اہم خبریں: شاہین باغ مظاہرین کی امت شاہ سے کوئی میٹنگ طے نہیں، وزارت داخلہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

15 Feb 2020, 6:12 PM

شاہین باغ مظاہرین کی امت شاہ سے کوئی میٹنگ طے نہیں، وزارت داخلہ

شاہین باغ مظاہرین کی طرف سے کل 16 فرورو کو 2 بجے ملاقات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پر وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امت شاہ کے ساتھ مظاہرین کی کل کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔‘‘

15 Feb 2020, 4:41 PM

دہلی: تمل ناڈو بھون سے جامعہ طلبا کو پکڑ کر مندر تھانہ لے گئی پولس

چنئی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر پولس لاٹھی چارج کے خلاف آج جامعہ کے طلبا نے دہلی واقع تمل ناڈو بھون کا گھیراؤ کرنے پہنچی، لیکن وہاں موجود پولس نے انھیں حراست میں لے لیا۔ جامعہ طلبا کو مندر مارگ تھانہ میں رکھا گیا ہے جہاں سبھی طلبا سی اے اے اور دہلی پولس کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ مندر مارگ تھانہ میں جامعہ طلبا کی نعرہ بازی کا ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں وہ چنئی میں پولس لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ دہلی پولس کے خلاف بھی نعرے بازی کر رہے ہیں۔

15 Feb 2020, 3:40 PM

شاہین باغ کی دادیاں 16 فروری کو امت شاہ سے کریں گی ملاقات!

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق شاہین باغ کی دادیاں دیگر کچھ مظاہرین کے ساتھ کل یعنی 16 فروری کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بوقت دوپہر ملاقات کریں گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات مظاہروں کی وجہ سے پیدا مشکل صورت حال کا حل نکالنے کے لیے ہوگی۔


15 Feb 2020, 3:16 PM

دہلی: چنئی پولس لاٹھی چارج کے خلاف ’تمل ناڈو بھون‘ کا گھیراؤ کر رہے طلبا حراست میں

چنئی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہو رہے مظاہرہ پر پولس لاٹھی چارج کے خلاف آج جامعہ کو آرڈنیشن کمیٹی نے دہلی واقع تمل ناڈو بھون کا گھیراؤ کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ تمل ناڈو بھون گھیراؤ کرنے پہنچے جامعہ کے طلبا کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے اور موصولہ اطلاعات کے مطابق انھیں نامعلوم مقام پر لے جایا جا رہا ہے۔

15 Feb 2020, 2:08 PM

بنگلورو: سدارمیا سمیت کئی کانگریس لیڈران کو پولس نے حراست میں لیا

کرناٹک کے بیدر بغاوت معاملہ میں ریاستی حکومت پر پولس کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے دفتر تک مارچ نکال رہے کرناٹک کے سینئر کانگریس لیڈروں سدارمیا، دنیش گنڈو راؤ، رضوان ارشد اور کے. سریش کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔


15 Feb 2020, 1:07 PM

لگاتار متنازعہ بیان دینے والے گری راج سنگھ کو بی جے پی صدر جے پی نڈّا نے کیا طلب

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے گزشتہ دنوں کئی نفرت انگیز اور متنازعہ بیان دیے جنھیں اپوزیشن پارٹی لیڈران نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان متنازعہ بیانات کی وجہ سے بی جے پی کو کافی شرمندگی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اب پارٹی قومی صدر جے پی نڈّا نے گری راج سنگھ کو طلب کیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد گری راج سنگھ ان سے ملاقات کریں گے۔

15 Feb 2020, 12:05 PM

عدالت میں بم اندازی کرنے کے الزام میں لکھنؤ بار ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری گرفتار

لکھنؤ کورٹ میں دیسی بم سے حملہ کرنے کے الزام میں لکھنؤ بار ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس حملے میں 2 وکیل زخمی ہوئے تھے۔


15 Feb 2020, 11:17 AM

سابق آئی اے ایس شاہ فیصل کے خلاف پی ایس اے کے تحت معاملہ درج

سابق آئی اے ایس اور جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے سربراہ شاہ فیصل کے خلاف پی ایس اے کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی پر پی ایس اے لگایا گیا تھا۔ دونوں لیڈروں کو حراست میں رکھا گیا ہے۔

15 Feb 2020, 10:21 AM

جموں و کشمیر: ہیرا نگر سیکٹر میں پاکستان کی گولی باری میں کئی گھر تباہ

بی ایس ایف ذرائع نے خبر دی ہے کہ جموں و کشمیر کے ہیرا نگر سیکٹر میں آج صبح پاکستان کی جانب سے گولی باری کی گئی ہے۔ پاکستانی رینجرس نے آس پاس کے گاؤں کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گولی باری میں کچھ گھر تباہ ہوئے ہیں۔ حالانکہ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان کو منھ توڑ جواب دیا گیا ہے۔


15 Feb 2020, 9:17 AM

جے پور: شہید اسمارک پر شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ میں شامل ہوئے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت

پورے ملک میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ راجستھان میں بھی کئی مقامات پر دھرنا و مظاہرہ ہو رہا ہے۔ اس درمیان جے پور کے شہید اسمارک پر بڑی تعداد میں لوگ ان سیاہ قوانین کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی جمعہ کے روز اس دھرنا میں حصہ لیا اور لوگوں کے ساتھ سی اے اے کے خلاف آواز بلند کی۔

15 Feb 2020, 8:32 AM

اتر پردیش: ہاپوڑ میں اغوا طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری!

اتر پردیش میں جرائم کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ ہاپوڑ کا ہے جہاں ایک ایم بی اے طالبہ کا کچھ غنڈوں نے اغوا کر لیا اور پھر اس کی مبینہ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق طالبہ کے والد نے بیٹی کے غائب ہونے پر پولس میں شکایت درج کروائی اور اس کا الزام چار لوگوں پر لگایا۔ پولس نے جب طالبہ کے موبائل لوکیشن سے تلاشی مہم شروع کی تو وہ زخمی حالت میں بلند شہر سے برآمد ہوئی۔ طالبہ کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے اور پولس نے ملزمین کو ڈھونڈنا بھی شروع کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔