سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ایمس میں داخل، سینے میں درد کی شکایت

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایمس کے کارڈیک نیورو سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان صحت کا معائنہ کر رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 May 2020, 10:32 PM

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ایمس میں داخل، سینے میں درد کی شکایت

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو طبیعت خراب ہونے کے بعد دہلی سے ایمس میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں شام 8 بج کر 45 منٹ پر سینے میں درد کی شکایت کے بعد ایمس میں لے جایا گیا۔ سابق وزیر اعظم فی الحال ایمس کے کارڈیک نیورو سینٹر میں داخل ہیں جہاں ڈاکٹر ان صحت پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔

کانگریس کے ترجمان جےویر شیرگل نے منموہن سنگھ کے جلد صحتیاب ہونے کی خواہش کا ٹوئٹر پر اظہار کیا ہے۔

10 May 2020, 11:39 AM

جرمنی میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ، پولیس نے 134 افراد کو حراست میں لیا

برلن: جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے 130 لوگوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ترجمان نے کہا ’’پلاٹز ڈیر ریپبلک میں ہوئے مظاہرے میں 45 افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ لکسمبرگ سے تین اور الیگزینڈر پلاٹز سے 86 افراد کو حراست میں لیا گیا‘‘۔ پولیس کے مطابق مجموعی 1700 لوگوں نے اس احتجاج میں حصہ لیا تھا۔ ان لوگوں کی گرفتاری سماجی فاصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس سے پہلے سنیچر کو ترجمان نے بتایا تھا کہ برلن میں 30 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جرمنی میں فی الحال 50 لوگوں کے اكٹھا ہونے پر پابندی عائد ہے۔ جرمنی میں کورونا کے اب تک 171000 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 7500 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

10 May 2020, 11:00 AM

پیدل جا رہے مہاجر مزدوروں کو پولیس نے غازی آباد میں روکا

یوپی اور بہار کے مختلف حصوں میں پیدل جا رہے مزدوروں کو پولیس نے غازی آباد میں روک لیا ہے، مزدوروں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اب کھانے یا گھر کے کرایہ کے لئے پاس پیسہ نہیں بچا ہے، مزدوروں کا کہنا ہے کہ وہ کسی طرح اب اپنے گھر پہنچانا چاہتے ہیں، مہاجر مزدورں کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ہمارے لئے کوئی ٹرین یا بس سروس شروع نہیں کی گئی ہے۔


10 May 2020, 10:39 AM

دہلی کے بوانا میں گتے کی فیکٹری میں لگی آگ، فائربریگیڈ کی 14 گاڑیاں موقع پر موجود

دہلی کے بوانا انڈسٹریل ایریا میں آج صبح ایک گتے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی، خبروں کے مطابق گتّے کی فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی، موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ 14 گاڑیوں نے کسی طرح آگ پر قابو پالیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، حادثہ کی تفتیش جاری ہے۔

10 May 2020, 10:03 AM

چین میں کورونا کے 14 نئے کیسز کی تصدیق

بیجنگ: چین میں کورونا وائرس کے 14 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے دو کیسز شنگھائی کے ہیں۔ چین کی صحت انتظامیہ نے یہ اطلاع فراہم کی۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 11 کیسز صوبہ جیلن سے ہیں اور دیگر ایک کیس صوبہ ہوبئی سے سامنے آیا ہے۔ کمیشن کے مطابق یہاں ہفتہ کو کسی کے بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔


10 May 2020, 9:29 AM

کیلی فورنیا کے جیل میں 792 قیدی کورونا سے متاثر

لاس اینجلس: امریکہ کے وسطی کیلی فورنیا میں فیڈرل جیل کے 792 قیدی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق جیل کے تقریباً 70 فیصد قیدی کورونا سے متاثر ہیں جس میں سے 300 قیدی حال ہی میں اس بیماری سے مبتلا ہوئے ہیں ۔ یہاں کے عملے کے 11 اراکین بھی کورونا وائر س کے شکار ہیں۔ کورونا کے معاملے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آرمی موبائل اسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں یہ لوگ زیر علاج ہیں۔ کیلی فورنیا کی ایک اور جیل سان پیڈرو میں ٹرمینل انسٹی ٹیوٹ کے تقریباً 50 فیصد قیدی کورونا سے متاثر ہیں۔ یہاں کے 644 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ قیدیوں کے فیڈرل بیورو کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 3330 قیدی کورونا سے متاثر ہیں جس سے 46 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔

10 May 2020, 9:00 AM

دہلی پولیس نے دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر ظفرالاسلام خان کو جاری کیا نوٹس

دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ظفرالاسلام خان کو نوٹس جاری کیا ہے، دہلی پولیس نے اپنے نوٹس میں کہا کہ وہ 12 مئی تک لیپ ٹاپ اور موبائل جمع کردیں جس سے انہوں نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کی تھی۔


10 May 2020, 8:08 AM

مدینہ منورہ میں مختلف علاقوں سے 24گھنٹے کا کرفیو ختم

الریاض: سعودی عرب کی حکومت نے مدینہ منورہ کے متعددعلاقوں سے 24 گھنٹے کا کرفیو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی ایک ریلیز کے مطابق جن علاقوں سے کرفیو اٹھایا گیا ہے، وہاں کے رہائشی اب صبح 9 سے شام 5 بجے تک گھروں سے باہر نکل سکیں گے۔ ریلیز کے مطابق انسداد کورونا صحت کمیٹی کی سفارش پر مدینہ منورہ کے محلّوں الشریبات، بنی ظفر، الجمعہ، بنی خدرہ اور اسکان کے ایک حصے سے اضافی احتیاطی تدابیر ختم کردی گئی ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مدینہ منورہ کے بعض علاقوں سے کرفیو کی پابندی ختم کرنے کے فیصلے کا نفاذ آج سے ہوگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */