اہم خبریں: معروف ادیب گوپی چند نارنگ کا امریکہ میں انتقال، دنیائے اردو سوگوار

گوپی چند نارنگ کی فائل تصویر
گوپی چند نارنگ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

15 Jun 2022, 11:45 PM

معروف ادیب گوپی چند نارنگ کا امریکہ میں انتقال، دنیائے اردو سوگوار

اردو ادب میں اعلیٰ مقام پر فائز مشہور و معروف ناقد گوپی چند نارنگ کا آج امریکہ میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے دنیائے اردو میں ماتم کا سماں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور واٹس ایپ گروپس پر تعزیت کا ایک دراز سلسلہ چل پڑا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 91 سالہ پروفیسر گوپی چند نارنگ کی تقریباً 5 درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور بیشتر اردو زبان میں لکھی گئی ہیں۔

15 Jun 2022, 9:30 PM

راہل گاندھی سے پوچھ تاچھ تیسرے دن بھی نہیں ہوئی ختم، اب جمعہ کو ہوگی ای ڈی دفتر میں حاضری

تیسرے دن بھی راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ مکمل نہیں ہو سکی۔ لگاتار تین دن ہوئی پوچھ تاچھ کے بعد اب ای ڈی نے راہل گاندھی سے کہا ہے کہ وہ 17 جون یعنی جمعہ کو ای ڈی دفتر میں آگے کی پوچھ تاچھ کے لیے پہنچیں۔ حالانکہ ای ڈی کے رویہ سے راہل گاندھی اور کانگریس کے سینئر لیڈران کافی ناراض ہیں۔ روزانہ تقریباً 10 گھنٹے چل رہی پوچھ تاچھ کو کانگریس پارٹی بلاوجہ بتا رہی ہے اور کانگریس کے کئی لیڈران نے تو اس پوچھ تاچھ کو محض راہل گاندھی کو پریشان کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

15 Jun 2022, 8:48 PM

آئرلینڈ دورہ کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان، ہاردک کو ملی کپتانی کی ذمہ داری

بی سی سی آئی نے آئرلینڈ دورہ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک بار پھر سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے اور کپتانی کی ذمہ داری ہاردک پانڈیا کو سونپی گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی-20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کر رہے رشبھ پنت کو بھی آئرلینڈ دورہ میں آرام دیا گیا ہے۔ ہندوستان کو آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی-20 میچوں کی سیریز 26 اور 28 جون کو کھیلنی ہے۔

آئرلینڈ دورہ کے لیے ہندوستانی ٹیم: ہاردک پانڈیا (کپتان)، بھونیشور کمار (نائب کپتان)، ایشان کشن، ریتوراج گائیکواڈ، سنجو سیمسن، سوریہ کمار یادو، ونکٹیش ایر، دیپک ہڈا، راہل ترپاٹھی، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، یجویندر چہل، اکشر پٹیل، روی بشنوئی، ہرشل پٹیل، اویس خان، عرش دیپ سنگھ، عمران ملک۔


15 Jun 2022, 7:59 PM

سارن میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے خاتون کی موت

چھپرہ: بہار میں سارن ضلع کے کوپا تھانہ علاقہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ منگل کی دیر رات کمنا گاﺅں باشندہ رنجیت یادو کی 32 سالہ اہلیہ رنجیتا دیوی اپنے گھر سے قضائے حاجت کرنے کے لئے کھیت میں جا رہی تھی۔ اسی دوران کھیت میں ٹوٹ کر گرے بجلی کے تار کی زد میں آنے سے رنجیتا دیوی بیہوش ہوکر وہیں گر گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی جانکاری ملنے پر اہل خانہ رنجیتا دیوی کو علاج کے لئے صدر اسپتال چھپرہ لیکر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرر دے دیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کرائے جانے کے بعد آج لاش اہل خانہ کو سونپ دی ہے۔ پولیس اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے جانچ کر رہی ہے۔

15 Jun 2022, 6:56 PM

دہلی میں پھر سے بڑھنے لگا کورونا، 1375 نئے معاملے آئے سامنے

آج دہلی میں کورونا وائرس کے 1,375 نئے کیس رپورٹ ہوئے، مثبت کی شرح بڑھ کر 7.01 فیصد ہوگئی۔ ایکٹو کیسز 3,643 ہیں۔


15 Jun 2022, 3:25 PM

اقتدار میں بیٹھے غنڈے کی پولیس غنڈہ گردی پر اتر آئی، کانگریس

کانگریس دفتر میں داخل ہونے اور لیڈران اور کارکنان کو گھسیٹ کر حراست میں لئے جانے پر پارٹی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا، ’’اقتدار کے تخت پر بیٹھے غنڈے کی پولیس غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔ کانگریس لیڈر ونیت پونیا کے ساتھ پولیس کی بربریت قابل مذمت ہے۔ سب یاد رکھا جائے گا، اس غندہ گردی کا کرارا جواب دیا جائے گا۔ وقت کا پہیہ ضرور پلٹے گا، کرارا جواب ملے گا۔‘‘

15 Jun 2022, 12:33 PM

ای ڈی دفتر پہنچے راہل گاندھی، پارٹی دفتر پر احتجاج کر رہے لیڈران زیرِ حراست

راہل گاندھی لگاتار تیسرے دن سوالات کا سامنا کرنے کے لئے ای ڈی دفتر پر پہنچ گئے ہیں۔ دریں اثنا، پارٹی دفتر سے ای ڈی کے دفتر تک مارچ نکالنے کی کوشش کرنے والے متعدد کانگریس لیڈران کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔


15 Jun 2022, 12:33 PM

دہلی پولیس نے کانگریس کی خواتین لیڈران کو بھی حراست میں لیا

کانگریس پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا، ’’کانگریس کی خواتون لیڈران ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کے نعرے پر عمل کر رہی ہیں اور تاناشاہ بی جے پی حکومت کے خلاف لڑ رہی ہیں۔ نسوانی قوت کے ساتھ ملک بھاجپائی ظلم و ستم کو کرارا جواب دے گا۔‘‘

15 Jun 2022, 11:54 AM

راہل گاندھی ای ڈی دفتر کے لئے روانہ

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی ای ڈی کے دفتر روانہ ہو گئے ہیں۔ پرینکا گاندھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ راہل گاندھی کو مسلسل تیسرے دن پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے سامنے پیش ہونا ہے۔


15 Jun 2022, 11:54 AM

کانگریس دفتر پر پارٹی لیڈران زیرِ حراست

کانگریس کے صدر دفتر سے نکلتے ہی کانگریس کے متعدد لیڈران کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس دوران پولیس اہلکاروں اور لیڈران کے درمیان کافی تو تو میں میں بھی ہوئی۔ پولیس نے کے سی وینوگوپال اور عمران پرتاپ گڑھی سمیت کئی لیڈروں کو حراست میں لیا ہے۔ کانگریس کی خواتین لیڈران کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

اس موقع پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے کہا ’’کیا ہم دہشت گرد ہیں؟ آپ ہم سے اتنا خوفزدہ کیوں ہیں؟ وہ کانگریس لیڈران کے خلاف پولیس فورس کا استعمال کر رہے ہیں۔‘‘

15 Jun 2022, 11:21 AM

کانگریس لیڈران کو پولیس نے گھر میں کیا نظر بند، دیپندر ہڈا کا گھر سیل

کانگریس لیڈروں کو دہلی پولیس نے 'گھر میں نظر بند' کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر دیپندر ہڈا کے گھر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ دیپندر ہڈا نے ٹوئٹ کیا، "میری دہلی کی رہائش گاہ کو دہلی پولیس نے آج صبح سے سیل کر دیا ہے، گھر پر خاندان کے ساتھ سینکڑوں حامی موجود ہیں۔ کیا دہلی میں پرامن مارچ کرنا جرم ہے؟‘‘

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ای ڈی آج مسلسل تیسرے دن پوچھ گچھ کرے گی۔ کانگریس لیڈروں کے مظاہرے کے پیش نظر پولیس سختی کر رہی ہے۔ مسلسل تین دنوں سے کانگریس قائدین اور کارکنان سڑک پر احتجاج کر رہے ہیں۔


15 Jun 2022, 9:46 AM

’راہل گاندھی حکومت کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، انہیں اسی لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے‘

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں آج لگاتار تیسرے دن ای ڈی کی جانب سے پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی کا پرزور احتجاج جاری ہے۔ دری اثنا، اے آئی سی سی (کل ہند کانگریس کمیٹی) کے صدر دفاتر میں کانگریس کے اہم لیڈران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر ہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے کہا ’’جو کچھ بھی ملک میں ہو رہا ہے ایسا میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔ یہ 8 سال تاریخ کا کالا دور ہے۔ ماحول دھماکاخیز ہو گیا ہے۔ گاوں میں لوگ پریشان ہیں اور احتجاج کر رہے ہیں، کرپشن کی حدیں پار ہو گئی ہیں۔ ان تمام باتوں سے توجہ ہٹانے کے لئے تقسیم کی سیاست کی جائے گی اور کیوں کہ راہل گاندھی تنہا حکومت کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، اس لئے ان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

گہلوت نے کہا ’’جو منظر نامہ بدلا ہے وہ بہت خوفناک ہے، ہم اپنے پارٹی دفتر بھی نہیں آ سکتے! ہمیں سوچنا پڑے گا ملک کس سمت جا رہا ہے! میں نے ایجنسیوں کے سربراہ سے وقت مانگا لیکن نہیں ملا۔ جبکہ کانگریس کے دور میں کوئی بھی مل سکتا تھا۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے کبھی اندرا گاندھی کو جیل بھیجا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا ’’وزیر اعظم صاحب حزب اختلاف کا مطالبہ ہے کہ قوم سے خطاب کریں اور ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔