اہم خبریں: مدراس ہائی کورٹ نے سی اے اے مخالف مظاہرہ پر روک لگانے سے کیا انکار

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

18 Feb 2020, 5:04 PM

مدراس ہائی کورٹ نے سی اے اے مخالف مظاہرہ پر روک لگانے سے کیا انکار

مدراس ہائی کورٹ نے چنئی میں بدھ کو ہونے والے سی اے اے مخالف مظاہرہ پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ دراصل چنئی میں بدھ کو سی اے اے (شہریت ترمیمی قانون) کے خلاف ایک مظاہرہ منعقد کیا جانے والا ہے جسے لے کر عدالت نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ اس مظاہرہ پر روک لگانے کے لیے عدالت میں مفاد عامہ عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس عرضی میں مسلم تنظیموں سمیت کچھ دیگر تنظیموں کے ذریعہ تمل ناڈو اسمبلی کی گھیرابندی کرنے کے لیے مجوزہ مظاہرہ کی اجازت دینے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاکہ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ایوان میں تجویز لانے کا مطالبہ کیا جا سکے۔

18 Feb 2020, 4:10 PM

مودی حکومت نے 5 سال میں ’نورتن‘ کمپنیوں کو ’نقصان رتن‘ کمپنیوں میں بدل دیا: کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’منافع میں چل رہی بی پی سی ایل، ایس سی آئی، کنکور، ٹی ایچ ڈی سی، این ای ای پی سی او کو فروخت کرنے کے بعد بی جے پی اب 46 سرکاری کمپنیوں کو فروخت کر رہی ہے۔ 72 سال سے چل رہی ’نو رتن‘ کمپنیوں کو مودی حکومت نے 5 سال میں ’نقصان رتن‘ بنا دیا ہے۔ بی ایس این ایل، ایم ٹی این ایل، ائیر انڈیا اور ایل آئی سی کے بعد او این جی سی بھی بربادی کی لائن میں ہے۔‘‘

18 Feb 2020, 3:25 PM

اتر پردیش: کانپور واقع کیمیکل فیکٹری میں لگی زبردست آگ، فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موجود

اتر پردیش کے کانپور واقع پنکی علاقے میں ایک کیمیکل فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی ہے۔ آگ اتنی خوفناک ہے کہ اس نے بغل کی کاغذ فیکٹری کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کی خبر ملنے کے بعد موقع پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔


18 Feb 2020, 2:06 PM

آئی پی ایل-2020: مکمل شیڈول جاری، 29 مارچ سے 24 مئی تک چلے گا مقابلہ

آئی پی ایل 2020 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ 29 مارچ سے شروع ہونے والا آئی پی ایل کے 13ویں سیزن کا فائنل 24 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سابق چمپئن ممبئی انڈینس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان 29 مارچ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہفتہ اور اتوار کو ہونے والے دو مقابلوں کی تعداد گھٹا دی گئی ہے۔ اس بار سب سے کم 6 ڈبل ہیڈر ہوں گے جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ 57 دنوں تک چلے گا۔ لیگ اسٹیج کے سبھی میچ 17 مئی کو ختم ہو جائیں گے۔

18 Feb 2020, 12:58 PM

مہاراشٹر میں این آر سی نافذ نہیں ہونے دیں گے: ادھو ٹھاکرے

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سی اے اے، این آر سی اور این پی آر تینوں الگ الگ ہیں۔ کسی کو سی اے اے کو لے کر ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ رہا سوال این آر سی کا، تو ہم اسے مہاراشٹر میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر این آر سی نافذ کیا جاتا ہے تو یہ نہ صرف ہندو یا مسلم بلکہ قبائلیوں کو بھی متاثر کرے گا۔ مرکز نے این آر سی پر ابھی بحث نہیں کی ہے۔ این پی آر ایک مردم شماری ہے، اور مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی متاثر ہوگا۔ کیونکہ یہ ہر 10 سال میں ہوتا ہے۔‘‘


18 Feb 2020, 12:14 PM

گاندھی کے قاتل گوڈسے کے تئیں نرم ہے جنتا دل یو کا رویہ: پرشانت کشور

پٹنہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرشانت کشور نے جنتا دل یو کے خلاف بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جنتا دل یو کے نظریہ کو لے کر میرے اور نتیش جی کے درمیان کئی بار باتیں ہوئی ہیں۔ نتیش جی نے ہمیشہ ہمیں بتایا کہ گاندھی جی کے اصولوں کو پارٹی کبھی نہیں چھوڑ سکتی، لیکن اب جنتا دل یو گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے تئیں نرم نظر آ رہی ہے۔ میرے لیے گاندھی جی اور گوڈسے ساتھ-ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔‘‘

18 Feb 2020, 11:05 AM

سچن تندولکر ’لاریس 20‘ اسپورٹس ایوراڈ سے سرفراز

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے سبکدوش ہونے کے بعد بھی اپنی چمک نہیں کھوئی ہے۔ انھوں نے اپنے ریکارڈ بک میں ایک نیا ریکارڈ جوڑ لیا ہے۔ دراصل سچن تدنولکر نے لاریس 20 اسپورٹنگ مومنٹ 20-2000 کا انعام اپنے نام کر لیا ہے۔ جرمنی کی راجدھانی برلن میں منعقد لاریس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈ پروگرام میں سچن تندولکر کے نام کا اعلان کیا گیا۔ اس پروگرام کے لیے سچن تندولکر کا نام بیسٹ اسپورٹنگ مومنٹ کیٹوگری میں ڈالا گیا تھا۔ اس ایوارڈ کے لیے سچن تندولکر سمیت دنیا بھر کے 20 دعویدار نامزد ہوئے تھے۔ ان سبھی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تندولکر نے یہ ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔


18 Feb 2020, 10:06 AM

اتر پردیش: کان پور میں خوفناک سڑک حادثہ، 6 افراد ہلاک

کانپور: اترپردیش میں کانپور-بلهور علاقہ کے آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے کے فلائی اوور پر تیز رفتار وولوو بس ڈیوائڈر توڑتے ہوئے دوسری سمت سے آنے والی لگژری گاڑی سے ٹکراکر نیچے گر گئی، جس سے چھ افراد کی موت ہو گئی۔ نگراں سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ انل کمار نے منگل کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپریس وے پر مكن پور اور ارول کے درمیان 215 مائل اسٹون کے پاس آگرہ سے لکھنؤ کی طرف جا رہی وولوو بس کے ڈرائیور کو جھپکی آ گئی، جس سے بس بے قابو ہوکر دوسری لین میں چلی گئی اور لکھنؤ کی طرف سے آنے والی لگژری کار سے ٹکرا گئی، اس کے بعد بس فلائی اوور سے نیچے جا گری۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ فارچيونر کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار تمام پانچ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

18 Feb 2020, 9:00 AM

بہار: شادی کی تقریب کا کھانا کھا کر 50 لوگ ہوئے بے حال، اسپتال میں داخل

بہار کے سونپور ڈویژن کے کلیان پور پنچایت میں شادی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد تقریباً 50 لوگ بیمار پڑ گئے ہیں۔ سبھی لوگوں کو پیٹ درد، الٹی اور دست کی شکایت کے بعد قریب کے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی لوگ فوڈ پوائزننگ کے شکار ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔