اب کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار سے کم ہو کر 39583 ہو گئی ہے۔

30 Sep 2022, 8:46 AM

بھارت جوڑو یاترا کے 532 کلومیٹر مکمل، آج کرناٹک میں داخل ہوں گے یاتری

کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا گزشتہ روز کیرالہ سے نکل کر تمل ناڈو میں داخل ہوئی اور آج وہ کرناٹک میں داخل ہونے جا رہی ہے۔ راہل گاندھی سمیت پارٹی سے وابستہ متعدد لیڈران اب تک 532 کلومیٹر کی یاترا مکمل کر چکے ہیں۔ آج یاترا چامراج نگر میں اوٹی-کالیکٹ جنکشن سے شروع ہوئی۔ اب یاترا کے 3038 کلومیٹر باقی رہ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔