اہم خبریں: رِیا چکرورتی کے لیے این سی بی نے پھر بڑھائی مشکل

ریا چکرورتی, تصویر ٹوئٹر
ریا چکرورتی, تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

15 Mar 2021, 7:04 PM

ریا چکرورتی کو ضمانت دیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچا این سی بی

بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی ایک بار پھر مشکل میں پھنستی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ دراصل این سی بی ریا چکرورتی کو ضمانت دیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے اور اب ڈرگ سے جڑے اس معاملے میں آئندہ 18 مارچ کو سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

15 Mar 2021, 6:19 PM

عامر خان نے سوشل میڈیا کو کہا ’الوداع‘

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار عامر خان نے سوشل میڈیا کو آج الوداع کہہ دیا۔ انھوں نے آج اپنی آخری پوسٹ شیئر کی جس میں انھوں نے ڈھیر سارا پیار دینے کے لیے اپنے شیدائیوں کا شکریہ ادا کیا۔ عامر خان نے اپنے انسٹاگرام سے کیے گئے آخری پوسٹ میں لکھا کہ ’’یہ سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ ہونے جا رہا ہے۔‘‘ لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ وہ سوشل میڈیا سے پہلے جس طرح لوگوں سے جڑتے تھے، ویسے رابطہ قائم رکھیں گے۔ علاوہ ازیں انھوں نے ’اے کے پی‘ کا آفیشیل چینل شروع ہونے کی جانکاری دی اور کہا کہ فلموں کے تعلق سے تازہ اَپ ڈیٹ اس پر مہیا کی جائیں گی۔

15 Mar 2021, 5:29 PM

ویشالی میں 168 کارٹن انگریزی شراب برآمد

حاجی پور: بہار میں ویشالی ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں سے پولیس نے 168 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ پولیس ذرائع نے سموار کو یہاں بتایا کہ ضلع کے صدر تھانہ علاقہ کے باکر پور گاﺅں واقع کیتلا بگان سے ایکسائز محکمہ کی ٹیم نے اتوار کو دیر رات 115 کارٹن ہریانہ میں تیار انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے بیلسر پولیس آﺅٹ پوسٹ علاقہ کے اوفرول گاﺅں واقع ایک ٹھکانے سے پولیس نے دیر رات 53 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ موقع سے کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔


15 Mar 2021, 4:29 PM

جموئی میں نکسلی سنجے ہنسدا گرفتار

جموئی: بہار میں نکسل متاثرہ جموئی ضلع کے چکائی تھانہ علاقہ سے پولیس نے نکسلی سنجے ہنسدا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (مہم) سدھانشو کمار نے سموار کو یہاں بتایا کہ اتوار کی دیر رات اطلاع ملی تھی کہ نکسلی سنجے ہنسدا ہانسی کال گاﺅں واقع اپنے گھر آیا ہے۔ اسی بنیاد پر ایس ٹی ایف، مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور سے چھاپے ماری کر کے سنجے ہنسدا کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ سدھانشو کمار نے بتایا کہ گرفتار نکسلی کے خلاف جموئی اور جھارکھنڈ کے گریڈیہہ ضلع میں کئی نکسلی معاملے درج ہیں۔ پولیس اس سے تفتیش کر رہی ہے۔

15 Mar 2021, 3:31 PM

امریکہ کے شکاگو میں فائرنگ، دو افراد ہلاک، 13 دیگر زخمی

شکاگو: امریکہ کے شکاگو میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈیوڈ براؤن نے صحافیوں کو بتایا کہ 15 افراد پر گولی چلائی گئی، جس میں سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے چار بندوقیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے پیچھے کے مقصد کا پتہ ابھی نہیں چلا ہے۔ اب تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔


15 Mar 2021, 2:29 PM

پرتاپ گڑھ میں زہریلی شراب پینے سے خاتون سمیت چار افراد کی موت

پرتاپ گڑھ: اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں زہریلی شراب پینے سے ایک خاتون سمیت چار افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ آفس سے آج جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ شب سنگرام گڑھ کے علاقے منوہر پور رام پور ڈابی میں سنیتا سروج نامی ایک خاتون کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ سی ایچ سی سنگرام گڑھ میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی ہے۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ وہ خاتون بیمار تھی، جو علاج کے دوران دم توڑ گئی۔

نعش کو پوسٹمارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ اس کے بعد متوفی کے شوہر جواہر لال اور گاؤں کے 2 دوسرے افراد وجئے کمار اور رام پرساد کی بھی موت ہوگئی۔ پورے واقعہ کی تفتیش کے دوران یہ پتہ چلا کہ ان سب نے 13 مارچ کو شراب پی تھی اور اس کے بعد وہ سب بیمار ہوگئے تھے۔ پولیس انسپکٹر جنرل پریاگراج کویندر پرتاپ سنگھ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پرتاپ گڑھ / ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ سریندر پرساد دویدی نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔

15 Mar 2021, 1:38 PM

کار- ٹریلر کی ٹکر میں 5 افراد ہلاک

باڑمیر: راجستھان میں باڑمیر جودھ پور میگا ہائی وے پر آج ایک ٹریلر اور کار میں ہونے والی ٹکر کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد ہلاک اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد سری گنگا نگر کے رہائشی ہیں۔ یہ سبھی گنگا پور سے بالوترا آرہے تھے کہ منڈلی تھانہ علاقے ماڈ پورہ درگا پورہ کے قریب کار کی ٹریلر سے ٹکرہو گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کارکے پرخچے اڑ گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے، دو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ حادثے میں زخمی خاتون کو جودھ پور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


15 Mar 2021, 12:30 PM

تلنگانہ میں کووڈ- 19 کے157 نئے معاملہ درج

حیدرآباد: تلنگانہ میں کووڈ- 19کے157 نئے معاملات درج کیے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 3,01,318 ہوگئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر1,654 ہوگئی ہے کیونکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک افراد کی موت ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 166 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,97,681ہوگئی ہے۔

15 Mar 2021, 11:32 AM

انٹونی بلنکن کی لی ڈرائن سے روس اور چین کے معاملہ پر گفت و شنید

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روس، چین اور ایران کے معاملے پر فرانس کے وزیر خارجہ جین ییوس لی ڈرائن سے بات چیت کی۔ یہ اطلاع امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز دی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرنس نے کہا ’’وزیر خارجہ بلنکن اور فرانسیسی وزیر خارجہ لی ڈرائن نے عالمی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ٹرانزاٹلانٹک اتحاد کے خصوصی کردار پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران، روس، چین اور لیبیا میں سیاسی عمل پر بات چیت کی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی دونوں رہنماؤں نے بحیرہ روم کے مشرقی علاقے میں امن و استحکام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


15 Mar 2021, 9:30 AM

امریکہ نے افغانستان میں موجود فوجیوں کی تعداد 1000 کم بتائی

واشنگٹن: افغانستان میں امریکہ کے تقریباً ساڑھے تین ہزار فوجی موجود ہیں، لیکن امریکہ نے باضابطہ طور پر اپنی فوج کی تعداد ایک ہزار کم بتائی ہے۔ ’نیویارک ٹائمز‘ نے اتوار کے روز اپنی رپورٹ میں امریکی، یوروپی اور افغانستان کے عہدیداروں کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ امریکی وزارت دفاع کے مطابق افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد 2500 ہے۔ افغانستان اور پاکستان میں سفارت کاری پر کام کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق عہدیدار لوریل ملرنے کہا ’’کسی حد تک، اعداد و شمار کی ہیرا پھیری مخصوص تعداد کے اعلامیہ میں سیاسی صوابدیدی کی عکاسی کرتی ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔