اہم خبریں: اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان کی وجہ سے ایک دن پہلے کیا نِکاح

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

27 Jun 2020, 10:57 PM

آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین، دو افراد ہلاک

گواہاٹی: آسام کے سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران دو اموات ہوئیں۔ ریاست کے مختلف حصوں میں کئی نئے علاقے زیرآب آگئے۔ برہم پترا وادی کے تقریباً تمام اضلاع متاثر ہیں۔ لگاتار بارش نے صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔ مختلف جگہوں پر برہم پتر سمیت ریاست بھر میں تمام ندیوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ جوراہٹ، تیج پور، گوہاٹی، گولپارہ اور دھبری میں برہم پترا خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ضلع گولپارہ سے دو اموات کی تصدیق ہوئی ہے، جس نے سیلاب کی اس پہلی لہر میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 18 کردی۔

ریاست کے 21 اضلاع کے 61 محصولاتی حلقوں میں متاثرہ آبادی کی تعداد 462777 ہوگئی ہے۔ 1200 سے زیادہ گاوں دیہات کے علاقے متاثر ہوئے ہیں ، اس کے علاوہ 37313 ہیکٹر رقبے کی فصل زیرآب ہے۔ مختلف متاثرہ حصوں میں 98 کے قریب امدادی کیمپ کھولے گئے ہیں، جس میں تقریباً 19500 بے گھر افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

27 Jun 2020, 9:42 PM

اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان کی وجہ سے ایک دن پہلے کیا نکاح

کھڑگون: مدھیہ پردیش کے کھڑگون ضلع انتظامیہ کے ذریعہ ضلع سطح پر ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مشورہ پر اتوار کو لاک ڈاؤن کے اعلان کی وجہ سے ایک جوڑے نے ایک دن پہلے نکاح کر لیا۔ بے حد سادگی سے ہوئے اس نکاح میں اخراجات کافی کم ہوئے۔ کھڑگون کےجیلانی نگر کے دلہے رمیز خان نے رشیکانگر کی صنم شیخ کے ساتھ آج ایک مسجد میں سادگی سے نکاح کرکے لاک ڈاؤن کے مثبت پہلو کو بھی اجاگر کیا۔ دراصل تین دن پہلے ہی ان کا نکاح طے ہوا تھا، جس کے بعد 28 جون کو شادی ہونی تھی۔ لیکن ضلع انتظامیہ کے ذریعہ ضلع سطح پر ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کی میٹنگ میں سنیچر کی شام سے پیرکی صبح تک لاک ڈاؤن کے اعلان کر دیئے جانے کی وجہ سے انہیں اپنا فیصلہ بدلنا پڑا اور انہوں نے اتوار کی جگہ سنیچر کو ہی شادی کرلی۔ انہوں نے سوشل ڈسٹنسنگ، ماسک اور سنیٹائزر کا استعمال کرتے ہوئے محدود تعداد میں گھر کے لوگوں اور باراتیوں کی موجودگی میں نکاح کیا۔ اس کے لئے انہوں نے باقاعدہ انتظامیہ کی اجازت لی اور مقامی کوتوالی پولس نے وہاں آکر اس کی تصدیق بھی کی۔

27 Jun 2020, 9:11 PM

الور میں کورونا کے آئے 40 نئے معاملے

الور: راجستھان میں الور ضلع میں آج کورونا وائرس کے 40 نئے معاملے سامنے آنے سے یہاں متاثریں کی تعداد بڑھ کر 460 ہوگئی ہے۔ طبی محکمہ سے موصول جانکاری کے مطابق بہروڈ کا ایک مریض دوبارہ انفیکشن سے متاثرہو گیا ہے۔ بھیواڑی صنعتی علاقہ میں سب سے زیادہ 30 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ریجنل برانچ کے دو ملازم انفیکشن سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے اس بینک کی ایک خاتون ملازمہ کورونا سے متاثر پائی گئی تھی، اس کے بعد جانچ کی گئی تو انفیکشن سے متاثر دو لوگ سامنے آئے ہیں جن میں ایک ملازم کانپور کا رہنے والا ہے۔

اس کے علاوہ الورکے رام نگر کالونی میں آئے انفیکشن سے دوچار نوجوان کی شادی 15 جون کو ہوئی تھی اور 18 جون کو نوجوان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ اس کے بعد اس کی کووڈ۔19 جانچ کی گئی تو وہ پازیٹو پایا گیا۔ اب پولس انتظامیہ اور محکمہ صحت شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی فہرست تیار کر رہی ہے۔ الور کی وجے نگر کی رہنے والی 67 سالہ بزرگ خاتون کی موت ہوگئی۔ الور میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد بڑھ کر 460 ہوگئی ہے اور تقریبا آدھا درجن کی موت ہوچکی ہے جن میں ایک سابق سرپنچ سمیت کئی لوگ شامل ہیں۔


27 Jun 2020, 8:33 PM

کرناٹک میں امتحان دینے آیا طالب علم کورونا سے متاثر

ہاسن: کرناٹک کے ہاسن میں ایک طالب علم کو اس وقت کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متاثر پایا گیا جب وہ سیکنڈری اسکول کا امتحان دے رہا تھا۔ سرکاری ذرائع نے آج یہ اطلاع فراہم کی۔ امتحانات کے تیسرے دن جب افسروں کو طالب علم کے کورونا پازیٹو کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی اس وقت طالب ریاضی (ریاضی) مضمون کا امتحان دے رہا تھا۔

ذرائع نے بتایا ’’سولہ سالہ طالب علم ارکل گڈ شہر میں واقع امتحانی مرکز میں امتحان دے رہا تھا۔ وہ حال ہی میں ڈینگی کی بیماری سے صحت یاب ہوا ہے اور دو دن قبل انفلوئنزا جیسی بیماری کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس کی رال کو ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا تھا‘‘۔ امتحانی مرکز کے سربراہ نے طالب علم کی رپورٹ ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی۔ اس دوران ہفتہ کے روز متاثرہ طالب علم کے علاوہ 13 دیگر افراد بھی کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ حکام نے امتحان مکمل ہونے تک طالب علم کو الگ کمرے میں منتقل کردیا تاکہ وہ امتحان دے سکے۔ تاہم طالب علم میں کورونا کی علامات نظرنہیں آ رہی تھیں کیونکہ طالب علم کا امتحان ہال میں داخل ہونے سے قبل جسمانی درجہ حرارت معمول پر تھا۔

27 Jun 2020, 6:41 PM

تمل ناڈو میں آج 68 افراد ہلاک، 3713 نئے معاملے آئے سامنے

آج تمل ناڈو میں 3713 نئے کورونا وائرس کیسز اور 68 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ ریاست میں کیسوں کی مجموعی تعداد 78335 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 1025 ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق فعال معاملے کی تعداد 33213 ہے۔


27 Jun 2020, 5:44 PM

امت شاہ اور کیجریوال نے کیا کووڈ کیئر سنٹر کا دورہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج دہلی کے چھترپور علاقے میں واقع رادھا سوامی بیاس میں کووڈ کیئر سنٹر کا دورہ کیا۔

27 Jun 2020, 5:14 PM

کورونا وائرس نے لی سی آر پی ایف جوان کی جان

دہلی میں ایک 44 سالہ سی آر پی ایف جوان کورونا وائرس کی وجہ سے چل بسا۔ اس سے قبل وہ جوان گردے کی بیماری میں بھی مبتلا تھا۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) میں کووڈ- 19 کے کیسوں کی کل تعداد 1046 ہوگئی ہے۔


27 Jun 2020, 4:11 PM

امت شاہ اور کیجریوال کریں گے کووڈ کیئر سنٹر کا دورہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال آج دہلی کے چھترپور علاقے میں واقع رادھا سوامی بیاس میں کووڈ کیئر سنٹر کا دورہ کریں گے اور مریضوں کا حال چال جانیں گے۔

27 Jun 2020, 3:16 PM

مدھیہ پردیش میں وشو ہندو پریشد رہنما کا قتل

مدھیہ پردیش: پیپریہ میں نامعلوم افراد نے وشو ہندو پریشد کے رہنما کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ وہ اپنی گاڑی سے ہوشنگ آباد سے پیپریہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آرہے تھے، تبھی آدھے درجن سے زائد افراد نے ان کی گاڑی پر ریلوے انڈر برج کے نیچے لاٹھیوں اور سلاخوں سے حملہ کر دیا۔

جب تک پولیس پہنچتی تب تک اس کو گولی لگ چکی تھی۔ اس کی سانسیں چلنا بند ہوچکی تھیں، اسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ خبروں کے مطابق ان کو پرانی دشمنی کے سبب قتل کیا گیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے۔


27 Jun 2020, 2:43 PM

علی گڑھ میں پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر ایس پی کا احتجاج

اتر پردیش: علی گڑھ میں سماج وادی پارٹی کے کارکنان نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کو لے کر زور دار احتجاج کیا، سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے اپنے ہاتھوں میں زنجیر پہن احتجاج کیا۔

27 Jun 2020, 2:16 PM

ہندوستان میں کورونا سے شرح اموات دنیا میں سب سے کم: ڈاکٹر ہرش وردھن

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آج اس بات کا انکشاف کیا کہ ہندوستان کورونا سے موت کی شرح محض 3 فیصد ہے جو کہ دنیا میں سب سے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”لاک ڈاؤن کے پہلے یہاں کورونا کے معاملوں کا ڈبلنگ ریٹ 3 دن کے قریب تھا، آج وہ 19 دن کے آس پاس ہے۔ ملک میں 85 فیصد مریض 8 ریاستوں سے ہیں، کل اموات کا 87 فیصد بھی انہی 8 ریاستوں سے ہے۔“


27 Jun 2020, 1:34 PM

ممبئی: سوشانت سنگھ کی موت سے متعلق یش راج فلمز کی کاسٹنگ ڈائریکٹر سے پوچھ تاچھ

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری حاصل کرنے کے لیے ممبئی پولس کی ان کے قریبی لوگوں سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں آج ’یش راج فلمز‘ کی کاسٹنگ ڈائریکٹر شانو شرما باندرا پولس اسٹیشن پہنچیں۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ کچھ لوگوں نے یش راج فلمز پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اور کچھ دیگر فلمی بینرس و ہستیوں نے سوشانت سنگھ پر کئی طرح کے دباؤ بنائے جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں آ گئے اور خودکشی کر لی۔

27 Jun 2020, 12:15 PM

مرکزی حکوت کا شکریہ جس نے کورونا کے خلاف قدم قدم پر ہمارا ساتھ دیا، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجروال نے کوروان کے خلاف جنگ میں مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم خاص طور سے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے قدم قدم پر ہمارا تعاون کیا۔‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے میڈیا اور سماجی خدمات انجام دینے والی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کورونا ہارے گا اور دہلی جیتے گی۔

قبل ازیں، پریس کانفرس سے خطاب کے دوران کیجریوال نے کہا، ’’جب دہلی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو ہم نے عوام سے پوچھا کہ کیا لاک ڈاؤں کو بڑھا دیا جائے! عوام نے کہا کہ لاک ڈاؤن کب تک بڑھایا جا سکتا ہے، ایک نہ ایک دن تو اسے کھولنا ہی پڑے گا۔ لہذا ہم نے فیصلہ کیا کہ اب کورونا کا متحد ہو کر مقابلہ کیا جائے گا۔‘‘

کیجریوال نے کہا کہ اس کے بعد حکمت عملی تیار کی گئی اور کورونا سے جنگ کے لئے پانچ ہتھیار تیار کئے گئے، پہلا ہتھیار تھا کہ بیڈس تیار کئے گئے۔


27 Jun 2020, 12:14 PM

پلازمہ تھیرپی کے نتائج بہتر: کیجریوال

وزیر اعلیٰ کیجروال نے بتایا کہ دہلی کی کئی مریضوں پر تجربہ کے طور پر پلازمہ تھیرپی کا استعمال کیا گیا اور اس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریض کی حالات اگر انتہائی خراب ہو جاتی ہے تب تو پلازمہ تھیرپی زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوتی لیکن کچھ حد تک پریشانیوں کو کم ضرور کر دیتی ہے۔

27 Jun 2020, 12:11 PM

دہلی کے اسپتالوں میں کورونا کے بیڈس کی کوئی کمی نہیں، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اس وقت کورونا وائرس کے حالت پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سب سے پہلا ہتھیار اسپتالوں میں بیڈس کی تعداد کو بڑھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے بستروں کی تعداد اتنی بڑھا دی ہے کہ آج متعدد کورونا کے بستر خالی پڑے ہوئے ہیں۔


27 Jun 2020, 11:05 AM

ہم نے کورونا ٹیسٹنگ کو چار گنا بڑھا دیا ہے: اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے راجدھانی میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹنگ کے عمل کو اب بہت زیادہ تیز کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ”دہلی نے کل ایک دن میں سب سے زیادہ 21144 ٹیسٹ کیے۔ اس طرح سے ہم نے ٹیسٹنگ کو 4 گنا بڑھا دیا ہے۔“

27 Jun 2020, 10:10 AM

کورونا انفیکشن: گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 18552 نئے معاملے درج

ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن نے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں 18552 لوگوں کو متاثر کیا۔ اس طرح سے اب کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان 24 گھنٹوں کے دوران 384 لوگوں کی موت بھی ہوئی۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اب 15685 ہو گئی ہے۔


27 Jun 2020, 9:30 AM

کورونا سے نمٹنے کا کوئی منصوبہ مودی حکومت کے پاس موجود نہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی مودی حکومت کے سامنے لگاتار سوال کھڑے کر رہے ہیں، کبھی چین کے معاملہ کو لے کر اور کبھی کورونا وبا کو لے کر۔ آج انھوں نے کورونا وبا کے ملک میں بڑھتے اثرات سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”کورونا وائرس ملک کے نئے حصوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ حکومت ہند کے پاس اس سے نمٹنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم خاموش ہیں۔ انھوں نے وبا کے سامنے خودسپردگی کر دی اور اس سے نمٹنے سے انکار کر دیا ہے۔“

27 Jun 2020, 8:29 AM

تیل کی قیمت میں لگاتار 21ویں دن اضافہ

تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج ایک بار پھر پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔ پٹرول جہاں دہلی میں 25 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے وہیں ڈیزل کی قیمت میں 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں یہ لگاتار 21ویں دن اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ سے دیگر اشیاء کی بھی قیمتیں بڑھ رہی ہیں کیونکہ ٹرانسپورٹیشن کا اثر دوسری چیزوں پر بھی پڑتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔