اہم خبریں: راہل نے دی کیجریوال کو دی مبارکباد

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

11 Feb 2020, 6:58 PM

راہل نے دی کیجریوال کو مبا ر کباد دی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت کے لئے وزیر اعلیٰ کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کو مبارکباد دی۔ راہل گاندھی نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کہا’’ دہلی اسمبلی انتخابات میں جیت کے لیے کیجریوال اور آپ پارٹی کو مبارکباد‘‘ ۔اسمبلی انتخابات میں آپ پارٹی کو 62 سیٹْوں کے ساتھ شاندار جیت ملتی دکھائی دے رہی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو آٹھ سیٹیں ملنے کی امید ہے ۔ کانگریس کو ان انتخابات میں کوئی سیٹ نہیں مل رہی ہے جبکہ اس نے 66 سیٹوں پر انتخابات لڑا اور چار سيٹیں راشٹریہ جنتا دل کو دی تھی۔

11 Feb 2020, 6:31 PM

بی جے پی کی نفرت کی سیاست کی یہ شکست ہے: ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نفرت کی شکست اور جمہوریت کی جیت ہے۔

میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ عام آدمی پارٹی کی طرز سیاست کی جیت ہے اور عوام نے بی جے پی کے نفرت کی سیاست کو رد کردیا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات جیتنے کیلئے سرکاری مشنریوں کا بھی غلط استعمال کیا مگر اس کے باوجود بی جے پی کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک اس طرح کی مذہبی سیاست کو پسند نہیں کرتی ہے اس لیے و ہ ہر ایک جگہ نامراد ہورہی ہے۔مہاراشٹر، جھاڑ کھنڈ کے بعد اب دہلی کے عوام نے واضح پیغام دیدیا ہے۔2019میں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی متکبر ہوچکی ہے۔مخالفین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں مگر بی جے پی کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آرہا ہے۔

11 Feb 2020, 5:56 PM

یچوری نے کیجریوال کو مبارکباد دی

مارکسی کمیونسٹ پارٹی(سی پی آئی-( ایم ))کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت کےلئے وزیر اعلی اور عآپ کے کنوینر اروند کیجریوال کو مبارکباد دی ہے اور نفرت اور تشدد کی سیاست کے خلاف عوام کافیصلہ بتایا ہے۔

یچوری نے آج ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ دہلی کے عوام نے نہ صرف نفرت اور تشدد کی سیاست کو ٹھکرایا ہے بلکہ شہریت (ترمیمی) قانون (سی اےاے)، قومی شہریت رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر(این آر سی)تینوں کو نکار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو چاہئے کہ وہ فوراً شہریت قانون کو واپس لیں اور آبادی رجسٹر کی نوٹیفکیشن بھی منسوخ کریں۔

سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت نے نہ صرف معیشت کو تباہ کیا ہے بلکہ سماجی تانے بانے کو تباہ کرنے کا بھی کام کیا ہے۔حکومت کی معیشت مودی کے جملوں پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے ان جملوں کی حقیقت پہچان لی ہے۔


11 Feb 2020, 4:51 PM

دہلی الیکشن میں شکست کے بعد بی جے پی صدر نڈّا نے کیجریوال کو دی مبارکباد

بی جے پی نے دہلی میں اپنی شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’بی جے پی لوگوں کے مینڈیٹ کو قبول کرتی ہے۔ ہم بطور اپوزیشن اپنا کردار نبھائیں گے اور اسمبلی میں عوام سے جڑے ایشوز کو اٹھائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’میں اروند کیجریوال، ان کی پارٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ حکومت عوام کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔‘‘

11 Feb 2020, 3:58 PM

دہلی الیکشن: کامیابی کے بعد کیجریوال نے دہلی کے باشندوں اور عآپ کارکنان سے کہا ’شکریہ‘

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد عوام سے خطاب کیا۔ انھوں نے سب سے پہلے ’بھارت ماتا کی جے‘، ’انقلاب زندہ باد‘ اور ’وندے ماترم‘ جیسے نعرے بلند کیے اور اس کے بعد کہا کہ ’’دہلی والو، آپ نے غضب کر دیا۔ آئی لو یو۔‘‘ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میری جیت نہیں، دہلی کی ہر اس فیملی کی جیت ہے جس نے مجھے بیٹا سمجھ کر ووٹ دیا ہے۔ یہ ہر اس فیملی کی جیت ہے جس کے گھروں میں چوبیس گھنٹہ بجلی ملنے لگی، جس کے بچوں کو معیاری تعلیم ملنے لگی، جن کو اسپتالوں میں اچھا علاج ملنے لگا۔‘‘

لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ ’’دہلی کے لوگوں نے آج ملک میں ایک نئی طرح کی سیاست کو جنم دیا ہے، اور اس کا نام ہے ’کام کی سیاست‘۔ دہلی کے لوگوں نے اب پیغام دے دیا ہے کہ ووٹ اسی کو ملے گا جواسکول بنوائے گا، ووٹ اسی کو ملے گا جو محلہ کلینک بنوائے گا، جو سستی بجلی دے گا، سڑک بنوائے گا۔ یہ الگ قسم کی سیاست ہے جو ملک کے لیے خوش آئند ہے۔ اور یہی سیاست ہمارے ملک کو اکیسویں صدی میں لے جا سکتی ہے۔‘‘


11 Feb 2020, 3:15 PM

کرکٹ: ہندوستان کو آخری ونڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے دی شکست

تیسرے اور آخری ونڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دے کر سیریز پر 0-3 سے قبضہ کر لیا ہے۔ آج ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 296 رن کا ہدف رکھا تھا جسے میزبان ٹیم نے محض 5 وکٹ کے نقصان پر 47.1 اوور میں حاصل کر لیا۔

11 Feb 2020, 1:52 PM

دہلی الیکشن: لوگوں نے امت شاہ کو ’کرنٹ‘ لگانے کا کام کیا... امانت اللہ

جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی آگے بڑھ رہی ہے، عام آدمی پارٹی مضبوط ہوتی معلوم ہو رہی ہے۔ پارٹی کی کامیابی سے لیڈران کافی خوش ہیں اور اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امانت اللہ خان نے میڈیا سے کہا کہ ’’دہلی کی عوام نے آج بی جے پی اور امت شاہ کو کرنٹ لگانے کا کام کیا ہے، یہ کام کی جیت ہوئی ہے اور نفرت کی شکست۔ میں نے نہیں، عوام نے ریکارڈ (سبقت کا فرق) توڑا ہے۔


11 Feb 2020, 1:36 PM

افغانستان دھماکہ: خودکش حملہ آور سمیت چھ ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک ملٹری یونیورسٹی کے باہر منگل کو خودکش بم حملے میں حملہ آور سمیت چھ لوگوں کی موت ہوگئی اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے ٹوئٹر پر اطلاع دی، ’’ایک خودکش حملہ آور نے چار راہی کمبر علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سات بجے خود کو بم سے اڑا لیا۔ دھماکے میں دو شہریوں سمیت تین فوجی اہلکاروں کی موت ہوگئی۔ پانچ شہریوں سمیت 12 دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد ابھی اور بڑھ سکتی ہے۔ دھماکے میں سڑک پر جانے والی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ عینی شاہد احمدسمیر نے بتایا کہ کار بم دھماکہ صبح مقامی وقت کے مطابق سات بجے ہوا جب طلبہ اور یونیورسٹی کے ملازم مارشل فہیم نیشنل ڈفینس یونیورسٹی میں جانے کےلئے آرہے تھے۔ ابھی تک کسی دہشت گرد گروپ نے حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ پچھلے سال مئی میں اسی یونیورسٹی پر ایک خودکش حملہ آور نے حملہ کیا تھا اور اس کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے لی تھی۔

11 Feb 2020, 1:14 PM

قتل کے چار ملزمان کو عمرقید و جرمانہ کی سزا

پرتاپ گڑھ : اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ایڈیشنل سیشن جج مہیش کمار کی عدالت نے پانچ سال قبل ہوئے قتل کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے خاطی ثابت ہونے کے سبب جہاں قتل کے چار ملزمان کو عمر قید جرمانہ کی سزا سنائی، وہیں اسی مقدمہ کے کراس کیس میں قاتلانہ حملے کے الزام میں تین ملزمان کو دس سال قید و جرمانہ کی سزا سنائی۔

استغاثہ کے بموجب تھانہ سنگرام گڑھ علاقے کے شیوپور گاوں میں 12/ نومبر 2015 کو برج لال کی دوکان کے سامنے بلدیو پرساد مشر مع بیٹوں نریندر و جیتندر مشر کھڑے تھے، کہ اسی درمیان راکیش سنگھ ،جگدیش سنگھ ، ونے سنگھ و بھانوں سنگھ آگئے۔ دونوں فریقوں کے لوگ انتخاب میں حصہ لے رہے تھے۔ دونوں فریقین میں کہا سنی کے درمیان راکیش سنگھ وغیرہ نے راڈ سے بلدیو پر حملہ کر دیا، جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگئے۔ علاج کے لئے مقامی اسپتال لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ وہیں پولیس راکیش سنگھ وغیرہ کے خلاف قتل و مقتول کے بیٹوں پر قاتلانہ حملے کا کیس درج کر فرد جرم عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے استدلال سننے کے بعد خاطی ثابت ہونے کے سبب قتل کے ملزم راکیش سنگھ ،جگدیش، ونے و بھانوں سنگھ کو عمر قید و فی کش 75 - 75 ہزار روپیہ جرمانہ اور قاتلانہ حملے میں دھرمیندر مشر، جیتیندر عرف ناگراج مشر و رجّن عرف نشاپتی مشر کو دس سال قید و فی کش 24-25 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی۔


11 Feb 2020, 12:24 PM

خلیج بنگال میں کشتی ڈوبی، روہنگیا کمیونٹی کے 15 لوگوں کی موت

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے ساحلی علاقہ کاکس بازار سے روہنگیا کمیونٹی کے لوگوں کو لے کر ملائشیا کی طرف روانہ ہوئی ایک کشتی خلیج بنگال میں ڈوب گئی جس کی وجہ سے کم از کم 15 لوگوں کی موت اور 40 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کی دیر رات اس وقت ہوا جب کشتی خلیج بنگال کے چیرادیپ میں سینٹ مارٹن جزیرہ کے نزدیک ڈوب گئی۔ بنگلہ دیش کے ساحل محافظ دستہ کے اسٹیشن کمانڈر لیفٹننٹ کرنل نعیم الحق نے یو این آئی سے بات چیت میں اس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ اس حادثہ میں روہنگیا کمیونٹی کے 62 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔

11 Feb 2020, 11:31 AM

کرکٹ: آخری ونڈے میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے رکھا 297 رن کا ہدف

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی وَن ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ ماؤنٹ ماؤنگانوئی کے بے-اوول میدان پر کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ہندوستانی بلے بازوں نے 50 اوور میں 296 رن بنا لیے۔ کے ایل راہل نے بہترین سنچری بنائی جب کہ شریئس ایر نے نصف سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔


11 Feb 2020, 10:40 AM

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ خاتون مظاہرین کا آج ’خاموش مظاہرہ‘

شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف شاہین باغ کی خاتون مظاہرین نے ایک الگ انداز میں مظاہرہ کیا۔ آج شاہین باغ میں صبح سے ہی کافی خاموشی دیکھنے کو مل رہی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین نے آج ’خاموش مظاہرہ‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہین باغ میں بیٹھی خواتین نے فیصلہ کیا ہے کہ آج اسٹیج سے کوئی تقریر نہیں ہوگی اور مظاہرے میں پوری طرح سے خاموشی رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ شاہین باغ میں بیٹھی خواتین کے درمیان دن بھر کچھ نہ کچھ تقریر ضرور ہوتی رہتی ہے اور شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کی جاتی رہی ہے۔ لیکن آج ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں مل رہا۔

11 Feb 2020, 10:06 AM

کورونا وائرس: ہانگ کانگ میں 38 مریضوں کی تصدیق

ہانگ کانگ کی علاقائی حکومت کے صحت حفاظتی مرکز (سی ایچ پی) نے کہا ہے کہ یہاں کورونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے۔ ہیلتھ سینٹر کے سربراہ چوانگ شك کوان نے میڈیا کو بتایا کہ پیر کو 2 مزید کیس سامنے آئے ہیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ایک مریض سمیت 10 افراد جو 26 جنوری کو ایک گھریلو تقریب میں شامل ہوئے تھے،متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایک دیگر کیس میں 69 سالہ شخص کو متاثر پایا گیا ہے۔ سی ایچ پی انفیکشن کا ذریعہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہانگ کانگ میں ابھی تک کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے اور 37 دیگر مشتبہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے، جن میں سے چار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔


11 Feb 2020, 9:11 AM

دہلی اسمبلی الیکشن: عآپ کو مضبوط اکثریت دینے کے لیے دہلی کو مبارکباد... سوم ناتھ بھارتی

عام آدمی پارٹی کو رجحانات میں زبردست اکثریت ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے جس کے پیش نظر عآپ لیڈر سوم ناتھ بھارتی نے دہلی کی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ایک بار پھر مضبوطی کے ساتھ عآپ کو منتخب کرنے کے لیے دہلی کو پرخلوص مبارکباد۔ ایگزٹ پول نے زمینی حقیقتوں اور جذبات کو ٹھیک طرح سمجھا۔ کچھ ہی دیر میں (کامیابی سے متعلق) رسمی اعلانات بھی ہو جائیں گے۔‘‘

11 Feb 2020, 8:31 AM

بی جے پی کے لیے آج کا دن اچھا ہوگا، میں نروس نہیں: منوج تیواری

ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے اور رجحانات میں عام آدمی پارٹی حکومت سازی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس سے قبل بی جے پی دہلی کے صدر منوج تیواری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نروس نہیں ہوں۔ آج کا دن بی جے پی کے لیے اچھا ہوگا۔ بی جے پی کے دفتر میں جشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ بی جے پی آج دہلی حکومت میں آ رہی ہے۔‘‘


11 Feb 2020, 7:50 AM

برقع پہننے والی خواتین کو ’راون کی بہن‘ بتانے والے بی جے پی لیڈر کو وجہ بتاؤ نوٹس

برقع پہننے والی مسلم خواتین کو ’راون کی بہن‘ بتانے والے بی جے پی لیڈر رگھو راج سنگھ کو پارٹی نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ یوگی حکومت میں وزیر رگھو راج سنگھ کے ذریعہ برقع پہننے والی خواتین کو راکششوں کی نسل سے بتائے جانے کے بعد کافی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا اور انھیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اس متنازعہ بیان کو دیتے ہوئے نوٹس میں پارٹی نے رگھو راج سنگھ پر پارٹی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور ان کے بیان پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رگھوراج سنگھ نے اپنے بیان میں واضح لفظوں میں کہا تھا کہ جو خواتین برقع پہنتی ہیں وہ راون کی بہن ’سوپرنکھا‘ کی بہن ہیں کیونکہ جب ان کی ناک کاٹی گئی تھی تو برقع پہن کر خود کا چہرہ چھپاتے ہوئے بھاگ گئی تھی۔ رگھوراج سنگھ نے اپنے بیان کے ساتھ ساتھ برقع پر پوری طرح سے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ برقع کی وجہ سے دہشت گرد خود کو چھپانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

رگھو راج سنگھ کا بیان وائرل ہونے کے بعد اتر پردیش بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے اسے سنگین ڈسپلن شکنی قرار دیتے ہوئے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ رگھو راج سنگھ کو ایک ہفتے کے اندر اس نوٹس کا جواب دینا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */