اہم خبریں LIVE: امِت بھیا، پہلے دہلی سنبھالو پھر بنگال کی سوچو، ممتا بنرجی کا طنز

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Jan 2021, 5:03 PM

امِت بھیا، پہلے دہلی سنبھالو پھر بنگال کی سوچو، ممتا بنرجی کا طنز

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ بولتے ہوئے انہیں دہلی میں کسان ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد کے لئے ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ہوئے تشدد کو بہت ہی خراب طریقہ سے ہینڈل کیا گیا، وہاں جو کچھ بھی ہوا اس کے لئے بی جے پی پوری طرح ذمہ دار ہے۔ انہوں نے امت شاہ پر طنز کرتے ہوئے کہا، امت بھیا پہلے دلی سنھالوں پھر بنگال کے بارے میں سوچو۔

28 Jan 2021, 4:29 PM

کولمبیا نے برازیل کی پروازیں معطل کیں

بوگوتا: کولمبیا نے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے پھیلنے کے مد نظر ایک ماہ کے لیے برازیل کی پروازیں رد کر دی ہیں۔ کولمبیا کے صدر ایوان ڈیوک نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا، ’برازیل میں پائے گئے کورونا کے نئے اسٹرین کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے میں نے اور وزارت صحت نے جمعہ کے روز ایک ماہ تک وہاں کی پروازیں معطل کیے جانے کا فیصلہ کیا ہے‘۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محض مسافر طیارے ہی معطل رہیں گے اور مال بردار طیاروں کا آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 27 جنوری کے مابین برازیل سے یہاں آنے والے افراد کو 14 دنوں کے ’سیلف آئیسولیشن‘ میں رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں برازیل کے ریو دے جینیرو کے کورونا کے نئے اسٹرین کے بارے میں معلوم ہوا تھا۔ امریکہ، پیرو، برطانیہ، اٹلی، نیدرلینڈ، پرتگال، آسٹریا اور ترکی نے پہلے ہی برازیل کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

28 Jan 2021, 3:29 PM

گجرات کے موربی میں سڑک حادثہ، چار نوجوانوں کی موت

موربی: گجرات میں موربی شہر کے بی ڈویژن علاقے میں جمعرات کو ایک سڑک حادثے میں چار نوجوان ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ منیا گیٹ کے قریب آج صبح سڑک کے کنارے کھڑے پانچ افراد کو ایک نامعلوم بے قابو گاڑی نے ٹکر مار دی اور فرار ہوگئے۔ حادثے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت راجستھان کے ضلع ادے پور دکھڑا مانکھی کے رہنے والے تیج رام اور گامیتی (17)، شیواجی پرائی گامیتی (19) اور اس کا سگا بھائی سریش بھائی (18) کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ چاروں آج صبح یہاں ادے پور سے آئے تھے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

28 Jan 2021, 1:30 PM

مراٹھواڑہ میں کورونا کے 205 نئے معاملے

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطے کے آٹھ اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 205 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ صحت افسران نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ اس دوران خطے میں کورونا کے چار مریض ہلاک ہوئے ہیں۔ مراٹھواڑہ ریجن کے آٹھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز سے جمع شدہ اعدادوشمار کے مطابق اورنگ آباد ضلع میں کورونا کے 32 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور دو افراد کی موت ہوئی ہے۔ نانڈیڑ میں 48 معاملے اور ایک کی موت کی رپورٹ ہے۔ جالنا میں کورونا کے 23 معاملے اور ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ بیڑ میں 45، لاتور میں 35، پربھنی میں 10، عثمان میں 9 اور ہنگولی میں کورونا کے تین نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔

28 Jan 2021, 11:29 AM

امریکہ نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدوں پر عائد کی پابندی

واشنگٹن: امریکی انتظامیہ نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں ہونے والے تمام دفاعی معاہدوں کا جائزہ لیتے ہوئے متحدہ عرب امارات ( یواے ای) کو جدید ترین ایف 35 جنگی طیاروں کی فروخت پر عارضی طور پر روک لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کو گولہ بارود کی فراہمی کے معاہدے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی بلوم برگ کے صحافی انتھونی کیپاسیو نے بدھ کے روز ایک ٹوئٹ میں یہ اطلاع دی۔

انتھونی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کے دور میں ہونے والے تمام اہم دفاعی معاہدوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، جس کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں جدید ترین لاک ہیڈ مارٹن ایف -35 جنگجو لڑاکا طیارہ کی فروخت پر پابندی لگادی گئی ہے۔ سعودی عرب کو کچھ مقررہ گولہ بارود کی فراہمی پر بھی غور کیا جائے گا۔

28 Jan 2021, 10:18 AM

عالمی ادارہ صحت کو کورونا پر جلد قابو پالینے کی امید

جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے دنیا کے بیشتر ممالک میں ویکسی نیشن کی مہم شروع ہوچکی ہے لیکن ابھی تک غریب ممالک ویکسین سے محروم ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے یہ بھی کہا ہے کہ موذی کورونا وائرس پر جلد قابو پالیں گے۔ ہمیں آپس میں لڑنے کے بجائے جان لیوا وائرس کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی۔ ڈبلیو ایچ کا کہنا تھا کہ امیر ممالک اپنے عوام کو ویکسین کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں، غریب ممالک تاحال کورونا ویکسین کی پہلی خوراک کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 8 لاکھ 39 ہزار 430 سے زائد ہوگئی جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 21 لاکھ 67 ہزار سے زائد چکی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

next