اہم خبر: منور رانا کی بیٹیاں سمیہ و فوزیہ ’شاہین باغ مظاہرہ‘ میں ہوئیں شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

27 Jan 2020, 8:33 PM

منور رانا کی بیٹیاں سمیہ و فوزیہ ’شاہین باغ مظاہرہ‘ میں ہوئیں شامل

دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرہ اپنی شدت کے ساتھ جاری ہے اور آج اس میں مشہور شاعر منور رانا کی بیٹیاں سمیہ و فوزیہ شریک ہوئیں۔ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فوزیہ رانا نے کہا کہ ’’ہم نے لکھنؤ میں دھرنا دیا، آواز اٹھانے پر اتر پردیش حکومت نے ہم پر ایف آئی آر درج کی اور 4-4 دفعات لگائے گئے۔‘‘ اس موقع پر طنز کرتے ہوئے فوزیہ نے کیس درج کرنے کے لیے اتر پردیش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

27 Jan 2020, 8:10 PM

جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہندوستان اور آئین کے نظریات کے خلاف: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے ایک نمائندہ وفد نے آج قومی حقوق انسانی کمیشن سے ملاقات کی اور اتر پردیش میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے تعلق سے انھیں تفصیلی جانکاری دی۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک منظم عمل جاری ہے۔ وہ لوگوں کو بے رحمی سے مارنے کے لیے پولس متر کو شامل کر رہے ہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہندوستان اور آئین کے نظریات کے خلاف ہے۔

27 Jan 2020, 7:09 PM

مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے لگوایا متنازعہ نعرہ

دہلی اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سبھی پارٹیاں تشہیری عمل میں مصروف ہیں۔ اسی دوران ہماچل پردیش کے حمیر پور لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر نے دہلی میں منعقد ایک ریلی میں متنازعہ نعرے لگوائے۔ ایک طرف جہاں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، وہیں انوراگ ٹھاکر نے لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے ایک نعرہ لگوایا جس میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ انھوں نے مائک پر زور سے کہا ’دیش کے غداروں کو‘، پھر ریلی میں شامل لوگوں کی طرف سے آواز آئی ’گولی مارو سالوں کو‘۔


27 Jan 2020, 5:28 PM

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مغربی بنگال اسمبلی میں بھی قرارداد پاس

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مغربی بنگال اسمبلی میں قرارداد آج پاس ہو گیا۔ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’یہ مخالفت صرف اقلیتوں کی ہی نہیں ہے بلکہ سبھی کی طرف سے ہے۔ اس قانون کی مخالفت کرنے کے لیے میں اپنے ہندو بھائیوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ بنگال میں ہم سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم امن سے اس کے خلاف لڑائی لڑیں گے۔‘‘

27 Jan 2020, 4:05 PM

افغانستان: اریانا افغان ائیر لائنس کا مسافر طیارہ حادثہ کا شکار، 83 لوگ تھے سوار

افغانستان کے غزنوی علاقہ میں اریانا افغان ائیر لائنس کا ایک مسافر طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس میں کرو ممبر سمیت 83 افراد سوار تھے۔ یہ حادثہ دیہہ یاک ضلع میں سرزد ہوا۔ یہ علاقہ طالبان کے کنٹرول میں ہے۔ اسپیشل فورس کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔


27 Jan 2020, 2:10 PM

سی اے اے آئین کی بنیادی ڈھانچے کے خلاف: یشونت سنہا

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کا کہنا ہے کہ ’’شہریت ترمیمی قانون آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے۔ شہریت قانون میں اس طرح کی ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں تھی، کیونکہ حکومت ہند کے پاس پہلے سے ہی کسی کو بھی شہریت دینے کی طاقت تھی۔ اس قانون کو نافذ نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

27 Jan 2020, 1:01 PM

ہانگ کانگ کے اسپتال میں بم دھماکہ

بیجنگ: ہانگ کانگ کے ایک اسپتال میں بم دھماکہ ہونے کے بعد پولیس اس واردات کو انجام دینے والے کی تلاش کر رہی ہے۔ ہانگ کانگ کے ایک اسپتال میں اتوار کی شام ایک دیسی بم سے دھماکہ ہوا تھا، غنیمت رہی کہ اس دھماکے میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ دی ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے پیر کو اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ اخبار نے اسپتال کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا، ’’اسپتال اور ایمرجنسی محکمے میں تعینات ملازمین نے عوامی بیت الخلا میں دھماکے کی تیز آواز سنی۔ اسپتال نے فوراً اس بارے میں پولیس کو اطلاع دی۔

ترجمان نے کہا،’’ہم سوچی سمجھی سازش کے تحت کی گئی اس کارروائی کی مذمت کرتےہیں، جس سے اسپتال کو نقصان پہنچا اور مریضوں کی تحفظ پر خطرہ پیدا ہوا۔ موقع پر پہنچے ماہرین نے کہا کہ یہ ایک دیسی بم سے کیا گیا دھماکہ تھا۔ جائے وقوع پر بیٹری اور الیکٹرانک سرکٹ کے ساتھ کانچ کی ٹوٹی بوتل ملی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ بم بہت کم طاقت والاتھا۔ واقعہ کے بعد اسپتال میں معمول کے مطابق کام کاج جاری ہے۔


27 Jan 2020, 12:45 PM

حیدرآباد میں جسم فروشی کے اڈہ پر پولیس کا چھاپہ

حیدرآباد: پولیس نے آن لائن جسم فروشی کے اڈہ کا پتہ چلاتے ہوئے اس پرچھاپہ مارا اور اس اڈہ کے آرگنائزر سمیت گاہکوں کو حراست میں لے لیا۔ کوکٹ پلی ہوزنگ بورڈ کالونی کے سرکل انسپکٹر لکشمی نارائنا نے بتایا کہ کوکٹ پلی، پرگتی نگر کے رہنے والے آرکرشنا، ایک خاتون کے ساتھ روڈ نمبر ایک کے ایک فلیٹ کو کرایہ پر حاصل کیا تھا اور اس کو ہیرسیلون واسپا کا نام دیا۔ جسٹ ڈائل، سُلیکھا آن لائن ایپ کے ذریعہ گاہکوں کی بکنگ کی جاتی تھی اور جسم فروشی کا کام کیا جاتا تھا۔ سماجی رابطہ کی سائٹس کی مدد سے لڑکیوں کی تصاویر گاہکوں کو بھیجی جاتی تھی۔ جسم فروشی کے اڈہ پر گاہکوں سے بڑے پیمانہ پر رقم وصول کی جاتی تھی۔ آن لائن جسم فروشی کا اڈہ چلانے کی اطلاع پر پولیس نے اس پر چھاپہ مارا اور آرگنائزر سمیت لڑکے اور لڑکیوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1,36,160 روپئے بھی ضبط کیے۔

27 Jan 2020, 12:13 PM

عراق میں امریکی سفارت خانے پر میزائل حملے، امریکہ مستعد

واشنگٹن: امریکہ نے عراق کی راجدھانی بغداد میں امریکی سفارتخانے پر میزائل حملے کے بعد ایران حامی مسلح گروپوں کے مبینہ خطرے کے سلسلے میں چوکس ہے۔ دی عراق ال سماریا ٹی وی نے اتوار کی صبح بتایا کہ عراق کی راجدھانی بغداد کے غیر محفوظ علاقے میں واقع امریکی سفارتخانے پر سنیچر کی تاخیر شب ہوئے حملے میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ سفارتخانے کے سبھی ملازمین کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے باہر نکالا گیا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی علاقے میں راکٹ داغنے کی رپورٹ سے ہم واقف ہیں۔ ہم اپنی سفارتی سہولیات کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے عراق حکومت سے رابطہ قائم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019 میں امریکی ملازمین پر ایران اور ایران حامی شدت پسندوں کے 14 سے زائد مرتبہ حملے ہوئے ہیں۔


27 Jan 2020, 11:30 AM

کرنٹ لگنے سے کوبرا بٹالین کے جوان کی موت، 4 جھلسے

گیا: بہار میں گیا ضلع کے بار چٹّی تھانہ علاقے کے بروا ڈیہہ واقع کوبرا کیمپ میں ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے کوبرا بٹالین کے ایک جوان سُمیت کمار کی موت ہوگئی نیز تین دیگر جوان جھلس گئے۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ یوم جمہوریہ کے سلسلے میں کل کوبرا کیمپ میں پرچم کشائی کی گئی تھی۔ پرچم کشائی کے بعد پروگرام کی تیار چل رہی تھی تبھی وہاں سے گزر رہی ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے کوبرا بٹالین کے چار جوان جھلس گئے۔ سنگین طور پر جھلسے جوان سمیت کمار کی کو انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج اسپتال میں لے جاتے ہوئے راستے میں موت ہوگئی۔ تین جوانوں کی حالت خطے سے باہر بتائی جاتی ہے جن کا علاج کوبرا اسپتال میں چل رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے لئے لاش انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج اسپتال لے جائی گئی۔ مہلوک جوان مخدوم پور تھانہ علاقے کے بونکاری کلا گاؤں کا رہنے والا تھا۔ لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے۔

27 Jan 2020, 10:31 AM

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 80 ہوگئیں

بیجنگ: چین میں خطرناک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 ہوگئی جبکہ 2744 افراد متاثر ہیں۔ دریں اثنا چین نے وبا کو روکنے کے لیے عام تعطیل میں بھی توسیع کر دی ہے۔ حکام نے عام تعطیل کوختم کرنے کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب امریکہ میں کورونا وائرس کے 5 مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جن کا تعلق کیلیفورنیا، ایریزونا، الی نوائے اور واشنگٹن سے ہے۔ حکام کے مطابق 100 کے قریب مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ خطرناک اور تیزی سے پھیلتے وائرس کے پیش نظر فرانس نے متاثرہ ووہان شہر سے اپنے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔


27 Jan 2020, 10:08 AM

چین سے آنے والی سارن کی لڑکی میں کورونا وائرس کا خدشہ

چھپرہ: بہار کے سارن ضلع کے چھپرہ سٹی تھانہ علاقے کے ایک محلے کی ایک لڑکی میں جان لیوا کورونا وائرس پائے جانے کے خدشے کے پیش نظر بہتر علاج کے لئے اسے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا ہے۔ سارن کے سول سرجن مدھیشور نے آج یہاں بتایا کہ سٹی تھانہ علاقے کی 22 سالہ لڑکی چین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور وہ گزشتہ 22 جنوری کو یہاں آئی تھی۔ لڑکی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اسے دو دن قبل چھپرہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ طالبہ چین کے کورونا وائرس کی زد میں ہے۔

جھا نے بتایا کہ طالبہ کو اسپتال میں داخل کرنے کے بعد پوری چوکسی برتی گئی اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کی جانچ کی۔ انہوں نے بتایا کہ طالبہ کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد کل شام اسے بہتر علاج کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے مختلف صوبے تیزی سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائر کی زد میں ہیں جس کے سبب اب تک 80 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ چین میں اس وائرس کے ابھی تک 2454 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ رپورٹ ہے کہ دنیا میں اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2504 ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔