حیدرآباد کے نمس میں سات طبی اہلکار کورونا پازیٹو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 Jun 2020, 1:40 PM

حیدرآباد کے نمس میں سات طبی اہلکار کورونا پازیتو

حیدرآباد: شہر حیدرآبادمیں کورونا متاثرین کی تعداد میں روزبروزاضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔تازہ طورپر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس)میں سات طبی اہلکار اس مرض سے متاثر پائے گئے جس سے اسپتال میں نگہداشت صحت کی خدمات فراہم کرنے والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔نمس کے کارڈیالوجی شعبہ میں کام کرنے والے چار ڈاکٹرس،تین اہلکاروں میں کورونا کی علامات مثبت پائی گئیں تاہم اعلی عہدیداروں کی جانب سے اس خصوص میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔گذشتہ روز عثمانیہ میڈیکل کالج میں 12میڈیکل طلبہ کورونا سے متاثر پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے ہاسٹل کے 284طلبہ کو الگ تھلگ کردیاگیا تھا اورآج نمس میں طبی اہلکاروں کے اس موذی مرض سے مثبت پائے جانے پر نگہداشت صحت کے شعبہ میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔

03 Jun 2020, 1:10 PM

بیوی سے ناجائز تعلقات کا شبہ، بیٹے نے باپ کا کیا قتل

حیدرآباد: بیوی سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں ایک بیٹے نے اپنے باپ کا قتل کردیا۔ یہ واردات تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے امبم گاؤوں میں منگل کی شب پیش آئی۔ پولیس نے کہا کہ 58 سالہ جی گنگارام، مویشیوں کے شیڈ کے قریب سو رہا تھا کہ اس کے بیٹے گنگادھر نے اس پر لاٹھی سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ پولیس نے کہا کہ گنگا دھر نے اس کی بیوی کے ساتھ باپ کے ناجائز تعلقات اور جائیداد کا تنازعہ بھی تھا۔ اس واردات کے بعد حملہ آور بیٹا فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور قاتل کی تلاش شروع کردی۔

03 Jun 2020, 11:40 AM

ہندوستانی سرحد میں چینی فوجی نہیں گھسے، حکومت تصدیق کرے: راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چین سرحد پر تناؤ کے درمیان حکومت سے بدھ کو سوال کیا کہ کیا کوئی چینی فوجی ہندوستانی سرحد میں گھسا ہے۔ گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’کیا ہندوستانی حکومت یہ تصدیق کرسکتی ہے کہ کوئی چینی فوجی ہندوستانی سرحد میں نہیں گھسا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ سرحد پر چینی فوجیوں کی ہلچل کی رپورٹ کے درمیان راہل گاندھی حکومت سے اس سلسلے میں حالات واضح کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔


03 Jun 2020, 11:19 AM

امریکہ میں كووڈ -19 سے 1.06 لاکھ افراد ہلاک

واشنگٹن: عالمی وبا وائرس (كووڈ -19) سے شدید طور سے دوچار امریکہ میں اس وبا سے 1.06 لاکھ سے زیادہ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں یہ وبا بھیانک شکل اختیار کرچکی ہے اور اب تک 18 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے 106180 پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 18 لاکھ کا ہندسہ پار کرکے 1831806 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں 4.5 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا وائرس سے مکمل طورپر شفایاب ہوئے ہیں۔

03 Jun 2020, 10:11 AM

جارج فلائیڈ کی موت کیخلاف ہیوسٹن میں پرامن مظاہرہ

ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں بدھ کو ہزاروں لوگوں نے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس حراست میں موت کے خلاف سڑکوں پر اتر کر پرامن مظاہرہ کیا۔ یہ احتجاج ومظاہرہ جارج فلائیڈ کے خاندان کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے پرامن طریقے سے ایک پارک سے ہیوسٹن سٹی ہال کی جانب مارچ کیا۔ مظاہرے کے دوران لوگوں نے کچھ لمحے ک لئے خاموشی رکھی اور امن وامان کی اپیل کی۔ جارج فلائیڈ کے خاندان کے لئے مقامی چرچ کے ایک پادری نے دعا بھی کی۔ اس مظاہرہ میں جارج فلائیڈ کے خاندان کے 16 ارکان کے علاوہ کئی سیاستدان اور مقامی آرٹسٹ بھی موجود تھے۔


03 Jun 2020, 9:00 AM

امریکی شہریوں کی اکثریت مظاہرین کی حامی

واشنگٹن: امریکی شہریوں کی اکثریت سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی حامی ہے اور صدر ٹرمپ کے جوابی سخت اقدامات کی طرفدار نہیں۔ یہ بات ایک سروے میں سامنے آئی ہے۔ امریکہ میں مظاہرے ریاست منی سوٹا میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک کیے جانے کے خلاف جاری ہیں۔ سروے کے مطابق چونسٹھ فیصد بالغ امریکی مظاہرین کے طرفدار ہیں۔ ستائس فیصد مخالف ہیں جبکہ نو فیصد کی اس بارے میں کوئی رائے نہیں۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پچپن فیصد سے زائد امریکیوں کے نزدیک مظاہرین سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ کے اقدامات درست نہیں۔ صرف ایک تہائی افراد نے ان اقدامات کو درست قرار دیا ہے۔ ملک میں صرف انتالیس فیصد افراد سمجھتے ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنے منصب کا درست استعمال کر رہے ہیں۔ ایک اور سروے کے مطابق صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن کی مقبولیت میں رکارڈ دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آزاد ووٹرز کی بھی دو گنی تعداد ٹرمپ کی حامی نہیں رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */