اہم خبریں: مہاراشٹر واقع اورنگ آباد میں 80 سالہ بزرگ کی کورونا سے موت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 May 2020, 3:53 PM

مہاراشٹر: اورنگ آباد میں 80 سالہ بزرگ کورونا سے ہلاک

اورنگ آباد: مہاراشٹر میں اورنگ آباد کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے ایک بزرگ کی موت ہوگئی۔ افسروں نے پیر کو بتایا کہ رام نگر کے رہنے والے 80 سالہ بزرگ کو آٹھ مئی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اس کی جانچ رپورٹ نو مئی کو آئی تھی جس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔اسے وینٹیلیٹر پر رکھاگیاتھا اور کل رات ایک بج کر دس منٹ پر اس کی موت ہوگئی ۔ اورنگ آباد میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

11 May 2020, 3:12 PM

دہلی: وزارت محنت کا ایک ملازم بھی کورونا پازیٹو، شرم شکتی بھون سیل

دہلی میں وزارت محنت کے ایک ملازم کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد شرم شکتی بھون کو پروٹوکول کے تحت سیل کر دیا گیا ہے۔ سبھی ملازمین کو اگلے نوٹس تک گھر سے ہی کام کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔

11 May 2020, 2:10 PM

مزدوروں کے قوانین میں ترمیم مناسب نہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کئی ریاستوں میں لیبر ایکٹ یعنی مزدوروں کے قوانین میں ترمیم کے فیصلے کو نامناسب ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے آج اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”کئی ریاستوں کے ذریعہ لیبر ایکٹ میں ترمیم کیا جا رہا ہے۔ ہم کورونا کے خلاف مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن یہ حقوق انسانی کو روندنے، غیر محفوظ کام کے مقام کی اجازت، مزدوروں کے استحصال اور ان کی آواز دبانے کا بہانہ نہیں ہو سکتا۔ ان بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔“


11 May 2020, 12:57 PM

کویت میں ہندوستانی ڈاکٹر کی کوروناوائرس سے موت

کویت سٹی: ہندوستان کے ایک دانتوں کے ڈاکٹر کی کویت میں عالمی وبا کورونا وائرس ’كووڈ -19‘ سے موت ہو گئی۔ کویت میں کورونا وائرس سے یہ دوسرے ڈاکٹر کی موت ہوئی ہے۔ اس سے قبل مصر کے ایک ای این ٹی ڈاکٹر کی اس وائرس کے انفیکشن سے موت ہو گئی تھی۔ کویت کے اخبار القبس کی رپورٹ کے مطابق 54 سالہ ڈاکٹر واسودیو کی موت کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئی۔ اخبار کے مطابق متوفی ڈاکٹر 15 سال سے کویت میں ڈینٹل اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ کویت کی دانتوں کے ڈاکٹروں ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر واسودیو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو مصر کے ای این ٹی ڈاکٹر طارق حسین مخمیر کی وائرس سے موت ہو گئی تھی۔ یہ کویت میں وائرس سے کسی ڈاکٹر کی پہلی موت تھی۔ ڈاکٹر مخمیر (62) کویت میں 20 سال سے زائد عرصے سے بطور ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

11 May 2020, 12:17 PM

ملک کی 4 ریاستوں میں کورونا کے 44 ہزار سے زیادہ معاملے

نئی دہلی: مہاراشٹر، گجرات، دہلی اور تمل ناڈو میں عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کا قہر کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ان چار ریاستوں میں اس وبا کے مجموعی 44492 کیسز درج کیے گئے ہیں اور 1445 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے پیر کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں كووڈ -19 سے اب تک 67152 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے اب تک 2206 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، وہیں 20917 افراد اس وبا سے صحت یاب بھی چکے ہیں۔


11 May 2020, 11:07 AM

اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے سب سے کم کیس درج

روم: اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 802 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس سے یہاں مزید 165 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ میں یہاں ایک دن میں سب سے کم کیسز درج کیے گئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 30560 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ مجموعی 219070 مریض اس وبا سے متاثر ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے قہر کے سبب گزشتہ 10 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ تاہم یہاں اب تک کورونا کے مجموعی 105186 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

11 May 2020, 10:40 AM

ماسکو کے اسپتال میں آتشزدگی سے سات ہلاک

ماسکو: ماسکو علاقے کے كراسنوگورسك میں ایک پرائیوٹ اسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی ایمرجنسی سروس کے ترجمان نے اس کی اطلاع فراہم کی۔ جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت اسپتال میں 29 لوگ موجود تھے۔ اتوار دیر رات کو عمارت کی دوسری منزل میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کے موقع پر پہنچنے سے پہلے 11 افراد وہاں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ سات افراد کی لاشیں جائے وقوعہ سے برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس اسپتال میں ایک بھی بچہ موجود نہیں تھا۔


11 May 2020, 9:12 AM

وائٹ ہاؤس کے تین سینئر ڈاکٹر سیلف آئسولیشن میں

واشنگٹن: امریکہ میں وائٹ ہاؤس کورونا وائرس کے ٹاسک فورس میں شامل تین سینئر افسر سیلف آئسولیشن میں جائیں گے۔ ان افسران نے میڈیا میں کورونا مثبت مریض کے رابطے میں آنے کی رپورٹ کے بعد خود کو گوشہ تنہائی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکہ کے پولٹیکو اخبار کے مطابق قومی الرجی اور متعدی بیماری انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر انٹونی فوسی، بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز کے ڈائرکٹر رابرٹ ریڈفلم اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر اسٹیفن ہن اگلے دو ہفتے تک گھر سے کام کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ نائب صدر مائیک پنس کے پریس سیکرٹری کیٹی ملر نے کہا کہ کووڈ۔19 مثبت پائے جانے کے بعد ان کے افسران کے خود آئسولیشن میں جانے کی وجہ سے وائٹ ہاؤس میں اس انفیکشن کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

11 May 2020, 8:47 AM

ترکی میں کورونا کے 138657 کیسز، 3786 ہلاکتیں

انقرہ: ترکی میں کورونا وائرس کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1542 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 47 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیر صحت فخرالدین قوجہ نے اس کی اطلاع فراہم کی۔ وزیر صحت نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ ترکی میں اب تک کورونا کے 138657 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3786 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36187 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب تک یہاں مجموعی 13 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ فخرالدین قوجہ نے بتایا کہ یہاں کورونا کے 92691 مریض صحت یاب ہوئے ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3211 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ واضح ر ہے کہ ترکی میں گزشتہ 11 مارچ کو کورونا کا پہلا کیسز سامنے آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔