اہم خبریں: مرکزی جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کے بھائی کی مشتبہ حالت میں موت

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

18 Jan 2021, 9:47 PM

مرکزی جوائنٹ سکریٹری لو اگروال کے بھائی کی مشتبہ حالت میں موت

آئی اے ایس افسر لو اگروال کے بھائی انکر اگروال کی مشتبہ حالت میں موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اتر پردیش کے سہارنپور میں مرکزی جوائنٹ سکریٹری (ہیلتھ) لو اگروال کے بھائی کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ان کی لاش سہارنپور کے پلکھنی علاقہ سے برآمد کی گئی ہے۔ پولس کے مطابق انکر کی لاش کے پاس سے ایک لائسنسی پستول بھی برآمد کی گئی ہے۔ پنچ نامہ کے بعد انکر اگروال کی لاش کو ضلع اسپتال لے جایا گیا ہے۔

18 Jan 2021, 8:29 PM

مہاراشٹر بلدیاتی انتخاب: بالا صاحب تھوراٹ نے کانگریس کو 4 ہزار سے زائد سیٹیں ملنے کا کیا دعویٰ

ممبئی: ریاست میں 14234 گرام پنچایتوں میں ہوئے انتخابات کے نتائج آج ظاہر ہوئے جن میں 4 ہزار سے زائد گرام پنچایتوں پر کانگریس پارٹی نے اکثریت حاصل کی ہے جبکہ 80 فیصد نشستو ں پر مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں نے کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ یہ دعویٰ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بالا صاحب تھوراٹ نے کیا ہے۔ انھوں نے برآمد نتائج پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان نتائج سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اپنے ایک سالہ کارکردگی کے دوران ریاست کی عوام کا بھرپور اعتماد جیتا ہے۔ دوسری جانب اس الیکشن میں بی جے پی کی شرمناک شکست ہوئی ہے، مگر بی جے پی کے لیڈران اپنی شکست کا اعتراف کرنے کے بجائے جھوٹے اعداد وشمار پیش کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر جس عوام نے مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کو کامیاب کیا ہے وہ اصل حقیقت سے واقف ہے۔

18 Jan 2021, 7:04 PM

مہاراشٹر بلدیاتی انتخاب: بی جے پی کو جھٹکا، رجحانوں میں شیوسینا سب سے آگے

مہاراشٹر میں 14234 گرام پنچایت سیٹوں میں سے اب تک 6446 سیٹوں کے رجحانات سامنے آگئے ہیں۔ شیوسینا جہاں 1452 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے وہیں بی جے پی کی امیدوں پر پانی پھرتا ہوا نظر آ رہا ہے کیونکہ اس کے امیدوار 1398 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں اور کئی مقامات پر ووٹوں کا فرق انتہائی کم ہے۔ علاوہ ازیں 1239 سیٹوں پر این سی پی اور 1012 سیٹوں پر کانگریس امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ بقیہ 1345 سیٹوں پر آزاد امیدوار و دیگر پارٹیوں کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔


18 Jan 2021, 5:29 PM

کپوارہ میں ایل او سی پر تعینات فوجی افسر کی مبینہ خودکشی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ٹنگڈار سیکٹر میں تعینات ایک فوجی میجر نے مبینہ طور پر اپنی ہی بندوق سے اپنا کام تمام کرلیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں تعینات جموں و کشمیر رائفلز سے وابستہ ایک فوجی میجر نے پیر کے روز اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مہلوک فوجی افسر کی شناخت جموں و کشمیر رائفلز یونٹ چھ کے کمپنی کمانڈر میجر فیاض اللہ خان کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔

18 Jan 2021, 4:29 PM

روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22857 معاملے آئے سامنے

ماسکو: روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 22857 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ایک دن پہلے 23586 معاملے سامنے آئے تھے۔ کورونا وائرس رسپانس سینٹر نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22857 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور ملک میں اب تک کورونا معاملوں کی تعداد بڑھ کر 3591066 ہوگئی ہے۔ نئے معاملوں میں 2504 ایسے معاملے ہیں جن میں کوئی علامات نہیں پائی گئیں ہیں اور ملک میں اب کورونا معاملوں کی شرح 0.6 فیصد رہ گئی ہے۔ ماسکو میں کورونا کے 3679 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس عرصے میں ملک میں 471 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اب تک روس میں کورونا سے مجموعی طور پر 66037 لوگ ہلاک چکے ہیں۔ کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2978764 ہوگئی ہے اور 18333 افراد کو گزشتہ روز اسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔ نیشنل کنزیومر ہیلتھ مانیٹرنگ سنٹر نے بتایا ہے کہ روس میں کورونا انفیکشن کے آغاز سے ہی دس کروڑ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔


18 Jan 2021, 3:29 PM

دہلی میں کم از کم درجہ حرارت میں قدرے اضافہ

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں کم ازکم درجہ حرارت میں نو ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا ہے جو عام طور پر دو ڈگری زیادہ ہے۔ دہلی میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کا اثر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے افسران نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 17 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ ہوا کا معیار اور موسم کی پیشن گوئی اور ریسرچ سسٹم کے مطابق میٹرو سٹی میں ہوا کا معیار 380 درج کیا گیا، جو بہت خراب سطح کی کٹیگری میں ہے۔

18 Jan 2021, 2:29 PM

سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹرک نالے میں گرا، ڈرائیور سمیت دو لاپتہ

سری نگر: سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بانہال علاقے میں پیر کی صبح ایک ٹرک لڑھک کر نالے میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو افراد لاپتہ جبکہ ایک کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے بانہال کے شیر بی بی علاقے میں پیر کی صبح سری نگر سے جموں جا رہے ایک ٹرک نمبر HR38- 1633 لڑھک کر نالے میں جا گرا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں کی طرف سے بچاؤ کارروائیاں شروع کی گئیں اور اس دوران ایک شخص کو زخمی حالت میں نکال کر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرک کا ڈرائیور اور دوسرا شخص ابھی بھی لاپتہ ہے جن کی تلاش جا ری ہے۔ دریں اثنا ایس ایچ او بانہال نعیم متو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک کا ڈرائیور اور اس میں سوار دوسرا شخص لاپتہ ہے جن کی تلاش کے لئے کاروائی جا ری ہے۔


18 Jan 2021, 1:38 PM

برڈ فلو کا خوف، حیدرآباد میں انڈوں کی قیمت میں گراوٹ

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں انڈوں کی قیمت میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران گراوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ برڈ فلو کے امکانی خوف سے لوگوں نے انڈوں کا استعمال کم کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کی قیمت میں گراوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ انڈہ کی قیمت پہلے 5.75روپئے تھی جو اب گھٹ کر 4.35 روپئے ہوگئی ہے۔ تلنگانہ انڈوں کی سب سے زیادہ پیداوار والی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں ہر روز تقریباً 3.5 کروڑ انڈوں کی پیداوار ہوتی ہے، تاہم انڈوں کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ نے اس انڈسٹری پر اثر ڈالا ہے جو لاک ڈاون کے بعد معمول کی سمت واپس ہورہی تھی۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولٹری فیڈریشن نے کہا کہ انڈوں کا استعمال بغیر کسی خدشہ کے کیا جائے کیونکہ ریاست میں برڈ فلو کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

18 Jan 2021, 12:54 PM

مرینا زہریلی شراب کے معاملے کا اہم ملزم مکیشن کیرار چنئی سے گرفتار

مرینا: مدھیہ پردیش کے ضلع مرینا کے چھیرا گاؤں سے مبینہ طور پر خریدی گئی زہریلی شراب کے پینے سے 25 افراد کی موت کے معاملے کا اہم ملزم مکیش کیرار کو چنئی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم نےچنئی میں گزشہ روز اسے اپنی حراست میں لے لیا اور اسے یہاں لایا جا رہا ہے۔ گزشتہ دنوں زہریلی شراب پینے کے بعد بیمار ہوئے دیہی افراد کو مرینا اور گوالیار کے اسپتالوں میں علاج کے لیے بھیجا گیا گیا تھا۔ ان میں سے 25 افراد کی موت ہو گئی ہے اور کچھ کا علاج چل رہا ہے۔ اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد کلیکٹر اور پولیس افسر کا بھی تبادلہ کر دیا گیا تھا۔ پولیس کچھ ملزموں کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے لیے ریاست کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیش راجورہ کی صدارت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور وہ تفتیش کرکے واپس بھوپال چلی گئی ہے۔


18 Jan 2021, 10:33 AM

سعودی عرب کے جازان میں دھماکہ، تین شہری زخمی

ریاض: سعودی عرب کے جازان علاقے کے ایک گاؤں میں یمن کی جانب سے کی گئی گولی باری کے دھماکے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ سعودی کی اے پی اے کمیٹی نے سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ یمن کی جانب سے کی گئی گولی باری کے دھماکے کے نتیجے میں دو بچے سمیت تین شہری زخمی ہو گئے۔ سعودی سٹیزن سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت سنگین ہے۔

18 Jan 2021, 9:53 AM

مسلم ممالک پر سفری پابندی سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے کو بائیڈن واپس لیں گے

واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈنن نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی مسلم ممالک پر نافذ سفری پابندی کو ہٹائے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے متوقع چیف آف اسٹاف کلائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ اپنے شروعاتی 10 دنوں میں ٹرمپ کی جانب سے نافذ پالسیز کو رد کرے گا۔ ان میں کووِڈ-19 روک تھام کی کوشش، پیرس موسمیاتی تبدیلی کے معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد اور شہریت حاصل کرنے کے لیے امیگریشن قانون کی اجازت دیئے جانے سے متعلق پالیسیز شامل ہیں۔


18 Jan 2021, 8:55 AM

’ٹیکہ کاری کورونا کی نئی شکل کو شکست دینے میں مددگار‘

واشنگٹن:امریکہ میں متعدی بیماریوں کے ماہر انتھونی فوسی نے کہا ہے کہ شہریوں کو دی جانے والی ویکسین کورونا وائرس کی نئی شکل کو شکست دینے میں مددگار ہے۔ انتھونی فوسی نے گزشتہ روز این بی سی کے ساتھ ا یک انٹرویو میں کہا ’’اگر ہم بیشتر آبادی کو ویکسینیشن مکمل کرلیتے ہیں تو ہم کورونا وائرس کی نئی شکل کو بھی ہرا سکتے ہیں‘‘۔ انتھونی فوسی کے مطابق موجودہ وقت میں دستیاب وسائل کے مقابلے کورونا وائرس کی نئی شکل کو مضبوط ہونے پر ٹیکہ کو اپ گریڈ کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */