اہم خبریں : عباس صدیقی کی پارٹی کو الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان کیا الاٹ

عباس صدیقی، تصویر آئی اے این ایس
عباس صدیقی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

08 Mar 2021, 10:08 PM

الیکشن کمیشن نے عباس صدیقی کی پارٹی کو انتخابی نشان الاٹ کیا

کولکاتا: مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سےعین قبل انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کی تشکیل ہوئی تھی اور اس کی قیادت فرفرہ شریف کے پیز زادہ عباس صدیقی کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی انتخابی نشان کی لانچنگ جلد ہی فرفرہ شریف میں ہی کیا جائے گا۔ اس کے بعد عباس صدیقی اپنی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کرسکتے ہیں۔ انتخابی نشان نہیں ہونے کی وجہ سے وہ اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کررہے تھے۔ آئی ایس ایف کو انتخابی نشان کیا ملا ہے، اس کا انکشاف ابھی تک آئی ایس ایف کی قیادت نے نہیں کیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ آئی ایس ایف بائیں بازو محاذ اور کانگریس کے ساتھ مل کر اسمبلی انتخابات لڑ رہی ہے۔ بائیں محاذ اور کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ سے متعلق اس کا معاہدہ تقریبا مکمل مکمل ہوچکا ہے۔ ابھی بھی کچھ سیٹوں پر کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ایس ایف حکمران جماعت ترنمول کانگریس کے مسلم ووٹ بینک میں سیندھ لگاسکتی ہے۔ ابتدائی طور پر، نشستوں کے بارے میں آئی ایس ایف کا کانگریس سے کافی تنازع تھا۔

08 Mar 2021, 9:09 PM

ایک دن ملک کا نام مودی کے نام پر رکھ دیا جائے گا: ممتا بنرجی

کولکاتا: ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان کا نام بدل کر مودی رکھ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مودی جی کے نام اسٹیڈیم کیا گیا، اس کے بعد کووڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر لگائی گئی ہے۔ ممتا بنرجی نے آج عالمی یوم خواتین پر ایک بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس تیسری مرتبہ اقتدار میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیٹوں پر ترنمول کانگریس کے امیدواروں کو سبقت ملے گی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ بنگال آکر مودی جھوٹ بولتے ہیں اور بنگال کی شبیہ کو خراب کرتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ صرف انتخابات میں موسم میں بنگال آنے والے بی جے پی لیڈران خواتین سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں وہ ہمیں خواتین کی حفاظت پر لیکچر دے رہے ہیں مگر یہ بھول جاتے ہیں کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں خواتین کی کی کیا حالت ہے ۔مودی کے گجرات میں کیا ہورہا ہے۔

08 Mar 2021, 8:10 PM

بھدوہی: بی جے پی ایم ایل اے کو جان سے مارنے کی دھمکی

بھدوہی: اتر پردیش کے ضلع بھدوہی کے اورائی اسمبلی حلقے سے بی جے پی رکن اسمبلی دیناناتھ بھاسکر کو فون پر ایک شخص نے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ دھمکی دئیے جانے کا آڈیو بی جے پی رکن اسمبلی دینا ناتھ بھاسکر نے بھدوہی ضلع کی پولیس کو سونپ دی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی کو دھمکی دھیریندر دوبے نامی شخص نے دی ہے جو چوری تھانہ علاقے کے سوور گاوں باشندہ بتایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں دھیریندر دوبے نے یو این آئی سے بات چیت میں وائرل آڈیوکی تصدیق کی ہے۔
ملزم نے کہا کہ اس کا بیٹا غائب ہوگیا تھا جس سے وہ کافی دلبرداشتہ تھا اسی بات کے سلسلے میں دینا ناتھ بھاسکر کو اس نے فون کیا تھا۔ ادھر فون کرنے کے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے بعد اتوار سے لاپتہ اس بیٹا گھر پہنچ گیا ہے۔


08 Mar 2021, 5:29 PM

سی ایم ممتا نے کہا- سنڈیکیٹ وزیر ہیں امت شاہ اور نریندر مودی، بنگال میں آکر جھوٹ بولتے ہیں

کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ امت شاہ اور نریندر مودی دو سنڈیکیٹ وزیر ہیں، جو بنگال میں آکر جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم کی کرسی کا احترام کرتی ہوں، لیکن وزیر اعظم کو جھوٹ بولتے دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔

08 Mar 2021, 4:29 PM

نابالغ کے ساتھ عصمت دری و قتل کے جرم میں سزائے موت

جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور کے اڈیشنل سیشن جج پاسکو ایکٹ (اول) روی یادو نے عصمت دری و قتل کے جرم میں آج موت اور 10 ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ پراسیکیوشن کے مطابق ضلع میں مڑیاہوں کوتوالی علاقے میں چھ اگست 2020 کو ملزم بالگوند اپنے سسرال مڑیاہوں کوتوالی علاقے کے کمبھ گاوں میں رہ رہا تھا۔ وہ 11 سال کی بچی کو بسکٹ و ٹافی دینے کے بہانے اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گیا اور اس کے ساتھ عصمت دری کی اور بچی کا منھ و گلا دبا کر اس کا قتل کر دیا۔ ثبوت مٹانے کے لئے اس کے چہرے پر ایسڈ ڈال کر جلا دیا۔ بچی کی لاش 8 اگست کو مکے کے کھیت سے برآمد ہوئی۔ حادثے کی ایف آئی آر بچی کے والد نے مڑیاہوں کوتوالی میں درج کرائی ۔ بیٹی سے درندگی کا صدمہ والد برداشت نہیں کرسکے اور ایک ماہ کے بعد ان کی بھی موت ہوگئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد چارج شیٹ عدالت کے سامنے پیش کی۔ اڈیشنل سیشن جج پاسکو(اول) روی یادو نے چھ مہینے میں فیصلہ سناتے ہوئے ملزم گوند کو اغوا، عصمت دری و قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کے ساتھ 10ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔


08 Mar 2021, 3:30 PM

’کسان یونین کے پنڈال میں ہزاروں خواتین کی موجودگی قوت نسواں کی علامت‘

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے اور آج یومِ خواتین کے موقع ان مظاہروں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس تعلق سے مشہور صحافی اجیت انجم نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کسان یونین (اگراہن) کے پنڈال میں ہزاروں خواتین کی موجودگی مہیلا شکتی (قوت نسواں) کی علامت ہے۔‘‘

08 Mar 2021, 2:29 PM

پارلیمنٹ میں خواتین کے لئے 33 فیصد ریزرویشن کا مطالبہ

نئی دہلی: ایوان بالا راجیہ سبھا میں پیر کے روز ممبران نے مختلف شعبوں میں خواتین کی نمایاں شراکت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں 33 فیصد یا اس سے زیادہ ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔ وقفہ صفر کے دوران خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بحث کے دوران کانگریس کی چھایا ورما نے کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جہاں خواتین کی پوجا کی جاتی ہے، وہیں دیوتاؤں کا مسکن ہوتا ہے لیکن آج خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ خواتین نے زمین سے آسمان تک اپنا جوہر دکھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے پنچایتی راج اداروں میں خواتین کو ریزرویشن دیا تھا۔ خواتین کو اب لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بھی ریزرویشن کا فائدہ دیا جانا چاہیے۔


08 Mar 2021, 12:00 PM

کسانوں کی حمایت میں غازی پور بارڈر پہنچیں خواتیں، لگوا رہیں ’انقلابی مہندی‘

زرعی قوانین کے خلاف جاری مظاہروں میں حصہ لینے کے لئے غازی پور بارڈر پر پہنچنے والی ان خواتین ایک دوسرے سے مہندی لگوا کر کسانوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہیں۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے اس مہندی کا نام ’انقلابی مہندی‘ رکھا ہے۔

08 Mar 2021, 11:33 AM

خواتین کے بین الاقوامی دن پر نائب صدر جمہوریہ نائیڈو کی مبارکباد

نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سبھی لوگوں کو خواتین کے وقار و احترام کا عہد کرنا چاہیے۔ وینکیا نائیڈو نے خواتین کے بین الاقوامی دن پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنی عظیم ثقافتی کے مطابق خواتین کے وقار اور اس کے احترام کا عزم کرنا چاہیے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا ’’ہمیں خواتین کے خلاف کسی بھی طرح کی تفریق کو ختم کرنے کا عہد کرنا چاہیے، جس سے ان کے لئے محفوظ ماحول یقینی بن سکے اور وہ اپنی صلاحیت کا پورا استعمال کرسکیں‘‘۔


08 Mar 2021, 10:44 AM

راجیہ سبھا میں تین ارکان نے حلف لیا

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں پیر کو تین ارکان نے حلف لیا، جن میں دو گجرات اور ایک آسام سے منتخب ہوئے ہیں۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر گجرات سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے منتخب دنیش چندر اور رام بھائی موکریا نے حلف لیا۔ دنیش چندر نے سنسکرت اور موکریا نے ہندی میں حلف لیا۔ آسام سے منتخب وشوجیت دیماری نے آسامی میں حلف لیا۔ بعد میں ارکان نے ان کا استقبال کیا۔ یہ سبھی ارکان حال ہی میں راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔

08 Mar 2021, 10:41 AM

بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع، ہنگامے کے آثار

پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگیا۔ دوسرے مرحلے میں بھی ہنگامے کے آثار ہیں۔ اپوزیشن زرعی قانون سمیت متعدد امور پر ہنگامہ کر سکتا ہے۔


08 Mar 2021, 9:00 AM

سوئزرلینڈ میں عوامی مقامات پر چہرہ ڈھکنے پر پابندی

زیورخ: سوئزرلینڈ میں ایک عوامی ریفرنڈم میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹوں سے مسلم خواتین کے نقاب پہننے سمیت عوامی مقامات پر چہرہ ڈھکنے پر پابندی کی حمایت کی گئی ہے۔ اتوار کو ہوئے ریفرنڈم کے جاری اعداد و شمار کے مطابق 53.43 فیصد لوگوں نے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھکنے پر پابندی لگائے جانے کی حمایت کی۔ اس کے سبب پبلک ٹرانسپورٹ، دکانوں، ریستوران اور سڑکوں سمیت سبھی عوامی مقامات پر چہرے ڈھکنا غیر قانونی ہوگا۔ پوجا اور مذہبی مقامات کے لئے اس میں رعایت ہوگی۔ اس کے علاوہ سیکورتی یا صحت کے اسباب اور کارنیوال جیسے فیسٹول کے دوران چہرے کو ڈھکنے کی اجازت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔