اہم خبریں: بھنور لال کا انتقال افسوسناک، 4 دہائیوں سے کر رہے تھے عوامی خدمت... راہل

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

16 Nov 2020, 10:45 PM

بھنور لال کا انتقال افسوسناک، 4 دہائیوں سے کر رہے تھے عوامی خدمت: راہل گاندھی

راجستھان کے وزیر بھنور لال میگھوال کے انتقال کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے باعث افسوس قرار دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ماسٹر بھنور لال میگھوال جی کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ وہ 4 دہائیوں سے عوامی خدمت کر رہے تھے اور کانگریس کے نظریہ کو زمین پر مضبوط کرنے کا کام کرتے رہے۔ اس مشکل وقت میں میری ہمدردی ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔‘‘

16 Nov 2020, 8:50 PM

چین میں فروزن بیف میٹ کے پیکٹ پر ملا زندہ کورونا وائرس

چین سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہاں دوسرے ممالک سے آئے فروزن یعنی منجمد بیف میٹ میں زندہ کورونا وائرس ملنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ برازیل سے آئے فروزن بیف میٹ اور سعودی عرب سے آئے جھینگے کے پیکٹ پر زندہ کورونا وائرس ملا ہے، جس سے چین میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

16 Nov 2020, 7:52 PM

راجستھان: وزیر بھنور لال میگھوال کا انتقال، اسپتال میں چل رہا تھا علاج

کانگریس کے سینئر لیڈر اور دلت چہرہ بھنور لال میگھوال کا آج گروگرام واقع اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ راجستھان حکومت میں وزیر بھنور لال میگھوال گروگرام کے میدانتا اسپتال میں گزشتہ کچھ دنوں سے علاج کرا رہے تھے، لیکن صحت یاب نہیں ہو سکے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کل راجستھان میں سرکاری غم کا اعلان کیا گیا ہے۔ قومی پرچم نصف جھکا رہے گا اور سرکاری دفاتر میں تعطیل ہوگی۔


16 Nov 2020, 7:03 PM

سشیل مودی کو نائب وزیر اعلیٰ نہ بنائے جانے پر نتیش کمار کا رد عمل آیا سامنے

نتیش کمار نے ساتویں مرتبہ وزیر اعلیٰ بننے کا شرف حاصل کر لیا ہے، لیکن 13 سالوں تک نائب وزیر اعلیٰ رہے سشیل کمار مودی کو اس بار بی جے پی نے یہ عہدہ نہیں دیا۔ اس سلسلے میں جب نتیش کمار سے سوال کیا گیا تو انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’یہ بی جے پی کا فیصلہ ہے۔ ہمارا اتحاد ہے، ہم لوگ مل کر کام کرتے ہیں، مل کر کام کریں گے۔‘‘

16 Nov 2020, 5:49 PM

مودی حکومت میں اڈانی کی دولت 230 فیصد بڑھی، اور آپ کی؟ راہل گاندھی کا سوال

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک خبر کا لنک شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے اب تک اڈانی کی دولت 230 فیصد بڑھی ہے۔ اس خبر کے ساتھ راہل گاندھی نے سوال کیا ہے ’’اور آپ کی؟‘‘۔ اس مختصر ٹوئٹ کے ذریعہ راہل گاندھی نے مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے اور ایک بار پھر یہ واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ مودی حکومت میں چند سرمایہ کاروں کو ہی فائدہ ہوا ہے، عام لوگ بری طرح خسارے میں ہیں۔


16 Nov 2020, 1:58 PM

سڑک حادثے میں 6 کی موت، 4 زخمی

سدھارتھ نگر: اترپردیش کے ضلع سدھارتھ نگر کے صدر پولیس اسٹیشن کے بدھایا گاؤں کے نزدیک ایک کار کے بےقابو ہوکر پلٹ جانے سے اس میں سوار 6 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے یہاں بتایا کہ راکسیل گاؤں باشندہ انل کمار اپنے کنبے کے ساتھ ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لئے بہار جا رہے تھے کہ راستے میں وہ حادثے کا شکار ہوگئے۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت شیوانگی(08)، ہمانشو(03)، امیش(16)، ساوتری دیوی(32)، سرسوتی(67) اور کملاوتی(50) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

16 Nov 2020, 12:55 PM

پانی کی چھینٹیں پڑ نے کے سلسلے میں دو فریقین میں مارپیٹ، ایک کی موت

کانپور: اترپردیش کے ضلع کانپور کے چکیری علاقے میں اتوار دیر رات پانی کی چھینٹیں پڑ نے کے سلسلے میں دو فریقین میں ہوئی مارپیٹ میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ ججمئو کے واجدپور باشندہ پنٹو اپنے بڑے بھائی دیپک اور دوست سندیپ کے ساتھ جا رہے تھے۔ اسی دوران راستے میں پانی کی دوکان پر کھڑے ہوکر پانی کا پاوچ لے کر پینے لگے۔ پاوچ کھولتے وقت پانی کی کچھ چھینٹیں سڑک سے گزر رہے امان اور اس کے ساتھیوں پر پڑگئی۔ اس پر دونوں کے درمیان تنازع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ شروع ہوگئی۔

مقامی افراد نے دونوں کے درمیان صلح کرا کر معاملے کو سلجھا دیا۔ لیکن امان نے فون کر کے اپنے دو درجن دیگر ساتھیوں کو بھی بلا لیا اور انہوں نے آتے ہی پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس مارپیٹ میں پنٹو شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے شدید طور سے زخمی پنٹو کو علاج کے لئے ہیلٹ میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ علاقے میں بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے موقع پر پولیس فورس و پی ایس سی تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔


16 Nov 2020, 9:07 AM

جامتاڑہ: جھارکھنڈ میں جامتاڑہ ضلع کے نگر تھانہ علاقہ میں اتوار کو سڑک حادثے میں ایک ہی کنبہ کے چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کار پر سوار چھ افراد جھارکھنڈ کے دھنباد سے چھٹھ منانے بہار کے کٹیہار ضلع کے رونیا گاﺅں جا رہے تھے۔ اسی دوران صاحب گنج ۔ گوند پور ہائی وے پر بودھ باندھ گاﺅں کے نزدیک سمت مخالف سے آرہی پک اپ وین نے کار میں ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کار پر سوار وشوناتھ مشرا، ان کی اہلیہ نیتا مشرا اور بیٹے سومت مشرا کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ سمت مشرا کی اہلیہ راگنی مشرا کو نازک حالت میں جامتاڑہ صدر اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد انہیں دھنباد ریفرکردیا گیا۔ دھنباد جانے کے دوران راگنی مشرا کی بھی موت ہوگئی۔ وشوناتھ مشرا سبکدوش فوجی تھے۔ فی الحال دھنباد ڈی آر ایم آفس میں کام کر رہے تھے۔ وہیں ان کے بیٹے دھنباد میں کسی فائننس کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔ پورا کنبہ چھٹھ منانے اپنے آبائی گاﺅں کٹیہار کے رونیا جارہے تھے۔ واقعے کی اطلاع اہل خانہ کو دے دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔