اہم خبریں: بدنام زمانہ ڈاکو گڈا گرجر گینگ کا رکن بالکٹر گرجر کو ہتھیار کے ساتھ کیا گرفتار

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

12 Jun 2021, 6:30 PM

بدنام زمانہ ڈاکو گڈا گرجر گینگ کا رکن بالکٹر گرجر کو ہتھیار کے ساتھ کیا گرفتار

مورینا:مدھیہ پردیش کے ضلع مورینا کی بانمور پولیس نے بدنام زمانہ ڈاکو گڈا گرجر گینگ کے سرگرم رکن بالکٹر سنگھ گرجر کو ہتھیار کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ اس پر بیس ہزار روپے کے انعام کا اعلان تھا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ بانمور تھانہ پولیس کو مخبر سے کل شب اطلاع ملی کہ آٹھ ہزار کا انعامی ڈاکو گڈا گرجر گروہ کا چک پہاڑی گاوں کے آس پاس سرگرم ہے۔ پولیس نے منصوبہ بند طریقے سے گرورہ کی گھیرا بندی کی تو ڈاکو بالکٹر سنگھ گرجر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ پولیس نے ڈاکو سے ایک بندوق اورکچھ کارتوس برآمد کیے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈاکو بالکٹر سنگھ کو گوالیار اور چمبل زون کی پولیس کو ایک عرصے سے تلاش تھی۔

12 Jun 2021, 5:29 PM

بلند شہر میں دو بچوں کی ڈوبنے سے موت

بلندشہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے نرورا علاقے کے گاؤں پلکھنا میں اینٹ بھٹے پر بنے گڈھے کے پانی میں ڈوب کر آج معصوموں کی موت ہوگئی۔ پولیس نے آج یہاں بتایا کہ پلکھنا کے پاس واقع اینٹ بھٹے پر مٹی نکلانے سے ایک گہرا گڈھا بنا ہے جس میں پانی بھر گیا۔ جمعہ کی شام گاؤں کے یوسف کا بیٹا انس (10) اور اپنی ننہال آیا ایان (11) کھیلتے کھیلتے گڈھے میں گرگئے۔ دونوں جب دیر رات تک گھر نہیں پہنچے تو اہل خانہ نے تلاش شروع کی اور ان کے ڈوب کر مرجانے کی اطلاع ملی۔ پولیس نے دیر رات مقامی افراد کی مدد سے پہلے گڑھے کے پانی کو باہر نکالا اور دونوں معصوموں کی لاش باہر نکالی اور دونوں کی لاشیں اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہیں۔

12 Jun 2021, 4:19 PM

فلمساز عائشہ سلطانہ کے خلاف ایف آئی آر سے بی جے پی میں بھونچال، لکشدیپ کے 15 لیڈران کا استعفیٰ

فلمساز عائشہ سلطانہ کے خلاف غداری کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج ہونے سے بی جے پی میں بھونچال آ گیا ہے اور لکشدیپ یونٹ کے 15 لیڈران نے پارٹی سے استعفی دے دیا۔ بی جے پی کے ریاستی سیکریٹری عبد الحمید نے کہا ’’آپ چیتلتھ (جزیرہ) کی بہن پر جھوٹے اور ناقابل یقین الزمات عائد کر رہے ہیں۔ ہم نے سخت احتجاج درج کرانے کے لئے استعفی پیش کیا ہے۔’’


12 Jun 2021, 12:49 PM

دہلی حکومت کورونا کی تیسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے آنے کے قوی امکانات ہیں اور دہلی حکومت اس سے مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے آج دہلی کے 9 اسپتالوں میں آکسیجن کے پلانٹ کا افتتاح کیا، تاکہ مریضوں کو آکسیجن کی کمی نہ ہونے پائے۔

12 Jun 2021, 10:14 AM

کورونا سے پھر چار ہزار سے زیادہ اموات، کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے کم

کورونا وائرس کی دوسری لہر کمزور پڑ گئی ہے اور یومیہ نئے کیسز کی تعداد لگاتار ایک لاکھ کے نیچے برقرار ہے، تاہم اموات کی تعداد میں کمی نہیں آ رہی ہے اور ایک دن میں پھر سے چار ہزار سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 84332 نئے کیسز درج کئے گئے۔ کورونا کیسز کی یہ تعداد گزشتہ 70 دنوں میں سب سے کم ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 121311 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 4002 مریضوں نے دم توڑ دیا۔ تاحال مجموعی طور پر ملک بھر میں 367081 اموات واقع ہو چکی ہیں۔ جبکہ 29359155 افراد کورونا کو مات دے چکے ہیں۔


12 Jun 2021, 9:29 AM

کورونا کی دوسری لہر نے 719 ڈاکٹروں کی جان لی! بہار اور دہلی سرفہرست

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے حوالہ سے اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔ آئی ایم اے کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک بھر سے 719 ڈاکٹروں کی جان چلی گئی۔ سب سے زیادہ 111 ڈاکٹروں بہار میں فوت ہوئے۔ اس کے بعد دہلی میں 109 ڈاکٹروں کی جان گئی۔ اتر پردیش میں 79 ڈاکٹروں نے اپنی جان گنوائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔