اہم خبریں : آئی این ایس نے کی صحافیوں کے خلاف درج مقدموں کی مذمت

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

02 Feb 2021, 7:26 PM

آئی این ایس نے کی صحافیوں کے خلاف درج مقدموں کی مذمت

نئی دہلی: انڈین نیوز پیپر سوسائٹی (آئی این ایس) نے کسان تحریک کی رپورٹنگ کرنے والے سینئر مدیروں اور صحافیوں کے خلاف درج ایف آئی آر کی سخت مذمت کی ہے۔ آئی این ایس کے جنرل سکریٹری میری پول کی جانب سے منگل کو جاری سرکاری پریس ریلیز کے مطابق آئی این ایس کے صدر ایل آدیمولم نے دہلی، اترپردیش اور مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے صحافیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ آئی این ایس نے اترپردیش اور مدھیہ پردیش حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں تاکہ پریس کے حقوق پر روک لگانے کی حالت نہ پیدا ہو اور میڈیا بغیر خوف کے اپنا فرض ادا کریں۔ واضح رہے کہ یوم جمہوریہ کے دن کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہوئے تشدد کو بھڑکانے، قابل اعتراض اور گمراہ کن خبریں پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے اترپردیش اور مدھیہ پردیش میں چھ صحافیوں کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

02 Feb 2021, 6:23 PM

مشرقی چمپارن میں پک اپ وین کے پلٹنے سے دو کی موت، چھ زخمی

موتیہاری: بہار میں مشرقی چمپارن ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں منگل کو پک اپ وین کے پلٹ جانے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ پک اپ وین پر سوار لوگ جا رہے تھے، تبھی موتیہاری ۔ لکھورا اہم شاہراہ پر پک اپ وین پلٹ گئی۔ اس واقعے میں دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے مرنے والوں کی شناخت لاکھورا تھانہ علاقہ کے پھلوار گاﺅں باشندہ اودھیش ساہ کے 28 سالہ بیٹے اپندر ساہ اور مختار ساہ کے 19 سالہ بیٹے اروند کمار کے طورپر کی گئی ہے۔ واقعہ کے بعد پک اپ ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے موتیہاری صدر اسپتال بھیج دی ہے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

02 Feb 2021, 5:34 PM

برڈ فلو کے باعث لال قلعہ اگلے احکامات تک بند رہے گا

برڈ فلو کی وجہ سے لال قلعہ سیاحوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اس کمپلیکس میں 20 کوے فوت ہوگئے تھے۔ معلومات کے مطابق لال قلعہ کمپلیکس میں اب تک مجموعی طور پر 60 پرندے مردہ پائے گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ریڈ فورٹ کمپلیکس کو اگلے احکامات تک سیاحوں اور عام شہریوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

ریڈ فورٹ کمپلیکس میں کام کرنے والے ایک عہدیدار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ، "لال قلعہ کمپلیکس میں ہر روز مردہ پرندے پائے جا رہے ہیں۔ اب تک 60 کے قریب پرندے مردہ پائے گئے ہیں۔ نیز، لال قلعہ کمپلیکس میں پالتو جانوروں کی ٹیم بھی تفتیش کر رہی ہے قومی ٹیم سے بات کرنے کے بعد ، یہ فیصلہ کیا گیا کہ جب تک لال قلعے کی صورتحال معمول بن نہیں جاتی ہے ، لال قلعہ اس وقت تک بند رہے گا۔ "


02 Feb 2021, 4:34 PM

جاپان میں برڈ فلو کے سبب مرغیوں کو کیا جائے گا ہلاک

ٹوکیو: جاپان میں برڈ فلو کے پھیلنے کے دوران صوبہ اباراکی میں تقریباً 840000 مرغیوں کو ماردیا جائے گا۔ جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی نے منگل کو یہاں اطلاع دی ہے کہ پیر کے دن ایباراکی میں ایک پولٹری فارم میں ایک درجن سے زیادہ مرغیاں مردہ پائی گئیں ہیں۔ اسی وجہ سے اباراکی اس موسم سرما میں برڈ فلو کے معاملے والا 17 واں صوبہ بن گیا ہے۔ جاپان کے این ایچ کے براڈکاسٹر نے اطلاع دی ہے کہ شیروسوٹو شہر میں واقع پولٹری فارم نے منگل کی صبح سے مرغیوں کو مارنا شروع کردیا۔ اس کے علاوہ صوبہ ایباراکی نے پولٹری فارم سے تقریبا تین کلومیٹر (1.8 میل) کے دائرے کو ’کنٹینمنٹ زون‘ قرار دیا ہے، جہاں مرغی اور انڈوں کو لانا ممنوع ہے۔

02 Feb 2021, 3:29 PM

آسٹریلیا کے جنگلوں میں آتشزدگی سے 30 مکانات تباہ

کینبرا: مغربی آسٹریلیا کے پرتھ ہلس کے جنگلوں میں لگی آگ سے کم سے کم تیس گھر مکمل طور سے جل کر تباہ ہوگئے ہیں۔ سٹی آف سوان کے میئر کیون بیلی نے یہ اطلاع اے بی سی براڈ کاسٹر کو دی۔ بیلی کے مطابق سات ہزار ہیکٹر سے زیادہ رقبہ جل کر خاک ہوگیا اور ہزاروں افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ کیون بیلی کے میئر نے بتایا کہ "آگ سے کچھ اہم جائیدادوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہم صرف اعدادوشمار کی تصدیق کے منتظر ہیں لیکن کم از کم 30 سے ​​زیادہ گھروں کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا گیا ہے۔" براڈ کاسٹر کے مطابق بے قابو جنگل کی آگ سے مزید املاک کو نقصان پہنچنے کا اندازہ ہے۔ ابھی تک آگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔


02 Feb 2021, 2:30 PM

تلنگانہ میں کووڈ- 19 کے 152 نئے معاملات درج

حیدرآباد2: تلنگانہ میں کووڈ 19کے 152نئے معاملات درج کیے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 2,94,739ہوگئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر1,602 ہوگئی ہے کیونکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید ایک موت ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 221 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,91,115 ہوگئی ہے۔

02 Feb 2021, 1:33 PM

سکم میں زلزلے کے جھٹکے

گنگٹوک: مغربی سکم میں منگل کو درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریختر پیمانے پر زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی یُک سم میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز 82.75 ڈگری شمالی عرض البلد اور 87.45 مشرقی طول البلد اور سطح زمیں سے 151 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ زلزلے سے ابھی تک کسی کے متاثر ہونے اور نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔


02 Feb 2021, 12:27 PM

پاکستان کو چین سے ملی ویکسین، بدھ سے شروع ہوگی ٹیکہ کاری

اسلام آباد: چین سے کووڈ۔ 19 ویکسین کی پانچ لاکھ خوراک پاکستان پہنچنے کے بعد بدھ سے ٹیکہ کاری مہم شروع کی جائے گی۔ پاکستانی فضائیہ کے ایک خصوصی طیارے سے پیر کی صبح ویکسین کی پہلی کھیپ یہاں پہنچی۔ پاکستان کے روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کل نور خان ہوائی اڈے پر منعقدہ ایک تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ کی جانب سے سنوفارما ویکسین کی پانچ لاکھ خوراک وصول کی ہیں۔

02 Feb 2021, 11:03 AM

شیئر بازار میں دھوم، 12 دن کے اندر سنسیکس دوسری بار 50 ہزار کے پار

مرکزی بجٹ پیش ہونے کے بعد اگر کہیں اس کا سب سے بڑا فائدہ دیکھنے کو مل رہا ہے، تو وہ شیئر بازار ہے۔ شیئر بازار میں ریکارڈ تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق سنسیکس میں 1403 پوائنٹ کا زبردست اُچھال درج کیا گیا ہے اور یہ 50004.06 پر پہنچ گیا ہے۔ 12 دن کے اندر یہ دوسری مرتبہ ہے جب سنسیکس نے 50 ہزار کو پار کیا۔ اس سے قبل انڈیکس نے 21 جنوری کو 50184 کی ریکارڈ سطح کو چھوا تھا۔


02 Feb 2021, 10:10 AM

راجیہ سبھا چیئرمین نے ’کسان تحریک‘ پر بحث کے مطالبہ کو کیا نامنظور، اپوزیشن کا ہنگامہ

زرعی قوانین کے خلاف ہو رہے کسانوں کے مظاہرہ پر راجیہ سبھا چیئرمین ونکیا نائیڈو نے کانگریس سمیت دوسری اپوزیشن پارٹیوں کے ’سسپنشن آف بزنس‘ نوٹس کو منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پر کل سبھی کو بولنے کا موقع دیا جائے گا۔ کانگریس، ترنمول کانگریس اور آر جے ڈی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے کسانوں کے مظاہرہ پر آج ہی بحث کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ونکیا نائیڈو کے ذریعہ نوٹس کو نامنظور کیے جانے کے بعد اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ شروع کر دیا۔ ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی صبح 10.30 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

02 Feb 2021, 8:13 AM

اتر پردیش کے جونپور میں اندھادھند فائرنگ، سماجوادی پارٹی لیڈر کا قتل

اتر پردیش کے جونپور میں بے خوف بدمعاشوں کی دہشت آج اس وقت دیکھنے کو ملی جب سٹی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر سماجوادی پارٹی لیڈر بالا یادو عرف لکھندر کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق موقع پر تقریباً نصف درجن بدمعاش پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولس وہاں پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ قاتلوں کے بارے میں ابھی کچھ بھی جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔