اہم خبر: شہریت قانون حامی ’مسلم راشٹریہ منچ‘ کی تقریب میں ہنگامہ... ویڈیو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Jan 2020, 3:33 PM

آر ایس ایس کی تنظیم ’مسلم راشٹریہ منچ‘ کے پروگرام میں ہنگامہ... ویڈیو

آر ایس ایس کی تنظیم ’مسلم راشٹریہ‘ منچ کے ایک پروگرام میں آج شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ دراصل مسلم راشٹریہ منچ نے ’راشٹریہ علماء کانفرنس‘ کے بینر تلے سی اے اے کی حمایت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں مسلمانوں کو شہریت قانون کے فائدے سمجھائے جانے تھے۔ لیکن اس تقریب کے شروع ہوتے ہی کم و بیش درجن بھر لوگ کھڑے ہوئے اور ’سنویدھان کے دشمن مردہ باد‘ (آئین کے دشمن مردہ باد) کا نعرہ بہ زور آواز بلند کرنے لگے۔ اس نعرہ بازی کی وجہ سے وہاں موجود آر ایس ایس کے کارکنان کشمکش میں مبتلا ہو گئے اور اسٹیج پر موجود نام نہاد علماء حضرات بھی دم بخود تھے جو کہ شہریت قانون کے فائدے شمار کرانے کے لیے پہنچے تھے۔ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف لوگ بینر بھی لے کر پہنچے ہوئے تھے۔

16 Jan 2020, 3:05 PM

کرکٹ: مہندر سنگھ دھونی سے بی سی سی آئی نے کیا کنارہ، نئے معاہدہ سے نام غائب!

بی سی سی آئی نے اکتوبر 2019 سے ستمبر 2020 تک کے لیے معاہدہ پر مبنی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس فہرست میں مایہ ناز کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کا نام شامل نہیں ہے۔ اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بی سی سی آئی اب مہندر سنگھ دھونی سے کنارہ کر رہا ہے جو کہ دھونی کے شیدائیوں کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اے پلس گریڈ میں وراٹ کوہلی، روہت شرما، جسپریت بمراہ کو رکھا گیا ہے جب گریڈ اے میں آر اشون، رویندر جڈیجہ، بھونیشور کمار، محمد شامی، چیتیشور پجارا، کے ایل راہل، اجنکیا رہانے، شکھر دھون، ایشانت شرما، کلدیپ یادو اور رشبھ پنت کا نام شامل ہے۔ وردھیمان ساہا، امیش یادو، یجوویندر چہل، ہارڈک پانڈیا، مینک اگروال کو گریڈ بی میں جب کہ کیدار جادھو، نودیپ سینی، دیپک چہر، منیش پانڈے، ہنوما وہاری، شردل ٹھاکر، شریس ایر اور واشنگٹن سندر کو گریڈ سی میں شامل کیا گیا ہے۔

16 Jan 2020, 2:11 PM

کانگریس نے پی ایم مودی کا ویڈیو کیا شیئر، پوچھا دلچسپ سوال

کانگریس پارٹی نے پی ایم نریندر مودی کا ایک پرانا ویڈیو جاری کر ان کے اوپر حملہ کیا ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت کا ہے جب نریندر مودی پی ایم عہدہ کے امیدوار تھے اور ملک کی معیشت پر سوال کھڑے کر رہے تھے۔ معیشت سمیت ہر محاذ پر آج ملک کی حالت خستہ ہے، ایسے میں کانگریس پارٹی نے یہ ویڈیو ٹوئٹ کر کے سوال کیا ہے کہ ’’56 انچی سینے والا بازیگر ہوا آج کل خاموش ہے، اپنی ہی ناکامی پر سوال اٹھاتا یہ شخص کون ہے؟‘‘


16 Jan 2020, 1:16 PM

مغربی بنگال: بی جے پی دفتر نذر آتش

مغربی بنگال کے بانکورا ضلع واقع چندئی گرام علاقے میں گزشتہ شب بی جے پی دفتر میں آگ لگا دی گئی۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ۔ حالانکہ اس سلسلے میں کوئی تصدیق فی الحال نہیں ہو سکی ہے۔

16 Jan 2020, 12:10 PM

وراٹ کوہلی کی ’سپر فین‘ چارو لتا کا 87 سال کی عمر میں انتقال

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی 87 سالہ سپر فین چارو لتا پٹیل کا انتقال ہو گیا ہے۔ عالمی کپ کے دوران چارو لتا نے وراٹ کوہلی کو آشیرواد دیا تھا۔


16 Jan 2020, 11:03 AM

برطانیہ میں ’برینڈن‘ طوفان سے زبردست تباہی

لندن: برطانیہ میں’برینڈن‘ نامی سمندری نے تباہی مچا دی ہے۔ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں بھی تیز آندھی اور سیلاب سے فیری سروس بھی معطل کر دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے مختلف علاقوں میں سمندری طوفان برینڈن کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں سمندر میں لہریں 25 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔ 131 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں اسکول بند کردیئے گئے، فیری سروس بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ امدادی کارکنوں نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کا آغاز کر دیا۔

(یو این آئی)

16 Jan 2020, 10:14 AM

اڈیشہ: کٹک میں ٹرین حادثہ کا شکار، لوک مانیہ تلک ایکسپریس پٹری سے اتری، 40 مسافر زخمی

اڈیشہ کے کٹک میں ممبئی-بھونیشور لوک مانیہ تلک ایکسپریس پٹری سے اتر گئی۔ جانکاری کے مطابق ٹرین کے 8 ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کی وجہ سے کم از کم 40 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ فی الحال کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ زخمیوں کے قریب کے اسپتالوں میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔


16 Jan 2020, 8:37 AM

دہلی میں ٹھنڈ بڑھی، کئی مقامات پر ہلکی بارش

دہلی اور اس کے آس پاس کے کئی علاقوں میں آج علی الصبح ہلکی بارش ہوئی جس کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ صبح کے وقت کئی مقامات پر کہرے بھی دیکھنے کو ملے جس کی وجہ سے لوگوں کو گاڑی چلانے میں کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے والوں کو سب سے زیادہ پریشانی ہوئی جنھیں سردی سے بچنے کے لیے آگ کا سہارا لینا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔