کورونا Updates: ممبئی میں 1000 بستروں پر مشتمل ’کورونا اسپتال‘ کی تعمیر شروع

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 May 2020, 4:05 PM

ممبئی میں 1000 بستروں پر مشتمل ’کورونا اسپتال‘ کی تعمیر شروع

ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے باندرا کرلا کمپلیکس کے ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ پر 1000 بستروں پر مشتمل کورونا اسپتال کی تعمیر شروع کر دی ہے۔

03 May 2020, 2:09 PM

سی آر پی ایف کے اسپیشل ڈی جی سمیت 40 ملازمین ہوم کوارنٹائن، صدر دفتر سیل

دہلی میں واقع سی آر پی ایف کے صدر دفتر میں اسپیشل ڈی جی رینک افسر اور ڈی آئی جی سمیت کل 40 افسران اور ملازمین ہوم کوارنٹائن کئے جانے کی اطلاع ہے۔ ان سبھی پر کورونا وائرس کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ ایک اعلی سی آر پی ایف افسر میں کورونا کی تصدیق کے بعد سی آر پی ایف کے ہیڈ کوارٹر کو بھی تاحکم ثانی سینیٹائزیشن کے لئے سیل کر دیا جائے گا۔ اس دوران کسی کو بھی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سی آر پی ایف کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی ہے۔

03 May 2020, 1:11 PM

اے پی میں بھی ہوگا پلازمہ تھراپی کے ذریعہ کورونا مریضوں کا علاج

حیدرآباد: اے پی کے گنٹور میڈیکل کالج کی اخلاقیات کمیٹی نے پلازمہ تھراپی کے ذریعہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کو منظوری دی ہے۔ پروجیکٹ پرنسپل انوسٹی گیٹر و پیتھالوجی میڈیکل ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر پدماوتی دیوی نے کہا کہ کمیٹی سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، آئی سی ایم آرکو رپورٹ روانہ کرے گی۔ سمجھاجاتا ہے کہ آئی سی ایم آر کے جواب کا انتظار ہوگا۔


03 May 2020, 12:39 PM

چین کے شہر ہوبئی میں 29 ویں روز بھی کورونا کا کوئی نیا کیس نہیں

ووہان: وسطی چین کے صوبہ ہوبئی میں مسلسل 29 ویں روز بھی کورونا وائرس (كووڈ -19) کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ ریجنل ہیلتھ کمیشن نے اتوار کو بتایا کہ ہوبئی میں جو ایک وقت میں سب سے زیادہ متاثر چینی صوبہ تھا، چار اپریل سے مسلسل 29 دن تک کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ صوبے میں بغیر علامات والے نو کیسز سامنے آنے کے بعد ایسے 651 متاثرین کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بغیر علامات والے پانچ متاثرین کو ہفتہ کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ صوبے میں کورونا مریضوں کے نزدیکی رابطے میں آئے مجموعی 282632 افراد کو ہفتہ تک ٹریک کر لیا گیا، جن میں سے 1383 اب بھی طبی نگرانی میں ہیں۔ ہوبئی میں اب تک مجموعی 68128 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں صوبے کے دارالحکومت ووہان کے 50333 متاثرین شامل ہیں۔

03 May 2020, 12:01 PM

مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار، گجرات میں 5000 سے متجاوز

نئی دہلی: کورونا وائرس كووڈ -19 سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار کا ہندسہ پار کر 12296 تک پہنچ گئی، وہیں گجرات میں متاثرین کی تعداد 5054 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں 790 نئے کیسز اور 36 افراد کی موت اور گجرات میں 333 نئے کیسز اور 26 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 39980 تک پہنچ گئی ہے اور اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 1301 ہو گئی ہے۔ وہیں اب تک 10633 لوگوں کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔


03 May 2020, 10:54 AM

فرَانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24760 پہنچی

پیرس: فرانس میں کورونا وائرس (كووڈ -19) سےمزید 166 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 24760 ہو گئی ہے۔ فرانس کی وزارت صحت نے گزشتہ روز ہفتہ کو یہ اطلاع فراہم کی۔ وزارت نے کہا ’’کورونا وائرس كووڈ -19 کی وجہ سے ملک میں یکم مارچ سے اب تک 24760 افراد ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔ وزارت صحت کے مطابق ان میں سے 15487 افراد مختلف اسپتالوں میں اور 9273 افراد نرسنگ ہومز میں ہلاک ہوئے ہیں۔ وہیں مجموعی 25800 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں اور ان میں سے 3827 انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہیں۔ ملک میں اب تک 50500 افراد اس وبا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

03 May 2020, 10:21 AM

مصر میں کورونا سے 6000 افراد متاثر، 415 ہلاکتیں

قاہرہ: مصر میں کورونا وائرس کے 298 نئے کیسز سامنے آنے کی وجہ سے کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر چھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے اتوار کو کہا ’’ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 298 کیسز درج کیے گئے ہیں اور نو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جو افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں، وہ اس وبا میں پہلے مبتلا افراد کے رابطے میں آئے تھے۔ خالد مجاہد نے کہا ’’ملک میں اب تک 6193 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 1522 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وہیں 415 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


03 May 2020, 9:49 AM

ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد 1.24 لاکھ ہوئی

انقرہ: ترکی میں ایک دن میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 1983 نئے کیسز درج کیے گئے اور اس کے ساتھ ہی اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1.24 لاکھ ہوگئی ہے۔ ترکی کے وزیر صحت فرحتین کوکا نے گزشتہ روز ہفتہ کو بتایا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1983 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، جو اس کے پھیلاؤ کے حساب سے گزشتہ ایک ماہ میں کم از کم تعداد ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’آج ملک میں کورونا کے 1983 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور اب اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 124375 ہو گئی ہے۔ ملک میں اس وائرس سے ایک دن میں 4451 افراد شفایاب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی كووڈ -19 سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 58259 ہو گئی ہے۔

03 May 2020, 8:47 AM

دہلی میں گزشتہ روز کورونا کے 384 نئے معاملے، تین کی موت

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں سنیچر کو کورونا سے متاثر 384 نئے معاملے سامنے آئے اور کل متاثرین کی تعداد چار ہزار کو پار کرگئی ہے۔ دہلی حکومت کے محکمہ صحت کی طرف سے دیر رات جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 384 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور کل متاثرین کی تعداد 4122 ہوگئی ہے۔ اس دوران تین مریضوں کی موت ہونے سے مہلوکین کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔ وہیں دلی میں آج 89 مریض صحت مند ہوئے ہیں اور اب تک 1256 اس وائرس سے جنگ جیت چکے ہیں۔ قومی راجدھانی میں کورونا کے سرگرم معاملے 2802 ہیں۔ وہیں 72 مریض آئی سی یو میں اور 13 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */