اہم خبریں: ہریانہ میں شادی کے فوراً بعد دولہا-دلہن نے کرایا کورونا ٹیسٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 May 2020, 10:11 PM

ہریانہ: شادی کے فوراً بعد دولہا-دلہن نے کرایا کورونا ٹیسٹ

ہریانہ واقع سرسا میں شادی کے فوراً بعد دولہا-دلہن نے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ لیا۔ دونوں اس کے لیے سول سرجن ڈاکٹر سریندر نین کے پاس پہنچے جنھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ”ایک خاتون جو پنجاب سے ہے، اس کی شادی یہاں ایک گاؤں میں ہوئی ہے، دونوں یہاں جانچ کرانے آئے اور جانچ کرا کے گئے ہیں۔“

25 May 2020, 9:09 PM

گجرات: احمد آباد سول اسپتال کی ایک نرس نے کی خودکشی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق احمد آباد سول اسپتال کی ایک نرس نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نرس نے اپنے والدین کے فلیٹ میں دسویں منزل سے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ یہ فلیٹ نیو منی نگر علاقہ میں موجود ہے۔ خودکشی کے اسباب کا فی الحال کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

25 May 2020, 6:19 PM

کورونا: لوگوں کے ایشوز کو ٹھانے کے لیے کانگریس شروع کرے گی آن لائن مہم

کورونا بحران کے سبب لوگوں کے سامنے بے شمار مسائل کھڑے ہو گئے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے 28 مئی کو پارٹی کے ذریعہ ریاستوں میں ایک آن لائن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے ذریعہ حکومت سے انکم ٹیکس دائرہ سے باہر کے سبھی کنبوں کو 10 ہزار روپے کی رقم ڈائریکٹ اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔


25 May 2020, 5:13 PM

دہلی-غازی آباد بارڈر کو ایک بار پھر سیل کرنے کا حکم

غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹ نے ضلع میں بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کی وجہ سے دہلی-غازی آباد بارڈر کو ایک بار پھر سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ صرف ایسے لوگوں کو ہی غازی آباد سرحد میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جو ’پاس‘ بنائے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ضروری خدمات سے متعلق لوگوں کو بھی سرحد میں داخل ہونے کی چھوٹی ہوگی۔ اس سے قبل لاک ڈاؤن 2 کے دوران بھی اس بارڈر کو سیل کر دیا گیا تھا۔

25 May 2020, 4:34 PM

جموں و کشمیر ہوائی اڈے پر بھی فضائی خدمات بحال

ملک میں دو ماہ بعد گھریلو فضائی خدمات کی بحالی کے ساتھ ہی سری نگر اور جموں کے ہوائی اڈوں پر بھی پیر کے روز صبح سے ہی ملازمین و مسافرین کی گہماگہمی بحال ہوئی۔ واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے ہوائی اڈوں پر کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 25 مارچ کو ہوائی سفر خدمات کا سلسلہ معطل کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ باہر سے آنے والے مسافروں کے مخصوص کاؤنٹروں پر کورونا ٹیسٹ کے نمونے حاصل کئے گئے اور انہیں انتظامی قرنطینہ میں رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو قرنطینہ مراکز سے ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کے بعد ہی اپنے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم جن کی رپورٹ مثبت آئے گی انہیں علاج کے لئے ہسپتال منتقل کیا جائے۔


25 May 2020, 3:29 PM

راجستھان: جے پور کے دیہی اور شہری علاقوں میں ٹڈیوں کا قہر

راجستھان میں ٹڈیوں کا قہر جاری ہے۔ سوش میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس کے مطابق 24 مئی کی دیر رات جے پور کے دیہی علاقے میں ٹڈیوں نے دستک دی اور آج یعنی 25 مئی کی صبح جے پور شہر کے کئی علاقوں سے گزرتی ہوئی دوسہ کی طرف نکل گئی۔

25 May 2020, 2:33 PM

گرمی کی شدید لہر سے کئی ریاستوں کے عوام پریشان

ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اس وقت گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے۔ خصوصی طور سے دہلی اور راجستھان میں کئی مقامات پر درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس کے اوپر چلا گیا ہے۔ راجستھان کے دھول پور میں ایک شخص نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”گرمی سے بچنے کے لیے میں اپنے چہرے کو کپڑے سے ڈھک کر اپنے گھر سے باہر نکل رہا ہوں اور پانی، لسّی اور گنّے کا جوس زیادہ سے زیادہ پی رہا ہوں۔“


25 May 2020, 1:38 PM

تلنگانہ: حیدر آباد واقع مکہ مسجد بھی عید کے دن لوگوں کے لیے بند تھی

ہندوستان کی دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ میں بھی عید کی نماز کسی عیدگاہ یا مسجد میں نہیں پڑھائی گئی بلکہ لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کی۔ حیدر آباد کی مشہور مکہ مسجد بھی اس درمیان بند رہی جس کی کچھ تصویریں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ تصویروں میں مکہ مسجد میں پسرا سناٹا صاف دکھائی دے رہا ہے۔

25 May 2020, 12:11 PM

دہلی: چاندنی چوک میں بھی لوگوں نے اپنے گھروں میں ہی بنائی جماعت

دہلی، بہار، مغربی بنگال، یو پی، مہاراشٹر، کرناٹک سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں آج عید کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کہیں بھی عیدگاہ یا مسجد میں نماز نہیں پڑھائی گئی بلکہ لوگوں نے گھروں میں ہی باجماعت نماز ادا کی۔ راجدھانی دہلی کے جامع نگر کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں 7-5 لوگ گھر میں ہی جماعت بنا کر عید کی نماز پڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔