اہم خبر: دہلی کے بھجن پورا میں زیر تعمیر عمارت گری، بچوں کے دبے ہونے کی خبر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Jan 2020, 5:58 PM

دہلی کے بھجن پورا میں زیر تعمیر عمارت گری، بچوں کے دبے ہونے کی خبر

دہلی کے بھجن پورا میں زیر تعمیر عمارت گرنے کی خبر ہے، بتایا جا رہا ہے کہ ملبے میں کچھ بچے دبے ہیں، موقع پر امدادی کام جاری ہے۔

25 Jan 2020, 5:35 PM

پولس مڈبھیڑ میں ایک بدمعاش ہلاک، ایک گرفتار

حاجی پور: بہار کے ویشالی ضلع میں لال گنج تھانہ علاقے کے تنپلوا چوک کے نزدیک پولس کے ساتھ ہوئی مڈبھیڑ میں ایک بدمعاش ہلاک ہوگیا اور ایک دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ گورو منگلا نے آج یہاں جاری بیان میں بتایا کہ کل دیر رات گشت کے دوران لال گنج تھانہ پولس نے شبہ کی بنیاد پر ایک اسکارپیو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار اور تیز کردی۔ اس کے بعد گشتی ٹیم نے اسکارپیو کا پیچھا کیا۔ منگلا نے بتایا کہ تنپلوا چوک کے نزدیک گشتی ٹیم جیسے ہی اوور ٹیک کرکے آگے نکلی ویسے ہی اسکارپیو پر سوار لوگوں نے پولس پر گولی چلانی شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ جواب میں پولس نے فائرنگ کی جس سے ایک بدمعاش کی جائے واقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس کے بعد پولس نے اسکارپیو پر سوار ایک دیگر شخص کو گرفتار کرلیا۔

پولس سپرٹنڈنٹ نے بتایا کہ پولس کی اس کارروائی میں مارے گئے بدمعاش کی شناخت اسی تھانہ علاقے کے پکری کے رہنے والے بیجو مہتو کے طور پر ہوئی ہے۔ گرفتار بدمعاش کی شناخت لال گنج تھانہ علاقے کے رہنے والے آشوتوش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ گرفتار بدمعاش کے پاس سے پولس نے دو دیسی پستول کے ساتھ کئی کارتوس برآمد کیے ہیں۔ پولس نے گاڑی کو ضبط کرلیا ہے۔

25 Jan 2020, 5:12 PM

ترکی میں آئے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی، 1015 افراد زخمی

انقرہ: ترکی میں آئے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی جبکہ 1015 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو آئے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 تھی اور 772 لوگ زخمی ہوئے تھے۔ بوغازیکی یونیورسٹی میں واقع زلزلہ مرکز کے مطابق یہ زلزلہ ترکی کی راجدھانی انقرہ سے 750 کلومیٹر دور ایلاجی صوبہ میں کل مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 55 منٹ پر آیا تھا۔ اس کے بعد کئی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریختر پیمانے پر اس کی شدت 4ء5 اور 1ء5 ماپی گئی ہے۔ اس وقت 81 ترکی صوبوں میں سے 28 صوبہ میں سے 493 بچاؤ ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ تقریباً 1700 ٹینٹ، 1656 بستر اور 9200 چادریں ان علاقوں میں بھیجی گئیں ہیں۔ موبائل آپریٹروں نے ایلاجگ اور مالاتیہ صوبہ میں مفت مواصلاتی سہولیات شروع کی ہیں۔


25 Jan 2020, 4:37 PM

سہارنپور: قتل کے پانچ مجرموں کو عمر قید کی سزا

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کی ایک عدالت نے قتل کے پانچ ملزمین کو عمر قید کے ساتھ دس ہزار روپئے کے مالی جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ پراسیکیوشن کے مطابق دیوبند کوتوالی کے گاؤں امبیہٹا شیکھا میں 14 مارچ 2013 کو جبار، ارشاد، نثار، ہارون اور ذیشان نے آپسی رنجش میں نورحسن کے گھر میں گھس کر اسے گولی ماردی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ انہیں نازک حالت میں اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ نور حسن کے بھائی نور علی نے ان سبھی کے خلاف دیوبند کوتوالی میں نامزد تحریر دی تھی۔ اڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ڈاکٹر راکیش نین نے جمعہ کو اس معاملے کی سماعت کے بعد پانچوں ملزمین کو قصور وار قرار دیتے ہوئے عمر قید اور دس ہزار روپئے بطور جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔

25 Jan 2020, 2:49 PM

بہرائچ: دو بسوں کی ٹکر میں ایک شخص کی موت، 20 زخمی

بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے نیپال گنج۔روپئی ڈیہا انٹرنیشنل ہائی وے پر سنیچر کو علی الصبح کوہرے کی وجہ سے دو روڈ ویز بسوں کی آمنے سامنے سے ٹکر ہوگئی۔ اس حادثے میں ایک کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 20 مسافر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سنیچر کی صبح روپئی ڈیہا بس اسٹینڈ سے روڈیز بس مسافروں کو لے کر نانپارہ جارہی تھی جبکہ بہرائچ ڈیپو کی بس مسافروں کو لے کر روپئی ڈیہا جارہی تھی۔ روپئی ڈیہا علاقے کے نیپال گنج۔روپئی ڈیہا شاہراہ پر سمیر پور گاؤں کے نزدیک اچانک دونوں بسیں آمنے سامنے سے ٹکر گئیں۔ اس حادثے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کو نازک حالت میں میڈیکل کالج کے لئے ریفر کیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا اور راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا۔ وہیں ایک مریض کے سر میں چوٹ آئی اسے بھی لکھنؤ ریفر کیا گیا ہے۔


25 Jan 2020, 2:30 PM

کرناٹک میں خاتون نے دو بچوں سمیت خودکشی کی

مانڈیا: کرناٹک کے ضلع مانڈیا میں ایک خاتون نے تھباناہلی کے نزدیک وشویشورئیا نہر میں اپنے دو بچوں کو پھینکنے کے بعد خود بھی نہر میں کود کر جان دے دی۔ پولیس نے ہفتے کو بتایا کہ ہلاک شدگان کی شناخت ہولیناہلی کی رہنے والی جیوتی(33)،نیسرگا(7)اور پون(4)کے طورپر ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ خاندانی تنازع کی وجہ سے خاتون نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس نے بتایا کہ لاشوں کو نہر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس سلسلے میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔

25 Jan 2020, 1:48 PM

پٹنہ: جے ڈی ویمن کالج نے برقعہ پر پابندی کا فیصلہ واپس لیا

پٹنہ کے جے ڈی ایس ویمن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شیامہ رائے نے اپنے بیان میں کہا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے برقعہ پر لگائی گئی پابندی کا فیصلہ واپس لیا جاتا ہے، اس سے پہلے کالج انتطامیہ نے ڈریس کوڈ لاگو کرتے ہوئے برقعہ پر پابندی عائد کر دی تھی، ہفتہ کو چھوڑ کر باقی ہر دن تمام طالبات کو مقررہ ڈریس کوڈ میں ہی کالج آنے کا فیصلہ کالج انتظامیہ نے کیا تھا ساتھ ہی کالج انتظامیہ نے کالج کے اندر طالبات برقعہ نہیں پہن سکتی ہیں اس کا بھی فرمان جاری کیا تھا، کالج انتظامیہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر کسی طالبہ کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے 250 روپے کا جرمانہ دینا ہوگا۔


25 Jan 2020, 1:11 PM

برازیل کے صدر کا زبردست استقبال

نئی دہلی: وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے ہفتے کو برازیل کے صدر جائر بولسونارو سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے موضوع پر بات چیت کی۔ ملک کے 71ویں یوم جمہوریہ کی تقریب کے مہمان خصوصی کے طورپر بولسونارو جمعہ کی شام یہاں پہنچےتھے۔ خارجی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا تھا۔ سب سے پہلے بولسونارو کا رسمی طورپر استقبال راشٹرپتی بھون کے احاطے میں کیا گیا۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم مودی بھی موجود تھے۔ بعد میں وہ راج گھاٹ گئے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ بعد میں وہ حیدرآباد ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نریندرمودی کے ساتھ دوطرفہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے اور پریس سے بات چیت ہوگی۔

25 Jan 2020, 12:11 PM

ملیشیا میں تین افراد میں كوروناوائرس کے اثرات

کوالالمپور: ملیشیا کے وزیر صحت ذوالکفلی احمد نے ملیشیا میں كوروناوائرس سے تین لوگوں کے متاثر ہونے کی ہفتہ کو تصدیق کی۔ ملیشیا کے ’نیوا سٹریٹس ٹائمز‘ اخبار نے اپنی رپورٹ میں ذوالکفلی احمد کے حوالہ سے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی شہر جوہر بهرو میں تین افراد میں اس وائرس کےعلامات پائے گئے ہیں اور یہ سب چین کے رہائشی ہیں۔ ان لوگوں میں یہ وائرس سنگاپور میں علاج کرا رہے 66 سالہ ایک مریض کے رابطے میں آنے کے بعد آیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چین میں كوروناوائرس کا پہلا کیس گزشتہ سال دسمبر کے آخر میں سامنے آیا تھا اور موجودہ وقت میں اس نے وبائی شکل اختیار کر لی ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق چین میں 1330 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں اور اب تک 41 افراد کی اس وائرس سے موت ہو چکی ہے۔

چین کے علاوہ ہانگ کانگ، تائیوان، تھائی لینڈ، جاپان، ویت نام، جنوبی کوریا، سنگاپور، نیپال، فرانس، امریکہ اور آسٹریلیا میں بھی كوروناوائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ادھر، عالمی ادارہ صحت نے جمعرات کو کہا کہ اس وائرس کو لے کر عالمی ایمرجنسی کا اعلان کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔


25 Jan 2020, 11:45 AM

بہار: پٹنہ کے جے ڈی ویمن کالج میں برقعہ پہننے پر پابندی

بہار: پٹنہ کے جے ڈی ویمن کالج نے طلبہ کے لئے ہدایت جاری کی ہیں، 'کالج انتظامیہ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام طلبہ کو ہفتے کے علاوہ ہر دن مقررہ ڈریس کوڈ میں کالج آنا ہوگا، کالج انتظامیہ نے یہ بھی اپنے نوٹس میں کہا کہ کوئی بھی طالبہ کالج میں 'برقعہ' نہیں پہن سکتی، اس کی خلاف ورزی کرنے والی طالبہ کو 250 روپے کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا'

25 Jan 2020, 11:32 AM

چین میں کوروناوائرس سے ڈاکٹر کی موت

بیجنگ: چین کے ووہان شہر میں کوروناوائرس سے ہفتے کو ایک ڈاکٹر کی موت ہوگئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں کوروناوائرس سے کسی ڈاکٹر کے مرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہوبئی ژنہوا اسپتال میں تعینات 62 سالہ ڈاکٹر لیانگ ووڈونگ کو 18جنوری کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور دو دن بعد ان میں کوروناوائرس کی علامت پائی گئی۔ اخبار نے بتایا ہے کہ چین میں سرکاری اعدادوشمار سے زیادہ ڈاکٹر اس انفیکشن میں مبتلا ہیں۔ چین میں کوروناوائرس سے پہلا معاملہ گزشتہ سال دسمبر کےآخر میں سامنے آیا تھا اور موجودہ وقت میں اس نے وبا کی شکل اختیار کرلی ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق چین میں 1287افراد اس وائرس میں مبتلا ہیں اور اب تک 41افراد کی اس انفیکشن سے موت ہوچکی ہے۔


25 Jan 2020, 11:15 AM

مہاراشٹر: سڑک حادثہ میں دو افراد کی موت، چھ زخمی

کولہاپور: مہاراشٹر میں پونے-بنگلور قومی شاہراہ پر اپاچي کے قریب کوگونلی پھٹا میں ایک ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی، جس سے دو افراد کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت جراگ نگر رہائشی سورج سلطان (35) اور شريا لاگو (77) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب یہ لوگ جمعہ کی رات کرناٹک کے تاونڈی گھاٹ سے کسی کے انتم سنسکار میں شامل ہوکر واپس آ رہے تھے۔ زخمیوں کی شناخت جراگ نگر رہائشی انیش نتن سالوے (38)، آریہ کیدار کلکرنی (9)، امرتا نتن سالوے (33)، مینا سبھاش سلطان، سمیدھا وجے كمارلاگو اور جے سنگھ ساکن ستیش پنڈت کے طور پر ہوئی ہے اور ان سب کو كشترپتی پرملا راجے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے رپورٹ درج کر لی ہے اور تحقیقات کی جاری ہے۔

25 Jan 2020, 10:40 AM

اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 20 فلسطینی زخمی

یروشلم: اسرائیلی دارالحکومت یروشلم کے بیرونی علاقے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں تقریباً 20 فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کریسنٹ کے ترجمان نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’یروشلم کے مضافات بیت هنينہ میں آج رات اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 20 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے‘‘۔

کئی دہائیوں سے اسرائیل اور فلسطینی شہریوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ فلسطینی مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ کی پٹی پر مکمل طور پر اپنا کنٹرول بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ ان علاقوں پر جزوی طور پر اسرائیل کا قبضہ ہے۔ قابل غور ہے کہ فلسطینی عوام نے 30 مارچ 2018 کو ’دی گریٹ مارچ آف رٹرن‘ نام سے بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد سے ہر جمعہ کو فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔


25 Jan 2020, 10:30 AM

دہلی: ہوٹل کے کمرے میں ملی نوجوان کی لاش

ایشا سنگھل، ڈپٹی کمشنر، نئی دہلی زون کے مطابق ایک 24 سالہ شخص کرن چندر گزشتہ روز تاج ویونترا ہوٹل کے ایک کمرے میں مردہ پایا گیا، اس کے پاس سے ایک خودکش نوٹ بھی برآمد ہوا ہے، پولیس اس کی تفتیش کر رہی ہے۔

25 Jan 2020, 10:16 AM

ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کے نئے معاملوں کی ہوئی تصدیق

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کے تین نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی یہاں انفیکشن میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے۔ صحت کے تحفظ کے محکمے کے مطابق چین کے ووہان سے یہاں آئے تین لوگوں کی جانچ میں کوروناوائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں اسپتال میں الگ سے نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کا پہلا معاملہ 19جنوری کو ٹرین سے چین سے آئی 62 سالہ خاتون میں پایا گیا تھا۔ اس خاتون نے 20جنوری کو بخار اور کھانسی کی شکایت کے بعد اسپتال میں جانچ کرائی، تو کوروناوائرس کی علامات پائی گئیں۔ اس کے بعد اس خاتون کے گھرکے دیگر افراد میں بھی اس انفیکشن کی علامات پائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ووہان سے 22جنوری کو ہانگ کانگ آئے 62 سالہ اور 63 سالہ ایک جوڑے میں بھی اس انفکیشن کی علامات پائی گئی ہیں۔ سی ایچ پی کے مطابق 31 دسمبر سےاب تک ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کے 239 مشتبہ معاملے پائے گئے ہیں،جبکہ پانچ مریضوں میں اس انفیکشن کے پائے جانے کی تصدیق ہوچکی ہے۔


25 Jan 2020, 9:45 AM

پاکستان اور بنگلہ دیش سے آئے مسلمانوں کو ملک سے باہر پھینک دینا چاہیے: سامنا

شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ میں شائع ایک مضمون میں پاکستان و بنگلہ دیش سے ہندوستان آئے مسلمانوں کے بارے میں اشتعال انگیز زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔ مضمون میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہندوستان آئے مسلمانوں کو اس ملک سے باہر پھینک دینا چاہیے، اور اس طرح کا قدم اٹھانے میں کسی طرح کا شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

25 Jan 2020, 8:39 AM

زبردست زلزلہ سے ترکی میں تباہی کا منظر، 18 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی

ترکی میں آئے زبردست زلزلہ کی وجہ سے تباہی کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس زلزلہ میں ترکی کی کئی عمارتیں زمین دوز ہو گئی ہیں اور اب تک 18 افراد کی ہلاکت کی خبریں موصول ہو چکی ہیں۔ یہ زلزلہ اس قدر تیز تھا کہ اس کے جھٹکے پڑوسی ملکوں عراق، سیریا اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی تیزی 6.7 درج ہوئی ہے۔ زلزلہ کی وجہ سے کم و بیش 200 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے درجنوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ سب سے زیادہ نقصان ترکی کے مشرقی علاقہ الاجگ میں ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی کا کام شروع ہو چکا ہے اور زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔