اہم خبر: عصمت دری کے ملزم سوامی نتیانند کے خلاف انٹرپول نے جاری کیا نوٹس

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 Jan 2020, 4:52 PM

عصمت دری کے ملزم سوامی نتیانند کے خلاف انٹرپول نے جاری کیا نوٹس

عصمت دری کے ملزم اور ملک چھوڑ کر فرار ہونے والے سوامی نتیانند کے خلاف انٹرپول نے نوٹس جاری کیا ہے۔ گجرات پولس کی اپیل پر نتیانند کے خلاف یہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سوامی نتیانند ملک سے فرار ہے اور ایسی خبریں میڈیا میں شائع ہوئی ہیں کہ انھوں نے اپنا ایک الگ ملک کیلاسا کے نام سے بنا لیا ہے۔

22 Jan 2020, 4:09 PM

جامعہ کیمپس تشدد: دہلی پولس کو کارروائی رپورٹ پیش کرنے کا عدالت نے سنایا حکم

دہلی کی ایک عدالت نے دہلی پولس سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 15 دسمبر کو ہوئے تشدد معاملے میں کی گئی کارروائی سے جڑی رپورٹ مانگی ہے۔ دراصل ایک عرضی میں یونیورسٹی احاطہ میں 15 دسمبر 2019 کے واقعہ پر ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق پولس کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اسی کے پیش نظر عدالت نے پولس کو رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا۔

22 Jan 2020, 3:01 PM

ممبئی 24x7 کے قرارداد کو مہاراشٹر کابینہ نے منظوری دے دی: آدتیہ ٹھاکرے

مہاراشٹر حکومت میں وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ممبئی 24x7 کے قرارداد کو آج کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ 27 جنوری سے باندرا-کرلا کمپلیکس اور نریمن پوائنٹ جیسے غیر رہائشی علاقوں میں ملٹی پلیکس، دکانیں اور ہوٹل چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے۔ حالانکہ یہ فیصلہ کسی پر تھوپا نہیں جائے گا بلکہ وہ اپنی مرضی سے ایسا کر سکتے ہیں۔


22 Jan 2020, 2:11 PM

آئی ایم ایف کے بعد انڈیا ریٹنگز نے بھی جی ڈی پی ترقی کا اندازہ گھٹایا

انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ کے بعد اب ’انڈیا ریٹنگز اینڈ ریسرچ‘ نے ہندوستانی معیشت کے جی ڈی پی ترقی اندازہ کو گھٹا دیا ہے۔ انڈیا ریٹنگز اینڈ ریسرچ نے مالی سال 21-2020 میں ہندوستانی جی ڈی پی میں صرف 5.5 فیصد اضافہ ہونے کا اندازہ لگایا ہے۔ اس سے پہلے آئی ایم ایف نے 4.8 فیصد جی ڈی پی رہنے کا اندازہ لگایا تھا۔

22 Jan 2020, 12:49 PM

منگلورو ہوائی اڈے پر بم رکھنے والے مشتبہ ملزم آدتیہ راؤ کی خود سپردگی

بنگلورو: منگلورو ہوائی اڈے پر بم رکھنے کے ملزم نے کرناٹک کے پولس ڈائریکٹر جنرل اور آئی جی نیل منی راجو کے سامنے بدھ کے روز خود سپردگی کر دی۔ محکمہ پولس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کی شناخت اڈوپی کے رہنے والے آدتیہ راؤ کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق راؤ سے ہلسورو گیٹ تھانے میں پوچھ گچھ کی جی رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیش میں اس نے قبول کیا ہے کہ اس نے پیر کو منگلورو ہوائی اڈے پر ایک دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ اس نے پولس کو بتایا ہے کہ اس نے یہ کارروائی كیمپی گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ لمیٹڈ کی جانب سے اسے نوکری دینے سے انکار کرنے کا بدلہ لینے کے لئے کی تھی۔ راؤ کو بنگلور ہوائی اڈے پر بم کی جھوٹی اطلاع دینے کے الزام میں پولس پہلے بھی گرفتار کر چکی ہے۔ ریاست کے وزیر داخلہ بسوراج نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بنگلور پولیس نے آدتیہ راؤ کو گرفتار کیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

(یو این آئی)


22 Jan 2020, 11:55 AM

رجنی کانت کے خلاف زبردست مظاہرے کے پیش نظر ان کے گھر پر سیکورٹی ہوئی سخت

پیریار سے متعلق رجنی کانت کے ذریعہ دیے گئے بیان سے ناراض تھنتائی پیریار دراوڈار کژگم کے زبردست مظاہرے کو دیکھتے ہوئے پوز گارڈن واقع رجنی کانت کی رہائش پر پولس کا سخت پہرہ لگا دیا گیا ہے۔ اس طرح کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ چنئی میں رجنی کانت کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگ ان کے گھر پر پہنچ کر ہنگامہ یا توڑ پھوڑ کر سکتے تھے۔ اس اندیشے کو دیکھتے ہوئے ہی سیکورٹی سخت کی گئی ہے۔

22 Jan 2020, 11:10 AM

معروف اداکار رجنی کانت کے خلاف چنئی میں زبردست مظاہرہ

مشہور و معروف اداکار رجنی کانت نے گزشتہ دنوں ای وی راماسامی عرف پیریار کے سے متعلق ایک متنازعہ بیان دے دیا تھا جس پر پیریار کے شیدائی اور ان کے حامی کافی ناراض ہیں۔ رجنی کانت کے بیان سے ناراض لوگوں نے آج چنئی میں ان کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے۔


22 Jan 2020, 10:42 AM

جنتا دل یو نائب صدر پرشانت کشور نے امت شاہ کو سی اے اے-این آر سی پر کیا چیلنج

شہریت ترمیمی قانون کو لے کر جنتا دل یو نائب صدر پرشانت کشور نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ”مخالفت کی پروا نہیں کرتے تو سی اے اے اور این آر سی نافذ کرنے پر آگے بڑھیں۔“ واضح رہے کہ لکھنو میں منگل کو ہی امت شاہ نے چیلنج دیا تھا کہ مرکزی حکومت سی اے اے پر بالکل بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

22 Jan 2020, 10:05 AM

دہلی میں زبردست کہرے کا سماں، ٹھنڈ میں اضافہ

دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج ٹھنڈ میں اضافہ درج کیا گیا۔ بیشتر علاقوں میں زبردست دھند چھائی ہوئی ہے اور قریب کی چیزیں بھی صاف نظر نہیں آ رہی ہیں۔ دہلی کے اکشر دھام، آئی ٹی او، انڈیا گیٹ جیسے علاقوں میں دھند زیادہ ہے لیکن امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دوپہر تک موسم صاف ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔