اہم خبریں: ’فیس بک آزادیٔ اظہارِ رائے کی بات کرتا ہے اور ہماری پوسٹ حذف کرتا ہے‘

فیس بک، تصویر آئی اے این ایس
فیس بک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

17 Aug 2021, 10:39 PM

فیس بک آزادیٔ اظہار رائے کی بات کرتا ہے اور ہماری پوسٹ حذف کر دیتا ہے: طالبان

کابل: فیس بک کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے پرطالبان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف فیس بک اظہار رائے کی آزادی کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف ہماری پوسٹ حذف کر دیتا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فیس بک آزادی اظہار رائے کی بات کرتا ہے مگر ہماری پوسٹ ڈیلیٹ کر دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا آزاد ہے، تمام ادارے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں، ہماری 3 تجاویز ہیں، غیرجانبداری ہونی چاہیے، نشریات اسلامی اقدار سے متصادم نہیں ہونی چاہئیں، قومی مفادات کے خلاف کوئی چیز نشر نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر طالبان سے متعلق تمام مواد پر پابندی عائد کردی ہے۔
فیس بک کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ایپلی کیشن نے اپنے پلیٹ فارمز سے طالبان اور ان کی حمایت کرنے والے تمام مواد پر پابندی عائد کردی ہے۔ فیس بک کا کہنا تھا کہ وہ طالبان کو ایک دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہیں اس لیے اس گروپ کے ساتھ منسلک مواد کی نگرانی اور اسے ہٹانے کے لیے افغان ماہرین کی ایک ٹیم مخصوص کی گئی ہے۔ ترجمان فیس بک کا کہنا تھا کہ ہم طالبان کے اکاؤنٹس کو ہٹا دیں گے جب کہ طالبان کی حمایت یا ان کی نمائندگی کرنے والے اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔

17 Aug 2021, 10:20 PM

منی پور میں آیا 4.7 شدت کا زلزلہ، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں

منی پور کے اکھرل علاقہ میں رات تقریباً 9 بجے زلزلہ آنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی۔ اس واقعہ میں ابھی تک کسی بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

17 Aug 2021, 9:42 PM

کابل ائیر پورٹ سے پرواز شروع، 3500 امریکی فوجی موجود: وہائٹ ہاؤس

افغانستان میں کشیدہ حالات کے درمیان کابل ائیر پورٹ سے ایک بار پھر پرواز شروع ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ وہائٹ ہاؤس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اب طیاروں کے پرواز کے لیے کھل گیا ہے۔ یہ بھی جانکاری دی گئی کہ 3500 امریکی فوجی ہوائی اڈے پر موجود ہیں۔


17 Aug 2021, 7:39 PM

نیوزی لینڈ میں ایک بار پھر کورونا کا خوف، ملک گیر لاک ڈاؤ کا اعلان

نیوزی لینڈ میں کورونا سے متعلق زبردست احتیاط کی وجہ سے کافی پہلے ہی حالات انتہائی بہتر ہو گئے تھے اور دوسرے ممالک کے مقابلے وہاں اس وقت حالات قابو میں ہیں۔ لیکن وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ دراصل 6 ماہ بعد کورونا وائرس کی مقامی منتقلی کا پہلا کیس آکلینڈ میں رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد لوگوں میں خوف ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈن نے فوری طور پر احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے 18 اگست سے ملک بھر میں 3 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آکلینڈ میں 7 روز تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

17 Aug 2021, 7:10 PM

عبداللہ اعظم خان سے متعلق درخواست پر سماعت 24 اگست تک ملتوی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے فوجداری دھوکہ دہی معاملے میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان کے بیٹے محمد عبداللہ اعظم خان سے متعلق درخواست کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی ہے۔ جسٹس اے ایم خانولکر اور سنجیو کھنہ کے ڈویژن بنچ نے عبداللہ اعظم کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کو مشورہ دیا کہ اس معاملے میں مشترکہ سماعت سود مند ہوگی۔ سبل نے کہا کہ وہ اس معاملے پر غور کریں گے اور عدالت کو آگاہ کریں گے۔ اس کے بعد عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت کے لیے 24 اگست کی تاریخ مقرر کی۔


17 Aug 2021, 6:04 PM

پٹنہ: گنگا کی آبی سطح میں اضافہ کے بعد کئی گھر غرقاب

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں گنگا کی آبی سطح میں کافی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور ندی میں طغیانی کو دیکھ کر لوگوں میں خوف کا ماحول چھایا ہوا ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال دیکھنے کو مل رہی ہے اور کچھ علاقوں میں تو کئی گھر غرقاب ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔